تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ نے عراق کو وارننگ دی ہے کہ وہ عراقی سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہونے کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
الجزیرہ کے مطابق ایران کی جانب سے یہ وارننگ عراق میں کردستان کے دارالحکومت اربل میں اسرائیل کے مبینہ ٹارگٹس پر میزائل حملے کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے کہ ہمارا ایک پڑوسی، جس کے ہمارے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف خطرے کا مرکز بنے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے بارہا عراقی سرزمین کے ذریعے ایران کے لیے سیکورٹی کے مسائل پیدا کیے ہیں، جس میں شمالی عراق کے کرد علاقے میں ایران مخالف ریلیوں اور “دہشت گرد گروپوں” کو منظم کرنا بھی شامل ہے۔
خطیب زادہ نے یہ بھی کہا کہ میزائل حملے سے پہلے عراق کو عوامی سطح پر اور سفارتی چینلز کے ذریعے بارہا خبردار کیا گیا تھا کہ وہ اپنی سرحدوں کو ایران کے خلاف سازشوں اور تخریب کاری کا مرکز بننے سے روکے۔
All posts by Khabrain News
سیاسی مداخلت کے ہمارے مؤقف کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے تائید کی، شاہ محمود
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آرکی ایک متوازن پریس کانفرنس تھی، سیاسی مداخلت کے ہمارے مؤقف کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے تائید کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ ایک خفیہ دستاویز ہے اسے پبلک اس طرح نہیں کرنا چاہیے، اس میں سکیورٹی کے کوڈ ہیں، اس سے پاکستان کا سسٹم کمپرومائز ہوسکتا ہے، مراسلے کا اخباروں میں شائع ہونا اوربازاروں میں بٹنا مناسب نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آج کی پریس کانفرنس سے ہمارے مؤقف کو تقویت ملتی ہے، ہر جماعت ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کی اپنے مطابق تشریح کرےگی، مناسب حل یہ ہے کہ سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن تشکیل دے، چیف جسٹس آف پاکستان مناسب ٹی او آرز کے ساتھ چھان بین کروائیں، جوڈیشل کمیشن میں سکیورٹی کمیٹی اور اسپیشل کیبنٹ کمیٹی اجلاس کے منٹس پیش کیے جائیں۔
شان مسعودکاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنیوالے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے
لندن: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود نے اپنے کاؤنٹی کرکٹ کیریئر کے دوسرے ہی میچ میں ڈبل سنچری اسکور کردی۔
رپورٹس کے مطابق شان مسعود نے ڈربی شائرکرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے سسیکس کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں ڈبل سنچری بنائی جس کے بعد وہ کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے۔
شان مسعود نے میچ کے پہلے روز ہی ڈبل سنچری اسکور کی۔
اس سے قبل کاؤنٹی کرکٹ کے ڈیبو میچ پر بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 91 اور 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی تھی۔
شہبازشریف کی کابینہ میں کون کون شامل ہوگا؟ حتمی فیصلہ کر لیا گیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہبازشریف نئی کابینہ تشکیل دینے کیلئے متحرک، وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لئے حتمی فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعظم کی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے 12 وزراء ہوں گے، پیپلزپارٹی کے7، جے یو آئی (ف) کے 3 اور ایک وزیر مملکت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی پیپلزپارٹی سے ہوگا، راجہ پرویز اشرف سپیکر کیلئے مضبوط ترین امیدوار بن گئے جبکہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی جے یو آئی سے ہوگا۔
ایم کیو ایم کو پورٹ اینڈ شپنگ کی وزرات اور ایک دوسری وزارت دی جائے گی، باپ پارٹی اور بی این پی مینگل کو بھی 2 ، 2 وزارتیں دی جائے گی، اے این پی کو وزارت مواصلات دی جائے گی جبکہ آزاد اراکین کو بھی وزارتیں دئیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ کا گورنر ایم کیو ایم اور پنجاب کا پیپلزپارٹی سے ہوگا جبکہ کے پی کے کا گورنر جے یو آئی اور بلوچستان کا بی این پی مینگل سے ہوگا۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، پولنگ 9 جون کو ہوگی
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، کاغذات نامزدگی اکیس سے پچیس اپریل تک جمع ہونگے، پولنگ 9 جون کو ہوگی، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 21 سے 25 اپریل تک جمع کرائے جا سکیں گے، پہلے مرحلے کے دوران ضلع ڈی جی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ میں بلدیاتی الیکشن ہوگا، لیہ، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور، ساہیوال، پاکپتن بھی پہلے مرحلے کے اضلاع میں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، سیالکوٹ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بلدیاتی الیکشن 9 جون کو ہو گا، جہلم اور اٹک میں بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 9 جون کو ہو گی جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں الیکشن ہوگا۔
حساس ادارے کے افسر پر تشدد کا معاملہ، خواجہ سلمان اور حافظ نعیم گرفتار
لاہور:(ویب ڈیسک) حساس ادارے کے افسر حارث پر تشدد کا معاملہ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان کی گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان کو مقدمے میں نامزد کیا گیا، مقدمہ مدعی کے مطابق خواجہ سلمان اور حافظ نعمان کی ایماء پر حارث کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، دونوں ساتھ والی گاڑی میں موجود تھے، ملزمان کی ایماء کے بغیر ملازمین تشدد نہیں کرسکتے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان گرفتاری کے لیے تھانہ گارڈن ٹاؤن میں موجود تھے جہاں ان کی گرفتاری ڈال دی گئی۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پولیس نے کہا گاڑی اور اپنے بندے ہمارے حوالے کر دیں، ہم نے چاروں لوگوں کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے، اس واقعے سے ہمارا تعلق نہیں، ہماری گاڑی اس وقت وہاں موجود نہیں تھی، اگر ہم موقع پر موجود ہوتے تو ایسا واقعہ نہ ہوتا، جو بھی وجوہات تھی ہمارے اسٹاف کو پہلے پولیس کو اطلاع کرنی چاہیے تھی، موبائل لوکیشن سے پتا چل جائے گا ہم اس وقت کدھر تھے، ہم نے حقائق جاننے کے لیے اپنے اسٹاف کو پولیس کے حوالے کیا۔
حافظ نعمان کا کہنا تھا کہ ہم تصور بھی نہیں کرسکتے تھے کہ ایسا واقعہ ہوگا، میجر حارث اور ان کی فیملی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ہم اپنے آپ کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھتے، کل افسوس ناک واقعہ رونما ہوا، مذمت کرتے ہیں، ہمارے اسٹاف کی گاڑی پیچھے تھی، گھر پہنچے تو پتا چلا اسٹاف کا راستے میں جھگڑا ہوگیا ہے، ہم گھرمیں بیٹھے ہوئے تھے یہ بات ہمارے علم میں آئی، میرے پی اے نے بتایا ہماری گاڑی کی ونڈ اسکرین توڑ دی گئی ہے، جب ہم نے ویڈیو دیکھی تو اس واقعے کا دفاع نہیں کریں گے۔
قبل ازیں حساس ادارے کے افسر پر تشدد کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ گارڈن ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا، کلمہ چوک کے قریب فیروزپور روڈ پر حساس ادارے کے سینئر افسر پر تشدد کیا گیا، واقعہ گاڑی آپس میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا، گاڑی میں سیاسی شخصیات کے گارڈ بیٹھے تھے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ کے وقت دو حکومتی سیاسی رہنما اگلی گاڑی میں موجود تھے ،جھگڑے میں تشدد کے باعث حساس ادارے کے افسر کا بازو فریکچر ہو گیا جو علاج کے لئے سی ایم ایچ میں زیر علاج ہے، گاڑی سیاسی رہنما کی تھی جس میں گارڈز سوار تھے، تھانہ گارڈن ٹاؤن پولیس نے حساس ادارے کے افسر کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی، ملزمان کی غنڈہ گردی پر موقع پہ موجود شہریوں نے لینڈ کروزر روکنے کی کوشش کی تاہم ملزمان فرار ہو گئے۔
مقبوضہ وادی میں بربریت کی انتہا، چار نوجوان شہید
سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 4 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مقدس ماہ رمضان المبارک میں بھی ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں کے شہر بڈگام میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران گھر پر اندھا دھند فائرنگ سے 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین کی بے عزتی کی گئی اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
عالمی جوہری ادارے نے ایرانی نیوکلیئر پلانٹ میں نئے کیمرے نصب کردیے
ویانا، آسٹریا: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے ایران کی جوہری سائٹ ’نتنز‘ کی نگرانی کیلئے نئے کمیرے نصب کردیے۔
اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے نے اطلاع دی کہ اس نے تہران کی جانب سے درخواست کیے جانے کے بعد ایران کے زیر زمین نتنز سائٹ پر ایک نئی سینٹری فیوج ورکشاپ کی نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے ہیں۔
ورکشاپ میں کام کا آغاز اس وقت ہوا جب شہر کرج میں ایران کی سینٹری فیوج سہولت کو تخریب کاری کا نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ جوہری معاہدے کے دوران خود نتنز کو دو بار نشانہ بنایا جا چکا ہے جس کا الزام تہران نے اسرائیل پر لگایا ہے۔
ویانا میں قائم آئی اے ای اے نے کہا کہ اس نے ورکشاپ میں کیمرے نصب کیے اور وہاں موجود مشینوں سے سیل بھی ہٹا دی ہیں۔
ادارے کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان مشینوں کو سینٹری فیوج روٹر ٹیوب اور بیلوز (ہوا خارج کرنے والے آلے) بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا جو یورینیم گیس کو افزودہ کرنے کے حوالے سے اہم آلات ہیں۔
معاشی حالات توقعات سے کہیں زیادہ گھمبیر، لنگر خانوں کو نہیں چلایا جاسکتا: وزیراعظم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی حالات ہماری توقعات سے کہیں زیادہ گھمبیر، لنگر خانوں کو نہیں چلایا جاسکتا، حکومت کا اصل کام روزگار کی فراہمی ہے۔
شہبازشریف نے سینئر صحافیوں کو دیئے گئے افطار ڈنر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈاکٹر اجازت دینگے پھر نواز شریف پاکستان آئیں گے، مجھے معاشی ماہرین اور کاروباری طبقے نے صاف صاف کہا ہے کہ نیب کے ساتھ معیشت نہیں چل سکتی، ہم کوشش کرینگے کہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں، ہمیں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہ پڑے، حکومت کا اصل کام روزگار کی فراہمی ہے، لنگر خانوں کو نہیں چلایا جاسکتا، جس نے لنگر خانے بنانے ہیں وہ حکومت میں نہ آئے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپنے بیٹے کو وزیراعلیٰ بنانے کا کوئی شوق نہیں تھا، ہم نے وزارت اعلیٰ کی آفر پرویز الٰہی کو کی تھی، جب وہ اپنی بات سے پھر گئے بعد میں پارٹی نے حمزہ کو نامزد کیا، ایک دو دن میں کابینہ مکمل ہوکر عوام کے سامنے آجائے گی، عمران خان کے سازش کے الزامات کا جواب بھی دینگے، عمران خان نے پہلے توشہ خانہ کا قانون تبدیل کیا، توشہ خانہ میں ایک ہار، ایک انگوٹھی اور ایک گھڑی نہایت کم قیمت پر خریدے اور بعد میں انہیں دبئی میں فروخت کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزارت توانائی کے ذمہ داروں سے بجلی کے کارخانوں کو ایندھن فراہمی سے متعلق پوچھا، میں نے افسروں سے لوڈ شیڈنگ کی وجہ پوچھی، افسر پہلے آئیں بائیں شائیں کرتے رہے، ہم نیب کے خوف کی وجہ سے فیصلہ نہیں کر پارہے تھے، ہیلتھ کارڈ پروگرام اصل میں نواز شریف کا دیا ہوا ہے، اگر 2018 میں ہماری حکومت ہوتی تو اب تک یہ کارڈ ہم پورے پاکستان میں دے چکے ہوتے، پٹرول پر جتنی سبسڈی پچھلی حکومت نے دی ہے وہ حکومت کے ایک سال کے اخراجات کے برابر ہے۔
جرمنی میں فٹبال میچ مسلم فٹبالر کے روزہ کھولنے کی وجہ سے رکوادیا گیا
برلن: (ویب ڈیسک) جرمن فٹبال لیگ (بنڈس لیگا) کے دوران ایک حیرت انگیز لمحہ دیکھنے میں آیا جب ریفری نے مسلمان فٹبالر موسیٰ نیاختے کو میچ رکوا کر روزہ افطار کرنے کی اجازت دیدی۔
بدھ کے بنڈس لیگا میں آگسبرگ اور مینزکے درمیان کھیلے جارہے میچ کے دوران ریفری نے مسلمان فٹبالر موسیٰ نیاختے کو مختصر دورانیے کے لیے روزہ افطار کرنے کی اجازت دی۔
یہ واقعہ میچ کے 64 ویں منٹ کے قریب پیش آیا، ریفری کے حسن سلوک کو شائقین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے جبکہ ریفری کے اس فیصلے کی ویڈیو کو 99000سے زیادہ لائکس اور 16,000 ری ٹویٹس ملے ہیں۔
دوسری جانب جرمن ریفری کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل کمیونیکیشن لٹز مائیکل فرہلیچ نے ریمارکس دیے کہ ریفریز کو کھیل کے وسط میں کھیل روکنے کے حوالے سے کوئی عمومی ہدایات نہیں دی گئی ہیں۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ ریفری کی انفرادی ذمہ داری ہے اگر وہ کھلاڑیوں کو روزہ افطار کرنے کے لیے ایک چھوٹا وقفہ لینا چاہتے ہیں۔