لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم صرف دکھاوے کا اتحاد ہے، اپوزیشن جو مرضی کر لے، حکومت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
ایوان وزیراعلیٰ میں سردار عثمان بزدار سے وزیر مملکت صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور ایم پی اے شہباز احمد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں میں جاری فلاح عامہ کی سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، منتخب نمائندوں کی مشاورت سے حلقوں میں عوامی مسائل حل کر رہے ہیں، قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد ہے، اپوزیشن نے ہمیشہ منفی کردار ادا کیا ہے۔
All posts by Khabrain News
‘اپوزیشن کے پاس ووٹ مکمل ہوتے تو حکومت میں ہوتے، اب دائیں بائیں دیکھیں گے’
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی اپنی صفوں میں یکسوئی نہیں، اپوزیشن کے پاس اگر ووٹ مکمل ہوتے تو حکومت میں ہوتے، یہ لوگ اب دائیں بائیں دیکھیں گے۔
اپوزیشن کے تحریک عدم اعتماد کے اعلان پر اپنے ردعمل میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی استحقاق اور اس کا مقابلہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، انہوں نے بارہا کوششیں کیں لیکن پے در پے ناکامیاں ہوئیں، امید ہے ان کی یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہو گی، تحریک انصاف کے نشان پر کامیاب ہونے والے تمام ممبران قومی اسمبلی ڈٹ کر اپنے قائد اور کپتان کا دفاع کریں گے، تحریک انصاف کے جتنے اراکین قومی اسمبلی ہیں اور جتنی ہماری حلیف جماعتیں ہیں، ہم سب کا سیاسی و اخلاقی فرض بنتا ہے کہ سب مل کر اس تحریک کو شکست دیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے 2018 کے انتخابات کے فوری بعد اپنی کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو اسمبلی میں پہلی تقریر بھی جم کر نہیں کرنے دی، ان کے ارادے پہلے دن سے واضح دکھائی دے رہے تھے، ہمارے پاس ہر لحاظ سے دفاع کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پی ڈی ایم کی اپنی صفوں کے اندر ابھی تک یکسوئی نہیں، البتہ تحریک عدم اعتماد ان کی قیادت کی خواہش اور ضرورت ہو سکتی ہے، یہ ان پر مقدمات کے دباؤ کا تقاضا بھی ہو سکتا ہے۔
وزیراعظم کا حل شدہ 15 لاکھ شکایات میں سے 2 لاکھ 38 ہزار کو دوبارہ کھولنے کا حکم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہریوں کی شکایات پر وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گزشتہ سال کی حل شدہ 15 لاکھ شکایات میں سے 2 لاکھ 38 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شکایات کو نظر ثانی کیلے مجاز اعلی افسران کے حوالے کیا جائے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اداروں کی ایک لاکھ 7 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا بھی حکم دیا ہے۔ صوبائی سطح پر نظر ثانی کی نگرانی متعلقہ چیف سیکریٹری و آئی جی کریں گے۔ وفاقی سطح پر متعلقہ وزارت کے سیکرٹری شکایات نظرثانی کے ذمہ دار ہوں گے۔ صوبائی سطح پر 80 ہزار شکایات حکومت پنجاب کے ماتحت اداروں کی ہیں۔ حکومت خیبرپختونخوا کے ماتحت اداروں کی 27 ہزار شکایات کو کھولا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق صوبہ سندھ کی 15 ہزار، بلوچستان کی 3 ہزار، آزاد کشمیر میں 11 سو شکایات پر نظرثانی ہوگی۔ گلگت بلتستان میں 400 شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا۔ شکایات میونسپل سروسز، بجلی و گیس، مواصلات اور شعبہ تعلیم سے متعلق ہیں۔ وزیراعظم آفس نے ہدایت کی کہ شکایات پر نظرثانی کر کے متعلقہ اعلی افسران رپورٹ جمع کروائیں۔
حجاب پہننے پرپابندی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے، امریکا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک)
بھارت کے تعلیمی اداروں میں حجاب پرپابندی کیخلاف دنیا میں آوازیں اٹھنے لگیں۔ امریکا نے حجاب پرپابندی کومذہبی آزادی کی خلاف ورزی قراردے دیا۔
امریکا کے مذہبی آزادی سے متعلق ادارے کے اعلی عہدیدار راشد حسین نے بیان میں کہا کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پرپابندی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
راشد حسین نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ مذہبی آزادی میں لباس کے انتخاب کی آزادی بھی شامل ہے۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں طالبات پرحجاب پہننے پرپابندی عائد کرنا مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حجاب پرپابندی مذہبی آزادی پرکلنگ اورخواتین اورلڑکیوں کوزبردستی لباس کے انتخاب پرمجبورکرنے اورانہیں پیچھے دھکیلنے کے مترادف ہے۔
کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں باحجاب طالبات کے داخل ہونے پرپابندی کے بعد بھارت کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے جارہے ہیں۔
مسلمانوں کے حلیے میں یہودی انتہاپسند مسجد اقصیٰ میں داخل
مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک)
انتہاپسند یہودیوں کے مسلمانوں جیسا حلیہ بنا کرمسلمانوں کے مقدس مقام مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق انتہاپسند یہودی مسلمانوں جیسا حلیہ بنا کرمسجد اقصیٰ میں داخل ہوتے ہیں اوراپنی عبادت کرتے ہیں۔
انتہاپسند یہودی تنظیم کے ایک کارندے کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد مقبوضہ بیت المقدس کوفتح کرنا ہے جس پرہمارا حق ہے۔مسجد اقصیٰ جانے کے لئے ہم اپنے کپڑے، ٹوپی اورتمام دیگرشناختی علامات مسلمانوں جیسی کرتے ہیں۔
فلسطینیوں نے یہودیوں کے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے پرشدید غصے کا اظہارکیا ہے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ مسلمانوں کے مقدس مقام پرعبادت کے حق کوخطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
غیرمسلم مسجد اقصیٰ کمپلیکس کا دورہ کرسکتے ہیں لیکن وہاں عبادت نہیں کرسکتے۔
اسرائیل نے 1967 سے مشرقی بیت المقدس پرقبضہ کررکھا ہے۔اسرائیلی فوجی اکثرغنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں گھس کرنمازیوں کوتشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔
اسرائیلی حکومت مسجد اقصیٰ میں نمازپرپابندی بھی عائد کرتی رہتی ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7؛ تمام کھلاڑیوں کو معاوضوں کی 70 فیصد رقم ادا
کراچی: (ویب ڈیسک)
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں شریک تمام کھلاڑیوں کو معاوضوں کی 70 فیصد رقم ادا کر دی گئی جب کہ باقی 30 فیصد ایونٹ ختم ہونے کے6ہفتوں میں دے دی جائے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن ان دنوں لاہور میں جاری ہے،34 میں سے 17 میچز مکمل ہو چکے،گزشتہ روز پی سی بی نے تمام شریک کھلاڑیوں کو معاوضوں کی 70 فیصد رقم بذریعہ چیک ادا کردی،پاکستانی کھلاڑیوں کو روپے میں ادائیگی ہوئی، غیرملکی کرکٹرز کے معاوضوں کی رقم ڈالر میں تقسیم کر کے دی گئی،اس میں سے واجب الادا ٹیکس کی رقم منہا کر لی گئی۔
معاوضوں کا باقی30فیصد حصہ ایونٹ ختم ہونے کے بعد6 ہفتوں میں دینا ہوگا،پی سی بی ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ ابتدا سے ہی ایچ بی ایل پی ایس ایل نے اپنا ایک معیار قائم کیا ہے، ہم معاوضوں میں کبھی تاخیر نہیں کرتے کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں نہ صرف ایونٹ بلکہ ملک کا بھی خراب امیج سامنے آتا ہے۔
کھلاڑی ایک دوسرے کو جب اس حوالے سے آگاہ کرتے ہیں تو بعد میں بڑے ناموں کو بلانے میں بھی مشکلات ہوتی ہیں،اسی لیے ہم نے ایک مربوط سسٹم بنایا ہے۔
دوسری جانب چیک ملنے پر مسرور ایک کرکٹر نے کہا کہ پہلے تو ایونٹ شروع ہونے کے چند دن بعد ہی کافی رقم مل جاتی تھی اس بار تو کئی دن گذرنے کے بعد ایسا ہوا، البتہ ہم خوش ہیں کہ زیادہ تاخیرنہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو معاوضوں کی ادائیگی خود کرتا ہے، ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد سینٹرل ریونیو پول میں سے فرنچائزز سے یہ رقم واپس لے لی جاتی ہے، سری لنکا اور بنگلادیش کی لیگز میں کھلاڑی معاوضوں میں تاخیر کی شکایت کرتے رہے ہیں، اس کی وجہ فرنچائزز کو براہ راست ادائیگی کا اختیار دینا تھی، اسی لیے پی سی بی نے یہ ذمہ داری اپنے ذمہ لی ہے۔
سلیکشن پر تبصرہ جھاڑتے ہوئے یونس حقائق سے لاعلم
کراچی: (ویب ڈیسک)
ٹیسٹ اسکواڈ کی سلیکشن پر تبصرہ جھاڑتے ہوئے یونس خان حقائق سے لاعلم نکلے۔
آسٹریلیا سے ہوم ٹیسٹ سیریز کیلیے منتخب اسکواڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے یونس خان حقائق سے لاعلمی میں کئی باتیں کرگئے۔
ٹی وی پر تبصرے میں سابق کپتان نے کہا کہ حال ہی میں ختم ہونے والے ڈومیسٹک سیزن میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو کم بیک کرنے والے فہیم اشرف کی کیا پرفارمنس ہے؟ حارث رؤف اور امام الحق نے کتنی 4 روزہ کرکٹ کھیلی؟ شان مسعود ایچ پی ایل پی ایس ایل 7میں تو بہترین پرفارم کررہے ہیں،کیا ان کو ٹی ٹوئنٹی میں پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے؟
واضح رہے کہ شان مسعود نے گذشتہ فرسٹ کلاس سیزن کی8 اننگز میں 71.71کی اوسط سے 502رنز بنائے،ان میں 3سنچریاں بھی شامل ہیں،ان کا اسٹرائیک ریٹ 95.98بھی سب سے بہتر ہے۔ امام الحق نے7اننگز میں 531رنز اسکور کیے، ایوریج بھی 106.20رہی،انھوں نے 2سنچریاں اور اتنی ہی ففٹیز بھی بنائیں۔
دوسری جانب فہیم اشرف دورہ نیوزی لینڈ2020سے اب تک مسلسل ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں،آل راؤنڈر جب منتخب ہوئے تو یونس خان ہی بیٹنگ کوچ تھے مگر وہ کھل کر تبصرہ جھاڑتے ہوئے حقائق کو یکسر نظر انداز کرگئے، حالانکہ اعداد و شمارکی انٹرنیٹ پر متعلقہ ویب سائٹس کی کوئی کمی نہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان میں محمد یوسف بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
کوہلی 15 ویں بار صفر پر آؤٹ، سیریز میں دوسری بدترین کارکردگی
احمد آباد: (ویب ڈیسک)
ویراٹ کوہلی 15 ویں بار صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں ویراٹ کوہلی 2 بالز پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، الزاری جوزف کی گیند پر وکٹ کیپر شائی ہوپ نے کیچ تھاما۔
کوہلی نے ویسٹ انڈیز سے تین میچزمیں 8، 18 اور 0 کے ساتھ8.66 کی اوسط پائی،یہ کسی بھی سیریز میں ان کی دوسری بدترین کارکردگی شمار ہوئی، اس سے قبل پاکستان کیخلاف 13-2012 کی سیریز کیے تین میچز میں انھوں نے محض 13 رنز بنائے تھے،اوسط 4.33 رہی تھی۔
اس سے قبل کوہلی بنگلادیش کیخلاف جون 2015 کی سیریز میں 50 پلس اسکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔ون ڈے فارمیٹ میں وہ 15 ویں مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں دنیا کی سب سے بڑی ’شیش سرنگ‘ کی نمائش
ریاض: (ویب ڈیسک)
برطانوی کمپنی ’اسٹفش‘ نے سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کی ایک عالمی نمائش کے موقع پر دیوقامت آئینوں سے تیار کردہ ایک بہت بڑی سرنگ پیش کی ہے جسے دنیا کی سب سے بڑی ’شیش سرنگ‘ (کیلیڈو اسکوپ ٹنل) بھی قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ کیلیڈو اسکوپ میں چاروں طرف آئینے ہی آئینے نصب ہوتے ہیں جن کی ترتیب کچھ ایسی ہوتی ہے کہ اگر اس کے اندر کوئی چیز رکھ دی جائے تو اس کے لاتعداد عکس بنتے ہیں اور دیکھنے والے کو یوں لگتا ہے جیسے کیلیڈو اسکوپ میں ایک جیسی ان گنت چیزیں رکھی ہوئی ہیں (حالانکہ وہ ایک ہی چیز ہوتی ہے)۔
اردو میں کیلیڈو اسکوپ کا قریب ترین لفظ ’شیش محل‘ ہے۔ یہ کوئی ایسی عمارت ہوتی ہے جس میں در و دیوار پر ہزاروں آئینے لگے ہوتے ہیں۔ یعنی اگر اس عمارت کے کسی کمرے میں ایک فرد موجود ہو تو یوں لگے گا جیسے وہاں لاتعداد افراد کھڑے ہیں۔
اسی مناسبت سے کیلیڈو اسکوپ ٹنل کو اردو میں ’شیش سرنگ‘ بھی کہا جاسکتا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ ’ون جائنٹ لیپ‘ نامی ٹیکنالوجی کانفرنس اور نمائش میں رکھنے کےلیے ’اسٹفش‘ نے یہ سرنگ خاص طور پر تیار کی تھی جس کی لمبائی 131 فٹ اور اونچائی تقریباً 20 فٹ ہے۔
سرنگ کے اندرونی حصے میں دیوار کے 12 پہلوؤں پر سیکڑوں بڑے اور مضبوط آئینے لگائے گئے ہیں جبکہ سرنگ کے دونوں سِروں پر دیوقامت ایل ای ڈی اسکرینز نصب ہیں۔
آئینوں کی تنصیب اس مہارت سے کی گئی ہے کہ ان کے درمیان جوڑ ڈھونڈنا بہت مشکل ہے جبکہ پہلی نظر میں یہ سرنگ اندر سے مکمل دائرے جیسی دکھائی دیتی ہے۔
جب یہ ایل ای ڈیز روشن کی جاتی ہیں تو ان پر دکھائی دینے والا منظر، سرنگ کی اندرونی دیواروں پر لاتعداد عکس بناتا ہے اور کسی طلسم جیسا منظر تخلیق کرتا ہے۔
سرنگ میں داخلے اور اخراج کا راستہ اس طرح بنایا گیا ہے کہ اس سے کیلیڈو اسکوپ ٹنل کی اندرونی دیواروں پر بننے والے عکس متاثر نہیں ہوتے۔
اگرچہ ’اسٹفش‘ نے اسے دنیا کی سب سے بڑی کیلیڈو اسکوپ سرنگ قرار دیا ہے لیکن 2005 میں ایک جاپانی نمائش کے موقع پر 154 فٹ لمبی کیلیڈو اسکوپک سرنگ پہلے ہی نمائش میں رکھی جاچکی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز 20 مہینے تک موجود رہتی ہیں، تحقیق
بالٹیمور: (ویب ڈیسک)
امریکی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ ویکسین لگوائے بغیر کووِڈ 19 کو شکست دے کر صحت یاب ہوجانے والوں میں اس بیماری کے خلاف بننے والی اینٹی باڈیز 20 ماہ تک موجود رہتی ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے تحت پچھلے سال شروع ہونے والی اس تحقیق میں ایسے 1580 رضاکار بھرتی کیے گئے جو کووِڈ 19 میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یاب ہوگئے تھے مگر ان میں سے کسی نے بھی کووِڈ ویکسین نہیں لگوائی تھی۔
ان رضاکاروں کے میڈیکل ریکارڈ کی چھان بین اور تصدیق سے معلوم ہوا کہ یہ افراد پچھلے چھ ماہ سے دو سال کے دوران کووِڈ 19 کا شکار ہو کر صحت یاب ہوئے تھے جبکہ ان میں سے کسی نے بھی کورونا ویکسین نہیں لگوائی تھی۔
ان سے حاصل شدہ خون کے نمونوں کا تجزیہ کرنے پر معلوم ہوا کہ کورونا وائرس (سارس کوو 2) کا قلع قمع کرنے والی مخصوص اینٹی باڈیز ان تمام افراد کے خون میں موجود تھیں۔
اگرچہ وہ لوگ جو پہلے کووِڈ 19 کو شکست دے کر صحت یاب ہوئے تھے ان کے خون میں مذکورہ اینٹی باڈیز کی مقدار کچھ کم تھی لیکن یہ اتنی ضرور تھی کہ اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے کی تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کےلیے امنیاتی نظام (امیون سسٹم) کی تیار کردہ مخصوص اینٹی باڈیز چھ ماہ تک خون میں موجود رہتی ہیں۔
ریسرچ جرنل ’جاما نیٹ ورک‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے پتا چلا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ہمارے جسم میں قدرتی مدافعت 20 ماہ تک برقرار رہتی ہے۔
بتاتے چلیں کہ اس تحقیق کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ ویکسی نیشن کے بغیر کورونا وائرس کے خلاف جسم میں پیدا ہونے والی قدرتی مدافعت/ مزاحمت عملاً کتنے عرصے تک برقرار رہتی ہے۔
البتہ، اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ قدرتی انسانی مدافعت کو بنیاد بناتے ہوئے کورونا ویکسین لگوانے ہی سے انکار کردیا جائے۔ یہ حرکت آنے والے مہینوں میں زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے جس کا نتیجہ کورونا وائرس کے مزید نئے ویریئنٹس کی شکل میں بھی ظاہر ہوسکتا ہے۔