All posts by Khabrain News

پی پی اور ن لیگ میں ڈیڈ لاک برقرار، پیپلز پارٹی کا چاروں گورنرز کے عہدوں کا مطالبہ

وفاقی کابینہ کی تشکیل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ڈیڈلاک برقرار رہے جبکہ پی پی نے مسلم لیگ ن سے چاروں گورنرز اور آئینی عہدوں کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود وفاقی کابینہ کی تشکیل نہ ہوسکی، پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن سے چاروں گورنرز اور آئینی عہدوں کے ساتھ وفاقی کابینہ میں تین اہم وزارتوں کا بھی مطالبہ کردیا، جبکہ جمعیت علماء اسلام (ف) نے گورنر بلوچستان اور اے این پی نے میاں افتخار حسین کے لئے گورنر خیبر پختونخوا کا عہدہ مانگ لیا ہے۔
دوسری جانب جمعیت علماء اسلام اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان بھی گورنر بلوچستان کے عہدے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن )کا دعویٰ ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے ساتھ وفاقی کابینہ پر مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، جلد بریک تھرو کا امکان ہے۔

کینیڈا میں مسجد پر فائرنگ میں 5 نمازی زخمی

کینیڈا کے علاقے ٹورنٹو میں ایک مسجد سے نکلنے والے نمازیوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 5 نمازی زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹونٹو کی مسجد میں اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہاں عشا کی نماز کے بعد شہری نکل رہے تھے۔ فائرنگ سے 5 نمازی زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ٹورنٹو پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ڈیوڈ ریڈزک نے بتایا کہ مسلح شخص نے مسجد سے باہر نکلنے والے نمازیوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کی اور فرار ہوگیا۔ ابھی یہ بھی اندازہ لگانا مشکل ہے کہ حملہ آور ملزمان کی تعداد کتنی تھی۔
ڈیوڈ ریڈزک نے مزید کہا کہ زخمیوں کو مذہبی عقائد کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا یا کوئی ذاتی رنجش تھی اس کا تعین کرنا ابھی باقی ہے۔
دوسری جانب مسلم ایسوسی ایشن بورڈ کے ممبر ندیم شیخ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کو قانون کے مطابق سخت سخت سے سزا دی جائے۔

پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے، وزیراعظم کا بھارتی ہم منصب کو خط

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے۔
نریندر مودی کی جانب سے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مبارکباد کا مراسلہ موصول ہوا جس کے جواب میں انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے موصول ہونے والے مراسلے میں بھی نریندر مودی نے پاکستان سے تعمیری تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

دوست مزاری کا ایکشن، سیکرٹری پنجاب اسمبلی و دیگر کو معطل کردیا

پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا ایکشن، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی و دیگر کو معطل کر دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی گئی جس دوران اسپیکر چودھری پرویز الٰہی زخمی بھی ہوئے جبکہ 5 اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے الیکشن میں ناقص اقدامات پر ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری پارلیمانی امور عنایت لک ، سپیشل سیکرٹری عامر حبیب اور چیف سکیورٹی آفیسر اکبر ناصر کو معطل کر دیا ہے۔
دوست مزاری نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ اعلیٰ افسران کے اسمبلی حدود میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی جبکہ معطلی کے احکامات کا نوٹیفکیشن 16 اپریل کو جاری کیا گیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعلیٰ کے الیکشن میں تعاون نہ کرنے، افسران کو اسمبلی ہنگامہ آرائی کے دوران فرائض میں غفلت پر معطل کیا۔

پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے، ہم ایسے شرمناک قبضہ شدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ پنجاب اسمبلی کا واقعہ تمام جمہوری اصولوں اور آئین کے خلاف تھا، ایوان میں کوئی نہیں تھا جو فرضی الیکشن کنڈکٹ کرا رہا ہو، معمول کےعمل کی خلاف ورزی کی گئی۔

جب تک صدر مملکت ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے عہدے پر ہوں: عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹائے جانے والے عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت جب تک ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے میں آفس ہولڈر ہوں، سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ پر حلف برداری کو موخر کیا گیا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اسپیکر اسمبلی سے کل کے واقعے کی رپورٹ پر رائے مانگی ہے، وزیراعظم کے پاس گورنر کو ہٹانے کا صوابدیدی اختیار نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اپنی منجی تھلے ڈانگ پھیرے، غنڈوں کو بلا کرغنڈہ گردی کی گئی، ڈپٹی اسپیکر ایک لوٹے ثابت ہوئے ہیں، غیر آئینی کام کو آئینی قرار نہیں دے سکتا، رپورٹ پر رائے آنے تک حلف نہیں لے سکتا، حلف برداری موخر کی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق وزیراعلیٰ کا اتنخاب صاف شفاف ہونا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق جو کچھ ہوا وہ قوم نے دیکھا، کل جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے، گزشتہ روز ارکان پنجاب اسمبلی پر تشدد کیا گیا، انہیں لوگوں نے پاک فوج کے میجر کو تشدد کا نشانہ بنایا، آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، پنجاب اسمبلی کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، دیکھنے کی ضرورت ہے کہ کن لوگوں کو اقتدار دیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہا کہ لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، مارپیٹ کے ذریعے الیکشن نہیں ہونا چاہیے، جس کے پاس اکثریت ہوتی ہے وہ تحمل سے کام لیتا ہے، ن میں سے ش نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، کل کا وزیراعلیٰ کا الیکشن متنازع ہوگیا ہے، میں نے آئین و قانون کی پاسداری کا حلف لیا ہے، وزیراعلیٰ کا الیکشن لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات کےمطابق نہیں کرایا گیا، ارکان پارلیمنٹ کے اوپر کل دھاوا بولا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینی عہدے پر بیٹھا ہوں کوئی غیر آئینی کام نہیں کروں گا، حمزہ شہباز اپنے گھر کی خبر لیں، ان کا الیکشن گھر سے متنازع بنایا گیا، سازش کے تحت ان کو اقتدار پر مسلط کروایا جارہا ہے، سازش کے تحت ان کو اقتدار پر مسلط کروایا جارہا ہے، ان لوگوں نے 4 سال عمران خان سے این آر او مانگا، ان کی پریشانی صرف اقتدار کے لیے ہے۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
خیال رہے کہ چودھری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو نئے گورنر کا عہدہ سونپا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف کی تقریب موخر کروا دی اور گورنر نے آئینی ٹیم سے مشاورت مکمل کی۔
گورنر نے آئینی سفارشات صدر مملکت کو بھیجنے کا فیصلہ کیا، صدر مملکت کی آئینی ٹیم سفارشات کا جائزہ لے گی جبکہ اس حوالے سے عمر سرفراز چیمہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی ، سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے بھی مشاورت کی تھی۔

عالیہ بھٹ، رنبیر کپور کی مہندی کی تصاویر سامنے آگئیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی بولی وڈ کی معروف جوڑی رنبیرکپور اور عالیہ بھٹ، جس کے شادی کے چرچے ہر زبان زد عام ہیں، کی مہندی کی دلکش تصاویر بھی بالآخر سامنے آگئیں۔
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی ان کی ممبئی میں رہائش گاہ میں ہوئی تھی جس میں صرف ان کے اہلخانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔
اس شادی کی پاپاراٹزی تو خوب وائرل ہوئی تھیں تاہم وہ صرف شادی کے مقام پر آنے اور جانے والے مہمانوں کی تھی۔
تاہم اب عالیہ بھٹ نے اپنے مداحوں کے لیے اپنی رسم حنا کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کردی ہیں جس میں دلہا، دلہن اور کپور خاندان نمایاں ہے۔
عالیہ بھٹ نے تصاویر کے ساتھ انسٹاگرام پر لکھا کہ رسم حنا خواب جیسا تھا، یہ دن پیار، فیملی اور دوستوں کا تھا، یہ دن بہت سارے فرنچ فرائز، لڑکے والوں کی سرپرائز پرفارمنس، مسٹر کپور کی جانب سے ایک بڑا سربرائز اور خوشی کے آنسو کے ساتھ حسین لمحات سے بھرا تھا‘۔
دوسری جانب رنبیر کپور کی والدہ نیتو سنگھ نے بھی اپنے انسٹا ہینڈل پر شادی کی تصاویر شیئر کیں۔

عامر خان نے اپنے مداح کو اہل خانہ سمیت گھر بلالیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) کبھی کبھی خواب حقیقت کا روپ بھی دھار لیتے ہیں، ایسا ہی کچھ ہوا بھارتی انفلوئنسر روہی ڈوسانی کے ساتھ جب انہیں عامر خان نے بیساکھی منانے کے لیے اہل خانہ کے ساتھ اپنے گھر آنے کی دعوت دی۔
اطلاعات کے مطابق روہی دوسانی اپنے اہل خانہ کے ساتھ بیساکھی منانے کے لیے کینیڈا سے بھارت پہنچی تھیں جہاں عامر خان نے انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دے کر حیرت میں ڈال دیا۔
دونوں نے گانے گاتے ہوئے، بھنگڑے ڈالتے ہوئے بیساکھی منائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
روہی ڈوسانی نے ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پاس الفاظ نہیں، عامر خان نے مجھے اور میرے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے پر رضامندی ظاہر کی، شروع شروع میں میں بہت گھبرائی ہوئی تھی تاہم عامر خان کی شخصیت نے مجھے اچھا محسوس کرایا، وہ بہت زبردست انسان ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ عامر خان کی کرینہ کپور کے ہمراہ فلم لال سنگھ چڈھا جلد بڑے پردوں پر دیکھی جاسکے گی۔ یہ فلم ہالی وڈ کی معروف فلم فارسٹ گمپ کا ری میک ہوگی۔

بھارت میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، 14 افراد ہلاک

دسپور: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست آسام میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسام میں طوفان اور مسلسل ہونے والی بارشوں نے نظام زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور بڑی تعداد میں درخت جڑ سے اکھڑ کر گر گئے اور درجنوں گھر تباہ ہوگئے۔
بجلی کے پول اور تاریں گرنے سے تمام بڑے شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔ ٹرینوں اور بسوں کی آمد و رفت بھی روک دی گئی۔ اس دوران مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14 ہوگئی جب کہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔
اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور میونسپل اداروں کو ہنگامی حالات کے تحت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم مسلسل بارشوں کے باعث ریسکیو کا کام معطل کرنا پڑا۔
بھارتی محکمۂ موسمیات نے آسام اور منی پور سمیت دیگر تین ریاستوں میں آئندہ 5 روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے اور شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔