لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے ساتھ سہ ملکی سیریز کی خواہش کا اظہار کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا، پاکستان اور بھارت کے ساتھ سیریزکی میزبانی کی مخالفت نہیں کرے گا، مجھے سہ ملکی سیریز کا فارمیٹ پسند ہے کیونکہ ماضی میں ایسی سیریز کامیاب رہیں، آسٹریلیا میں بھارت اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد رہتی ہے۔
نک ہاکلے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دنیائے کرکٹ میں دیکھا جاتا ہے، دونوں ملکوں کے مقابلوں کیلئے مواقع فراہم ضرور کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے مابین مقابلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشیا کپ کی جانب سے منظور شدہ ایونٹس تک ہی محدود رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں نے آخری بار 2012 میں دو طرفہ سیریز کھیلی تھی اور 2008 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے جنوری میں چار ملکی ٹی 20 سیریز کی تجویز پیش کی تھی جس میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل تھیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ہاکلے نے کہا کہ ان کے بورڈ نے اس تجویز پر بات نہیں کی ہے لیکن وہ پاکستان اور بھارت کی سہ فریقی سیریز کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
All posts by Khabrain News
بھارتی کرکٹر سری سانتھ کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی کرکٹر سری سانتھ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شانتھا کمارن نائر سری سانتھ نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے۔
ہندوستانی تیز گیند باز نے پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کے لیے ایک طویل نوٹ پر مشتمل پیغام شیئر کیا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اپنے گھر والوں، ساتھیوں اور بھارت کے لوگوں کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور ہر وہ شخص جو کھیل سے محبت کرتا ہے ان سب کو میں کہتا ہوں کہ میں نے ہندوستان کی جانب سے تمام طرز کی کرکٹ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے سری سانتھ نے 2005 سے 2013 تک بھارتی ٹیم کے لیے 27 ٹیسٹ میچ، 53 ایک روزہ بین الاقوامی اور 10 ٹی 20 میچ کھیلے۔
پراسرار جاپانی ’جل پری دیوی‘ کی ممی کیا ہے؟
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی سائنسدان آج کل ایک چھوٹی سی ممی پر تحقیق کررہے ہیں جس کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ ’جل پری دیوی‘ کی ممی ہے جس کی پوجا کرنے والوں کو صحت، تندرستی اور لمبی عمر حاصل ہوتی ہے۔
اس ممی کا دھڑ مچھلی کا اور سر انسان جیسا ہے جبکہ اس کی مجموعی لمبائی صرف 30 سینٹی میٹر (ایک فٹ سے بھی کم) ہے۔ یہ پچھلے 40 سال سے آساکوچی پریفیکچر کے اینجوئن مندر میں بحفاظت رکھی ہے۔
مشہور جاپانی اخبار ’آساہی شمبون‘ کے مطابق، یہ پراسرار ممی مختلف لوگوں سے ہوتی ہوئی، نامعلوم ذرائع سے اس مندر تک پہنچی ہے جو لکڑی کے ایک ڈبے میں بند تھی۔
ڈبے میں اس کے ساتھ ایک تحریر بھی موجود تھی جس میں لکھا تھا کہ یہ جل پری ممی مبینہ طور پر 1736 سے 1741 کے دوران ایک مچھیرے کے جال میں پھنس گئی تھی جو صوبہ توسہ (موجودہ کوچی پریفیکچر) کے سمندر میں مچھلیاں پکڑ رہا تھا۔
بتاتے چلیں کہ جاپان کے بعض علاقوں میں آج بھی عجیب الخلقت دیوی دیوتاؤں کی پوجا ہوتی ہے جن میں مچھلی کے دھڑ اور انسان نما سر والی ’جل پریاں‘ بھی شامل ہیں۔
کوراشیکی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ آرٹس کے ماہرین نے اس مندر کے پجاری سے طویل مذاکرات کے بعد، بالآخر فروری میں یہ پراسرار ممی وہاں سے نکلوائی اور سی ٹی اسکین کیا تاکہ اس کی اندرونی تفصیلات معلوم ہوسکیں۔
اگرچہ اب تک اس تحقیق کا حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے لیکن ابتدائی اندازوں سے معلوم ہوا ہے کہ جل پری کی یہ ممی کسی مچھلی کے دھڑ کو غالباً ایک نوزائیدہ بچے یا بندر کے بالائی جسمانی حصے کے ساتھ ملا کر بنائی گئی تھی۔
جل پری دیوی کے بارے میں جاپان کی قدیم دیومالائی کہانیوں میں ایک واقعہ یہ بھی لکھا ہے کہ ’جل پری دیوی‘ کو کھانے والی ایک عورت اگلے 800 سال تک زندہ رہی۔
اینجوئن مندر کے بڑے پجاری کا کہنا ہے کہ ویسے تو لوگوں کی بڑی تعداد صحت اور لمبی عمر کےلیے جل پری دیوی کی ممی کا دیدار کرنے وہاں آتی ہے۔
کورونا وبا شروع ہونے کے بعد یہاں آنے والوں کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوا اور لاک ڈاؤن کے باوجود، ہزاروں لوگ اس مندر میں آئے اور وبا کے خاتمے کےلیے جل پری دیوی سے منتیں مانگیں۔
روس یوکرین جنگ کے خاتمے کیلیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، چینی صدر
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر روس اور یوکرین کے جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے روس اور یوکرین جنگ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر جرمن چانسلر اولاف شولس اور فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی۔
گفتگو کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے جنگ سے پیدا ہونے والی صورت حال کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک کے درمیان جنگ کو دیکھ بہت غمزدہ ہوں۔
صدر شی جن پنگ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ چین فرانس، جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک کے ساتھ جنگ کے خاتمے پر معاونت اور مشاورت کرتا رہے گا۔
اس موقع پر فرانسیسی صدر اور جرمنی کے چانسلر نے روس اور یوکرین کی جنگ پر امن مذاکرات کے لیے چین کے ساتھ ہم آہنگی اور رابطوں کو مزید مضبوط کریں گے۔
چینی صدر نے جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر عالمی برادری کے ساتھ بھی مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔
چین کے روس کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور یوکرین سے جنگ کے آغاز پر چین کا جھکاؤ روس کی جانب رہا ہے تاہم اب وہ جنگ کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔
امریکا نے روس سے اقتصادی جنگ چھیڑ دی ہے، ترجمان پوٹن
ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی ایوان صدر کریملن نے کہا ہے کہ امریکہ نے اپنے اقدامات سے روس کیخلاف اقتصادی جنگ کا اعلان کردیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق کریملن کے ترجمان ڈمتری پیسکوف کا یہ بیان امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے روسی تیل اور گیس کی درآمدات پر پابندی عائد کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
پیسکوف نے کہا، “صورتحال ایک گہرے تجزیے کی متقاضی ہے۔اگر آپ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ روس امریکا کے اس اقدام کے ردِعمل میں کیا کرنے جا رہا ہے تو جواب یہ ہے کہ روس ہر وہ ضروری اقدام کرے گا جو اس کے مفادات کے لیے ضروری ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے یقینی طور پر روس کے خلاف اقتصادی جنگ کا اعلان کیا ہے اور وہ اس جنگ کو اور بھڑکا رہا ہے۔
دیرپا امن کیلئے تمام علاقائی ممالک کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے: آرمی چیف
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دیرپا امن اور استحکام کے لئے تمام علاقائی ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چین کے ناظم الامور نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی ترقی سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔
چینی ناظم الامور نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کے لئے اٹھائے گئے حفاظتی انتظامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی و بین الاقوامی امور میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے متمنی ہیں، دیرپا امن اور استحکام کے لئے تمام علاقائی ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
بھارتی وزیراعلیٰ کی عجیب حرکت، گائے کے گوبر سے بنا بریف کیس اسمبلی لے گئے
چھتیس گڑھ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے عجیب و غریب حرکت کرتے ہوئے بجٹ پیش کرنے کے لیے گائے کے گوبر سے بنا بریف کیس اسمبلی میں لے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ گائے کے گوبر کے پاؤڈر سے بنے ایک بریف کیس کو اسمبلی میں مالی سال 2022-23 کے ریاستی بجٹ کو پیش کرنے کے لئے گئے جس میں بجٹ کی دستاویزات موجود تھیں۔
یہ بریف کیس 10 دنوں کی مدت میں رائے پور میں واقع گوٹھن (مویشیوں کے شیڈ کے احاطے) میں گائے کے گوبر کے پاؤڈر، گوند اور آٹے سمیت دیگر اجزاء کو ملا کر کونڈاگاؤں کے کاریگروں کی طرف سے لکڑی کے ہینڈل اور کلپس کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا تھا۔
بریف کیس پر سنسکرت میں “گومے واستے لکشمی” لکھا ہوا تھا، جس کا ترجمہ ہے “دولت کی دیوی لکشمی گائے کے گوبر میں رہتی ہے”۔
میاں چنوں میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ
لاہور: (ویب ڈیسک) خانیوال کے ضلع میاں چنوں میں بائی پاس کے قریب جنگی تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
میاں چنوں میں بائی پاس کے کولڈ اسٹوریج کے گوادم کے قریب جنگی تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
ڈی ایس پی خانیوال محمد ثاقب کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جلد معلومات فراہم کرینگے، دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آسمان سے گرنے والی چیز سے دھماکہ ہوا کچھ پتہ نہیں چل رہا ہے کہ کیا گرا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ واقعے میں معجزاتی طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
بدروح سے بھرا جاپانی پتھر دو حصوں میں ٹوٹ گیا!
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں مبینہ طور پر بدروح سے بھرا ایک بڑا پتھر ایک ہزار سال بعد دوٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا ہے۔ خیال ہے کہ اب اس کے منفی اثرات باہر آچکے ہیں اور پورے جاپان کے سوشل میڈیا میں لوگ اس پر طرح طرح کے تبصرے کررہے ہیں۔
اب یہ حال ہے کہ اس تمام کہانی پر یقین رکھنے والے بعض افراد اس واقعے سے سخت مضطرب اور خوفزدہ ہیں اور کہا جارہا ہے کہ جو بھی اس کے پاس گیا وہ یقینی طور پر مرجائے گا۔
جاپانی دیومالا کے مطابق اس پتھر کا نام ’سیشو سیکائی‘ ہے اور اس میں نو دموں والی خونخوار طلسمی لومڑی بند ہے یا اس کی روح قید میں ہے۔
تفصیل کے تحت سال 1107 سے 1123 کے درمیان جاپان پر شہنشاہ ٹوبا کا راج تھا۔ اسے قتل کرنے کے لیے ایک عفریت نے خوبصورت عورت کا روپ دھارا۔ آسیبی جانور لومڑی تھی جس نے حسین عورت کا روپ اختیار کیا اور اس عورت کو ’تمامو نو مائی‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ہر سال بعد نو دم والی لومڑی اپنا روپ بدلتی ہے۔ پھر لوگوں کا کہنا ہے کہ اس پتھر سے زہریلا مواد نکلتا ہے لیکن درحقیقت یہ علاقہ زیرِ زمین تیزابی جشمے پر مشتمل ہے اور وہیں سے گیس اور تیزاب بہتا رہتا ہے۔
تاہم یہ عجیب واقعہ ہے کہ اچانک یہ بہت بڑا پتھر ٹوٹا ہے اور دو یکساں حصوں میں تقسیم ہوگیا ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بدھ مت کے ایک بھکشو نے چندروز قبل اپنے علم کے زور پر اسے توڑا ہے اور پتھر کے ٹکڑے جاپان بھر میں پھیل چکے ہیں۔
اس واقعے سے قبل سیاحوں کی بڑی تعداد اس چٹان کو دیکھنے آیا کرتی تھی لیکن پتھر ٹوٹنے کے بعد اب لوگ اس علاقے میں بھی نہیں جارہے کیونکہ ان پر خوف طاری ہے۔ یہ علاقہ ٹوکیو کے قریب واقع ہے جسے ٹوچائگی کہا جاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جاپانی افراد ٹویٹر اور فیس بک پر اس کے طرح طرح کے تبصرے کررہے ہیں اور بعض افراد نے کہا ہے کہ سال 2022 بھی کچھ اچھا نہیں گزرے گا۔ دوسرے نے لکھا کہ ایک خونخوار بدروح اب جاپان میں آزاد ہوچکی ہے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی کا جے یو آئی میں شمولیت کا فیصلہ
نوشہرہ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کے بھائی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی (ایم پی اے) لیاقت خٹک 10 مارچ کو اسلام آباد میں جے یو آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نشست پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے لیاقت خٹک نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت پی پی کی طرف سے ان کے بیٹے احد خٹک کو تحصیل نوشہرہ کی سیٹ کا ٹکٹ دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس فروری میں خیبر پختونخوا سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 63 نوشہرہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی کامیاب ہوئے تھے اور اس نشست کے حوالے سے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے لیاقت خٹک پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ کا ساتھ دیا ہے۔