All posts by Khabrain News

امریکی ایف-22 لڑاکا طیارے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر حوثی باغیوں کے حالیہ میزائل حملوں کے بعد دفاعی ردِ عمل کے لیے امریکی ایف-22 طیارے یو اے ای پہنچ گئے۔ ریپٹرز طیاروں نے ابوظبی کے الظفرہ ایئر بیس پر لینڈ کیا جہاں تقریباً 2 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔

وہاں موجود امریکی فوجیوں نے گزشتہ ماہ حوثیوں کے حملوں کے جواب میں پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائل فائر کیے تھے، امریکی فوجیوں نے 2003 میں عراق پر امریکی قیادت میں ہونے والی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ اس نظام سے فائر کیے۔

امریکی حکام نے آپریشنل سیکیورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ کتنے ایف۔22 لڑاکا طیارے تعینات کیے گئے یا ان طیاروں کے ساتھ کتنا عملہ موجود ہے۔

تاہم انہوں نے اس یونٹ کی شناخت فائٹر ونگ کے طور پر کی، جو ورجینیا میں جوائنٹ بیس لینگلے ایوسٹس میں موجود ہے۔

بعد میں ایئرفورس کی جانب سے جاری کردہ ایک تصویر میں الظفرہ کے ایک ٹیکسی وے پر چھ ایف۔ 22 طیاروں کو ایک قطار میں دکھایا گیا تھا۔

امریکی فضائیہ کی مشرق وسطیٰ کی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل گریگ گیلوٹ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ریپٹرز کی موجودگی پہلے سے ہی مضبوط پارٹنر ملک کے دفاع کو مزید تقویت دے گی اور عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کو اس بات کی اطلاع دے گی کہ امریکا اور ہمارے پارٹنر خطے میں امن اور استحکام کو برقراررکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

طیاروں کی تعیناتی ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے گزشتہ ماہ ابوظبی کو ہدف بناتے ہوئے تین حملے کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے، حملے میں نشانہ بنائے گئے اہداف میں ایندھن کے ایک ڈپو کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے جس میں تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے تھے، یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے تھے جب جنوبی کوریا اور اسرائیل کے صدور نے یہاں کا دورہ کیا۔

ماہ فروری کے آغاز میں بھی ایک مشتبہ عراقی گروپ نے امارات کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون حملہ کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس حملے کو ناکام بنادیا تھا۔

اگرچہ یوکرین کے بحران کے باعث معاملہ پس منظر میں جانے کے باوجود میزائل حملوں نے امریکی ردعمل کو جنم دیا اور امریکی فوج نے یو ایس ایس کول کو ابوظبی کے مشن پر بھیجا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں یمن کی برسوں سے جاری جنگ کے پھیلاؤ نے امریکی فوجیوں کو حوثیوں کے حملوں کے دائرے میں ڈال کر علاقائی کشیدگی کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔

یہ ایسے اہم وقت میں ہوا کہ جب عالمی طاقتوں اور ایران کے مابین جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے ویانا میں مذاکرات جاری ہیں۔

ہجوم کے ہاتھوں تشدد سے قتل کے واقعات کو نہایت سختی سے کچلیں گے، وزیراعظم عمران خان

خانیوال میں مجمع کے ہاتھوں ایک شخص کے پر تشدد قتل پر وزیراعظم عمران خان نے مشتعل ہجوم کی جانب سے کسی کو تشدد کر کے قتل کرنے کے واقعات سختی سے کچلنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے دور دراز گاؤں میں ہجوم نے ایک شخص کو قرآن پاک کی مبینہ توہین کر نے پر پتھر مار کر قتل کردیا تھا۔

مذکورہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی فرد/گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً گوارا نہیں کی جائے گی۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ ہجوم کے ہاتھوں تشدد سے قتل کے واقعات کو نہایت سختی سے کچلیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ میں نے آئی جی پنجاب سے میاں چنوں واقعے کے ذمہ داروں اور فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز گاؤں جنگل ڈیرہ میں مغرب کی نماز کے بعد اس طرح کے اعلانات ہوئے کہ ایک شخص نے قرآن کے اوراق پھاڑ کر انہیں نذرِ آتش کردیا، اعلانات سن کر سیکڑوں مقامی افراد جمع ہوگئے۔

ملزم مبینہ طور پر بے قصور تھا تاہم کسی نے اس کی بات نہیں سنی اور اسے پہلے درخت سے لٹکایا اور پھر اینیٹیں مار مار کر قتل کردیا۔

ایک عینی شاہد کے مطابق پولیس ٹیم نے گاؤں پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا تھا لیکن ہجوم نے اسے ایس ایچ او کی حراست سے چھین لیا۔

مذکورہ واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تشدد کے بعد قتل کے اس واقعے پر ردِ عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ اگر معاشرے میں اسکول، تھانوں اور منبر کی اصلاح نہ ہوئی تو بڑی تباہی کے لیے تیار رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے بارہا اپنے نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی جانب توجہ دلائی ہے، سیالکوٹ اور میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں یہ مسئلہ قانون کے نفاذ کے ساتھ ساتھ معاشرے کی تنزلی کا بھی ہے۔

میاں چنوں کے علاقے تلمبہ میں گزشتہ روز توہین مذبب کے مبینہ الزام پر مجنون شخص کے قتل کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پیش کردی گئی، افسوسناک واقعے کی ابتدائی رپورٹ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راو سردار علی خان نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو پیش کی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعے میں 33 افراد کو نامزد جبکہ 300 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں سنگین جرائم اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس نے مختلف مقامات پر 120 سے زائد چھاپے مارے اور 62 مشتبہ افراد کو زیر حراست لیا، زیر حراست مشبہ افراد میں قانون ہاتھ میں لینے والے مرکزی ملزمان بھی شامل ہیں جبکہ دستیاب فوٹیجز کے فرانزیک تجزیے کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور ان کے کردار کا تعین کیا جائے گا۔

پولیس کی رپورٹ کے مطابق مزید افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں جبکہ وزیراعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق رات بھر پولیس کاخفیہ آپریشن، سینیئر پولیس افسران بھی فیلڈ میں موجود رہے۔

اس سلسلے میں وزیر اعلی عثمان بزدار کا انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے گزشتہ روز خانیوال میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کی اور آر پی او پنجاب کو اپنی نگرانی میں انکوائری کرانے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ ہجوم کے تشدد کے حالیہ واقعے سے محض 2 ماہ قبل ہی ایک سری لنکن منیجر کی سیالکوٹ میں فیکٹری ورکرز کے ہاتھوں تشدد سے موت کا واقعہ پیش آیا تھا جس نے بین الاقوامی توجہ حاصل کرلی تھی۔

ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سخت ڈسپلن رکھنے والے پریانتھا کمارا کو مذہبی جلسے میں شرکت کی دعوت والا پوسٹر ہٹانے پر توہین مذہب کا الزام لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر ان کی لاش کو آگ لگادی گئی تھی۔

حکومت کو گرانے کیلئے اپوزیشن متحرک، آصف زرداری کا آج سراج الحق سے ملاقات کا پلان

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت کو گرانے کیلئے اپوزیشن متحرک ہو گئی، آصف زرداری آج منصورہ جا ئیں گے جہاں سراج الحق سے ملاقات کریں گے، حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بات چیت ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ آصف علی زرداری آج جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ جائیں گے،ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کا 5 رکنی وفد سراج الحق سے ملاقات کرے گا۔ آصف زرداری شام ساڑھے7 بجے منصورہ پہنچیں گے ۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بات ہوگی۔
واضح رہے کہ لاہور اس وقت سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے، دوسری جانب شہبازشریف بھی آج چودھری برادران سے ملاقات کر رہے ہیں، وفد میں سعد رفیق ،عطا تارڑ اور رانا تنویربھی شامل ہوں گے۔ اپوزیشن لیڈر حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر تعاون کی درخواست کریں گے۔
اُدھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپوزیشن کی ملاقاتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں، پی ڈی ایم کی اپنی صفوں میں یکسوئی نہیں، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں کامیابی نہیں ہوگی، سیاسی مخالفین کو آئینی طریقے سے جواب دیں گے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، وفاقی وزیر خزانہ سمیت اہم شخصیات کی شرکت

کراچی : (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، گورنر سٹیٹ بینک ، عثمان ڈار، محمود مولوی اور خالد منصور سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں کراچی، کوٹڑی ،حیدرآباد کی تجارتی و صنعتی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، اجلاس میں صنعتکاروں کو ایف بی آر سے متعلق اور صنعتوں کو درپیش دیگرمسائل پر اظہار خیال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدی شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اورہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور اہم اسٹیک ہولڈر ہے، وفاقی حکومت تجارتی اور صنعتی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے قابل عمل پالیسیوں کی تشکیل اولین ترجیحات میں شامل ہے، ایس ایم ای پالیسی کے اہداف کے حصول کے لیے سمیڈا کی بحالی اور مضبوطی ناگزیر ہے،افراد کےاثاثوں اوراس پر واجب الادا ٹیکس کے درست معلومات دینے کے لیے ایک پورٹل بنایا جا رہا ہے،فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور نادرا اس منصوبے پر مل کر کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مسائل کے پائیدار حل کے لئے صنعتکاروں کے ساتھ ان کی تجاویز کے ساتھ جلد اسلام آباد میں ایک اور اجلاس کے حوالہ سے یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیراعظم کا میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کا سخت نوٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کے ہلاک ہونے کے معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے، انہوں نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔
ایک اور افسوسناک واقعہ، میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت پر وزیراعظم عمران خان نے سخت افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کیلئے زیرو ٹالرنس ہے، وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور پولیس کی جانب سے فرائض میں غفلت برتنے پر رپورٹ بھی طلب کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے بارہا اپنے نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی طرف توجہ دلائی،سیالکوٹ اور میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں،یہ مسئلہ قانون کے نفاذ کا بھی ہے اور سماج کی تنزلی کا بھی ہے۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، قوانین موجود ہیں ، پولیس کو ان قوانین کو نافذ کرنا چاہیے۔

عالمی پابندیوں کی پروا نہیں؛ اسرائیل سے تعلقات برقرار رہیں گے، سوڈان

خرطوم: (ویب ڈیسک)
سوڈان میں عبوری حکومت کے سربراہ فوجی کمانڈر جنرل عبدالفتاح البرہان نے فوجی بغاوت کے بعد حکومت قائم کرنے پر عالمی پابندیوں کی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اسرائیل سے تعلقات برقرار رکھنے کا عندیہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کے ملٹری کمانڈر جنرل عبدالفتاح البرہان نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں پر طاقت کے استعمال پر عالمی پابندیوں کی دھمکیوں کی پروا نہیں۔
فوجی بغاوت کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں جنرل عبدالفتاح البرہان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے نتیجے میں سوڈان میں جنگجوؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مدد ملی۔
اپنے انٹرویو میں سوڈان کی عبوری حکومت کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
امریکا کی جانب سے فوجی بغاوت مخالف احتجاج پر فائرنگ میں 75 سے زائد ہلاکتوں کی تشویش اور پابندیوں کی دھمکیوں پر جنرل الفتاح نے کہا کہ امریکا کو غلط معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
فوجی سربراہ نے کہا کہ میں نے خود تحقیقات کرائی ہیں ایسے واقعات میں 6 سے 7 جانیں گئی ہیں جن پر انکوائری کمیٹی بنائی ہے اس لیے پابندیوں کی دھمکیاں بلاجواز ہیں۔

حوثیوں کے حملے کا خدشہ؛ امریکی لڑاکا طیارے ایف-22 متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک)
امریکا کے ایف-22 لڑاکا طیارے حوثی باغیوں کے ممکنہ حملوں کو روکنے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے حوثی باغیوں کے تیل کی تنصیبات اور دیگر مقامات پر حملوں کے بعد امریکا سے دفاعی مدد مانگی تھی۔
حال ہی میں امریکا کے میزائل شکن دفاعی نظام نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تھا اور اسے بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔
آج امریکی لڑاکا طیارے ایف-22 ابوظہبی میں الظفرہ ہوائی اڈے پر اترے جہاں 2 ہزار امریکی فوجی پہلے ہی موجود تھے اور جدید ترین امریکی میزائل شکن نظام ’’پیٹریاٹ‘‘ بھی نصب ہے۔
امریکی فوج نے متحدہ عرب امارات بھیجے گئے طیاروں کی تعداد سیکیورٹی وجوہات کے باعث بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ فائٹر ونگ کے طیاروں نے ورجینیا کے فوجی اڈے سے پرواز بھری۔
بعد ازاں امریکی ایئر فورس کی جانب سے طیاروں کی ابوظہبی کی روانگی کی تصویر شیئر کی گئی جس میں چھ امریکی جیٹ ایف -22 طیاروں کو پرواز بھرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ ماہ ابوظہبی میں تین میزائل حملے کیے تھے جن میں ایک آئل ڈپو پر کیا گیا تھا اور اس حملے میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

اداکارہ شلپا، شمیتا اور والدہ سنندا شیٹھی عدالت طلب

ممبئی: (ویب ڈیسک)
بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی ان کی بہن شمیتا شیٹھی اور والدہ سنندا شیٹھی کو لاکھوں روپے ادا نہ کرنے پر عدالت طلب کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک بھارتی بزنس مین اور آٹوموبائل ایجنسی کے مالک پرہاد امرا نے بالی ووڈ اداکاراؤں شلپا، شمیتا اور ان کی والدہ سنندا شیٹھی کے خلاف شکایت درج کروائی ہے، جس میں انہوں نے تینوں پر 21 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی کا الزام لگایا ہے۔
پرہاد امرا کے مطابق شلپا شیٹھی کندرا کے آنجہانی والد نے ان سے 2015 میں 21 لاکھ روپے بطور قرض لیے تھے جو انہیں جنوری 2017 میں واپس کرنے تھے۔ لیکن انہوں نے ان کے پیسے ادا نہیں کیے اور اب ان کی بیوی اور بیٹیاں بھی انہیں مذکورہ رقم واپس کرنے سے انکار کررہی ہیں۔
نتیجتاً اندھیری کی ایک عدالت نے تینوں ماں بیٹیوں کو 28 فروری 2022 کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے طلب کیا ہے۔ ایک بھارتی ایجنسی کے مطابق اندھیری کی عدالت نے اداکارہ شلپا شیٹھی کندرا، ان کی بہن شمیتا شیٹھی اور والدہ سنندا شیٹھی کو سمن جاری کیا ہے اور تینوں کو 28 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ شلپا شیٹھی گزشتہ برس بھی اپنے شوہر راج کندرا کے فحش فلمیں بنانے کے کیس کی وجہ سے قانونی شکنجے میں آگئی تھیں۔

کنگنا نے دپیکا کی فلم ’’گہرائیاں‘‘ کو کوڑے کا ڈھیر قرار دے دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک)
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے دپیکا پڈوکون کی نئی فلم ’’گہرائیاں‘‘ کو کوڑے کا ڈھیر قرار دے دیا۔
حال ہی میں کنگنا رناوت اور انانیا پانڈے کی فلم’’گہرائیاں‘‘ او ٹی ٹی پلیٹ فارم امیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی ہے۔ فلم حد سے زیادہ بولڈ اور فحش مناظر کی وجہ سے ریلیز سے پہلے ہی تنقید کی زد میں آگئی تھی۔
تاہم میکرز نے فلم ’’گہرائیاں‘‘ کو ماڈرن زمانے کی فلم قرار دیا تھا۔ لیکن ریلیز کے بعد بھی یہ فلم تجزیہ نگاروں اور شائقین کو زیادہ متاثر نہیں کرسکی۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے تو اس فلم پر بہت زیادہ تنقید کی ہے۔
کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پرفلم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’براہ مہربانی نئے دور یا شہری فلموں کے نام پر کوڑے کا ڈھیر مت بیچیں۔ بری فلمیں بری ہی ہوتی ہیں، جسم کی نمائش یا فحش نگاری (پورنوگرافی) اسے بچا نہیں سکتیں۔ یہ ایک بنیادی حقیقت ہے کہ اس میں کوئی ’’گہرائیاں‘‘ والی بات نہیں ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’’گہرائیاں‘‘ میں اداکارہ دپیکا پڈوکون، انانیا پانڈے، سدھانت چترویدی اور دھیریا کاروا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ ان کے علاوہ نصیرالدین شاہ بھی فلم میں اہم کردار میں نظر آئے ہیں۔ شکن بترا نے فلم کی ہدایت دی ہے اور کرن جوہر فلم کے پروڈیوسر ہیں۔

اوپر تلے چار انڈے متوازن کرنے کا عالمی ریکارڈ

استنبول: (ویب ڈیسک)
یمنی نوجوان محمد مقبل نے چار انڈے اوپر تلے متوازن کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
سب سے زیادہ انڈے ایک دوسرے پر متوازن کرنے کا پچھلا عالمی ریکارڈ بھی مقبل ہی نے بنایا تھا جس میں اس نے تین انڈے اوپر تلے متوازن حالت میں رکھے تھے۔
اپنی تازہ کوشش اس نے ترک شہر استنبول میں کی اور ایک کے اوپر ایک کرکے، چار انڈے متوازن کرکے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔