All posts by Khabrain News

شہزاد اکبر اور شہباز گل کو بڑا ریلیف، اسٹاپ لسٹ کا نوٹیفکیشن معطل

 اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں شہباز گل اور شہزاد اکبر کی جانب سے اسٹاپ لسٹ میں نام ڈالنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے درخواست گزاروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اسٹاپ لسٹ میں نام ڈالنے والا نوٹی فکیشن معطل کرکے ڈی جی ایف آئی اے اور سیکریٹری داخلہ کو نوٹس جاری کردئیے۔

ہائی کورٹ نے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیر اعظم کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ ڈاکٹر ارسلان خالد اور محمد گوہر نفیس کا نام بھی اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کا حکم معطل کردیا۔

عدالت نے سیکریٹری داخلہ اورڈی جی ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ کس اتھارٹی کے تحت درخواست گزاروں کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ نے کہا کہ عدالت بلیک لسٹ کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے، ہمارے فیصلے کے تحت تو نام اس طرح لسٹ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔

عدالت نے شہزاد اکبر سے استفسار کیا کہ آپ حکومت میں رہے ہیں کیا آپ نے اس لسٹ کوختم نہیں کیا جس پر شہزاد اکبرنے جواب دیا کہ میں مشیراحتساب تھا میرا اس سے براہ راست تعلق نہیں تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردی۔

نیب کو ختم کر کے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے، شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب وہ شخص ہیں جو عمران خان کی اربوں روپے کی کرپشن پر خاموش رہا، نیب کا صرف ایک حل ہے اسے بند کرکے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ نیب عدالتوں اور تفتیش میں کیمرے لگائیں تاکہ پاکستان کی عوام کو معلوم ہو کہ یہ کیا تماشا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف جو کیسز ہیں وہ چلیں اور پاکستان کی عوام کو بتایا جائے کہ کونسی کرپشن ہوئی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ نیب کا صرف ایک حل ہے اسے ختم کر کے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے جنہوں نے لوگوں کو لوٹا ہے اور ان کے ساتھ ظلم کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور اور پچھلے سال میں نیب نے کتنے سیاستدانوں کو پکڑا ہے، کیا برآمدگی ہوئی اور کون مجرم کہلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہیں جو مکمل طور پر عمران خان کے قبضے میں تھا اور ان سے ہدایات لیتا تھا، اور ایک وزیر عمران خان کے کمرے میں بیٹھارہتا تھا جو ان کو احکامات جاری کرتا تھا کہ کسے گرفتار کرنا ہے، کس کی تذلیل کرنی ہے اور کس کے خلاف کیا مقدمات بنانے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہے جو عمران خان کی کرپشن پر خاموش رہا، عمران خان کے خلاف ایک ریفرنس فائل نہیں ہوسکا جبکہ سیکڑوں ارب لوٹنے والے کابینہ کی ٹیبل پر بیٹھے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج نیب کا احتساب ہوگا، ہم کسی سے کوئی انتقام نہیں لینا چاہتےجو کچھ نیب میں ہوا ہے وہ حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، ملک میں احتساب کا نظام موجود ہے، اگر آپ احتساب کرنا ہے تو کوئی مشکل نہیں ہے، اگر آپ نے سیاست کھیلنی ہے تو اس کے لیے نیب کا ادارہ موجود ہے۔

وفاقی کابینہ کی تشکیل:وزیراعظم کا اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے ۔شہباز شریف آصف زرداری،مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم سے ملیں گے۔
اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات میں کابینہ کی تشکیل سمیت حکومتی امور پر مشاورت ہوگی۔اتحادی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ کا اعلان جلد ہوگا۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے وزیرا عظم کا حلف اٹھایا ہے۔
مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی اور باپ پارٹی اس وقت حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں اور تمام پارٹیوں میں اہم وزارتوں کی تقسیم کا امکان ہے۔

نام اس وقت اسٹاپ لسٹ پر ڈالا گیا جب کابینہ تھی اور نہ ہی وزیراعظم ، شہزاد اکبر

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نام اس وقت اسٹاپ لسٹ پر ڈالا گیا جب کابینہ تھی اور نہ ہی وزیراعظم۔ عدالت پوچھے نام کس کے کہنے پر لسٹ میں ڈالے
سابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو گیا ۔عدم اعتماد کی کارروائی مکمل نہیں ہوئی تھی اس رات نام ا سٹاپ لسٹ میں کس نے ڈالا؟نام اس وقت اسٹاپ لسٹ پر ڈالا گیا جب کابینہ تھی اور نہ ہی وزیراعظم۔
ان کا کہنا ہے کہ عدالت ایف آئی اے کو بلا کر پوچھے حکومت نہیں تو نام کس کے کہنے پر نام ڈالا گیا ؟ نام ا سٹاپ لسٹ پر ڈالنے کیلئے کوئی کیس یا درخواست کرنے والی کوئی ایجنسی ہونی چائیے۔ڈی جی ایف آئی اے کو بتانا ہو گا اسے کس نے یہ آرڈر کیا تھا ؟
انہوں نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ڈی جی اینٹی کرپشن کا نام ا سٹاپ لسٹ میں ڈالنا مضحکہ خیز ہے۔ایف آئی اے نے اس ڈائریکٹر کا نام بھی ڈال دیا جو منی لانڈرنگ کے کیسز لیڈ کر رہا تھا ۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم کہیں نہیں جا رہے ، اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔میں تو اوورسیز پاکستانی بھی نہیں، ساری زندگی یہیں رہا ہوں۔تعلیم کے 6،7 سال بیرون ملک تعلیم کے سلسلے میں رہا تھا۔

اے این پی آفیشل اور سینئر عہدیداروں کے ٹوئٹر اکاونٹس ہیک

لاہور: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹس پر سائبر کرائم حملہ کیا گیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی کے ٹوئٹر اکاونٹس ہیک کرلئے گئے ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کا مرکزی ٹوئٹر اکاؤنٹ اور صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور کا اکاؤنٹ ہینڈل بھی ہیک ہونے والے اکاؤنٹس میں شامل ہیں۔
باچا خان مرکز کے میڈیا ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تکنیکی ماہرین مذکورہ اکاؤنٹس کو بحال کرانے کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں ٹوئٹر انتطامیہ کے ساتھ بھی باضابطہ طور پر شکایت درج کرادی گئی ہے۔
مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹس سے حال میں ہونے والی ٹویٹس اور دیگر بیانات سے عوامی نیشنل پارٹی اور قائدین کا کوئی تعلق نہیں۔ جیسے ہی اس سلسلے میں کوئی پیشرفت ہوتی ہے اور اکاؤنٹس بحال ہوجاتے ہیں، کارکنان اور میڈیا کو باقاعدہ طور پر اطلاع کردی جائے گی۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 سے 4 فیصد کمی

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 3 سے 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل 99 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل سطح پر آگئی ہے۔
مختلف ممالک کے اپنے سٹریٹیجک ذخائر میں سے خام تیل اور اس کی مصنوعات استعمال کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) کے رکن ممالک اگلے چھ ماہ میں چھ کروڑ بیرل تیل جاری کریں گے جبکہ امریکہ نے مارچ میں 18 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس اقدام کا مقصد یوکرین جنگ کے بعد روس پرعائد کی جانے والی پابندیوں کی وجہ سے روسی خام تیل کی سپلائی میں پیدا ہونے والی کمی سے نمٹنا ہے۔
دوسری جانب چین میں ایک بار پھر کورونا پھیلاو کے بعد بڑے مینیوفیکچرنگ مراکز شین یانگ اور شنگھائی میں لاک ڈاون نافذ ہے ۔ جس کے باعث تیل کی طلب میں کمی بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔

عمران خان نے جو بچایا وہ اب لٹ رہا ہے، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے تین ذاتی گھروں کو کیمپ آفس ڈکلیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
شہباز گل نے لکھا کہ عمران خان صاحب آپکو خبر ہو کہ اگلے نے حلف لینے سے پہلے ایک نہیں دو نہیں بلکہ تین تین زاتی گھروں کو کیمپ آفس ڈکلیئر کر دیا، آپ ساڑھے تین سال تک ایک بھی کیمپ آفس نہ بنا پائے۔
آپ نے ساری ایمانداری اپنے آپ پر اپنی ٹیم پر لگا رکھی تھی، حاصل وصول کیا ہوا جو آپ نے بچایا تھا وہ لٹ رہا اب۔

سال 2030 میں دو مرتبہ رمضان المبارک آئےگا

ریاض: (ویب ڈیسک) سال 2030 میں دو مرتبہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ آئےگا۔
سعودی ماہر فلکیات خالد الذقاق نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو بتایا ہے کہ سال 2030میں مسلمان دو بار رمضان کے روزے رکھیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسلامی کلینڈر قمری ادوار جبکہ عیسوی کلینڈر سورج کے گردزمین کے گردش کی نشان دہی کرتا ہے۔ رمضان ایک عیسوی سال میں قریباً ہر 30 سال میں دوبارآتا ہے۔
ہجری سال 1451ھ میں رمضان المبارک کا آغاز5 جنوری 2030کے آس پاس ہوگا اور سال 1452ھ میں رمضان 26 دسمبر 2030 کے آس پاس آئے گا۔اس طرح سے مسلمان 2030 میں مجموعی طور پر تقریباً 36 دن روزے رکھیں گے۔
آخری بارایسا 1997 میں ہوا تھا اور اس سے پہلے 1965 میں ہوا تھا۔2030 کے بعد سنہ 2063 میں ایک مرتبہ پھر دوباررمضان آئے گا۔
واضح رہے کہ ہجری قمری سال 354 یا 355 دن کا ہوتا ہے جبکہ عیسوی سال 365 دن کا ہوتا ہے اسی لیے ہر سال رمضان اور دیگر مہینوں کی تاریخوں میں ہیر پھیر آتا ہے

بھارت: ریسکیو کے دوران شہری ہیلی کاپٹر سے گر کر ہلاک

جھارکھنڈ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں دردناک واقعہ پیش آیا جب ریسکیو کے دوران شہری ہیلی کاپٹر سے گر کر ہلاک ہوگیا۔
اتوار کے روز جھارکھنڈ کے تفریحی مقام پر12 کیبل کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث پچاس سے زائد افراد فضا میں پھنس گئے، بھارتی فضائیہ نے 30 افراد کو ریسکیو کرلیا جبکہ 18 ابھی بھی فضا میں معلق کیبل کار میں موجود ہیں۔
ریسکیو کے دوران شہری کی گرفت چھوٹنے سے وہ کئی فٹ گہرائی میں جاگرا، حادثے میں اب تک خاتون سمیت 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ریسکیو کا کام جنگی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے، اور حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹرز کو ریسکیو مشن کا حصہ بنایا گیا ہے، حکام نے بتایا کہ ڈرون کی مدد سے پھنسے ہوئے لوگوں کو پانی اور خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔

یوکرین نےروسی فوج کے متعدد حملے ناکام بنا دیے

برطانیہ : (ویب ڈیسک) یوکرینی فوج نے روس کے متعدد حملے ناکام بنا دیے۔
برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی افواج نے روس کی جانب سے ملک کے مشرقی حصے میں کیے جانے والے کئی تازہ حملے ناکام بنا دیے ہیں۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ رواں ہفتہ جنگ کے حوالے سے مشکل رہے گا۔ انہوں نے فوج کو پوری طرح تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب آسٹریا کے چانسلر کارل نیہامر آج ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ آسٹریا کی وزارت خارجہ کے مطابق کارل نیہامر روسی صدر کوجنگ بندی کے امکانات اور جنگ کے سبب پیدا شدہ خطرات سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو روس کے یوکرین پر حملے کے بعد روسی صدر پیوٹن کے ساتھ کسی یورپی رہنما کی یہ پہلی براہ راست ملاقات ہوگی۔