All posts by Khabrain News

اصل مقصد ٹیم کا جیتنا ہے، سرفراز احمد

لاہور: (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ شاید آفریدی نے زبردست کم بیک کروایا۔ اصل مقصد ٹیم کا جیتنا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ یکے بعد دیگرے 200 رنز کا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں تاہم جیسن رائے کی وجہ سے اچھا آغاز ملا اور میری اننگز سے زیادہ اچھی باری عمر اکمل نے کھیلی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹنر شپ میں عمر اکمل کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے اور عمر اکمل کا کم بیک کے بعد پی ایس ایل میں پہلا میچ تھا تاہم عمر اکمل نے مشکل کنڈیشن میں زبردست باونڈریز لگائی۔
سرفراز احمد نے کہا کہ میرے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ میری ٹیم جیتی اور کبھی اچھی تو کبھی خراب باری لگتی ہے لیکن اصل مقصد ٹیم کا جیتنا ہے۔ شاہد آفریدی نے زبردست کم بیک کروایا۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے شاہد آفریدی اور نور پرفارم کر رہے ہیں تاہم فاسٹ باؤلنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔ نواز اور حسنین کے لیے نیک خواہشات ہیں کہ جلد کم بیک کریں گے۔

اسلام آباد میں ڈکیت گینگ کے دو کارندوں سمیت تین ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں پولیس کی کارروائی کے دوران رہزن گینگ کے دو کارندوں سمیت تین ملزمان پکڑے گئے، ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کےمطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے چھینی گئی نقدی، دس موبائل فونز ، موٹرسائیکل اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزموں کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
ملزمان میں عمران خان عرف سوڈان، کامران اور عمران احمد شامل ہیں۔

کرک کے دو پولنگ سٹیشنز میں بیلٹ باکس کو آگ لگا دی گئی

کرک: (ویب ڈیسک) تحصیل کرک کے دو پولنگ سٹیشنز دبلی لواغر اور شگی لواغر میں بیلٹ باکس آگ لگا کر جلا دیئے گئے، واقعہ خواتین پولنگ پر پیش آیا۔
تحصیل کرک میں چودہ پولنگ سٹیشنز پر ری پولنگ ہورہی ہے جس میں دبلی لواغر اور شگی لواغر کے خواتین کے بیلٹ باکسسز کو آگ لگا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق برقعہ پوش نامعلوم خواتین نے ووٹ پول کے بہانے بیلٹ باکس میں آتش گیر مواد ڈال دیا جس سے بیلٹ باکس میں آگ لگ گئی، آگ لگنے کے بعد پولنگ سٹیشنز میں بھگدڑ مچ گئی۔ سٹاف اور خواتین پولنگ کے احاطے میں محصور ہوگئیں۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر حالات کو قابو کرلیا۔

کورونا وبا کا فوری خاتمہ ناممکن ہے، عالمی ادارہ صحت

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے واضح کیا ہے کہ کورونا وبا کا فوری خاتمہ ناممکن ہے۔

غیر ملکی  خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی افریقہ میں کورونا ویکسین کی سہولیات اور تیاریوں کے جائزے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی چیف سائنس دان سومیا سوامی ناتھن نے کہا کہ کورونا کے خاتمے کا کہنا غلط ہو گا کیونکہ یہ ابھی ناممکن نظر آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وائرس کی مزید قسمیں سامنے آئیں گی۔ سائنسی اور طبی ماہرین نے کورونا کے تغیرات اور اس کی دیگر قسموں کا جائزہ لیا۔ جس میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا کی مزید قسمیں سامنے آئیں گی اور دنیا کو کورونا کی نئی قسموں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

تمام اتحادی ساتھ ہیں، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کبھی کامیاب نہیں ہو گی: فواد

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تمام اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں اور اپوزیشن تحریک عدم اعتماد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسد قیصر اور فواد چوہدری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے اہم امور بھی زیر غور آئے۔

اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا آئینی طریقے سے جواب دیں گے، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں کبھی کامیابی نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور پی ٹی آئی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، ہمارے پاس اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اپنی صفوں کے اندر یکسوئی نہیں ہے۔

ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن، چین نے اعتماد کا اظہار کیا،: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت کی سمت درست ہے جس پر چینی قیادت نے بھی اعتماد کا اظہار کیا، افغانستان کے معاملے پر چین اور پاکستان میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں سابق سفیروں اور صحافیوں سے خصوصی نشست میں کہا کہ صدر پیوٹن سے میری ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی، انہوں نے کہا کہ روس میں کوئی اسلامو فوبیا نہیں۔ میرے دورہ روس پر مسجد میں ایک پروگرام رکھا گیا ہے۔ افغانستان پر چین اورپاکستان میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، وہاں انسانی بحران روکنے کیلئے سب متفق ہیں، صرف امریکہ کی رائے مختلف ہے۔ افغانستان میں حالات خراب ہوئے تو امریکا کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین میں فیصلہ ہونے کے بعد اس پر عملدرآمد ہوتا ہے، صدر شی جن پنگ کا گراف اوپر جانےکی وجہ وزیروں کی سطح پر 400 لوگوں کا احتساب کرنا ہے۔ ہمیں 18ویں ترمیم کے بعد بہت سے مسائل کا سامنا ہے، بل پاس کرانے کیلئے اکثریت کی ضروت ہوتی ہے۔ ہم قومی اسمبلی سے بل پاس کراتےہیں توسینیٹ میں پھنس جاتے ہیں۔ ملک میں اشیا کی قیمتیں یکساں ہونی چاہئیں مگر سندھ اور پنجاب میں الگ الگ قیمت پر گندم بک رہی ہے۔

کورونا وبا کا فوری خاتمہ ناممکن ہے، عالمی ادارہ صحت

جنیوا: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے واضح کیا ہے کہ کورونا وبا کا فوری خاتمہ ناممکن ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی افریقہ میں کورونا ویکسین کی سہولیات اور تیاریوں کے جائزے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی چیف سائنس دان سومیا سوامی ناتھن نے کہا کہ کورونا کے خاتمے کا کہنا غلط ہو گا کیونکہ یہ ابھی ناممکن نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وائرس کی مزید قسمیں سامنے آئیں گی۔ سائنسی اور طبی ماہرین نے کورونا کے تغیرات اور اس کی دیگر قسموں کا جائزہ لیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا کی مزید قسمیں سامنے آئیں گی اور دنیا کو کورونا کی نئی قسموں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت کورونا کی تغیر شدہ قسم اومی کرون تیزی سے پھیل رہی ہے، جو اب تک تو ہلاکت خیز ثابت نہیں ہوئی مگر اس کے پھیلنے کی شرح گزشتہ اقسام کے مقابلے میں کہی زیادہ ہے۔

داماد کے کہنے پر ساس کی خودکشی

تامل ناڈو: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ساس نے داماد کے کہنے پر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کوئمبتور میں گھر میں جھگڑے کے دوران ساس نے داماد کے کہنے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ پولیس نے داماد کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کئی دنوں سے اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ سسرال میں رہ رہا تھا، ملزم کا بیٹا پڑھائی کے بجائے ٹی وی دیکھ رہا تھا جس پر ملزم کو غصہ آیا اور اس نے اپنے بیٹے کی پٹائی لگا دی۔
بیوی نے بیٹے کو مار سے بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے بھی مارنا شروع کر دیا جس پر اس کے ساس اور سسر بھی بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی۔ سسر نے داماد کو سمجھایا تو ملزم نے اپنے سسر پر تشدد شروع کر دیا جس پر سسر ناراض ہو کر گھر چھوڑ گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ساس سے بھی لڑائی کی اور انہیں خودکشی کرنے کا کہا جس پر ساس نے دلبرداشتہ ہو کر زہریلا پاؤڈر کھا لیا جس سے ان کی حالت غیر ہو گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ملزم کی ساس دوران علاج ہلاک ہوگئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پیشے کے لحاض سے کسان ہے، ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

شہری محبت کے نام پر ایک ارب ڈالر گنوا دیئے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی شہریوں نے محبت کے ہاتھوں ایک ارب ڈالر کھو دیئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایف بی آئی کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ برس ملاقات، رومانس اور ڈیٹنگ کی ویب سائٹ پر جعلی پروفائل بنا کر امریکی شہریوں کو بھرپور طریقے سے لوٹا گیا۔
سال 2021 میں رومانس اسکیمنگ ویب سائٹ پر 24 ہزار سے زائد امریکی شہری شکار بنے اور 2021 کا سال نوسرباز لٹیروں کے لیے ایک منافع بخش ذریعہ ثابت ہوا۔
دوسری جانب کئی جعلی فنکاروں نے اپنے مداحوں سے کرپٹو کرنسی کی مد میں بھی رقم ہتھیائی یعنی جعل سازی کی 25 فیصد رقم کرپٹو کرنسی کے ذریعے ادا کی گئی۔ اس طرح جن افراد نے کرپٹو کرنسی گنوائی انہوں نے اوسط 10 ہزار ڈالر کھوئے ہیں۔
اس کے علاوہ انٹرنیٹ فراڈیوں نے لوگوں کو جعلی اور بے نام کرپٹو کرنسی کا لالچ بھی دیا اور اس کے بدلے اصل رقم نکلوا لی اور انہیں جعلی محبت کے دھوکے بھی دیئے گئے۔
پیار و محبت کی ویب سائٹ اور ڈیٹنگ ایپس پر جعلی افراد کے ہاتھوں تقریباً تمام عمر کے افراد ہی متاثر ہوئے لیکن لٹنے والوں میں سب سے زیادہ نوجوان شامل ہیں جنہیں محبت یا جیون ساتھی کی تلاش تھی۔ ان میں 18 سے 29 برس کے افراد شامل ہیں یہاں تک کہ بعض افراد 70 برس کے بھی تھے جو پیار کے جھانسے میں گرفتار ہو کر رقم گنوا بیٹھے۔
تفتیش کاروں کے مطابق یہ رجحان لاک ڈاؤن کے درمیان غیر معمولی طور پر بڑھا اور اسی عرصے میں دوستیوں اور ڈیٹنگ کی ویب سائٹ پروان چڑھیں اور یوں فراڈ کے نت نئے راستے کھلے۔

امریکا، برطانیہ، جرمنی اور نیدرلینڈز نے اپنے شہریوں کو یوکرین سے واپس بلا لیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا، برطانیہ، جرمنی اور نیدرلینڈز نے اپنے شہریوں کو یوکرین سے واپس بلا لیا۔
امریکہ، برطانیہ اور نیدرلینڈز کے بعد جرمنی نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرین سے واپس بلا لیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کی طرف سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یوکرین چھوڑ کر واپس آ جائیں یا کسی دوسرے ملک منتقل ہو جائیں۔ یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی کے بعد امریکہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس کسی وقت بھی یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔
جرمنی نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں اپنے سفارتی عملے میں بھی کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے کہا کہ یوکرین کا بحران اگلے دنوں میں شدید ہو سکتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا ملک ہر طرح کی صورت حال کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ بیئربوک نے یہ بھی کہا کہ جرمنی روس اور یوکرین میں شدت اختیار کرتے بحران میں کمی لانے کی تمام کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کے سفارتی حل کی کوشش کر رہا ہے۔
اردن کی حکومت نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرین چھوڑ دینے کی ہدیات کی ہے۔ اردنی وزارتِ خارجہ نے اپنے شہریوں کو یوکرین کا ممکنہ سفر اختیار کرنے سے گریز کرنے کا بھی کہا ہے۔ کئی یورپی ممالک ایسی ہدایات اپنے شہریوں کو پہلے ہی دے چکے ہیں۔
قبل ازیں جرمنی کے ہمسایہ ملک نیدرلینڈز نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرین سے نکلنے کی ہدایت کی تھی۔ امریکا نے بھی یوکرین کے دارالحکومت کییف میں موجود اپنے شہریوں اور عملے کو ممکنہ روسی حملے سے قبل یوکرین چھوڑ دینے کا کہا ہے۔ امریکی سفارت خانے سے منسلک قریب 200 شہریوں کو کییف سے نکال کر کسی دوسرے ملک منتقل کیا جائے گا یا پھر ان کو انتہائی مغربی یوکرین میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
امریکی انٹیلیجینس رپورٹ کے مطابق روس بیجنگ میں منعقدہ سرمائی اولمپکس کے اختتام سے قبل یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔ امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ نے یورپی اقوام میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ اس امریکی رپورٹ پر کییف حکومت نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔