All posts by Muhammad Saqib

امریکا کے ’افغان جنگ اسکروٹنی بل‘ سے پاکستان سے متعلق شق ختم

امریکی سینیٹ نے افغان جنگ کی مکمل جانچ پڑتال سے متعلق آزاد کمیشن کے قیام کی تشکیل کا بل منظور کرلیا ہے جب کہ بل کے پرانے ورژن میں شامل پاکستان کے کردار کی تحقیقات سے متعلق شق کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ میں ایک دفاعی بل کی منظور دی گئی ہے۔ بل میں افغان جنگ اور پاکستان سمیت خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی جانچ پڑتال کے لیے ایک آزاد کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس بل کی سب سے خاص بات ہے یہ کہ پرانے ورژن کے برعکس اس بل میں افغان وار میں پاکستان کے کردار کی تحقیقات سے متعلق تجویز کی شق کو ختم کردیا گیا ہے البتہ کمیشن مختلف ممالک کے افغان جنگ پر اثر انداز ہونے اور افغان جنگ کے پُرامن حل میں ان کے کردار کا جائزہ لے سکتا ہے۔
اس وار کمیشن میں 16 ارکان شامل ہوں گے جن کا انتخاب ریپبلکن اور ڈیموکریٹک کے ارکان اسمبلی مساوی انداز میں کریں گے اور یہ کمیشن تین سال کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
کمیشن میں 2001 سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے موجودہ اور سابق ارکان کے ساتھ ساتھ کابینہ کی سطح کے اور افغانستان کے بارے میں امریکی پالیسیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے اعلیٰ سطحی دفاعی عہدیداروں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
بل کی سمری میں کہا گیا ہے کہ دو طرفہ پینل 20 سالہ جنگ کی اسکروٹنی اور انخلاء کے بعد افغانستان میں رہ جانے والے فوجی سازوسامان کا بھی احتساب بھی کرے گا اور افغانستان میں موجود امریکی شہریوں اور افغان اتحادیوں کو نکالنے کے منصوبے بھی بنائے گا۔
بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمیشن پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیتوں کے انسداد دہشت گردی میں استعمال اور اقدامات کا جائزہ بھی لے گا

افغان فٹ سال ٹیم کے کھلاڑی علی عرب زادہ کی ایران میں موت

افغانستان کی فٹ سال ٹیم کے مہشور کھلاڑی علی عرب زادہ ایران میں انتقال کر گئے۔

افغانستان میڈیا کے مطابق افغان فٹ سال ٹیم کے کھلاڑی علی عرب زادہ ایران میں انتقال کرگئے جبکہ ان کی موت کی وجہ سامنے نہیں آئی۔

رپورٹس کے مطابق افغان فٹ سال کمیٹی کے عہدیداروں نے عرب زادہ کی موت کی تصدیق کر دی ہے،  تاہم  ان کا کہنا  ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی موت کیسے ہوئی۔

اسلام خواتین کے حقوق کی پاسداری اور ان کے تحفظ کا درس دیتا ہے، وزیر خارجہ

خواتین پارلیمینٹیرینز نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ محترمہ ریتنو مرسودی کے ساتھ ملاقات کی، جس میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلام خواتین کے حقوق کی پاسداری اور ان کے تحفظ کا درس دیتا ہے، ہماری حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بہت ٹھوس اقدام اٹھائے ہیں اور اس حوالے سے حال ہی میں بہت سے نئے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں۔

دوران ملاقات انڈونیشیا، افغانستان اور پاکستان کی خواتین پر مشتمل گروپ کے قیام کی تجویز دی گئی جسے فریقین نے سراہا۔

انڈونیشین وزیر خارجہ ریتنو مرسودی نے کہا کہ انڈونیشیا میں خواتین کے حوالے سے الگ وزارت موجود ہے، انڈونیشیا میں خواتین بہت سے اہم عہدوں پر فائز ہیں، ہماری پارلیمنٹ کی اسپیکر بھی ایک خاتون ہیں، پاکستان میں خواتین پارلیمینٹیرینز سے مل کر خوشی ہوئی۔

ریتنو مرسودی نے پاکستانی پارلیمینٹیرینز کے ساتھ مل کر خواتین کے حقوق کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا۔

انڈونیشین وزیر خارجہ ریتنو مرسودی سے ملاقات کرنے والی خواتین پارلیمینٹیرینز میں پارلیمانی سیکرٹری خارجہ عندلیب عباس، پارلیمانی سیکرٹری قانون ملیکہ بخاری، سینیٹر سیمی ایزدی، سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور، ممبران قومی اسمبلی کنول شوذب، عالیہ حمزہ، صائمہ ندیم، تاشفین صفدر اور نورین فاروق شامل تھیں۔

21 تاریخ کو ایوان صدر میں کرسمس ڈے منایا جائے گا، پیر نور الحق قادری

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ 21 تاریخ کو ایوان صدر میں کرسمس ڈے منایا جائے گا۔

نور الحق قادری نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پوری دنیا کو پاکستان کے پر امن ہونے کا پیغام دے رہے ہیں کیونکہ تمام انبیاء نے دوستی اور امن کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملہ کرنے والے کو عیسیٰ عیلہ سلام کا پیروکار ہر گز نہیں کہا جا سکتا اور سیالکوٹ میں سری شہری کے بے دردی سے قتل سے ہمارا دین بے زار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں جس مذہب اور زبان کے لوگ رہتے ہیں سب پاکستانی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بے گھر مسیحی برادری کو گھر فراہم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے، اس ملک میں اقلیتوں کو حق ہم دلوائیں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے تقریب میں مسیحی برادری کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور چالیس بچوں میں پانچ پانچ ہزار کے تحائف دینے کا اعلان بھی کیا۔

ویکسین نہ لگوانے والے موسم سرما میں بیماری اور موت کیلئے تیار رہیں، بائیڈن کا انتباہ

امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد  کو موسم سرما میں بیماریوں  اور موت  کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

صدر جو بائیڈن امریکی شہریوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اومیکرون وائرس  کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر کورونا  ویکسین   کی تیسری ڈوز بھی لگوائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے افراد میں وائرس کی شدت کے باوجود موت کا خطرہ کم ہوجائے گا۔

جو بائیڈن کی اپیل ایسے وقت  میں سامنے آئی  ہے جب سات ممالک کے گروپ نے اومیکرون کو صحت عامہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا  ہے اور اقوام متحدہ کے سربراہ نے عالمی ویکسین کی عدم مساوات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اومیکرون وائرس ممکنہ حد تک اس تیزی سے نہیں پھیلا  جس کا گمان کیا جارہا تھا تاہم اب یہ  امریکا میں بھی پھیلنا شروع ہو گیا ہے اور اس میں اضافہ متوقع ہے۔

امریکہ میں حالیہ ہفتوں میں روزانہ کورونا کیسز کی اوسط تعداد میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یکم دسمبر کو روزانہ کی تعداد 86,000 تھی لیکن 14 دسمبر کو اس کی تعداد 117,000 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکا نے اومیکرون وائرس سے متاثرہ 8 افریقی ممالک کیلئے پروازیں بند کر دی ہیں۔

ماہرین غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں کہ کورونا(اومیکرون )کی انتہائی تبدیل شدہ شکل کتنی خطرناک ہے لیکن ابتدائی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ویکسین کے لیے زیادہ مزاحم ہو سکتا ہے اور ڈیلٹا وائرس سے زیادہ تیزی سے منتقل ہو سکتا ہے۔

تاہم ماہرین ابتدائی طور پر اس بات پر بھی متفق ہیں کہ اعداد و شمار کے مطابق اومیکرون کی علامات ڈیلٹا کے مقابلے میں زیادہ ہلکی ہوتی ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگرد کمانڈرغفورعرف جلیل ہلاک

سیکورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل فائرنگ تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ضلع باجوڑ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل فائرنگ ہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل متعدد دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، اور افغانستان میں موجود مولوی فقیر محمد کا قریبی ساتھی تھا۔

جی سیون ممالک کی تنبیہ، روس نواز فورسز کی یوکرائنی سرحد کے قریب مشقیں

جی سیون ممالک کی تنبیہ کے بعد روس نواز فورسز نے یوکرائن کی سرحد کے قریب مشقیں شروع کر دی ہیں۔
روسی ٹی وی کے مطابق اسلحے سے لیس فوجی سفید یونیفارم پہنے منفی دس ڈگری سینٹی گریڈ پر حملہ کرنے کی مشق کرتے رہے، مشقوں میں جدید اسلحے سمیت برف پر چلنے والی گاڑیوں نے بھی حصہ لیا، مشقیں اس وقت کی جا رہی ہیں جب جی سیون ممالک کی جانب سے روس پر یوکرین پر حملہ کرنے سے باز رہنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

بھارتی آل راؤنڈر ایشون محمد رضوان، بابر اعظم اور شاہین آفریدی کے مداح نکلے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپنر روی چندر ایشون نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں محمد رضوان، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے مداح ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی کھلاڑی نے پاکستانی ٹیم میں شاندار ٹیلنٹ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پسندیدہ پاکستانی کرکٹرز بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں کافی عرصے سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو فالو کر رہا ہوں، اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور اپنی ہر نئی اننگ میں بہترین فارم میں ہوتے ہیں۔
ایشون نے کہا کہ رضوان کے علاوہ مجھے بابر اعظم بھی بہت پسند ہیں، ان کی بیٹنگ کی صلاحیتیں کمال کی ہیں۔بابر اعظم کے بعد ایشون نے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا نام لیا اور ساتھ یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم میں ہمیشہ اچھے کھلاڑی موجود رہے ہیں اور موجودہ پاکستانی ٹیم میں بھی باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں۔

ایشین چیمپئنز ہاکی ٹرافی؛ پاکستان اور کوریا کا میچ 3، 3 گول سے برابر

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں پاکستان اور کوریا کا میچ تین تین گول سے برابر رہا۔
پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے 2 گول کیے، فراز نے ایک گول کرکے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گول کیپر مظہر عباس، عماد بٹ نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم نے جاپان کے خلاف میچ برابر کھیلا تھا۔ بھارت کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستانی ٹیم اب راؤنڈ میں آخری میچ بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستانی ٹیم کے پوائنٹس ٹیبل پر پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے۔

کیا وزیراعظم کی طرح عام پاکستانی بھی ویڈیولنک پر عدالت میں پیش ہوسکتا ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کیا عام پاکستانی بھی وزیراعظم کی طرح ویڈیولنک پر عدالت میں پیش ہوسکتا ہے۔
سراج الحق نے ایوان اقبال لاہور میں الخدمت یوتھ گیدرنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس شاہی چابی سے ہم نے دنیا کوفتح کیا آج بھی وہ قرآن کی صورت ہمارے پاس موجود ہےِ ، دنیا کو آج ایسے نظام کی ضرورت ہے جو لوگوں کو روٹی،کپڑا،مکان دے سکے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کا نظام عالمی سامراج کے شکنجے میں ہے، جماعت اسلامی کے پاس متبادل نظام موجود ہے، ہمارے پاس سود سے پاک بینکاری کا نظام موجود ہے، قرآن پاک کی روشنی میں سیاسی،قانونی اورمعاشی نظام موجود ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ شیروانی پہننے سے کوئی قائداعظم ثانی نہیں بن جاتا ہے، قائداعظم کردارکے غازی تھے،وہ ایک رول ماڈل تھے، انہوں نے آپ کی طرح کرپٹ لوگوں کو اپنے ارد گرد جمع نہیں کیا تھا، آج یہاں امیروں کے لیے الگ اور غریبوں کے لیے الگ انصاف ہے، کیا وزیراعظم کی طرح گھر بیٹھ کر ویڈیولنک کے ذریعے عدالتوں میں اپنا موقف پیش کرنے کی سہولت عام پاکستانیوں کو بھی میسر ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ملک سے وی آئی پی کلچر ختم ہونا چاہیے، پاکستان میں انصاف تعلیم و علاج سب کےلئے ہو ، صرف مظلوم اور طالب علم وی آئی پی ہو، حکمران کہتے ہیں بڑا لیڈر وہی ہوتا ہے جو یوٹرن لیتاہے، نوکریوں کا وعدہ پاکستان میں کیا تھا لیکن ڈگری ہولڈر ملک سے باہر جا رہے ہیں ان کو اپنے ملک آنا چاہئے تھا، وزیراعظم گاڑی میں آنے کے بجائے ہیلی کاپٹر کو استعمال کرتے ہیں پھر کہتے ہیں وی آئی پی کلچر کو ختم کر دیں گے۔