نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے تیسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 266 رنز کے تعاقب میں 169 رنز بناسکی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے سمتھ 36 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔ بھارت کی جانب سے کرشنا اور محمد سراج نے تین،تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 265 رنز بنائے تھے۔ ویرات کوہلی سیریز میں تیسری مرتبہ برا سکور بنانے میں ناکام رہے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔ واضح رہے کہ بھارت نے سیریز کے تینوں میچز میں فتح اپنے نام کی۔روہت شرما کی بطور کپتان یہ پہلے سیریز کی جیت ہے۔
All posts by Khabrain News
لاہور میں کراچی کنگز کے کھلاڑی کو کورونا کی تشخیص
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے کھلاڑی عمران جونیئر کا لاہور میں کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
کراچی کے بعد اب لاہور میں بھی پی ایس ایل کے کھلاڑیوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے عمران جونئیر کوویڈ پازٹیو رپورٹ آنے پر اس وقت آئسولیشن میں ہیں اور اسی وجہ سے ٹیم میں ان کی جگہ امیر حمزہ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
کراچی کنگز کی ٹیم ابھی تک لیگ میں ایک میچ بھی نہیں جیت سکی، لاہور میں اتوار کو کراچی کنگز پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے میں مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کو کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ پی سی بی نے بائیو سیکیور ببل توڑنے اور کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی پر امپائر کو سخت سزا بھی سنائی تھی۔
کراچی پولیس چیف کا عہدہ ایک مرتبہ پھرغلام نبی میمن کے حوالے کردیا گیا
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس چیف کا عہدہ ایک مرتبہ پھر غلام نبی میمن کے حوالے کردیا گیا جبکہ عمران یعقوب منہاس اب ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔
اس سلسلے میں نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا جس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس کو کراچی پولیس چیف کے عہدے سے ہٹا کر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی تعینات کردیا گیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ غلام نبی میمن کو کراچی پولیس چیف کا عہدہ ایک مرتبہ پھر سونپ دیا۔ خیال رہے کہ وہ اس سے قبل بھی کراچی پولیس کے چیف رہ چکے ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ جاوید اختر اوڈھو کو ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کی ذمے داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم کا حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) مولانا فضل الرحمان کی سرپرستی میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا ہے، پیپلز پارٹی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا جبکہ حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور میں مولانا فضل الرحمان کے زیر صدارت اپوزیشن اتحاد کے سربراہی اجلاس میں مختلف امور پر مشاورت کی گئی جبکہ مریم نواز اور شہبازشریف کی جانب سے عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہونے والا اجلاس اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف، حمزہ شہباز،مریم نواز، اکرم درانی، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر مختلف جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے لندن سے ورچوئل شرکت کی جبکہ اجلاس میں پہلے لانگ مارچ ہوگا یا ان ہاؤس تبدیلی سمیت تمام آپشن پر غور کیا گیا۔
فرانس میں مسلم خاتون فٹبالرز کے حجاب پہننے پر پابندی
پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس فٹبال فیڈریشن نے دوران میچ مسلم خاتون کھلاڑیوں کے حجاب یا اسکارف پہننے پر پابندی عائد کردی ہے تاہم وزیر برائے صنفی مساوات نے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی صنفی مساوات کی وزیر ایلزبتھ مونیریو نے ملک کی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے مسلم خواتین فٹبالرز کے حجاب یا اسکارف لینے پر پابندی کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
فرانس کی وزیر برائے صنفی مساوات ایلزبتھ نے اسکارف یا حجاب پر پپابندی کے خلاف عدالت جانے والی خواتین کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس ایک سیکولر ملک ہے جہاں سب کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔
فرانس میں دو ماہ بعد ہی صدارتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں اور اس سے قبل شدت پسندوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے صدر ایمانوئیل میکرون کی حکومت مسلم دشمنی پر مبنی امتیازی قوانین لاگو کر رہی ہے۔
حال ہی میں ایک ایسا ادارہ بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں مسلمانوں کو دہشت گرد گردانتے ہوئے اصلاحات کے نام پر ذہن سازی کی جائے گی جسے مسلم کمیونیٹی نے مسترد کردیا ہے۔
اسی طرح فرانسیسی سینیٹ نے جنوری میں ایک قانون کی تجویز پیش کی تھی جس کے تحت تمام مسابقتی کھیلوں میں واضح مذہبی علامتوں کے پہننے پر پابندی ہوگی جس پر فٹبال فیڈریشن نے حجاب اور اسکارف پر پابندی عائد کردی تھی۔
پی ایس ایل7: لاہور قلندرز کا ملتان کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، فخر زمان 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز کے خلاف لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا ، اوپنر عبداللہ شفیق صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایک وکٹ گرنے کے بعد فخر زمان اور کامران غلام کے درمیان 86 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم 91 رنز کے مجموعی اسکور پر کامران 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔
قلندرز کو تیسرا نقصان سیت بیٹر فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ37 گیندوں پر 60 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں محمد حفیط اور فِل سالٹ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم کا اسکور 4 وکٹوں پر 182 رنز تک پہنچایا۔
حفیظ 29 گیندوں پر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سالٹ 16 گیندوں پر 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
طالبان نے اپنے ماہر ترین نوجوان اسنائپر کو میئر بنا دیا
کابل: (ویب ڈیسک) طالبان نے صوبے فریاب کے شہر میمنہ کے میئر کے لیے 25 سالہ نوجوان داملا محب اللہ موافق کا انتخاب کیا ہے جو افغان جنگ میں ماہر اسنائپر کے طور پر شہرت رکھتے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے فریاب کے شہر میمنہ میں 25 سالہ نوجوان کو میونسپل ورکز سے سیوریج لائن کھلواتے، سڑکوں سے پانی صاف کرواتے اور کچرا اُٹھواتے دیکھا جا رہا ہے جو اپنے دفتر میں شہریوں کے نجی جھگڑوں اور دیگر مسائل کو بھی حل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ نوجوان داملا محب اللہ موافق ہیں جو اس وقت فریاب کے شہر میمنہ کے میئر ہیں تاہم خاموش طبع لیکن اپنے کام میں جتے رہنے والا یہ نوجوان افغان جنگ میں طالبان کا سب سے اہم ترین اسنائپر تھا جس نے غیر ملکی فوجیوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا۔
داملا اللہ محب اللہ کا کہنا ہے کہ افغان وار کے دوران ان کی ذمہ داری غیر ملکی قبضے، ناانصافی اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنا تھی جب کہ اس وقت میرے اہداف ملک کی خوشحالی اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہے۔
امریکا میں راکٹ تجربہ ناکام، 4 سٹیلائٹس ضائع
کیلی فورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا کی راکٹ لانچنگ کمپنی کا راکٹ کے ذریعے 4 سٹیلائٹس کو مدار میں لے جانے کا پہلا تجربہ ناکام ہوگیا جس سے چاروں سٹیلائٹس بھی ضائع ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے شہر فلوریڈا میں ایئرو اسپیس کمپنی ’’آسٹرا‘‘ کا پہلا سٹیلائٹس لانچنگ تجربہ ایلانا-41 مشن کیپ کینویرل اسپیس فورس اسٹیشن سے کیا گیا جو ناکام رہا۔
6 سال قبل وجود میں آنے والی ایئر اسپیس کمپنی آسٹرا کے 43 فٹ لمبے راکٹ نے مار ہونے کے بعد فضا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم 3 منٹ بعد راکٹ ہچکولے کھاتے ہوئے نیچے اور کبھی اوپر کی جانب پرواز کرنے لگا۔
اپنی پرواز کے دوسرے مرحلے میں منزل مقصود کی جانب سفر جاری رکھنے کے بجائے راکٹ گھومنے لگتا ہے اور سٹیلائٹ کو مدار میں پہنچانے میں ناکام ہوجاتا ہے۔
آسٹرا کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ راکٹ میں پیدا ہونے والی خرابی سے متعلق معلومات جمع کر رہے ہیں جس کی بنیاد پر آئندہ کیے جانے والے تجربات کو محفوظ اور کامیاب بنائیں گے۔
شاہ محمود نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دیئے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےسوالات اٹھا دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کو خط لکھ دیا جس میں وزارت خارجہ کو گیارھواں نمبر دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے خط میں لکھا کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کی پہلی سہ ماہی میں وزارت خارجہ نے 26 میں سے 22 اہداف حاصل کئے، دوسری سہ ماہی میں 24 میں سے 18 اہداف کامیابی سے حاصل کیے، وزارت خارجہ نے یقینی بنایا کہ ریویو پیریڈ کے دوران کوئی معاملہ زیر التواء نہ رہے۔
وزیر خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں موقف اپنایا گیا کہ اس دوران وزارت خارجہ نے اعلیٰ سطح کی سرگرمیاں بھی کیں، وزارت خارجہ کے کاموں پر کسی تشویش کا کوئی اظہار نہیں کیا گیا، 30 فیصد کارکردگی جائزہ سے متعلق کوئی تحریری گائیڈ لائنزنہیں دی گئیٕں، وزارت خارجہ کی یہ گریڈنگ ریویو کمیٹی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتی ہے۔
بالی ووڈ فلم ساز اور روینہ ٹنڈن کے والد انتقال کرگئے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کے والد اور فلم ساز روی ٹنڈن 85 برس کی عمر میں دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق روی ٹنڈن گزشتہ کئی برس سے پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا تھے اور جمعے کے دن سانس بند ہونے پر اپنے گھر میں انتقال کرگئے۔اہل خانہ کے مطابق روی ٹنڈن نے اپنی آخری سانسیں گھر پر صبح 3 بج کر 45 منٹ پر لیں۔
بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے اپنے والد کے انتقال کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دی اور ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔
روینہ نے اپنی والد کے ساتھ یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’آپ ہمیشہ میرے ساتھ چلتے تھے اور میں ہمیشہ آپ کے ساتھ تھی، میں آپ کو کبھی نہیں چھوڑ سکتی کیونکہ میں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں‘۔
اداکارہ نیلم، جوہی بابر اور چنکی پانڈے سمیت دیگر فلمی شخصیات نے بھی روی ٹنڈن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
واضح رہے کہ روی ٹنڈن نے 1970 سے 1980 کی دہائی میں بطور فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور رائٹرز کام کیا، انہوں نے ’انہونی، کھیل کھیل میں، مجبور، خود غرض اور زندگی جیسی فلمیں انڈسٹری کو دیں‘۔