All posts by Khabrain News

انتظار ختم! واٹس ایپ نے کیمرے کا دلچسپ فیچر پیش کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) حالیہ دنوں میں میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی آسانی کے لیے کئی فیچرز متعارف کرائے ہیں اور اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک اور فیچر پیش کردیا گیا ہے۔
ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب واٹس ایپ نے کیمرا موڈ میں تبدیلی کا فیچر متعارف کروایا ہے جس کے تحت صارفین کو تصاویر کے لیے کھولے گئے کیمرے سے ویڈیو بنانا آسان ہوگا۔ویب بیٹا انفو کی جانب سے جاری کردہ اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیچے ‘فوٹو’ اور ‘ویڈیو’ کا آپشن ہوگا جس کے تحت آسانی سے تصاویر اور ویڈیوز میں صارف سوئچ کرسکیں گے۔
اس فیچر تک رسائی فی الحال کچھ صارفین کے لیے نہیں ہوگی تاہم آئندہ کچھ عرصے تک اسے تمام افراد استعمال کرسکیں گے۔

سیاسی معاملات میں تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں: چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہےکہ لانگ مارچ سیاسی مسئلہ ہے جس کا سیاسی حل ہوسکتا ہے اور عدالت سیاسی معاملات میں تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان کے لانگ مارچ کے خلاف سینیٹر کامران مرتضی کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کے لانگ مارچ کے لیے جگہ کا تعین کیا گیا ہے؟انتظامیہ سے پوچھ کر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو آدھےگھنٹے میں انتظامیہ سے پوچھ کر بتانے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوبارہ آغاز پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ لانگ مارچ کےحوالے سے انتظامیہ نے کیا کیا ہے؟ اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ انتظامیہ کو اسلام آباد میں لانگ مارچ کے لیے پی ٹی آئی کا خط ملا، انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے تاریخ، وقت اور جگہ کا پوچھا جس کا جواب نہیں دیا گیا، وزیرآباد واقعے سے پہلے پی ٹی آئی نے خون ریزی کی باتیں کیں، واقعے کے بعد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد داخلےکی اجازت دینے سے انکارکیا، اسلام آباد میں جلسے کی اجازت پر کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرالتوا ہے۔
جسٹس عائشہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ تو کافی دنوں سے چل رہا ہے، کیا آپ نے انتظامیہ سے رجوع کیا ہے؟ لانگ مارچ کے معاملے میں جلدی کیا ہے اور انتظامیہ کی غفلت کیا ہے؟
چیف جسٹس نے کہا کہ لانگ مارچ سیاسی مسئلہ ہے جس کا سیاسی حل ہوسکتا ہے، اس قسم کے مسائل میں مداخلت سے عدالت کے لیے عجیب صورتحال پیدا ہوجاتی ہے، آپ نے اپنی درخواست میں ایک آڈیو کا ذکر کیا ہے اور اس آڈیو میں ہتھیار لانے کا ذکر ہے، آڈیو سچ ہے یا غلط لیکن اس سے امن وامان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیےکہ احتجاج کا حق لامحدود نہیں، آئینی حدود سے مشروط ہے، اگر واضح طور پر آئینی خلاف ورزی کا خطرہ ہو تو عدلیہ مداخلت کرے گی، ہوسکتا ہے خلاف ورزیوں پر دوسرے فریق کا اپنا مؤقف ہو، سپریم کورٹ کےحکم کی خلاف ورزی پر عدالت کے لیے معاملہ پیچیدہ ہوجاتا ہے، عدالت کے حکم عملدرآمد کے لیے ہوتے ہیں۔
اس دوران جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اب تو موجودہ درخواست غیرمؤثر ہوگئی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ امن وامان برقرار رکھنے کے لیے عدالت کی مداخلت چاہتے ہیں، اس پر جسٹس اطہر نے کہا کہ کیا آپ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ صورتحال ایگزیکٹوکے بس سے باہر ہوچکی؟
عدالت نے کہا کہ کیا وفاق کو نہیں معلوم کہ اپنی ذمہ داری کیسے پوری کرنی ہے؟ سپریم کورٹ انتظامی معاملات میں کیا کرسکتی ہے؟ ریاست طاقتور اور بااختیار ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ موجودہ صورتحال سے پریشان ہیں، ملک میں ہنگامہ نہیں امن وامان چاہتے ہیں، مگر ایسا حکم دینا نہیں چاہتے جو قبل از وقت ہو اوراس پرپھرعملدرآمد نہ ہو۔

دادو، سیہون اور جامشورو میں سیلاب سے متاثرہ سڑکیں اور ریلوے ٹریک تاحال تباہ حالی کا شکار

دادو : (ویب ڈیسک) سندھ کے مختلف شہروں میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور ریلوے ٹریکس کو تاحال بحال نہ کیا جاسکا۔
دادو میں سیلاب سے متاثرہ سڑکیں اب تک تباہ حالی کا شکار ہیں جب کہ سیہون اور جامشورو میں ریلوے ٹریک تاحال بحال نہ ہوسکا۔ریلوے ذرائع کے مطابق پانی کی کمی کے بعد ٹریک کی بحالی کا کام شروع کیا جائےگا۔
دوسری جانب سیپکو ذرائع کا کہنا ہےکہ فریدآباد گرڈاسٹیشن اب تک بند ہے جس کی وجہ سے کئی دیہات بجلی سےمحروم ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کےمطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے سروے کا کام جاری ہے، خیمہ بستیوں سمیت حفاظتی پشتوں پر کئی متاثرین خاندان پناہ لیے ہوئے ہیں۔

بابر کی بہت عزت کرتا ہوں، چاہتا ہوں اس پر کم سے کم دباؤ ہو: شاہد آفریدی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بابر اعظم کو کپتانی سے متعلق تجویز پیش کی ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شاہد آفریدی سے بابر اعظم کے پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز چھوڑ کر پشاور زلمی میں شمولیت سے متعلق سوال کیا گیا جس کا انہوں نے تفصیلی جواب دیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ‘بابر کو کراچی کنگز کے ساتھ کچھ مسائل تھے اور شاید وہ اس ٹیم میں خوش بھی نہیں تھا، سمجھتا ہوں بابر کو اپنی کپتانی سے متعلق فیصلہ لینے کی ضرورت ہے’۔سابق کپتان نے کہا ‘میرے خیال میں بابر کو اپنی بیٹنگ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے ، ٹیسٹ اور ون ڈے میں ٹیم کو لیڈ کرے اور ٹی ٹوئنٹی کی ذمہ داری کسی اور کو دے’۔
انہوں نے کہا ‘میں بابر اعظم کی بہت عزت کرتا ہوں، بطور کرکٹر مجھے وہ بہت پسند ہے اور چاہتا ہوں اس پر کم سے کم دباؤ ہو، آپ کے پاس ٹیم میں ایسے لڑکے ہیں جو ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی بہت اچھی طرح کرسکتے ہیں جن میں شاداب خان، محمد رضوان اور شان مسعود ہیں ‘۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن میں بابر اعظم پشاور زلمی کی طرف سے کھیلتے دکھائی دیں گے جب کہ کراچی کنگز سے شعیب ملک کھیلیں گے۔

میراڈوناکی 1986 ورلڈکپ میں استعمال ہونیوالی فٹ بال 20 لاکھ یورو میں نیلام

تیونس : (ویب ڈیسک) میراڈوناکی 1986 کے ورلڈکپ میں انگلینڈکےخلاف ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول کے لیے استعمال کی جانے والی فٹ بال 20لاکھ یورو میں نیلام کردی گئی۔ ارجنٹینافٹ بال ٹیم کے کپتان ڈیاگو میراڈونا نے 1986 کے ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں دو ناقابل یقین گول کرکے انگلینڈ کی ٹیم کو شکت سے دوچار کیا تھا۔
تاریخی سفید فٹ بال افریقا کے ملک تیونس کے میچ ریفری علی بن ناصر کی ملکیت تھی جنہوں نے نیلامی کیلئے پیش کیا۔

جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار سری لنکن کرکٹر کی ضمانت منظور

سڈنی : (ویب ڈیسک) جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار سری لنکن کرکٹر دانشکا گوناتھیکالا کی ضمانت منظور ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سڈنی کی عدالت نےسری لنکن کرکٹر کی ضمانت کی درخواست منظور کی جس کے بعد آج انہیں رہا کیے جانے کا امکان ہے۔سری لنکن کرکٹر پر خاتون سے جنسی زیادتی کا الزام ہے اور وہ 6 نومبر سے پولیس کی حراست میں تھے، 11 روز جیل میں گزارنے کے بعد ان کی ضمانت کی درخواست سخت شرائط پر منظور کی گئی ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عدالت کی جانب سے عائد شرائط کے مطابق دانشکا کی سوشل میڈیا تک رسائی نہیں ہوگی اور وہ آسٹریلیا سے باہر بھی نہیں جاسکیں گے۔
خاتون نے سری لنکن کرکٹر پر متعدد بار زیادتی کا الزام عائد کیا ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہےکہ خاتون اور کرکٹر نے گھر جانے سے پہلی کئی مرتبہ مختلف ڈرنکس کیں۔
سری لنکن کرکٹر کے خلاف خاتون کی درخواست پر پولیس نے تحقیقات شروع کی تھیں جس کےبعد سری لنکا ٹیم کی وطن روانگی کی تیاریوں کے دوران دانشکا کو سسیکس اسٹریٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

سعودی عرب کا انسداد وبائی امراض کیلئے عالمی فنڈ میں 5 کروڑ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان

سعودی عرب: (ویب ڈیسک) وبائی امراض کے لیے عالمی فنڈ میں 5 کروڑ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے انسداد وبائی امراض کے لیے عالمی فنڈ میں 5 کروڑ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان جی 20 سربراہ اجلاس میں کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق یہ اعلان سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پڑھ کر سنایا۔
واضح رہے کہ جی 20 سربراہ اجلاس 15 سے 16 نومبر تک انڈونیشیا میں جاری رہا۔

بلوچستان کے 32 اضلاع میں مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری

لسبیلہ : (ویب ڈیسک) بلوچستان کے 32 اضلاع میں مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں جاری۔
صوبے کے دیگردو اضلاع لسبیلہ اور حب میں مخصوص نشستوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی میں امیدواروں کی حتمی فہرست کل جمعہ کے روز جاری کی جائیں گی۔

پشاور میں جائیداد کے تنازعہ پر بھتیجے نے فائرنگ کرکے وکیل چچا کو زخمی کردیا

پشاور : (ویب ڈیسک) پشاور کے علاقے صدر میں جائیداد کے تنازعہ پر بھتیجے نے فائرنگ کرکے پشاور ہائی کورٹ کے وکیل اپنے چچا کو زخمی کردیا ۔
پولیس کے مطابق ہائی کورٹ کے سینیئر وکیل رضا اللہ فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔
رضا اللہ ایڈوکیٹ نے اسپتال میں پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بھتیجے جابر نے صدر میں واقع ان کے دفتر میں گھس کر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوئے۔
وکیل رضا اللہ کے مطابق ملزم کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ چل رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

روس کو ڈرونز فراہم کرنے پر کینیڈا کا ایران پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان

کینیڈا : (ویب ڈیسک) کینیڈا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور روس کو ڈرونز فراہم کرنے پر ایران پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔
کینیٖڈین وزارت خارجہ کے مطابق کینیڈا نے ایران کی 6 شخصیات اور دو کمپنیوں پر نئی پابندیاں لگائی ہیں، پابندیاں ایران میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور روس کو ایرانی ڈرونز کی فراہمی پر لگائی گئی ہیں۔رواں برس کینیڈا کی جانب سے ایرانی پابندیوں کا یہ پانچواں پیکج ہے، پابندیوں کے تحت پابندیوں میں شامل افراد کینیڈا کا سفر نہیں کر سکیں گے اور ان کے کینیڈا میں موجود اثاثے منجمد ہو جائیں گے۔