لاہور: (ویب ڈیسک) زندہ دلان شہرلاہور میں تحریک انصاف کے پاور شو کے لیے میدان سج گیا۔
مینار پاکستان گراونڈ میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ پنڈال میں کارکنوں کی جلسہ گاہ آمد جاری ہے۔ چئیرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کھلاڑیوں سے خطاب کریں گے۔
جلسے کے لیےایک سو بیس فٹ لمبا اور چالیس فٹ اونچا اسٹیج بھی لگ گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے پنڈال میں شرکاء کیلئے پچاس ہزار کرسیاں لگانے کا دعوی کیا گیا ہے۔
جلسہ میں عمران خان کی تقریر دکھانے کیلئے پندرہ بڑی سکرین نصب کر دی گئیں ہیں۔25 لاوڈ اسپیکر، 900 روشنیوں کے ٹاور بھی نصب کئیے گئے ہیں۔
چئیرمین عمران خان کی آمد پر جلسہ گاہ میں پندرہ منٹ تک آتشبازی کی جائے گی۔جلسہ گاہ کے شرکاء میں 3 لاکھ جھنڈے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
جلسہ انتظامیہ نے انٹرنیٹ بند ہونے کی اطلاعات کے باعث جلسہ گاہ میں تین مقامات پر انٹرنیٹ بوسٹرز بھی نصب کر دیے ہیں۔
جلسے کے شرکاء کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے کے لیے پنجاب پولیس نے بھی تیاری کر لی ہے۔سیاسی جلسہ پر 4 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض سر انجام دیں گے۔10 ایس پیز،25 ایس ڈی پی اوز،59 ایس ایچ اوز،207 اَپر سب آرڈینیٹس،234 لیڈیز پولیس اہلکار شامل ہوں گے
سی سی پی او کے مطابق شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے لئے مربوط ٹریفک پلان وضع کیا گیا ہے۔660 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔
جلسہ کے شرکا کی گاڑیوں کے لئے مختلف مقامات پر مخصوص پارکنگ زونز بنائے گئے ہیں۔سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے ذریعے بھی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
All posts by Khabrain News
ٹرین کے نیچے آنے والی خاتون معجزاتی طور پر زندہ بچ گئی
ارجنٹائن : (ویب ڈیسک) ارجنٹائن میں چلتی ٹرین کے نیچے آنے والی خاتون معجزاتی طور پر زندہ بچ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ایک خاتون ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا انتظار کر رہی تھی کہ اچانک اس کی طبعیت خراب ہوئی اور وہ لڑکھڑاتے ہوئے پٹری کی جانب گر گئی جہاں سے اس وقت ٹرین گزر رہی تھی۔
خاتون کی ٹرین کے نیچے آنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کو ٹرین کے نیچے آتا دیکھ کر اسٹیشن پر کھڑے مسافر گھبرا گئی اور چیخ و پکار شروع کر دی۔
حادثے کے فوری بعد ہی ٹرین ڈرائیور نے ٹرین روک لی۔ اسٹیشن پر موجود افراد نے اسٹیشن عملے کے ساتھ مل کر خاتون کو ٹرین کے نیچے سے نکالا۔ خاتون معجزاتی طور پر محفوظ رہیں تاہم انہیں معمولی خراشیں آئی تھیں۔
خاتون کا حادثے میں زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں اس لیے کہتے ہیں “جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے”۔
مغرب کے غلاموں کا سورج ڈوبتا نظر آ رہا ہے، فواد چودھری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ مغرب کے غلاموں کا سورج ڈوبتا نظر آ رہا ہے۔
سابق وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ قائد اعظم نے 23 مارچ 1940 کو جو سفر شروع کیا اس کی تکمیل کی جدوجہد کی ابتدا آج ہے اور عمران خان کی قیادت میں قوم حقیقی آزادی کے لیے کمر بستہ ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کے غلاموں کا سورج ڈوبتا ہوا نظر آرہا ہے اور آج کے تاریخی اجتماع میں لاکھوں لوگ عمران خان کی خود داری کے نعرے پر لبیک کہیں گے۔
کھانے میں نمک کیلئے الیکٹرک چوپ اسٹکس تیار
جاپان : (ویب ڈیسک) کھانوں میں مزا مصالحوں سے ہی آتا ہے، اور اگر نمک کم یا زیادہ ہو جائے تو یہ سواد خراب ہو جاتا ہے، اسی لیے ماہرین نے الیکٹرک چوپ اسٹکس تیار کی ہیں جو کھانے میں نمک کا ذائقہ دیں گی۔
جاپان میں سائنسدانوں نے کھانے میں نمک کو شامل کرنے کی ضرورت کو ہی ختم کردیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کی پہلی ایجاد ہو گی جس کے بعد کھانوں میں نمک کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔
چوپ اسٹکس ایک منی کمپیوٹر ویئر ایبل پر کام کرتی ہے جو کھانے والے کی کلائی پر بندھا ہوتا ہے۔ اور اس کا مقصد جاپان کے مقبول ترین کھانوں میں نمک کی مقدار کو کم رکھنا ہے۔
ٹوکیو کی میجی یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیوائس سوڈیم ائیون ٹرانسمٹ کرتی ہے ، جس سے چوپ اسٹکس سے منہ میں نمکیات محسوس ہوتی ہیں۔
تجربات کے مراحل سے گزر کر اگلے سال صارفین کو یہ چوپ اسٹکس دستیاب ہوں گی۔ تاہم طبی ماہرین کی ریسرچز کے مطابق غذا میں نمک کا زیادہ استعمال ہائی بلڈ پریشر سمیت متعدد امراض کا باعث بن سکتا ہے۔
اور جاپان میں ایک بالغ فرد اوسطاً روزانہ 10 گرام نمک استعمال کرتا ہے جو عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ مقدار سے دگنا زیادہ ہے۔
ملازم کی سرپرائز برتھ ڈے پارٹی پر کمپنی کوساڑھے4 لاکھ ڈالرز کا جرمانہ
امریکا: (ویب ڈیسک) کمپنی کواپنے ملازم کو سرپرائز برتھ ڈے پارٹی دینا مہنگا پڑ گیا۔ کمپنی پر ساڑھے چار لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک میڈیکل لیبارٹری میں کام کرنے والے ملازم کیون برلنگ کو ان کی مرضی کے خلاف برتھ ڈے پارٹی دی گئی جس کے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا اور انہیں نوکری سے بھی نکال دیا گیا۔
عدالتی تفصیلات کے مطابق کیون برلنگ نے اپنے ایک سپر وائزر کو پہلے ہی سالگرہ منانے کے حوالے سے اپنی کیفیت کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ذہنی دباو اور گھبراہٹ کا شکار ہیں اور اپنی سالگرہ پر وہ کسی قسم کی کوئی پارٹی یا سیلیبریشن نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ اس طرح کی تقریب منانا انہیں اپنے والدین کی طلاق سے جڑے تلخ لمحات کی یاد دلاتا ہے۔
اس کے باوجود 7 اگست 2019 کوان کے دفتر میں ان کی سالگرہ منانے کے انتظامات کیے گئے۔ کھانے کے وقفے میں ان کے ایک ساتھی نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔
انہوں نے ہیپی برتھ ڈے کا ایک بینر دیکھا جو بریک روم میں برتھ ڈے پارٹی کے لیے لگایا گیا تھا۔ جس کے بعد وہ دفتر سے نکل کر اپنی کار میں جا کر بیٹھ گئے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا۔
کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا ہے کہ اگلے دن آفس میں اپنی خاتون سپروائزر اور ایک ساتھی کے ساتھ اپنے رویے کے حوالے بات کرتے ہوئے برلنگ کی مٹھیاں بھنچی ہوئی تھیں اور وہ دانت پیس رہے تھے۔ ان کا چہرہ سرخ تھا اور وہ خاموش ہو جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
برلنگ کے اس رویے پر سپر وائزر اور ساتھی ملازمین نے اپنی حفاظت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جس کے بعد کمپنی نے برلنگ کو نوکری سے برطرف کر دیا۔
نوکری سے نکالے جانے پر برلنگ نے عدالت سے رجوع کیا اور موقف اپنایا کہ انہیں ذہنی بیماری اور معذوری کے باعث امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
عدالت نے گزشتہ ماہ کیون برلنگ کے نقصانات کے ازالے کی مد میں کمپنی کو ساڑھے چار لاکھ ڈالرز ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ جرمانہ ان کی آمدن ختم ہونے ،ان کی تذلیل، خوداعتمادی کے متاثر ہونے کی تلافی کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
کمپنی کا موقف ہے انہیں علم نہیں تھا کہ ملازم اینگزائٹی کا شکار ہیں ۔ اب کمپنی عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رہی ہے۔
عمران خان جہاں جہاں جائیں فول پروف سیکورٹی دی جائے، شہباز شریف کا حکم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی فول پروف سکیورٹی یقینی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
شہباز شریف نے عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو فوری اور موثر اقدامات کی سخت ہدایت کی، وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پر نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو ہنگامی خط لکھ دیا، جس میں عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ہنگامی مراسلہ میں لکھا گیا ہے کہ ملک بھر میں عمران خان جہاں بھی جائیں، ان کی سخت سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔عمران خان کی بنی گالہ رہائش پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگر سکیورٹی حکام ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔
مراسلے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عمران خان کے جلسے، جلوس اور عوامی سرگرمیوں کے دوران سکیورٹی سے متعلق غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔
عمران خان کے ٹوئٹر’ اسپیس‘ نے ہر ریکارڈ توڑ دیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد تحریک کے دوران اور اس سے برطرف ہونے کے بعد سے کئی بار قوم سے خطاب کر چکے ہیں۔
لیکن اس بار عمران خان نے ٹی وی چینلز، یا جلسے کی بجائے ٹوئٹر کا انتخاب کیا، عمران خان کے پہلی بار ٹوئٹر اسپیس پر خطاب نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔
سابق وزیراعظم نے گزشتہ رات پی ٹی آئی کی جانب سے بنائی گئی ’ٹوئٹر اسپیس‘ میں شرکت کی، جس میں انہوں نے قوم اور کارکنوں سے خطاب بھی کیا اور ان کے سوالات بھی لیے۔
عمران خان کی اسپیس میں شرکت کرنے والوں کی تعداد ایک وقت میں 1لاکھ 65 ہزار تک پہنچ گئی تھی جو ٹوئٹر کی اسپیس کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ اس طرح عمران خان کے ٹوئٹر اسپیس نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔
جس کو پی ٹی آئی کے آفیشل اکاونٹ پر بھی پوسٹ کیا گیا۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ کورین پاپ بینڈ ‘ کے پاپ’ کے لائیو اسپیس سیشن کا تھا، جن کی اسپیس میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 44 ہزار تھی۔
ایشیا انڈیکس نامی ادارے کی ٹوئٹ کے مطابق عمران خان کو ٹوئٹر اسپیس پر سننے والوں کی تعداد ایک وقت میں 1 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔
بھارتی اسکالر اشوک سوائن نے بھی ٹوئٹ کی کہ عمران خان آج رات ٹویٹر اسپیس ریکارڈ توڑ رہے ہیں!
عمران خان کے اسپیش سیشن میں کئی نامور صحافی اور شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کا نام بھی سب نے دیکھا۔
سابق پاکستانی وزیر اعظم بیک وقت فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لائیو آئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ’اسپیس‘ کے نام سے ٹوئٹر نے آڈیو روم کی سہولت متعارف کرائی گئی تھی۔
عمران خان نے بطور وزیراعظم ہیلی کاپٹر پر 55 کروڑ کا تیل جلا دیا، مفتاح اسماعیل
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم ہیلی کاپٹر پر 55 کروڑ روپے کا تیل خرچ کیا ہے۔
نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پونے چار سالہ دور میں ہیلی کاپٹر کے تیل پر پچپن کروڑ اڑا دیے، جس پر میزبان نے ان سے آفیشل ڈیٹا مانگ لیا، مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وہ صبح ہی انہیں ڈیٹا بھجوا دیں گے۔
اور ساتھ یہ بھی کہا کہ جہاں حکومت کو پیٹرول چاہیے ہوتا تھا، وہاں مل جاتا تھا لیکن عوام کے لیے نہیں ملتا تھا۔
یاد رہے سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر پر صرف پیٹرول کا خرچہ 55 روپے فی کلومیٹر آتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر پر کتنے کا پیٹرول جلا اس کی تفصیلات تو ابھی سامنے نہیں آئیں، لیکن 2018 میں ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے بطور وزیر اعظم اکیس سو گھنٹے ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔ جبکہ شاہد خاقان عباسی نے چار سو گھنٹے ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔
دو ہزار اٹھارہ میں ہی فواد چودھری کے دعوے کے مطابق صرف مریم نواز نے 62 لاکھ روپے کا وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر پر سفر کیا اس میں نواز شریف کے اخراجات شامل نہیں۔
بلاول کے بعد شیری رحمان، نوید قمر اور کائرہ بھی لندن روانہ
کراچی: (ویب ڈیسک) سیاست کا مرکز پاکستان سے لندن منتقل، پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر ،شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ بھی لندن روانہ ہوگئے۔
یاد رہے بلاول بھٹو زرداری ایک روز پہلے لندن پہنچ چکے ہیں، بلاول بھٹوزرداری وفد کے ہمراہ لندن میں نواز شریف سے اہم ملاقات کریں گے۔ جہاں صدر، چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنچاب کے عہدوں پر مشاورت ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپسی پر ممکنہ طور پر اپنی وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس، زاہد اکرم درانی نے ڈپٹی اسپیکر کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رکن زاہد اکرم درانی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا حلف اٹھا لیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے حلف اٹھایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے زاہد اکرم درانی سے ڈپٹی اسپیکر کا حلف لیا۔
زاہد اکرم درانی نے حلف اٹھانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی کرسی کا تقدس بحال کروں گا۔ میرا انتخابی حلقہ 12 لاکھ 67 ہزار آبادی پر مشتمل ملک کا سب سے بڑا حلقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اور ایوان کے ارکان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے بلا مقابلہ منتخب کیا، عوام کی خدمت ہمیں وراثت میں ملی ہے اور میرے والد وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔ میرے بھائی کم عمر ترین رکن اسمبلی بنے ار میں پورے ایوان سے وعدہ کرتا ہوں کہ اس عہدے کا وقار بحال کروں گا۔
واضح رہے کہ زاہد اکرم درانی کے علاوہ کسی نے بھی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے جس کے باعث زاہد اکرم درانی بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔
نو منتخب حکومت کی طرف سے زاہد اکرم درانی کو متفقہ طور پر ڈپٹی اسپیکر لے لیے نامزد کیا گیا تھا۔