All posts by Khabrain News

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن 2031 میں مدار سے بے دخل کردیا جائے گا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) خلائی سائنس و ٹیکنالوجی میں قابلِ قدر خدمات اور دریافتوں کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو آخرکار 2031 تک سمندر کی سمت پھینکا جائے گا اور توقع ہے کہ ہوائی رگڑ سے جلنے کے بعد بھی اس کا کچھ حصہ سمندر میں گرے گا۔ ناسا نے کانگریس کو پیشکردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے بعض حصے قابلِ مرمت ہیں لیکن آخرکار اسے ریٹائر کرنا ہی ہے۔ منصوبے کے تحت اسے بحرالکاہل کے ایک مقام ’پوائنٹ نیمو‘ میں گرایا جائے گا جو ایک غیرآباد اور ویران خطہ بھی ہے۔ ناسا کے مطابق پوائنٹ نیمو ایک ایسا علاقہ ہے جو آبادی سے بہت دور ہے اور یہاں 2001 میں روسی خلائی اسٹیشن میر کو بھی پھینکا گیا تھا۔ اس سے قبل بڑے بڑے سیٹلائٹ بھی اس رخ پر مدار بدر یعنی ڈی آربٹ کئے جاتے رہے ہیں۔ اسے ماہریں خلائی اجسام اور سیٹلائٹ کا قبرستان بھی کہتے ہیں۔ واضح رہے کہ کانگریس نے ناسا کے ماہرین سے کہا تھا کہ وہ اسٹیشن کے قابلِ عمل ہونے کے متعلق بتائیں اور یہ بھی کہ اس کا مستقبل کیا ہوسکتا ہے۔ اس پر ناسا نے کہا ہے کہ اس کا مدار مزید نیچے یعنی نچلے ارضی مدار تک کھسکھا کر اسے نجی کمپنیوں کے حوالے کیا جاسکتا ہے لیکن آخر کار طے پایا کہ نو برس بعد اس کا رخ زمین ہی ہوگا۔ 1998 سے آئی ایس ایس خلا میں رہتے ہوئے زمین کے گرد چکر کاٹ رہا ہے۔ اسے دنیا کے پانچ خلائی اداروں نے بنایا تھا اور 2000 سے یہاں انسانوں کی آمدورفت جاری ہے۔ اس کی مشہور خردثقلی تجربہ گاہ میں 3000 سے زائد انوکھے اور دلچسپ تجربات کئے گئے جو زمینی ماحول میں ممکن نہ تھے۔ اس طرح ہم نےبہت سی نئی ٹیکنالوجی بھی وضع کیں جو عشروں تک انسانوں کے کام آتی رہیں گی۔ منصوبے کے تحت 2030 تک اس کے معمول کے آپریشنز جاری رہیں گے جبکہ اسے بتدریج بند کرکے مکمل خاموش کردیا جائے گا۔ اس کے بعد اسے مدار سے بے دخل کیا جائے گا جو کئی مراحل میں ممکن ہوسکے گا۔

مکڑی کے جالے سے پٹھوں اور رگوں کے علاج میں پیشرفت

کولون جرمنی: (ویب ڈیسک) مکڑی کے جالے کو اعصاب، رگوں اور پٹھوں کی مرمت اور اس کی نشوونما میں استعمال کرنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ مکڑی کے جالا قدرت کا ایک عظیم شاہکار ہے جو زہریلے اثرات سے پاک، جراثیم سے دور اور حیاتیاتی طور پر بہت یکسانیت رکھتا ہے۔ جرمنی کی یونیورسٹی آف بائی روئٹ کےتھامس شائبل نے جینس قسم کی مکڑی کے جالے کو جینیاتی انجینیئرنگ کے عمل سے گزارا ہے۔ اس طرح بہت معیاری جالا حاصل ہوا جس کے پروٹین کو تبدیل کرنا ممکن تھا۔ سائنسداں چاہتے تھے کہ کسی طرح مکڑی کے جالے کو اعصابی خلیات کی نشوونما میں استعمال کیا جائے۔ اس کے لیے سائنسدانوں نے قدرتی جالے کو بایوٹیکنالوجی کے عمل سے گزارا ہے جس کے بعد دو مختلف اقسام کے پروٹین شامل کئے گئے ہیں اور ان کی مقدار اور تاثیر کو بڑھایا گیا ہے۔ مکڑی کے تار کے ریشوں کا ایک رخ سنگل امائنو ایسڈ سے بدلا گیا۔ اس سے یہ ہوا کہ پروٹین کا مجموعی چارج منفی سے مثبت ہوگیا۔ اس طرح یہ والی سطح خلیات کو زیادہ کشش کرنے لگی تھی۔ اب مکڑی کے ریشے کی دوسری جانب امائنو ایسڈ سسٹائن ملایا گیا۔ اس کے بعد کوئی بھی شے اس سے منسلک ہوگی تو اس میں ردِ عمل یعنی ری ایکشن بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین نے جالے کے دونوں اطراف کو الیکٹرواسپننگ سے گزار کر پروٹین کو برقی فیلڈ کا حامل بنایا گیا اور اس میں سونے کے نینوذرات کا اضافہ بھی کیاگیا ہے۔ اس کے بعد خلیات پر ابتدائی آزمائش میں مکڑی کا تبدیل شدہ جالا لگایا گیا تو اس کے بہت امید افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔

‘مقبوضہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن و ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم یک جہتی کشمیر پر کشمیری شہداء کو سلام، عظیم جدوجہد پر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعات اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری کے لئے دو بڑے چیلنج ہیں، دیرینہ ترین تنازعات کے حل تک اقوام متحدہ کے قیام کے بنیادی مقاصد پورے نہیں ہوں گے، 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین اور منظم پامالیوں، عالمی قانون کی خلاف ورزیوں پر جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ مقبوضہ جموں و کشمیر حل کرایا جائے، آج کا دن اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ اپنی قانونی، جمہوری اور انسانی ذمہ داریاں پوری کریں، یوم یکجہتی کشمیر پاکستانی عوام کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں بہنوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا دن ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر: امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں سیمینار کا انعقاد

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر امریکا میں پاکستانی سفارت خانے نے سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کے بدترین جبر نے وادی میں انسانی حقوق کے حوالے سے ایک المیے کو جنم دیا ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں رائج کالے قوانین کو فی الفور واپس، فوجی محاصرہ ختم اور اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششوں کو ترک کیا جائے۔ ذرائع ابلاغ سے پابندیاں اٹھائی جائیں اور قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ دنیا بھارت کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق 75 سال سے زیر التوا مسئلے کے حل کے لئے بامعنی اقدامات پر مجبور کرے۔

جنوبی کوریا میں صرف ناک ڈھانپنے والے کورونا ماسک مقبول

سئیول: (ویب ڈیسک) کووڈ 19 کی وبا سے بچنے کے لیے منہ اور ناک کو سختی سے ڈھانپنا ہوتا ہے لیکن بالخصوص جنوبی کوریا میں اسے کورونا ماسک فروخت ہورہے ہیں جو ایک پٹی کی صورت میں محض ناک کو ہی ڈھانپتے ہیں جنہیں ’کوسک‘ کا نام دیا گیا ہے۔ کوریائی زبان میں ’کو‘ کا مطلب ناک ہوتا ہے جس میں ماسک کے آخری دو حروف ملاکر اسے ’کوسک‘ کا نام دیاگیا ہے۔ اسے بنانے اور پہننے والوں کا خیال ہے کہ یہ ماسک کھانے اور پینے کی سہولت دیتا ہے اور ساتھ میں ناک سے وائرس کے داخلے کو بھی روکتا ہے۔ تاہم طبی ماہرین نے اسے ایک احمقانہ عمل قرار دیا ہے تاہم یہ نہ صرف کوریا میں مقبول ہوا ہے بلکہ میکسیکو تک بھی جاپہنچا ہے۔ اس رحجان پر ٹویٹر صارفین نے بھی بہت مذاق اڑایا ہے۔ لیکن کوسک پہننے والوں کا خیال ہے کہ کورونا وائرس ناک کے ذریعے قدرے ذیادہ حملہ آور ہوتے ہیں۔ پھر کچھ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ ماسک نہ پہننے کے مقابلے میں بہتر ہے کہ ناک کا پردہ ہی کرلیا جائے۔ تاہم وباؤں کی ماہر کیتھرائن بینیٹ کا خیال ہے کہ یہ عجیب و غریب رحجان ہے اور اس کا بہت معمولی فائدہ ہی ہوسکتا ہے۔ کوسک اب بھی کوریا میں مقبول ہورہے ہیں اور ان کی کم سے کم قیمت 8 ڈالر کے برابر ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی آزادی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا: بلاول بھٹو

لاہور: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا، کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو پی پی پی کی جانب سے غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا اور عالمی ضمیر پر بوجھ ہے، مسئلہ کشمیر کے تصفیے کے بغیر خطے میں پائیدار امن اور دنیا میں انسانی حقوق کی پاسداری کا خواب پورا نہیں ہوگا، بھارت سات دہائیوں تک مظالم کے پھاڑ توڑنے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کو روکنے کے لئے عالمی برادری کو اپنی ذمیداریاں نبھانا ہوں گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج اگر پاکستان میں پی پی پی کی حکومت ہوتی تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مودی کے دانت کھٹے کر دیئے ہوتے، پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کی کشمیر کاز کے لئے کی گئی کاوشوں کے باعث کشمیریوں کی دلوں میں ہمیشہ جذبہ محبت و اعتماد موجزن رہا ہے، قائدِ عوام نے تو اپنی پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر کی وجہ سے رکھی تھی، یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں، جنہوں اپنی حکومت میں ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتیِ کشمیر منانے کا آغاز کیا۔

‘کشمیر پاکستان کی شہہ رگ، وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کا خون رنگ لائیگا’

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب بے گناہ کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کی صبح طلوع ہوگی۔ یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن ممکن نہیں، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کو اب دبانا ممکن نہیں، غاصب مودی سرکار طاقت کے زور پر کشمیریوں کاجذبہ حریت ختم نہیں کرسکتی، پوری قوم کشمیریوں کی جدوجہدآزادی میں ساتھ ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا، پاکستان نے ہر فورم پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مظالم کو اٹھایا ہے، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر ہر عالمی فورم پر اٹھا کر کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق ادا کیا، شکست انڈیا کامقدر ہے، پاکستانی عوام کا کشمیریوں سے دل کا رشتہ ہے، بھارت اقلیتوں کا قبرستان بن رہا ہے، عالمی برادری کو آنکھیں کھولنا ہوں گی، مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا او رہم دیکھیں گے، اقوام عالم کی خاموشی کی وجہ سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن، پنک کیپس پہن کرمیچ میں شرکت

کراچی: (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل7 میں جمعے کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا گیا۔ پی سی بی کے تحت ایچ بی ایل پی ایس ایل7 میں جمعے کے روز چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا گیا۔ کراچی کنگزاورپشاور زلمی کے میچ میں کھلاڑیوں اور امپائرز نے گلابی رنگ کی کیپس پہنیں جب کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لگی اسٹمپس پر بھی پنک رنگ کیا گیا تھا۔ اسٹیڈیم میں نصب بڑی اسکرینز پرآگاہی پیغامات نشر کیے گئے،کمنٹیٹرزنے دوران میچ اس دن کی مناسبت سے گفتگو بھی کی۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا ایکشن، 2 دہشتگرد مارے گئے، اسلحہ برآمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں آپریشن کیا۔ آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کے بعد خفیہ معلومات پر کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد مارے گئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے ایک دہشتگرد کی شناخت عصمت اللہ کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے دہشتگرد کی شناخت کی جا رہی ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کیا گیا، جس میں سب مشین گنیں، دستی بم سمیت دیگر اسلحہ شامل ہے۔ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کاروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تھے۔

کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف بیلجیئم میں کار ریلی

برسلز: (ویب ڈیسک) بھارتی بربریت اور ظلم وستم کے خلاف ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ اور پشتون آرگنائزیشن یورپ نے ملکر برسلز کے مشہور سیاحتی مقام آٹومیم سے کار ریلی نکالی جس کا اختتام سٹی برسلز گراں پلاس پر کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پشتون آرگنائزیشن کے چیئرمین نوید خان اور صدر عرب گل ملاگوری نے کی۔جبکہ ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نےخصوصی شرکت کی۔ کار ریلی میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کی گئی۔ مظاہرین نے اپنی گاڑیوں پر کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے لگا رکھے تھے۔ انھوں نے بھارتی درندگی کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ بعد ازاں آٹومیم کے مقام پر فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے مختصر خطاب میں عالمی برادری کو پیغام دیا کہ بھارت کشمیر کے اندر سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہوکر وادی کشمیر کو نو گو ایریا بنا رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیری عوام کو انکے حقوق دلوانے کےلیے بھارت پر دباؤ بڑھایا جائے۔ اور انہیں کشمیر کے اندر دہشت انگیز کاروائیوں سے روکا جائے۔ انھوں نے کہا کہ وہ یورپ بھر کے تمام ممالک میں احتجاجی مظاہروں کے ذریعے بھارت کے دوغلے چہرے کو دنیا میں ننگا کرکے رہیں گے۔ جبکہ پشتون آرگنائزیشن یورپ کے چیئرمین نوید خان نے کہا کہ ہم مودی سرکار کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم حق کی خاطر کشمیری عوام کی آزادی تک ہرسطح پر بھارت کے ظلم وستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں۔ پشتون آرگنائزیشن یورپ کے صدر عرب گل ملاگوری نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ وادی کشمیر کو پانچ اگست 2019 میں یک طرفہ قدم اٹھا کر بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو زبردستی آتشی اسلحہ کے زور پر ختم کرکے کشمیری خواتین بچوں اور بڑوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا مرتکب ہورہا ہے۔ پروگرام میں اوورسیز پاکستانی کمیشن بلجیئم کے کوآرڈینٹر سید شاہد حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔