All posts by Khabrain News

پی ایس ایل 2022: اسلام آباد یونائیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج مدمقابل

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون دوسرے راؤنڈ میں آج ایک میچ شیڈول ہے۔ اسلام آباد یونائیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ شام 7 بجکر 30 منٹ پر اسلام آبا د یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈ ایٹرز میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ اہم مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی اور پلان فائنل کرلیے گئے۔ پال اسٹرلنگ کی جگہ انگلش آل راؤنڈر لیام ڈؤسن نے اسلام آباد یونائیڈ کو جوائن کر لیا۔ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نمائندگی ملنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب لاہور قلندرز کے خلاف ہائی اسکورنگ میچ جیتنے والی ٹیم کوئٹہ نے ایک مرتبہ پھر جیسن رائے سے وننگ پرفارمنس کی امید لگا لی ہے۔ آخری پانچ مقابلوں میں اسلام آباد کا پلڑا بھاری ہے۔ گلیڈی ایٹرز کو تین مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شائقین کرکٹ سپر لیگ کے ایک اور سپر مقابلے کے لیے پر جوش ہیں۔

اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد لانے پر متفق، یہ جمہوریت کی فتح ہے، بلاول بھٹو

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ جمہوریت کی فتح ہے کہ اپوزیشن کی زیادہ تر سیاسی جماعتیں اب حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے متفق ہیں۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عوام کا اعتماد کھوچکے ہیں اور وقت آگیا ہے کہ وہ پارلیمان کا اعتماد بھی کھودیں۔

چولستان جیپ ریلی کا پہلا مرحلہ، نادر مگسی نے میدان مار لیا

چولستان: (ویب ڈیسک) 17ویں چولستان جیپ ریلی کے پہلے مرحلے میں میر نادر مگسی نے میدان مار لیا، سابق چیمپئن صاحبزادہ سلطان کی گاڑی مڈ پوائنٹ سے پہلے دھوکہ دے گئی۔
چولستان جیپ ریلی کا پہلا مرحلہ مکمل، میر نادر مگسی نے 231 کلومیٹر کا فیصلہ 1 گھنٹہ 51 منٹ اور 22 سیکنڈ میں طے کیا کر کے میدان مار لیا۔
نوجوان ڈرائیور زین محمود مقررہ فاصلہ 1 گھنٹہ 52 منٹ میں طے کرکے دوسرے نمبر پر رہے جبکہ دفاعی چیمپئن صاحبزادہ سلطان مڈ پوائنٹ سے پہلے ہی گاڑی خراب ہونے کے باعث ریلی سے آؤٹ ہوگئے۔
واضح رہے کہ 12 فروری کو سٹاک کیٹگری کے مقابلے ہوں گے جبکہ ریلی کا فائنل راؤنڈ 13 فروری کو ہوگا۔

آرمی چیف کا دورہ نگر پارکر، پورا دن جوانوں کے ساتھ گزارا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نگرپارکر کا دورہ کیا، پورادن جوانوں کے ساتھ گزارا، سپہ سالار کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہندو کمیونٹی کے افراد سے بھی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو نگر پارکر کے دورہ پر لوکل کمانڈر نے فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی، کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ بھی ہمراہ تھے، سپہ سالار نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اپنی پیشہ ورانہ تیاروں پر توجہ موکوز رکھیں، کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج کے موثر جواب کے لئے بھرپور تربیت جاری رکھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مقامی ہندو کمیونٹی کے لوگوں سے بھی ملاقات کی ، ہندو کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں برابر کے شہری ہیں، یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اقلیتوں کی حفاظت کرے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہندو کمیونٹی نے ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہندو کمیونٹی پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

پی ایس ایل 7: لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو باآسانی 52 رنز سے شکست دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم قلندرز کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے تعاقب میں مقرررہ اوورز میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی، واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ایونٹ میں یہ پہلی شکست ہے۔
صہیب مقصود کے 29 اور ٹم ڈیوڈ کے 24 رنز کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، کپتان رضوان 20 اور شان مسعود 8 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
رلی روسو کو راشد خان نے صفر پر پویلین روانہ کردیا، خوشدل شاہ 22 اور انور علی پانچ رن بناسکے۔
قلندرز کی جانب سے زمان خان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حارث رؤف، راشد خان، شاہین آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور سلطانز کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف تھا۔
فخر زمان نے 60 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، کامران غلام 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عبداللہ شفیق 4 رنز بنا کر انور علی کو وکٹ دے بیٹھے۔
محمد حفیظ 43 رنز بنا کر شاہنواز دہانی کا نشانہ بنے، فل سالٹ نے 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
سلطانز کے عباس آفریدی، عمران طاہر، شاہنواز دہانی اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پی ڈی ایم کل ہی عدم اعتماد لے کر آجائے، فواد چودھری کا چیلنج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کسی مائی کے لال میں اتنی جرات نہیں کہ تحریک عدم اعتماد لاسکے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اب سے کچھ دیر پہلے پاکستان کرپشن لمیٹڈ پارٹی کی بیٹھک ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو چیلنج کرتا ہوں کہ کل تحریک عدم اعتماد لے کرآئیں۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بازووں میں حکومت کو گھر بھیجنے کی طاقت نہیں ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اپوزیشن کے اپنے اراکین سرپرائز دیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ عدم اعتماد لے کر آئیں آ پ کو آٹے دال کا بھاؤ پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے اوپر 18 فروری کو فرد جرم عائد ہونی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ آپ سیاست میں وہ چوہے ہیں جن کا خیال ہے کہ چھت پر زیادہ دوڑنے سے زیادہ آواز آئے گی۔

امریکہ کا افغانستان کےمنجمد اثاثوں کا نصف 9/11 کےمتاثرین میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے افغانستان کےمنجمد اثاثوں کا نصف نائن الیون کےمتاثرین میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ 7 بلین ڈالرز میں سے 3.5 بلین ڈالرز افغانستان میں انسانی امداد کی مد میں خرچ کرے گا جبکہ 3.5 ملین ڈالرز نائن الیون متاثرین کو دیے جائیں گے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نےایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں، افغانستان کے تین اعشاریہ پانچ بلین ڈالر نائن الیون کے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم ہوں گے، باقی ماندہ ساڑھےتین ارب ڈالرافغانستان میں انسانی امداد کی مد میں خرچ ہوں گے۔
دوسری جانب طالبان حکومت کا اس کے خلاف ردِ عمل سامنے آیا ہے۔ سیاسی ترجمان امارت اسلامیہ محمد نعیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی نائن الیون متاثرین میں افغان عوام کی رقم کی تقسیم چوری ہے۔

سندھ اسمبلی نے طلبہ یونین کی بحالی سے متعلق بل متفقہ طورپر منظورکرلیا

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ اسمبلی نے 38 سالوں سے عائد طلبہ یونینز پر پابندی ختم کرنے کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
ایوان میں طلبہ یونین سے متعلق مجوزہ بل قائمہ کمیٹی برائے قانون سے منظوری کے بعد پیر مجیب الحق نے پیش کیا۔
متفقہ طور پر بل منظوری کے بعد قائد ایوان مراد علی شاہ نے سب جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بل میں طلبہ یونین سے متعلق قواعد ہیں، امید ہے کہ طلبہ یونین تدریسی عمل کو متاثر یا بند نہیں کروائیں گی۔
سندھ اسمبلی سے منظور شدہ بل کے مطابق طلبہ انتخابات سے 7 سے 11 نمائندوں پرمشتمل یونین کومنتخب کریں گے اور تعلیمی اداروں میں ہرسال طلبہ یونین کے انتخابات ہوں گے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے کی سینیٹ اور سینڈیکٹ میں طلبہ یونین کی نمائندگی ہوگی جبکہ تعلیمی ادارے کی انسداد ہراساں کمیٹی میں بھی یونین کی نمائندگی ہوگی۔

عمرے کے دوران ملنے والا سکون نا قابل بیان ہے، امریکی فوجی افسر

ریاض: (ویب ڈیسک) امریکی فوج کے کرنل خالد شہباز نے عمرہ ادا کیا جس کے دوران سعودی حکام نے انھیں خصوصی پروٹوکول بھی دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی فوج میں کرنل کے عہدے پر فائض خالد شہباز عمرے کی غرض سے سعودی عرب پہنچے تھے۔ عمرے کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے سفرِ عمرہ کو زندگی تبدیل کردینے والے یادگار لمحات قرار دیئے۔
عرب نیوز سے گفتگو میں کرنل خالد کا کہنا تھا کہ مکہ اور مدینہ آنا میری زندگی کا مقصد رہا ہے اور آج جس روحانی اور قلبی کیفیات سے گزرا ہوں وہ ناقابل بیان ہیں۔ یہ صرف محسوس کی جا سکتی ہیں۔ میں خود کو خوش نصیب تصور کر رہا ہوں۔
کرنل خالد نے سعودی عرب کے دورے کے دوران اپنے ہم منصب سعودی فوجیوں سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کی بحالی کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

تحریک عدم اعتماد میں 12 سے 13 لوگ کم نکلیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو ان کے لوگ کم نکلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت میں اسلام جاگ گیا اور اپوزیشن اسلام آباد فتح کرنے آرہی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ نوازشریف کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں، ابھی تک حل نہیں نکلا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جتنے مسائل حل کرسکتے ہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چودھری شجاعت کو جانتا ہوں وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو لانگ مارچ اورعدم اعتماد کے لیے لوگ نہیں ملیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ملاقاتیں کرتی رہتی ہے، ان کی خیر ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اسلام آباد میں ایم کیوایم کا دفتر ہے تو صبح کھول دوں گا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان 50 دنوں بعد مزید مضبوط ہوکر نکلیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک عدم اعتماد میں 12 سے 13 لوگ کم نکلیں گے۔