All posts by Khabrain News

شنگھائی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ

شنگھائی : (ویب ڈیسک) چین کے شہر شنگھائی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدادمیں پھر اضافہ ہونے لگا۔
ایک دن کے دوران 25 ہزار 141 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مزید سختی کردی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سخت سزا دی جائے گی۔
پولیس نے بھی شہریوں کوصرف میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں سفرکرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر بھر میں 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔

سری لنکا کا 51 ارب ڈالرزکے بیرونی قرضوں پر دیوالیہ ہونے کا اعلان

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے 51 ارب ڈالرز کے بیرونی قرضوں پر دیوالیہ ہونے کا اعلان کر دیا۔
سری لنکن وزارت خزانہ کے مطابق قرض دہندگان واجب الادا سود کی ادائیگی کا فائدہ اٹھانے کیلئے آزاد ہیں جبکہ غیرملکی حکومتیں بھی سری لنکن روپوں میں ادائیگی کا انتخاب کرسکتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مالی حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے اٹھایا گیا ہے اور معاشی بحران سے نمٹنے کا یہ آخری حل ہے۔

فلپائن میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، 58 افراد جان کی بازی ہار گئے

منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں اب تک 58 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
خبرایجنسی کے مطابق ٹراپیکل طوفان میگی کے باعث درجنوں مکانات پانی میں ڈوب گئے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے جیسے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد اٹھاون تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک سترہ ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

رمضان کی رونقوں کو مہنگائی کی نظرلگ گئی، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) رمضان کی رونقوں کو مہنگائی کی نظرلگ گئی، بازاروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔
رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اپنی تمام تر رحمتوں کے ساتھ جلوا افروز ہے، روزہ داروں کوافطاری میں دسترخوان پر من پسند مشروبات، مختلف اقسام کے اچار اور چٹنیاں اچھی لگتی ہیں مگر کیا جائے ظالم مہنگائی کا، ان کی قیمتوں میں فی کلو 50 سے 80 روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے، اس صورت میں گاہک اور دکانداروں دونوں پریشان ہیں۔
دوسری جانب پھل مہنگا ہونے کے سبب اکثر لوگ بازار سے بنی بنائی فروٹ چاٹ خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ گھر میں چاٹ بنانے کے لئے کئی اقسام کے فروٹ خریدنے کی سکت نہیں۔
مختلف برانڈز کے مشروبات کی قیمتوں میں بھی 25 سے 40 فی صد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ان کی فروخت می٘ں کمی دیکھی جارہی ہے۔

سلمان خان نے کیریئر بچانے میں مدد کی: بوبی دیول

ممبئی: (ویب ڈیسک) لیجندری اداکار دھرمیندر کے بیٹے بوبی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان نے کیریئر بچانے میں بہت مدد کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں بوبی دیول نے بالی وڈ سلطان سلمان خان کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں انکشاف کیا کہ کس طرح سلمان خان نے ان کی بالی وڈ میں کامیاب واپسی کروائی۔ بوبی کا کہنا تھاکہ سلمان خان نے فلموں ان کی دوسری اننگز کو ریس تھری کیساتھ توانائی بخشی جس کی وجہ سے انہیں مزید کام ملا۔
بوبی دیول نے بتایا کہ سلمان خان ایک بہترین انسان ہیں، وہ بڑے دل کے مالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف میرے لئے ہی نہیں بلکہ وہ جب کسی کا بھی خیال کرتے ہیں تو اس کیلئے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔
بوبی کا کہنا تھا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ ان چند لوگوں میں سے ایک ہوں جن سے سلمان خان بہت محبت کرتے ہیں، اس پر میں ان کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ایمن سلیم نے شوبز انڈسٹری میں واپسی کی وجہ بتا دی

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ ایمن سلیم نے شوبز انڈسٹری میں واپسی کی وجہ بتا دی، انہوں نے صرف ایک پراجیکٹ پر کام کرنے کے بعد ہی انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمن نے کہا کہ میرے سکرین پر واپس آنے کی کئی وجوہات تھیں لیکن سب سے بڑی وجہ لوگوں کی جانب سے ملنے والا پیار ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ لوگ میرے شوبز سے کنارہ کشی کرنے کے فیصلے سے ناخوش ہوں گے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں نے ایک ہی پراجیکٹ تو کیا تھا، اسی لئے میرا خیال تھا کہ شوبز چھوڑنے کا اعلان کروں گی تو لوگ سمجھیں گے اچھے پراجیکٹس آفر نہیں ہوئے اسی لئے علیحدگی اختیار کر لی۔
ایمن نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت پیار دیا، کوشش کروں گی کہ آئندہ بھی ایسا ہی کام کروں جو لوگوں کو پسند آئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی 3 کیسز میں حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے آشیانہ، رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف نیب کے تین ریفرنسز پر سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف نیب کے تین ریفرنسز پر سماعت کی۔ وزیر اعظم کی لیگل ٹیم نے احتساب عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف ملک کے وزیراعظم منتخب ہو چکے ہیں، شہباز شریف سرکاری دورے پر کراچی گئے ہیں، وزیراعظم آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے، استدعا ہے عدالت حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
عدالت نے وزیراعظم کی جانب سے تین کیسز میں جمع کرائی گئی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت سے واپسی پر صحافی نے سوال کیا کہ پنجاب میں نمبر گیم کے حوالے سے کیا کہیں گے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اللہ نے چاہا تو ساری گیم پوری ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: شہزاد اکبر اور شہباز گل کے نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام سٹاپ لسٹ سے نکالنے اور سفری پابندیاں ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے سے 18 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر اور شہباز گل کی اسٹاپ لسٹ میں نام شامل کرنے کے خلاف درخواستو ں پر سماعت کی۔ ایف آئی اے حکام نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد زون کی سفارش پر شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام سٹاپ لسٹ میں شامل کیا، شہزاد اکبر اور شہباز گل کے خلاف دو انکوائریز شروع کر رکھی ہیں، شہزاد اکبر، شہباز گل کیخلاف اختیارات سے تجاوز اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ دو سے تین سال میں ایف آئی اے کا کردار انتہائی مایوس کن رہا ہے، حکومت کو ثابت کرنا ہوگا کہ کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی ہے، ایف آئی اے کب سے اتنی آزاد ہوگئی کہ رات کو انکوائری شروع کر دی۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ دو دن کا وقت دیا جائے، شہزاد اکبر کیس کا مکمل جواب دیں گے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ ہتھکنڈے بہت پرانے ہوچکے ہیں، یہ ادارے عوام کی خدمت کے لیے ہیں حکومتوں کی خدمت کے لیے نہیں۔ عدالت نے ایف آئی اے کو شہزاد اکبر اور شہباز گل کو ہراساں کرنے سے روک دیا اور نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کے حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو 18 اپریل تک جواب جمع کرانے کی مزید مہلت دے دی۔

‘صوبے میں میرٹ کا کلچر متعارف کرایا، پوری دیانتداری کیساتھ عوام کی خدمت کی’

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں شفافیت اور میرٹ کا کلچر متعارف کرایا، پوری دیانتداری اور نیک نیت کے ساتھ عوام کی خدمت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارا پونے چار سالہ دور ترقی سے عبارت ہے، سیاست کو عبادت کا درجہ دیا اور عوام کی بے لوث خدمت کی، سابق وزیراعظم عمران خان کے ترقیاتی ویژن کو آگے بڑھایا، تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے پروگرام کو لے کر آئے، یکساں ترقی کے ویژن کے تحت 360 ارب روپے کا تاریخی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا، ماضی میں نظر انداز کئے جانے والے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کی جانب توجہ دی۔

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی چلے گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی چلے گئے۔ شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب بھی ہمراہ ہیں۔
شہباز شریف اتحادیوں کے ہمراہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دینگے۔ وزیراعظم شہبا شریف گورنر ہاؤس کے بجائے وزیر اعلیٰ ہاوس میں بیٹھک لگائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کراچی دورے پر پارٹی رہنما اور دیگر سے ملاقاتیں کریں گے۔ شہباز شریف دوپہر دو بجے بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بھی جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی کراچی کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔