All posts by Khabrain News

پی ایس ایل 7: کراچی کنگز کو مسلسل چوتھی شکست، پشاور زلمی سرخرو

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو ہرا دیا، شہر قائد کی ٹیم کو ایونٹ کے دوران مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے گیارہویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا، تاہم پہلے ہی اوور میں شعیب ملک نے لیفٹ ہینڈ بیٹسمین کو پویلین بھیج دیا۔ 3 کے مجموعی سکور پر صاحبزادہ فرحان بھی آؤٹ ہو گئے، محمد عمر نے وکٹ حاصل کی۔
این کوکبین کی اننگز کا خاتمہ عثمان قادر نے کیا، بیٹر 19 گیندوں پر 31 رنز کی باری کھیل کر کریز چھوڑ گئے۔ محمد نبی کی باری 10 سکور پر ختم ہوئی، حسین طلعت نے وکٹ حاصل کی۔
عامر یامین 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 164 رنز بنا سکی۔ کپتان بابر اعظم نے 90 رنز کی ناٹ آؤٹ باری کھیلی تاہم ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔نوجوان فاسٹ باؤلر محمد عمر نے 3، شعیب ملک اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے حضرت اللہ زازئی نے کیا۔
دونوں نے بیٹرز نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے، تاہم 6 ویں اوورز کی آخری گیند پر حضرت اللہ زازئی 27 گیندوں پر 41 سکور بنا کر عمید آصف کا نشانہ بن گئے، 74 کے مجموعی سکور پر کامران اکمل کی اننگز کا خاتمہ ہوا، انہوں نے 19 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔
حیدر علی کی باری 16 سکور پر ختم ہوئی، عامر یامین نے وکٹ حاصل کی۔ بین کٹنگ کی اننگز 24 سکور تک محدود رہی، عمید آصف نے شرجیل خان کی مدد سے کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
اس دوران شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 52 سکور کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 173رنز بنا لیے ہیں۔ عمید آصف 3 اور عامر یامین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کی قسط موصول ہوگئی، اسٹیٹ بینک

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈز کی جانب سے منظور کی جانے والی ایک ارب ڈالرز قرض کی قسط موصول ہوگئی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے بھیجی جانے والی ایک ارب ڈالرز کی قسط جمعے کو اسٹیٹ بینک کو موصول ہوئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرض کی چھٹی قسط موصول ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے اس پیکج کے لیے کڑی شرائط عائد کی تھیں جس کی بنیاد پر حکومت نے پارلیمنٹ میں منی بجٹ پیش کر کے مختلف اشیا پر ٹیکس عائد کیا جس کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آیا۔
دو روز قبل وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی جانب سے منظور کیے جانے والے پیکج کا اعلان کیا تھا۔

پی ایس ایل 7: محمد رضوان کپتان کے ساتھ امام بھی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی قیادت کرنے والے محمد رضوان کی نماز کی امامت کرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محمد رضوان کی گراؤنڈ میں نماز پڑھنے کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھی جبکہ ان کی اسلام کی تبلیغ کرنے کی بھی ویڈیو وائرل ہوچکی ہے۔
دوسری طرف محمد رضوان کی گذشتہ روز گراؤنڈ میں نماز پڑھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں ٹیم کی کپتانی کے ساتھ ساتھ امامت کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈٰیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد رضوان کی امامت میں قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مشتاق احمد اور ملتان سلطانز کے باؤلر انورعلی بھی نماز کی ادائیگی کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں دیگر کوچنگ اسٹاف سمیت ملتان سلطانز کے کھلاڑی بھی رضوان کی امامت میں نماز پڑھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز پی ایس ایل سیزن 7 میں اب تک 4 میچز میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز رکھتی ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر بھی ملتان سلطانز سرفہرست ہے۔

سعودی عرب میں ماسک نہ پہننے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہوگا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے ملک میں کورونا کے نئے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم ایک لاکھ ریال تک بڑھا دی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت کورونا پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا بھی لازمی ہے۔
سعودی عرب میں ماسک پہننے کی پابندی کی خلاف ورزی پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے تاہم اب ایک ہی شخص کے دوسری بار خلاف ورزی پر یہ جرمانہ دگنا بھی ہوسکتا ہے۔
سعودی وزرت داخلہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص بار بار ماسک پہننے کی پابندی کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا جاتا ہے کہ ماسک پہننے کا مطلب ناک، منہ اور تھوڑی کا مکمل طور پر ڈھانپنا ہوگا۔ غیر محتاط انداز سے ماسک پہننے والوں کو بھی جرمانے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اسرائیل اور بحرین کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پاگیا

منامہ: (ویب ڈیسک) سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کے ڈیڑھ سال بعد اسرائیل اور بحرین کے درمیان دفاعی معاہدہ بھی طے پاگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز بحرین کے دورے پر پہنچے اور بحرین کے فرماں روا حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے شاہی محل میں ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ ابراہیم کے تحت طے پانے والے دفاعی تعاون سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی اور ڈیڑھ سال بعد یہ معاہدہ بھی طے پاگیا۔
اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ باہمی مفاہمتی یادداشت کے تحت مستقبل میں انٹیلی جینس، فوجی، صنعتی شراکت داری اور مزید شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے بحرین کے ہم منصب کے ہمراہ امریکی بحری بیڑے کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا۔ اسرائیلی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بحرین کے ساتھ یہ معاہدہ اسرائیل کا خطے میں اپنے نئے اتحادیوں کے ساتھ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے۔
واضح رہے کہ چند دیگر عرب ممالک کی طرح بحرین نے بھی امریکی ثالثی میں اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سکیورٹی فورسزکی کارروائی،پنجگورحملے میں 2 مطلوب دہشتگردوں سمیت 3ہلاک

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے پنجگور حملے میں دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں سمیت 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلگتر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران تین دہشتگرد مارے گئے۔ مارے جانے والے 2 دہشت گرد پنجگور حملے میں مطلوب تھے۔
بیان کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں کمانڈر سمیر عرف بہار شامل ہیں، کمانڈر الطاف عرف لالک اور کمانڈر فیلان بلوچ بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد ہوشاب، پنجگور اور دیگر علاقوں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، دوران آپریشن دہشت گرد وں کے خفیہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

راولپنڈی: تلخ کلامی پر فائرنگ، سٹیج اداکار زندگی کی بازی ہار گیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں تلخ کلامی پر ملزم نے فائرنگ کرکے سٹیج اداکار کو جان سے مار ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ کینٹ کے علاقہ سیروز تھیٹ میں فائرنگ کے باعث سٹیج اداکار اور ڈانسر نوید گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
کینٹ پولیس نے مقدمہ میں نامزد مرکزی ملزم افتخار شہزاد کو گرفتار کر لیا۔
مدعی کا کہنا ہے کہ نوید حسین کی عمران وینس کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔
پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کاروائی شروع کردی ہے۔

کپل شرما نے سنیل گروور کی طرف پھر دوستی کا ہاتھ بڑھادیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے مزاحیہ اداکار کپل شرما نے سنیل گروور کی ہارٹ سرجری کے بعد ایک بار پھر دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپنے پرانے ساتھی سنیل گروور کے دل کے آپریشن کی اطلاع ملنے پر کپل شرما نے پریشانی کا اظہار کیا اور پرانی باتیں بھول کر ایک بار پھر دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا۔
کپل شرما نے بتایا کہ سرجری کی اطلاع ملتے ہی میں نے سنیل کو موبائل پر میسج کیا، جس کا فی الحال کوئی جواب نہیں آیا مگر مجھے یقین ہے کہ وہ جواب ضرور دے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں گاہے بگاہے سنیل کے اہل خانہ سے اُن کی طبیعت اور خیریت دریافت بھی کررہا ہوں۔
تین روز قبل سنیل گروور کے دل کا کامیاب آپریشن ہوا، طبعیت میں بہتری کے بعد ڈاکٹرز نے اداکار کو گھر جانے کی اجازت دے دی۔
اداکار 27 جنوری کو سینے میں تکلیف کے باعث طبی معائنے کے لیے اسپتال پہنچے تھے جہاں معائنے سے پتا چلا کہ انہیں ہارٹ اٹیک ہوا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کامیاب آپریشن کے بعد سنیل گروور بالکل ٹھیک ہیں لیکن انہیں عام زندگی میں اپنی صحت کے حوالے سے احتیاط کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ سنیل گروور بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے بڑے ناموں میں سے ایک ہیں، انہوں نے کامیڈی نائٹ ود کپل اور کپل شرما شو میں مزاحیہ اداکاری کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔
بعد ازاں کپل اور سنیل کے تعلقات خراب ہوگئے تھے، جس کے بعد وہ کپل کے کسی بھی پروگرام کا حصہ بنے اور نہ ہی کسی شو میں ساتھ نظر آئے۔

چمن: لیویز چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ، دو اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی

چمن: (ویب ڈیسک) چمن میں لیول کراس لیویز چیک پوسٹ کےقریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام کا کہناہے کہ لیویز چیک پوسٹ پر دستی بم سے حملہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے لیویز چیک پوسٹ پر بم حملےکی مذمت کی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق دھماکے سے لیویز پوسٹ کو نقصان پہنچاہے ، جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کیےجارہےہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں بچے سمیت 6افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں میں دو لیویز اہلکار بھی شامل ہیں، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔
دھماکے کے بعد شہر میں ہائی الرٹ کردیا گیاہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

بلوچستان میں دہشت گردوں کو بھارتی معاونت کی اطلاعات ہیں، دفترخارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہِ پاکستان کے بارے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف وزیوں کے حوالے سے بھارتی الزام بے بنیاد ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کو بھارتی معاونت کی خبریں آئی ہیں، بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر سول اور عسکری قیادت نے ردعمل دیا ہے۔ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے دورہِ پاکستان سے متعلق کوئی علم نہیں ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھارتی پروپیگنڈا بے بنیاد اور من گھڑت ہے، نئی دہلی نے کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلیے بے بنیاد الزام عائد کیے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان کراس بارڈر دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں، ہم اس حوالے سے مسلسل افغان حکام کے ساتھ معاملہ اٹھا رہے ہیں جبکہ افغانستان کے لیے او آئی فنڈز کا قیام رواں ماہ کے آخر تک ہو جائے گا۔
عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ سردار مسودخان کے امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کا عمل جاری ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور سیکیورٹی کی سنگین صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتا چلا آرہا ہے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا فوجی اور پولیس کا معاصرہ جاری ہے جبکہ معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو منصفانہ استصواب رائے کا حق اقوام متحدہ نے دیا ہے 5 فروری کو پاکستان، کشمیر اور دنیا بھر میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا جائے گا، وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل، یواین جنرل سیکریٹری کو کشمیر کے حوالے سے لکھے گئے مراسلے میں کشمیر کی سنگین صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر بیجنگ پہنچے ہیں جہاں وہ سی پیک سمیت سرمایہ کاری کے مختلف معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لندن میں بھارتی آرمی چیف اور وزیر داخلہ سمیت 6 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔
داعش لیڈر کے شام میں مارے جانے کی خبروں پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن ملک کا کردار ادا کیا ہے، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔