استنبول: (ویب ڈیسک) ترکی میں بنائے گئے ’’خلائی کباب‘‘ پچھلے چند دنوں میں سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوئے ہیں کیونکہ اسے ہیلیم کے ایک بڑے غبارے سے باندھ کر 100 کلومیٹر اونچائی تک بھیجنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا تھا۔
خبروں کے مطابق، جنوبی ترکی کے شہر ادانا میں ایک ریسٹورینٹ کے مالک، یاسر ایدین اور مقامی تاجر ادریس البیراک نے مشترکہ طور پر یہ مظاہرہ کیا تھا۔
یاسر ایدین کے ریسٹورینٹ میں ’’پائپ کباب‘‘ متعارف کروایا گیا ہے جسے بھیڑ کے قیمے سے تیار کیا جاتا ہے۔ عام سیخ کباب کے برعکس، پائپ کباب میں چوکور دھاتی پائپ کے گرد بھیڑ کا مصالحہ دار قیمہ لیپٹا جاتا ہے۔
12 اپریل کو عالمی خلائی دن منانے کےلیے ادریس البیراک نے یہی پائپ کباب ایک بڑے ہیلیم غبارے میں باندھا جو آہستہ آہستہ اوپر اٹھتا ہوا 100 کلومیٹر کی اونچائی تک پہنچ گیا، جہاں زمینی کرہ ہوائی ختم ہوجاتا ہے۔
پائپ کباب کے شفاف ڈبے میں کیمرا اور دوسرے آلات بھی نصب کیے گئے تھے تاکہ اس سفر کے ایک ایک لمحے پر نظر رکھی جاسکے۔
انتہائی بلندی پر پہنچنے کے کچھ دیر بعد یہ غبارہ پھاڑ دیا گیا اور پائپ کباب کا پورا ڈبا ایک پیراشوٹ کے ذریعے قریبی سمندر میں اتر گیا، جہاں ایک ٹیم پہلے ہی سے منتظر تھی۔
یہ ڈبہ سمندر سے نکالا گیا، اور جب اس میں رکھا گیا کباب کھایا گیا تو وہ بالکل تازہ اور خستہ تھا۔ تشہیر کی غرض سے اس پائپ کباب کو ’’خلائی کباب‘‘ (اسپیس کباب) کا نام دے دیا گیا۔
واضح رہے کہ پہلی انسانی خلائی پرواز سوویت خلانورد یوری گیگارین نے 12 اپریل 1961 کے روز کی تھی؛ اور اسی دن کو ہر سال انسانی خلائی پرواز کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔
All posts by Khabrain News
کیا دماغی علاج سے کمر کا دائمی درد ختم کیا جاسکتا ہے؟
سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ نفسیاتی اور دماغی علاج سے کمر کا دائمی درد ختم کرنے میں بھی خاصی مدد مل سکتی ہے، بشرطیکہ اسے دواؤں اور جسمانی ورزشوں کے ساتھ جاری رکھا جائے۔
یہ تحقیق اس لحاظ سے اہم ہے کیونکہ اس میں کمر کا دائمی درد ختم کرنے کے حوالے سے 97 طبّی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں 13 ہزار سے زیادہ رضاکار شریک تھے۔
کئی عشروں پر پھیلی ہوئی ان طبّی تحقیقات میں کمر کا درد کم کرنے سے متعلق مجموعی طور پر 17 مختلف تدابیر کے استعمال اور ان کی تاثیر کا تجزیہ کیا گیا تھا۔
تحقیقی مجلّے ’’برٹش میڈیکل جرنل‘‘ (BMJ) کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس نظرِ ثانی تحقیق (ریویو ریسرچ) سے معلوم ہوا ہے کہ کمر کے دائمی درد کے علاج میں جب بھی دواؤں اور فزیو تھراپی کے ساتھ نفسیاتی معالجے کی مختلف تدابیر بھی اختیار کی گئیں تو بہتر نتائج حاصل ہوئے۔
مطلب یہ کہ جن مریضوں کا علاج صرف ادویہ اور فزیوتھراپی سے کیا جارہا تھا، ان کے مقابلے میں ایسے مریضوں میں کمر کا دائمی درد زیادہ نمایاں طور پر کم ہوا کہ جنہیں اس سب کے ساتھ ساتھ نفسیاتی علاج سے بھی گزارا گیا۔
ان مریضوں میں نہ صرف درد کی شدت بہت کم ہوئی بلکہ وہ اپنے روزمرہ معمولات بھی دوبارہ سے انجام دینے کے قابل ہوگئے۔
یونیورسٹی آف سڈنی، آسٹریلیا میں کی گئی اس تحقیق سے ایک بار پھر یہ ظاہر ہوا ہے کہ اگر جسمانی علاج کے ساتھ ساتھ ذہنی علاج پر بھی توجہ رکھی جائے تو بہتر افاقہ ہوسکتا ہے۔
انسانی تاریخ کا سب سے بڑا دمدار ستارہ دریافت
پیساڈینا، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسانی تاریخ میں اب تک سب سے بڑا ’دُمدار ستارہ‘ (کومٹ) سامنے آیا ہے جو لگ بھگ دس لاکھ برس سے ہمارے سورج کے گرد چکر کاٹ رہا ہے۔ اس پراسرار شے کو ہمارے نظامِ شمسی کا سب سے بڑا جرمِ فلکی قراردیا گیا ہے۔
ہبل خلائی دوربین سے دیکھے جانے والے اس دمدار ستارے کو C/2014 UN271 کا نام دیا ہے اور اس کا مرکزہ (نیوکلیئس) اب تک ہماری معمولات کے تحت سب سے وسیع ہے۔ 140 کلومیٹر طویل مرکزہ عام کومٹ سے 50 گنا بڑا ہے۔ خود اس کے مطالعے سے دمدار ستارے کی ہیئت اور ارتقا کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
ماہرین کے مطابق C/2014 UN271 کا ظہور بھی مشور اوورٹ بادل سے ہوا ہے۔ یہ سرد اور برفیلے اجسام کا ایک بہت وسیع علاقہ ہے جہاں سے دمدار ستارے آتے ہیں اور ہمارے نظامِ شمسی کی اطراف سےگزرتے رہتے ہیں۔ اوورٹ کلاؤڈ بہت دور واقع ہے اور نظامِ شمسی سے ماورا ہے۔ بعض ماہرینِ فلکیات اوورٹ کلاؤڈ کو مفروضہ بھی قرار دیتے ہیں۔
جب جب اس جگہ سے کوئی برفیلا اجسام باہر نکلتا ہے تو ہمارے سورج کی بے پناہ ثقلی قوت کی بنا پر یہ کھنچا چلا آتا ہے اور جیسے جیسے سورج کے گرد پہنچتا ہے اس کی پگھلی ہوئی برف لمبی دم کی طرح ہوتی جاتی ہے۔ جب اس پر روشنی پڑتی ہے تو ہمیں لمبی برفیلی دم محسوس ہوتی ہے اور یوں ہم اسے کومٹ یا دمدار ستارہ کہتے ہیں۔
خیال ہے کہ اس کو دیکھ کر خود اوورٹ کلاؤڈ کی تشکیل کو سمجھا جاسکتا ہے۔ اب تک ہم جانتےہیں کہ اوورٹ کلاؤڈ اندرونی نظامِ شمسی میں بہت عرصے پہلے بنے تھے۔ پھر بڑے گیسی سیارے مثلاً زحل اور مشتری وجود میں آئے اور اورٹ بادل وہاں سے ہٹ کر دور ہوتے گئے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس کے ماہرِ فلکیات ڈیوڈ جیووٹ نے کہا کہ دمدار ستارہ محض ایک نمونہ ہے اور شاید ایسے سینکڑوں ہزاروں دمدار ستارے موجود ہیں لیکن اتنے مدھم ہیں کہ ہم انہیں اچھی طرح دیکھ نہیں سکتے۔ پہلے پہل اس کی روشنی سے قیاس کیا گیا کہ یہ غیرمعمولی طور پر بہت بڑا دمدار ستارہ اور اب اس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
سائنسدانوں واضح تصاویر اور کمپیوٹر ماڈلنگ سے دمدار ستارے کے مرکزے کا اندازہ لگایا ہے۔ اس کا مدار بھی سب سے طویل اور لمبا ہے جبکہ طویل دم برف اور گیسوں سے بنی ہے۔ اگرچہ C/2014 UN271 کا باضابطہ اعلان گزشتہ برس کیا گیا لیکن یہ ڈارک انرجی سروے کے ڈیٹا میں سال 2014 اور 2018 میں دو مرتبہ سامنے آیا لیکن ایک اور مطالعے میں اس کا شائبہ 2010 میں بھی ملا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا مدار بہت ہی بیضوی اور طویل ہے اوریہ 30 لاکھ سال میں ایک چکر مکمل کرتا ہے جبکہ دس لاکھ برس سے یہ سورج کی جانب آرہا ہے۔ 2031 میں یہ سورج سے قریب ترین مقام پر ہوگا لیکن وہ بھی ایک ارب کلومیٹر ہی ہوگا۔
وفاقی ترقیاتی بجٹ کے 900 ارب میں سے 423 ارب خرچ ہو سکے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رواں مالی سال کے دوران 900 ارب کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں سے صرف 423 ارب روپے خرچ کیے جا سکے۔
رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 900 ارب کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں سے صرف 423 ارب روپے خرچ کیے جا سکے ہیں، اس عرصے کے دوران 603 ارب 53 کروڑ روپے اجراء کی منظوری دی گئی۔ مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پی ایس ڈی پی کے 80 فیصد ہدف کے مقابلے میں ترقیاتی بجٹ کے 47 فیصد فنڈز ہی استعمال میں لائے جا سکے ہیں۔
دستیاب دستاویز کے مطابق سابق حکومت کی جانب سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جا ری منصوبوںکے فنڈز کا استعمال ہدف کے مقابلے میں انتہائی کم رہا جس کے باعث پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ منصوبے تعطل کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔
ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں نئی حکومت کے 3 معاشی یوٹرن
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے مسلم لیگ ن کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پنشن، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان منسوخ اور اب ہفتے کے کام کا دن عید کے بعد واپس آنے کا اعلان۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے مفتاح اسماعیل کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں 3 معاشی یوٹرن، پہلے پنشن، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان منسوخ کر دیا گیا، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ پھر منسوخ، پھرجائزہ لیا جائے گا، اب ہفتے کے کام کا دن عید کے بعد واپس آنے کا اعلان، کیا سرکس ہے۔
حماد اظہر نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ملک میں موجودہ لوڈشیڈنگ امپورٹد حکومت کی بد انتظامی اور نااہلی کی وجہ سے ہے۔ پچھلے سال رمضان میں موجودہ سے کم ترسیلی اور پیداواری صلاحیت کے باوجود ہم نے forced لوڈشیڈنگ نہیں ہونے دی۔
اگر کابینہ بن بھی گئی تو کام کوئی نہیں کرے گا، مزمل اسلم
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما مزمل اسلم نے کہا ہے کہ حکومت 6 دن سے بغیر کابینہ کے ہے، اللہ خیر کرے، اگر کابینہ بن بھی گئی تو کام کوئی نہیں کرے گا۔
پی ٹی آئی رہنما مزمل اسلم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا ہے جس میں حکومت 6 دن سے بغیر کابینہ کے ہے، اللہ خیر کرے، اگر کابینہ بن بھی گئی تو کام کوئی نہیں کرے گا کیونکہ تمام پارٹیوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں الیکشن ہی واحد حل ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں مزمل اسلم نے لکھا کہ اپنے دور اقتدار میں عمران خان نےکوئی کیمپ آفس نہیں رکھا، کوئی نجی دورہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کوئی کاروبار نہیں کیا، کسی کرپشن میں ملوث نہیں لیکن یہ لوگ مکمل قانونی توشا خانہ معاملے میں کردار کشی کرنے نکلے ہیں۔
مزمل اسلم نے ٹوئٹ میں حکومت پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی حکومت کے 5 دن مکمل ہوئے، ان 5 دنوں میں یہ 5 افطار ڈنراور 3 کیمپ آفس لے چکے ہیں، کوئی شرم؟
وزیراعظم ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں ، ن لیگی رہنما نے درخواست کردی
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم شہباز شریف سے ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ رمضان میں ایک دن میں کام کے اوقات کم ہوتے ہیں ، ہمارے پاس عید کی چھٹیوں کے کئی دن ہوں گے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہفتے کو وفاقی ملازمین کے لیے کام کا دن بنانے کا فیصلہ کیا ، درخواست کروں گا کہ عید کے بعد اس فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے منصب سنبھالتے ہی ہفتے میں دو سرکاری تعطیلات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت سرکاری دفاتر میں اب ہفتے میں صرف ایک تعطیل ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کی تھی ، جس کے بعد سرکاری دفاتر10 بجے کے بجائے صبح 8 بجے کام شروع کریں گے۔
‘پٹرول کی قیمت منجمد کرنا عمران خان کا تباہ کن فیصلہ تھا’
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت منجمد کرنا عمران خان کا تباہ کن فیصلہ تھا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے سی پیک روکا، آئین کو پامال کیا، بزدارمقرر کیا، مودی کی جیت کی خواہش کی۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ سابق حکومت میں رانا ثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ڈالی گئی، ڈسکہ الیکشن میں پولنگ عملےاہلکاروں کو اغوا کیا اور ضبط شدہ رقم ملک ریاض کو واپس کردی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ فروری میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر اور بجلی کی قیمتوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔
اس وقت قوم سے اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں آئندہ بجٹ تک اضافہ نہیں کیا جائیگا۔
سازشی عناصر کو ملک پر قابض ہونے نہیں دینگے، شاہ محمود قریشی
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ضرورت ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے بیرونِ ملک مقیم تمام غیرت مند پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمران خان کو آپ کی ضرورت ہے، آگے بڑھو اور اپنے کپتان کا ساتھ دو۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب نے مل کر دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور ہم کسی صورت سازشی عناصر کو ملک پر قابض ہونے نہیں دینگے۔
سعودی ولی عہد کی شہباز شریف کو دورے کی دعوت
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب دورے کی دعوت دے دی۔
سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم شہباز شریف کو فون کر کے دورہ سعودی عرب کی دعوت دے دی۔ محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ہیں اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مبارکباد پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی دور اندیش قیادت میں مملکت کی نمایاں ترقی کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دوطرفہ اور بین الاقوامی فورمز پر تاریخی اور مسلسل حمایت اور تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر وقت مملکت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو جلد از جلد مملکت کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ولی عہد کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔