All posts by Muhammad Saqib

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا۔ او آئی سی کے رکن ممالک اور مبصرین کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ اجلاس میں افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر مشاورت ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق وزرائے خارجہ کونسل اجلاس بلانے کی تجویز سعودی عرب نے دی۔ پاکستان نے کال کا خیر مقدم کیا تھا اور سیشن کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں او آئی سی رکن ممالک اور مبصرین کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی، اٹلی سمیت غیر رکن ممالک کو مدعو کیا گیا ہے، جاپان، یورپی یونین اور افغانستان کی عبوری حکومت کی بھی نمائندگی ہوگی۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان میں انسانی المیے کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔ افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر بھی مشاورت ہوگی۔ افغانستان میں خوراک و ادویات کی قلت اور بے گھر افراد کی امداد پر نئے پہلو تلاش کئے جائیں گے۔ او آئی سی وزراء خارجہ کا 17 واں اجلاس افغانستان کی مدد کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

شمالی وزیرستان پاک فوج کا آپریشن، دو دہشت گرد ہلاک

سیکورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل فائرنگ تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ضلع باجوڑ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل فائرنگ ہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل متعدد دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، اور افغانستان میں موجود مولوی فقیر محمد کا قریبی ساتھی تھا۔

کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا، شفقت محمود

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر پہل کی ہے اور اگر دنیا نے افغانستان کی مدد نہ کی تو وہاں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ بین الاقوامی ڈپلومیسی میں آگے بڑھ کر وزیر اعظم لیڈ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی جس طرح مذمت کرنی چاہیے وہ اس طرح نہیں ہو رہی۔ شہباز شریف کرپشن کا کیس دیکھ لیں وہ چپڑاسی کے نام پر اکاؤنٹ کھولتے ہیں جبکہ نواز شریف آج تک فلیٹس کے پیسے نہ بتا سکے۔
شفقت محمود نے کہا کہ آصف علی زرداری اور شرجیل میمن کی فائل ہی غائب ہوجاتی ہے۔ کرپشن پر ملکی ادارے کچھ کام کر رہے ہیں اور کچھ نہیں کر رہے۔ برے کو برا کہا جائے۔ اخلاقیات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کی لیکن خود ہی مؤخر کر دی۔ ضمنی الیکشن کی ساری سیٹیں ن لیگ نے جیتی ہیں لیکن جب انتخابات کا وقت آئے گا تو تحریک انصاف اگلا انتخاب بھی جیتے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا۔

پاکستان میں اومی کرون کے پھیلاؤ کا خدشہ، اسد عمر نے عوام کو خبردار کردیا

نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے آتے ہی ویکسی نیشن کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب ساٰئٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اومی کرون کےآتےہی ویکسی نیشن کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے، اب تک8کروڑ75لاکھ پاکستانی کم ازکم ایک خوراک لےچکےہیں اور 6کروڑافرادکومکمل طورپرویکسین لگائی جا چکی ہے۔
یاد رہے پاکستان میں اومی کرون کے دو کیسز سامنے آئے ہیں ، دونوں کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ، کراچی کی 65 سالہ خاتون اور پینتیس سالہ شخص میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔

اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، 3 پولیس اہلکار زخمی

اسلام آباد پولیس کیساتھ پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ گینگ کے 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ 3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا بتانا ہے کہ بحریہ ٹاؤن فیز ایٹ میں پولیس ٹیم پر ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا، تعاقب پر ڈاکو تھانہ روات کی حدود میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک گھر میں گھس گئے۔
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے گھر کو گھیرے میں لیا تو ڈاکوؤں نے دوبارہ پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوئے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کے مزید 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔
آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فیز ایٹ سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی تک ملزمان سے 3 بار فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور آپریشن کی خود نگرانی کرتا رہا۔
احسن یونس کا کہنا تھا کہ پولیس مقابلے میں مارے گئے ڈاکوؤں میں بلال گینگ کے واجد اور ارشد شامل ہیں جبکہ فرار ہونے والے 3 ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔

بھارت کا جنگی جنون برقرار، اگنی پرائم میزائل کا تجربہ

جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے اگنی پرائم میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اگنی پرائم میزائل کا تجربہ اڑیسہ میں کیا گیا۔ اگنی پرائم میزائل 1000کلومیڑسے لے کر2000کلومیٹرتک ہدف کونشانہ بنا سکتا ہے۔
یہ بھارت کی جانب سے اگنی پرائم میزائل کا دوسرا تجربہ ہے۔اگنی پرائم میزائل کا وزن اگنی3 میزائل سے50فیصد کم ہے۔
جنگی جنون کا شکار بھارت ہتھیاروں کی مسلسل خریداری اورمیزائل تجربات کی وجہ سے خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

بھارت میں ویکسین کی 3ڈوز لگوانے والا اومیکرون کا شکار

بھارت میں ویکسین کی 3ڈوز لگوانے والا شخص اومیکرون کا شکارہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 29 سال شخص امریکا سے واپس آیا تھا۔ ممبئی ائیرپورٹ پرٹیسٹ میں اومیکرون کی تشخیص ہوئی جس کے بعد اسے احتیاطی تدابیرکے طورپراسپتال میں داخل کردیا گیا۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ اومیکرون سے متاثرہونے والے شخص میں کوئی علامات نہیں ظاہرہوئیں۔ ممبئی میں اومیکرون کے 40 مریضوں میں سے کسی میں بھی مرض کی سنگین علامات موجود نہیں ہیں۔ بھارت میں اومیکرون سے متاثر افراد کی تعداد100 ہوگئی ہے۔

او آئی سی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے مؤثر کردارادا کرسکتی ہے، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کرسکتی ہے۔

ملائشیا کے وزیرخارجہ سیف الدین عبداللہ نے وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے وزیرخارجہ ملائشیا کا منصب سنبھالنے پر سیف الدین عبداللہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ملائشیا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی، سیاحتی اور سائنسی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور ملایشیا کے مابین نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کی مسلسل حمایت پر ملیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرخارجہ نے کرونا وبا کے دوران پاکستان واپسی کے منتظر دو ہزار پاکستانیوں کو وطن واپسی میں سہولت کی فراہمی پر ملیشین قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور ملائشیا کے درمیان عوام کی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے سفری پابندیوں پرنظرثانی کی ضرورت پر زوردیا

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان، مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیارہے۔ یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز گردانتے ہوئے اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے مؤثر کردار کا متقاضی ہے۔ چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کی ایک امید دکھائی دی ہے۔

وزیرخارجہ نے مذید کہا کہ افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے مضمرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کرسکتی ہے۔

ملائشیا کے وزیرخارجہ سیف الدین عبداللہ نے پرتپاک خیرمقدم اور پرخلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف سے انڈونیشیا کی وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے انڈونیشیا کی وزیر خارجہ مسز ریٹنو لیسٹاری پرانساری مرسودی نے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی اور سیکورٹی تعاون میں اضافہ، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  افغانستان کی موجودہ صورتحال اور انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون/ شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ   پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں انڈونیشیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، ہم اپنے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

ہتک عزت معاملہ؛ اس کیس سے کیریئر متاثر ہوا، میشا شفیع

لاہور:  اداکارہ میشا شفیع کا کہنا ہے کہ اس کیس سے ذاتی زندگی بھی متاثر ہوئی لوگ فنکاروں کو کوئی اور ہی مخلوق سمجھتے ہیں۔

ضلع کچہری میں گلوکارواداکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کی مہم چلانے کے مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ گلوکارہ میشا شفیع ضلع کچہری پیش ہوگئیں اور حاضری مکمل کروائی۔

ایف آئی اے نے میشا شفیع سمیت دیگر ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کروا رکھا ہے۔ اداکارہ میشا شفیع نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس کیس سے کیریئر متاثر ہوا۔ ایسے معاملات سے کیریئر کے علاوہ ذاتی زندگی اور صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔

میشا شفیع نے کہا کہ لوگ فنکاروں کو کوئی اور ہی مخلوق سمجھتے ہیں۔ ہم بھی عام لوگ ہیں ہماری بھی ایک پرسنل لائف ہوتی ہے۔ ایسے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمت اور سپورٹ چاہیئے ہوتی ہے عدالت نے کیس کی سماعت 11.30 تک ملتوی کردی۔