لاہور: (ویب ڈیسک) 65 فیصد لاہوریوں کو کورونا ویکسین کی ڈبل ڈوز لگ گئی۔ باقی ماندہ آبادی کو ویکسین لگانے کے لیے ‘ریچ دی ڈور مہم’ بھی جاری ہے۔
کورونا کی پانچویں لہر کا زور بدستور جاری ہے تو اِس سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے اعدادوشمار کے مطابق 65 فیصد شہریوں کو ویکسین کی ڈبل ڈوز لگا دی گئی ہے۔ اکثریتی آبادی کو ویکسین لگانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے بے نیازی کا رحجان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ اگرچہ وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے بھی ہیں۔
شہریوں کی بڑی تعداد اب ماسک کے بغیر نظرآتی ہے جبکہ سماجی فاصلے کی تو بالکل پرواہ نہیں کی جا رہی۔ طبی ماہرین کے مطابق ویکسین لگوانے کے بعد شہری شاید یہ سمجھنے لگے ہیں کہ وہ کورونا سےمحفوظ ہوچکے ہیں۔ حالات کا اندازہ اِس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ لاہور میں اب بھی مثبت کیسز کی شرح 7 سے 10 فیصد کے درمیان سامنے آ رہی ہے۔
All posts by Khabrain News
محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ بالائی علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ استور، سکردو، ہنزہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ اور قلات میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی ہے۔
روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے، امریکہ
امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکہ نے روسی افواج کے یوکرین پر حملے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو یوکرین چھوڑنے کی ہدایت کردی۔
وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی افواج کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتی ہیں۔ امریکی شہری اگلے 48 گھنٹے میں ملک چھوڑدیں۔
وائٹ ہاوس کے مطابق روسی حملے کا آغاز فضائی بمباری سے ہوگا جس کے باعث یوکرین چھوڑنے والے افراد کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں اور شہریوں کی زندگی بھی خطرے میں ہوگی۔
امریکی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جیک سولیون نے کہا ہے کہ روس یوکرین پر بیجنگ میں جاری سرمائی اولمپکس کے دوران حملہ کر سکتا ۔ روس کی جانب سے یوکرین کی سرحد پر مزید فوجی بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ صدر پیوٹن کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کا حکم دے سکتے ہیں۔یہ نہیں کہہ سکتے کے پیوٹن نے یوکرین پر حملے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
اس کے علاوہ برطانیہ، کینیڈا، نیدرلینڈز، لیٹویا، جاپان اور جنوبی کوریا نے بھی یوکرین میں رہنے والے اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب روس نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یوکرین پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک جھوٹی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یوکرین اور روس کی سرحد پر ایک لاکھ سے زیادہ روسی فوجی اس وقت موجود ہیں۔
اسلام آباد: تھانہ بارہ کہو میں پولیس مقابلہ، سب انسپکٹر شہید، ایک ڈاکو گرفتار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں پولیس مقابلے میں ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر لیاقت علی شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ جوابی کارروائی میں کار سوار ڈاکو گاڑی چھوڑ کر فرار جبکہ پولیس نے ایک ڈاکو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ بارہ کہو میں گاڑی پر سوار ملزمان نے ایک شہری پر فائرنگ کی اور فرار ہوئے۔ گشت پر موجود سب انسپکٹر لیاقت علی اور جوانوں نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس ٹیم پر بھی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اسلام آباد پولیس کے سب انسپکٹر لیاقت علی شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے پر آئی جی اسلام آباد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی سری لنکا کو بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 20 رنز سے شکست
سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے سری لنکا کو بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 20 رنز سے شکست دے دی۔ شاندار بولنگ پرفارمنس پر ایڈم زیمپا مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹ پر 149 رنز بنائے، بین میک ڈرموٹ 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بارش کے باعث سری لنکا کو انیس اوورز میں 142 رنز کا ہدف ملا، سری لنکن بلے باز مقررہ اوورز میں 122 رنز ہی بنا سکے۔
جوش ہیزل ووڈ نے 4 اور ایڈم زیمپا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، آسٹریلیا کو پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔
میں پوری قوم کو ہلانے والی ہوں: یامی گوتم
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ یامی گوتم نے اپنی آنے والی فلم‘‘اے تھرسڈے ’’ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں جلد پوری قوم کو ہلانے والی ہوں۔
انسٹا گرام پر یامی گوتم نے فلم اے تھرسڈے کا ٹریلر جاری کیا۔ ٹریلر میں یامی گوتم ایک اغوا کار کے روپ میں دکھائی دے رہی ہیں جنہوں نے ایک ایک بچے کو چھوڑنے کیلئے بھاری تاوان طلب کرلیا۔ فلم 17 فروری کو ریلیز کی جارہی ہے ۔ یامی نے تحریر کیا کہ ایک پلے سکول ٹیچر ایک دن میں کیا کرسکتی ہے ؟ میں پوری قوم کو ہلانے والی ہوں۔
اکشے کمار، شاہ رخ خان سے زیادہ معاوضہ لینے لگے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے بھارتی فلم نگری کے بادشاہ شاہ رخ خان کو بھی مات دے دی۔ فلموں میں اداکاری کیلئے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے بالی ووڈ اداکاروں کی فہرست سامنے آئی ہے۔
بالی ووڈ ریویوز کی فہرست کے مطابق اکشے کمار ایک فلم میں کام کرنے کیلئے 135 کروڑ بھارتی روپے وصول کرتے ہیں جوکہ کسی بھی اور بڑے بالی ووڈ اداکار کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ دوسرے نمبر پر سلمان خان ہیں جو ایک فلمکیلئے 100 کروڑ وصول کرتے ہیں۔
شاہ رخ خان ایک فلم کیلئے 85 کروڑ وصول کرتے ہیں جبکہ مسٹر پرفیکٹ عامر خان ایک فلم کیلئے 80 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔اس کے علاوہ فہرست میں 75 کروڑ روپے معاوضے کیساتھ اداکار ہریتھک روشن پانچویں، 70 کروڑ معاوضے کیساتھ رنبیر کپور چھٹے، 35 کروڑ معاوضے اور فلم کے منافع سے 50 فیصد شیئرز کے ساتھ اجے دیوگن ساتویں نمبر پر ہیں۔
کبریٰ خان نے ارینج میرج کرنے کا اشار ہ دے دیا
لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ کبریٰ خان نے ارینج میرج کرنے کی طرف اشارہ دے دیا۔
کبریٰ خان نے انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کیلئے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جہاں اُنہوں نے مداحوں کے دلچسپ سوالات کے جواب دئیے۔ ایک صارف نے کبریٰ خان سے سوال کیا کہ ‘کیا آپ ارینج میرج کرنا پسند کریں گی؟’صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کبریٰ خان نے کہا کہ ‘بہن! جس طرح کے حالات چل رہے ہیں، اُس حساب سے ارینج میرج ہی بہتر انتخاب ہے۔
راشد خان لاہوری کھانوں کے شوقین، مچھلی پسندیدہ ڈش
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز میں شامل افغان لیگ سپنر راشد خان کا کہنا ہے کہ کراچی کے کھانے کھائے ہیں لیکن لاہور کے کھانے بہت مختلف ہوتے ہیں۔
لیگ سپنر راشد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں قیام کے دوران کھانوں کا ضرور موقع ملے گا، مجھے لاہور کی مچھلی بہت پسند ہے اس لیے لاہور کی مچھلی ضرور کھانا ہے، انڈر 19 کے ساتھ جب میں لاہور آیا تھا تب مچھلی کھائی جس کا بہت مزہ آیا تھا، تب ہم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹھہرے تھے اب تک مچھلی اور دیگر کھانے نہیں بھولے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے فینز کو ایک وقفے کے بعد اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، ہم اپنی بہترین پرفارمنس دیں گے جس سے کرکٹ فینز لطف اندوز ہوں گے۔
راشد خان کا کہنا تھا کہ میں جہاں بھی ہوں انجوائے کرتا ہوں، لاہور قلندرز کے ساتھ مزہ آرہا ہے، شاہین نے بہت متاثر کیا، سوچا نہیں تھا کہ وہ کپتان بھی اچھے ثابت ہوں گے، ہم سب انہیں سپورٹ کرتے ہیں۔
برے وقت میں گھبرایا نہیں، سیکھنے کی کوشش کی :شان
کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے شان مسعود کا کہنا ہے کہ اتار چڑھاؤ کھیل کا حصہ ہے، جتنا جلد اسے سمجھیں اتنا ہی بہتر ہوگا۔ ناکامی بُری چیز نہیں ہے، اس سے آپ بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ کیریئر میں جب بھی مشکل وقت آیا ہے اس سے نہیں گھبرایا بلکہ سیکھنے کی کوشش کی ہے۔
غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ جہاں بھی کرکٹ، جس فارمیٹ میں بھی کھیلنے کو مل رہی ہے، کھیل رہا ہوں تاکہ جب میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں جاؤں تو میری کارکردگی میں مستقل مزاجی نظر آئے۔ ان باتوں پر زیادہ دھیان نہیں دیتا کہ میں صرف ٹیسٹ کا بیٹسمین ہوں۔ میرا اپنا یقین یہ ہے کہ میں تینوں فارمیٹس کھیل سکتا ہوں۔ آپ کا جو یقین ہوتا ہے وہی سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ ہر بیٹسمین کا اپنا سٹائل ہوتا ہے ۔ ہمیں دور دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اگر میں اپنے اردگرد نظر ڈالوں تو بابر اعظم اور محمد رضوان کی شکل میں دو ایسے بیٹسمین ہیں جو تینوں فارمیٹس میں ایک ہی سٹائل میں کھیلتے ہیں۔