All posts by Khabrain News

ڈی آئی خان : پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ، 5 اہلکار شہید

ڈی آئی خان: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر راکٹ لانچر داغ دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقت کلاچی میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس موبائل پر راکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔
راکٹ داغنے کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار شہید جب کہ ڈی ایس پی کلاچی فضل سبحان سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے
واقعے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے حادثے پر پہنچ کر شہید وزخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈی ایس پی کلاچی فضل سبحان کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں دو خواتین سمیت 4 فلسطینی شہید

یروشلم: (ویب ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں 24 گھنٹوں کے اندر اندر اسرائیلی فوج نے چار فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
مِڈل ایسٹ آئی کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے پیر کی صبح اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران 17 سالہ محمد زکارنا کی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑنے کی اطلاع دی۔
اسی طرح گزشتہ دن غادہ ابراہیم العریدی، ایک 47 سالہ 6 بچوں کی بیوہ ماں کو ایک اسرائیلی فوجی نے بیت لحم کے مغرب میں حسین نامی گاؤں میں گولی مار کر شہید کیا جبکہ رات کے قریب 21 سالہ محمد علی غنیم کو بیت لحم کے جنوب میں الخدیر قصبے میں شہید کیا گیا۔
اس کے علاوہ ایک اور فلسطینی خاتون 24 سالہ ماہا الزاطری کو اتوار کی سہ پہر ہیبرون کے قریب ابراہیمی مسجد کے پاس گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔
رواں سال مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اب تک کم از کم 35 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکبادی دی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں نریندر مودی کا کہنا تھاکہ شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ بھارت خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے اور اسے دہشت گردی سے پاک خطہ دیکھنا چاہتا ہے تاکہ ہم اپنے ترقیاتی چیلنجز پر توجہ مرکوز کرسکيں اور اپنے لوگوں کی خوشحالی کو یقینی بناسکیں۔
خیال رہے کہ شہباز شریف ملک کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں اور سب سے پہلے ترک صدر نے انہیں فون کرکے مبارکباد دی ہے۔

اقتدار جانے کا دکھ نہیں اپنے ہی افراد کے دھوکہ دینے پر دکھی ہوں: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں بلیک میل ہوتے رہے لہٰذا آئندہ اتحادیوں کو ساتھ ملا کر حکومت نہیں بنائیں گے۔
تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور عوامی رابطہ مہم اور جلسے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع عمران خان کا کہنا تھاکہ اسمبلی سے استعفے دے دیے، اب پارلیمنٹ نہیں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب عوامی سطح پر نئے انتخاب کا دباؤ ڈالے گی، تحریک انصاف کی مقبولیت سے تمام جماعتیں خوفزدہ ہیں، دوبارہ پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت لے کر جائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ اتحادی حکومت میں بلیک میل ہوتے رہے، آئندہ اتحادیوں کو ساتھ ملا کر حکومت نہیں بنائیں گے، بیساکھیوں کے سہارے حکومت ملی، کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھاکہ اب پارٹی سے وفاداروں کو ہی ٹکٹ دے کر کامیاب بنائیں گے، دوبارہ اقتدار میں آ کر ہارس ٹریڈنگ کا ہمیشہ کیلئے راستہ بند کروں گا، اقتدار جانے کا دکھ نہیں اپنے ہی افراد کے دھوکہ دینے سے دکھ ہوا، پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ایوان میں آ کر بیٹھیں گے۔

اردوان پر داماد کی ڈرون کمپنی کیلئے مارکیٹنگ کا الزام لگانے والے اخبار پر مقدمہ

انقرہ: (ویب ڈیسک) ڈرونز بنانے والی ترک کمپنی کے چیف ٹیکنیکل آفیسر سیلکُک بیراکتر جو کہ صدر طیب اردوان کے داماد بھی ہیں، نے ڈرون کی فروخت سے متعلق رپورٹس پر ایک صحافی اور اخبار کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔
ترک نیوز ویب سائٹ ترکش منٹ کے مطابق صدر رجب طیب اردوان کے داماد سیلکُک بیراکتر نے نومبر 2021 میں روزنامہ کی طرف سے شائع ہونے والی دو رپورٹس پر یینی یاسم اخبار اور صحافی سیدات یلماز کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جبکہ 10,000 ترک لیرا ہرجانے کا بھی مطالبہ کیا۔
یلماز کی طرف سے لکھی گئی رپورٹس میں اردوان خاندان پر داماد کی کمپنی کے تیار کردہ ڈرونز کے لیے ‘sales representative’ کی طرح کام کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ رپورٹس میں ان صارفین کے نام بھی درج ہیں جنہوں نے ڈرونز خریدے۔
یلماز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ صدر اردوان ذاتی طور پر داماد کی کمپنی کے تیار کردہ ڈرونز کی مارکیٹنگ میں ملوث تھے اور متعدد ممالک نے ترک حکومت کی مدد سے کمپنی سے یہ ڈرونز خریدے بھی۔

امید ہے شہباز شریف ملک کو سیاسی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے: شاہد آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اُمید کرتا ہوں شہباز شریف اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں سے ملک کو سیاسی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ شہباز شریف صاحب کو پاکستان کا 23واں وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اُمید کرتا ہوں کہ وہ اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے پاکستان کو موجودہ معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے

شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر چین کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر چین کا ردعمل سامنے آگیا۔
شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں اور انہوں سی پیک منصوبوں پر تیزی لانے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھاکہ چین سے دوستی لازوال ہے اور قیامت تک قائم رہے گی۔
اب چین نے بھی ان کے وزیراعظم منتخب ہونے پر ردعمل دیا ہے۔ پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی حالات چاہے کیسے بھی بدلیں، چین کی پاکستان کے حوالے سے غیرمتزلزل دوستانہ پالیسی پر قائم رہے گی۔
ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال میں تبدیلیاں چین پاکستان تعلقات کی مجموعی صورتحال پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔

ترکی میں کُرد زبان بولنے پر ٹیچر کو اسکول سے نکال دیا گیا

مرسن: (ویب ڈیسک) ترکی کے جنوبی صوبے مرسن میں ایک اسکول ٹیچر کو اپنے طلباء کے ساتھ کرد زبان بولنے پر اسکول سے نکال دیا گیا۔
عراقی کرد نیوز آؤٹ لیٹ کردستان24 کے مطابق ترک اسکول کی ٹیچر مرسمبول کو طلبا سے کُرد زبان بولنے پر اسکول سے نکال دیا گیا ہے۔
ٹیچر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میں نے اسکول کے ضوابط کیخلاف کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ میرا مقصد طلباء اور والدین کو ضابطوں کے مطابق انتخابی کورس کی رجسٹریشن کے حوالے سے مطلع کرنا تھا۔
2012 میں اس وقت کے ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان نے ترک پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں کرد (کرمانجی اور ززاکی) زبان اختیاری مضمون کے طور پر متعارف کی تھی تاکہ ملک کی 15 فیصد کرد اقلیت کے ساتھ کشیدگی کو کم کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ ترکی کی فوج اور کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (PKK) کے درمیان جنگ کے دوران ترکی میں کرد زبان کو گزشتہ چند دہائیوں کے دوران وقتاً فوقتاً پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فروری میں ترک پولیس نے کرد گانا پیش کرنے والے چار اسٹریٹ موسیقاروں کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔

شعیب ملک اور مجھے بولڈ فوٹو شوٹ کا بہت فائدہ ہوا تھا: عائشہ عمر

پاکستانی کی خوبرو اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کے ساتھ کروائے گئے بولڈ فوٹو شوٹ سے دونوں کو بہت فائدہ ہوا تھا۔
عائشہ عمر نے گزشتہ دنوں ایک ٹاک شو میں شرکت کی اور اس دوران متعدد موضوعات پر گفتگو بھی کی۔
شو کے میزبان کی جانب سے عائشہ عمر سے ہنستے ہوئے سوال پوچھا گیا کہ شعیب ملک کو آپ کے ساتھ کروائے گئے اِس فوٹو شوٹ کا کتنا نقصان ہوا تھا؟
عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ ہم دونوں کو ہی اس فوٹو شوٹ کا بہت فائدہ ہوا تھا، اللّٰہ کا شکر ہے ہم میں سے کسی کو بھی نقصان نہیں اٹھانا پڑا۔
عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ اُن کے شعیب ملک کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، ہم دونوں نے یہ فوٹو شوٹ ہنسی مذاق میں کیا تھا، ہم دونوں بہترین دوست ہیں اور یہ بات شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی جانتی ہیں۔
عائشہ عمر کا ثانیہ مرزا سے متعلق کہنا تھا کہ وہ بہت اچھے مزاج کی خاتون ہیں، اُنہوں نے اُس فوٹو شوٹ کا کوئی برا نہیں منایا کیوں کہ وہ ہماری دوستی سے متعلق جانتی ہیں۔

شہباز شریف پاکستان کے 23ویں وزیراعظم منتخب، حلف اٹھالیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) 174 ووٹ لیکر منتخب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ملک کے 23ویں وزیراعظم کا حلف اٹھالیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لئے مدمقابل تھے، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے اور قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا اعلان کیا گیا جبکہ جی ڈی اے نے استعفے دینے سے انکار کردیا۔
پی ٹی آئی کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے جبکہ اس سے قبل قاسم سوری نے اجلاس کو چلانے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ اس عمل کا حصہ بنوں۔
شہباز شریف کو ووٹنگ کے بعد پاکستان کا وزیراعظم منتخب کیا گیا، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چودھری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ نے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کو ووٹ دیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفیکیشن سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کی طرف سے جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت شہباز شریف ایوان کی اکثریت کے ووٹ لیکر وزیراعظم منتخب ہوئے، شہباز شریف نے وزارت اعظمیٰ کے انتخاب میں 174 ووٹ حاصل کیے۔
پینل آف چیئر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہباز شریف کو 174 ارکان نے ووٹ دیا، شاہ محمود قریشی کو کوئی ووٹ نہیں پڑا، نواز شریف کے رزلٹ کا بھی میں نے اعلان کیا تھا، آج متحدہ اپوزیشن کے قائد ایوان کا انتخاب بھی میں نے کرایا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے وزارتِ عظمیٰ کے لیے شہباز شریف سے حلف نہ لینے کا فیصلے اور مختصر چھٹی پر چلے جانے کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے بحیثیت وزیراعظم پاکستان کا حلف لیا۔
ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ہوئی، تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت، مریم نواز، حمزہ شہباز، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، یوسف رضا گیلانی و دیگر شریک ہوئے۔
حلف لینے کے بعد قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی