All posts by Muhammad Saqib

اقوام متحدہ نے یوکرین پر تشدد بند کرنے کا مطالبہ کر دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یوکرین پر تشدد بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ماریو پول میں بچوں کے اسپتال پر ہونے والے بم حملے کی مذمت کرتے ہیں اور انہوں نے بچوں کے اسپتال پر حملے کو “خوفناک” قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہری اس روس یوکرین جنگ کی سب سے زیادہ قیمت ادا کر رہے ہیں جن کا اس سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے اس لیے روس اب یہ خونریزی ختم کرے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے جنوبی شہر ماریوپول میں روسی افواج کے فضائی حملے میں ایک اسپتال میں بچوں کا وارڈ تباہ ہو گیا۔ جس میں کم از کم 17 افراد زخمی ہوئے ہیں اور ان میں ایک بڑی تعداد عملے کے علاوہ حاملہ خواتین کی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 17 فیصد کی بڑی کمی ہوئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کا تیل کی پیداوار میں اضافے کا اعلان کے ساتھ ہی برینٹ خام تیل کی قیمت فی بیرل 112 ڈالر پر آ گئی۔
روس کے یوکرین پر حملے کے بعد آئل تاریخی مہنگی ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، یہ پہلا موقع ہے جب اس کی قیمت میں کمی سامنے آئی ہے، گزشتہ روز امریکا کی روسی تیل اور گیس کی درآمد پر مکمل پابندی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کو پر لگ گئے تھے۔
برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت ایک سو بیس ڈالر فی بیرل سے زائد تک پہنچ گئی تھی، امریکی صدر نے روسی تیل کی درآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے امریکیوں کو خبردار کیا تھا کہ ملک میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔

آسٹریلیا میں کورونا کی نئی قسم سامنے آگئی

آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں کورونا کی نئی قسم نے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گذشتہ 10 روز میں نیا وئیرینٹ 3 گنا زیادہ تیزی سے پھیلا ہے۔نیو ساوتھ ویلز میں ماسک پہننے پر نرمی سے وائرس کا پھیلاو بڑھا۔
آسٹریلیا میں سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم کو اومی کرون کا سب ویرینٹ بی اے 2 کا نام دیا گیا ہے۔

معیشت 5 فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ معیشت 5 فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے متعدد اقدامات کر کے معیشت کو درست راہ پر ڈالا اور حکومت نے کورونا میں معیشت کو بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو بچانے کے لیے کورونا کے دوران تاریخی ریلیف پیکج دیا گیا اور لوگوں کو بحران سے بچانے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی۔
شوکت ترین نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور مالیاتی مینجمنٹ کے لیے سخت اقدامات کیے گئے۔ حکومت کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور ادائیگیوں کے حوالے سے مسائل تھے جبکہ کورونا کے باعث گروتھ منفی سطح تک گر گئی تاہم مشکلات کے باوجود ریلیف پیکج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا اور حکومت نے برآمدی شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی۔ بہتر اقدامات سے معیشت منفی سے اٹھ کر 5.1 کی سطح پر پہنچی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر معیشت بہتر انداز میں بڑھتی رہے تو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس نہ جانا پڑے۔ ترسیلات زر اور برآمدات کا بھی معیشت کی بہتری میں اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی شفافیت لانے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور اس وقت 5 فیصد کی رفتار سے معیشت بڑھ رہی ہے۔ عالمی بحران اور مہنگائی سے غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے تاہم حکومت کی توجہ متاثرین اور کم آمدن طبقے کو پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

روس کاامریکہ پر یوکرین میں حیاتیاتی ہتھیار بنانے کا الزام،امریکا کی تردید

روس : (ویب ڈیسک) روس نےامریکہ پر یوکرین میں حیاتیاتی ہتھیار بنانے کا الزام لگا دیا۔امریکہ نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے ماسکو جلد ہی یہ ہتھیار یوکرین میں استعمال کر سکتا ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دستاویزی ثبوت ہیں کہ امریکہ یوکرین میں حیاتیاتی ہتھیار بنارہا ہے
ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریہ زخارووا کا کہنا ہے کہ ماسکو زیلنسکی کا تختہ الٹنے کے لیے یہ کام نہیں کر رہا،امریکہ عالمی برادری کے سامنے یوکرین میں اپنے اس پروگرام کی وضاحت دینے کا پابند ہے
امریکہ نے روس کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے روس کی جانب سے لگائے گئے یہ الزامات اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ماسکو جلد ہی یہ ہتھیار یوکرین میں استعمال کر سکتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کریملن جان بوجھ کر یہ جھوٹ پھیلا رہا ہے کہ امریکہ اور یوکرین کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کی سرگرمیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس یوکرین میں اپنے خوفناک اقدامات کو جواز فراہم کرنے کی کوشش میں جھوٹے بہانے گھڑ رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری جین ساکی کہا ہے کہ ہم سب کو نظر رکھنی چاہیے کہ روس ممکنہ طور پر یوکرین میں کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیاروں کا استعمال کر سکتا ہے یا ان کا استعمال کرتے ہوئے کوئی جھوٹا فلیگ آپریشن کر سکتا ہے

روس سے تیل کی درآمد پر پابندی: امریکی ایوان نمائندگان میں منظور

امریکہ : (ویب ڈیسک) یوکرین کے حملے کے جواب میں روسی تیل اور توانائی کی مصنوعات کی درآمد پر پابندی کے لیے امریکی ایوان میں ووٹنگ ہوئی، جس میں قانون سازوں نے بھاری اکثریت میں اس پابندی کے حق میں ووٹ دیے۔
قانون سازی جو 414 کے مقابلے میں 17 ووٹوں سے منظور ہوئی، اب حتمی فیصلے کے لیے سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔ تاہم اس کی کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
سینٹ میں اکثریت پارٹی کے لیڈر کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں پہلے امریکی صدر بائیڈن سے بات کرنا چاہتے ہیں۔
یہ اقدام امریکی صدر کی جانب سے روسی توانائی کی مصنوعات کی درآمد پر پابندی کے حکم پر دستخط کیے جانے کے ایک دن بعد ہی سامنے آیا ہے۔
بائیڈن کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ یورپی اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے کیا لیکن انہوں نے مزید کہا کہ شاید یورپی ممالک روس کی توانائی کی درآمدات پر پابندی لگانے میں امریکہ کے ساتھ شامل ہونے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پابندی کا مقصد روس پر دباو ڈالنا ہے تاکہ وہ یوکرین جنگ بند کرے۔
وائٹ ہاوس سے جاری پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم روس سے تیل اور گیس کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر رہے ہیں، جس کا مطلب روس کا تیل امریکی بندرگاہوں پر قبول نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اس اقدام سے صدر پیوٹن کو ایک بڑا دھچکہ لگے گا۔
خیال رہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے خبردار کیا تھا کہ اگر روس کے تیل اور گیس پر پابندی عائد کی گئی تو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 300 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائے گی۔

مصری شہری نے 180 ٹن وزنی ٹرین کھینچ ڈالی

قاہرہ : (ویب ڈیسک) گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے کا جنون، مصری شہری نے 180 ٹن وزنی ٹرین کھینچ ڈالی۔
مصر کے دارلحکومت قاہرہ سے تعلق رکھنے والے اشرف کبونگا نے بھاری بھرکم ٹرین کھینچ کر کے سب کو حیران کر دیا، اور اپنا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کرانے کے لیے پہلا قدم اٹھایا۔
ٹرین کھینچنے کے لیے شہری نے رسیوں سے خود کو ٹرین کے ساتھ باندھا، اور ٹرین کو کھینچنے میں کامیاب ہو گئے۔ جس پر شہریوں نے بھی خوب جشن منایا۔
ریسلر اور فٹنس ٹرینر کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ سب کر کے خود کو چیلنج کیا ہے، دو ماہ میں وہ مزید محنت کریں گے اور گینیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کو بھی بلائیں گے۔ تاکہ وہ مجھے بتا سکیں کہ ورلڈ ریکارڈ کے لیے مجھے کتنا وزن کھینچنا ہوگا۔

بلاول بھٹو کا حساس اداروں سے آصفہ سے ڈرون کیمرہ ٹکرانے کی تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو نے حساس اداروں سے آصفہ سے ڈرون کیمرہ ٹکرانے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون کا آصفہ بھٹو کی طرف بڑھنا میرے اور میرے والد کیلئے پیغام تھا، کل وزیراعظم نے بندوق کی دھمکی دی جو برداشت نہیں کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ عدم اعتماد کیلئے تھا، پاکستان کے عوام نے سلیکٹڈ وزیراعظم کو مسترد کر دیا، حکومت ہر معاملے میں ناکام ہوچکی، پارلیمان پر بڑی ذمہ داری ہے کہ عوامی امیدوں پر پورا اترے، پارلیمان میں بیٹھے لوگوں کو عوامی مطالبے کو ماننا پڑے گا، 2018 میں اس پارلیمان سے جو غلطی ہوئی اسے درست کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حساس ادارے آصفہ بھٹو پر ہوئے حملے کی تحقیقات کریں، یہ سمجھتے ہیں ہم بچے ہیں، ہم اب بچے نہیں رہے، جو میں آپ کیساتھ کروں گا آپ کی نسلیں نہیں بھولیں گی، ہم نے کبھی بندوق استعمال نہیں کی مگر استعمال کرنا جانتے ہیں، ہمارے ساتھ سیاست کریں، سیاست کرنا ہمارا اور آپ کا حق ہے، جو سمجھتے ہیں ہم ڈر جائیں گے، جان لیں ہمارے اندر شہیدوں کا خون ہے، اب گالی دینے سے وزیراعظم کی کرسی نہیں بچے گی، یہ جتنا بوکھلاہٹ کا شکار ہوں گے اتنی گالیاں دیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ آپ نے اپنی ماں کے نام پر کینسر اسپتال بنا کر پیسہ کھایا، خاتون اول کی کرپشن سے متعلق کہانیوں پر آپ کیا کہتے ہیں ؟ ہمیں بتایا گیا خاتون اول کو جب تک پیسہ نہیں ملتا کوئی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں ہوتی، خاتون اول کیلئے بہت احترام ہے، کبھی غلط زبان استعمال نہیں کی، علیمہ باجی نے سلائی مشین بیچ بیچ کر اتنا پیسہ کمایا، شہباز شریف سے وقت پر درخواست کریں گے کوئی اچھا وزیر داخلہ رکھیں، فضل الرحمان کو گالی دینے والے تم ہوتے کون ہو ؟۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تبادلے، تقرریاں نہیں ہوسکتیں جب تک خاتون اول کو پیسہ نہ دیا جائے، قائد عوام نے اکرام اللہ نیازی کو کرپشن پر ہٹایا جو یہ آج تک نہیں بھولے، جو کیسز آپ پر بننے والے ہیں عمران خان کو اندازہ ہی نہیں، اب آپ خاتون اول سے دعا کرائیں، آپ نے ہمارے خلاف جو کرنا ہے آج کرو کل موقع نہیں ملے گا، وزیراعظم کے کل کے بیان پر قانونی طریقہ کار اپنایا جائےگا، اینٹ کا جواب اینٹ سے دوں گا۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 12 فیصد کمی

یوکرین پر روس کے حملے کے بعد ماسکو پر عائد کی جانے والی پابندیوں کی وجہ سے سپلائی کے خدشات کسی حد تک ممکنہ طور پر کم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اوپیک کے ساتھی ممبران سے پیداوار کو بڑھانے کے متوقع مطالبے کی اطلاعات کے بعد تیل کی قیمت میں 12 فیصد سے زائد کمی آئی ہے۔

ڈان اخبار میں خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی شائع رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح سے نیچے آنے سے روسی سپلائی میں رکاوٹ سے متعلق کچھ سرمایہ کاروں کے خدشات کم ہوگئے، بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے کہا کہ تیل کے ذخائر کو مزید استعمال کیا جاسکتا ہے۔

قیمتوں میں کمی فنانشل ٹائمز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئی جس کے مطابق واشنگٹن میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات تیل کی پیداوار بڑھانے کا حامی ہے۔

میزوہو میں توانائی کے مستقبل کے ڈائریکٹر باب یاوگر نے کہا کہ یہ معمولی نہیں ہے، وہ تقریباً 8 لاکھ بیرل بہت تیزی سے مارکیٹ میں لا سکتے ہیں، حتیٰ کہ وہ فوری طور پر روسی سپلائی کا ساتواں حصہ مارکیٹ میں لا سکتے ہیں۔

برینٹ آئل 12.4 فیصد کم ہوکر 112.15 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جب کہ ڈبلیو ٹی آئی 11.4 فیصد کم ہوکر 109.59 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔

دنیا کے دوسرے بڑے خام تیل کے برآمد کنندہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کے بعد دنیا نے روس پر تیل کی درآمد پر پابندی سمیت دیگر مالی پابندیوں کی صورت میں ان حملوں کا جواب دیا، اس وقت سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور یہ 2008 کی بلند ترین سطح یعنی 139 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

عمران خان جیتنے جا رہے ہیں، اپوزیشن کیساتھ اپریل فول منائیں گے: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن شوق پورا کرلے، عمران خان جیتنے جا رہے ہیں، اپوزیشن کے ساتھ اپریل فول منائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23 سے 30 مارچ اہم ہفتہ ہے، اپوزیشن شوق پورا کرلے، عمران خان جیتنے جا رہے ہیں، ہارس ٹریڈنگ ختم کرنے کیلئے اسپیکر کو اختیارات دیئے گئے، اسپیکر کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا، اب چھانگا مانگا ہے نہ ہی مری، جہاں یہ ارکان کو رکھیں گے، 172 ارکان اپوزیشن کو لے کر آنے پڑیں گے، تحریک عدم اعتماد عمران خان کیلئے اطمینان کی تحریک بنے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 30 یا 31 کو اپوزیشن کیساتھ ارکان اسمبلی اپریل فول منائیں گے، تینوں پارٹیاں انجمن مفاد باہمی میں اکٹھی ہوئی ہیں، اپوزیشن کہہ رہی ہے امپائر نیوٹرل ہے، اللہ کا شکر ہے، ہارنے پر یہ کسی نئے امپائر کا کھاتہ نہ کھول دیں، ہارنے والوں کو نیوٹرل امپائر والے بیان پر قائم رہنا ہوگا، اسپیکر کے پاس 14 روز ہوتے ہیں وہ جب چاہیں اجلاس بلالیں، عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح کھڑا ہوں، بلاول کی ریلی مایوس کن تھی، ہماری سکیورٹی ان کے لوگوں سے زیادہ تھی۔