All posts by Khabrain News

بھارت کا جارحانہ رویہ علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے: وزیراعظم عمران خان

بیجنگ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت کا جارحانہ رویہ علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، موجودہ بھارتی رجیم خطے کے دیرپا عدم استحکام کا سبب بن رہی ہے۔
وزیر اعظم نے چینی معروف تھنک ٹینکس، یونیورسٹیوں اور پاکستان اسٹڈی سینٹرز کے سربراہان اور نمائندوں سے ملاقات کی، اور پاک چین تعلقات کی اہمیت اور علاقائی استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازع پر چین کی غیر متزلزل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں علاقائی استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں پاک چین تعلقات کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ رویے اور ہندوتوا نظریہ علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں، موجودہ بھارتی رجیم خطے کے دیرپا عدم استحکام کا سبب بن رہی ہے، مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کے مسلسل مظالم جاری ہیں، دنیا کو کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جاری ظلم پر توجہ دینی چاہیے۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کو خطے کی ترقی کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور رابطے پر مرکوز تھا، اگلے مرحلے میں صنعت کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون اور زرعی تبدیلی پر توجہ دی جائے گی، پاکستان سرمایہ کاری کے لیے زبردست مراعاتی پیشکش فراہم کر رہا ہے، بے شمار عالمی چیلنجوں کے پیش نظر دنیا ایک اور سرد جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی، پاکستان کا نظریہ ہے کہ بین الاقوامی سیاست میں تصادم کے بجائے تعاون ہونا چاہیے، پاکستان نے ماضی میں بھی پل کا کردار ادا کیا تھا اور دوبارہ ایسا کرنے کے لیے تیار ہے۔
قومی سلامتی کی پالیسی کا بھی ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میری حکومت نے اقتصادی سلامتی کو بنیادی اہمیت دی ہے، یہ وژن روابط اور ترقیاتی شراکت داری پر مبنی ہے جس کے لیے پاک چین شراکت داری ناگزیر ہے۔
امن، ترقی کے لیے پاکستان اور چین کی افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں تعاون پاکستان اور چین کے باہمی مفاد میں ہے، عالمی برادری افغانیوں کو اس مشکل وقت میں تنہا نہ چھوڑے۔

فلاور ملتان سلطانز کو چھوڑ کر بھارت چلے گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) اینڈی فلاور ملتان سلطانز کی ٹیم کو چھوڑ کر بھارت چلے گئے وہ نئی فرنچائزلکھنؤ سپر جائنٹس کے کوچ کی حیثیت سے آئی پی ایل ڈرافٹ میں حصہ لیں گے۔
پاکستانی فرنچائز کے مطابق کوچ ورچوئل طور پر دستیاب ہوں گے،13 فروری کو ڈرافٹ کے بعد لاہور آ جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم ان دنوں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، تاحال وہ اپنے چاروں میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر نمبرون بن چکی۔
اس میں اینڈی فلاور کی کوچنگ کا بھی اہم کردار ہے تاہم اب وہ کم از کم مزید اگلے10 دن تک سلطانز کو دستیاب نہیں ہوں گے، ذرائع کے مطابق اینڈی فلاور بھارت چلے گئے ہیں، وہ12 اور 13 فروری کو بنگلور میں شیڈول آئی پی ایل ڈرافٹ میں شریک ہوں گے، نئی فرنچائزلکھنؤ سپر جائنٹس نے انھیں ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔
پہلے جانے کا مقصد ڈرافٹ کیلیے حکمت عملی تیار کرنا ہے، ملتان سلطانز 5 اور10 فروری کو پشاور زلمی جبکہ 11 تاریخ کو لاہور قلندرز سے میچز میں بھی ہیڈ کوچ کی خدمات سے محروم ہوگی،16 فروری کو کراچی کنگز کیخلاف میچ سے قبل اینڈی فلاور ملتان سلطانز کو جوائن کر سکتے ہیں۔
سلطانز کے میڈیا ڈپارٹمنٹ نے رابطے پر ہیڈ کوچ کے بھارت جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورچوئل طور پر کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے، ان کی غیر موجودگی میں مشتاق احمد سمیت دیگر کوچز ٹیم کی رہنمائی کررہے ہیں، اینڈی فلاور13 تاریخ تک لاہور پہنچ کر ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اینڈی فلاور انگلش ٹیم کی کوچنگ کے امیدواروں میں بھی شامل ہیں، سابقہ پی سی بی انتظامیہ انھیں ورلڈکپ کے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرنا چاہتی تھی مگر بعد میں اس تجویز کو عملی جامہ نہ پہنایا جا سکا۔

سینیٹ میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ نے کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سینٹ کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں اراکین سینیٹ نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے ساتھ بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی، وزیر مملکت علی محمد خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سینٹ آف پاکستان کشمیری عوام کی بھارتی مظالم کے خلاف بہادری و عزم کو سلام پیش کرتا ہے، ایوان بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کے یکطرفی اقدامات اور وادی کے اندر انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارت مظالم سے کشمیریوں کے جذبہ حریت و آزادی کو دبا نہیں سکتا۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں ماورائے، جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کے قتل عام کو روکے، قرارداد میں کشمیر میں آزادی کا تناسب بدلنے کیلئے کئے گئے فیصلوں کو واپس لینے، کشمیر میں حالات معمول پر لانے اور کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا، جب کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
ایوان نے کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی اور قرار دیا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیر کے معاملے پر متحد ہے۔ ایوان نے کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں، او آئی سی کی خاموشی کو افسوسناک و شرمناک قرار دیا، ایوان نے تمام عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں اجاگر کرنے کا اعادہ کیا اور کشمیری عوام کو یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے اور کشمیر کی آزادی تک ساتھ رہیں گے، ساتھ اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جلد کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا اور کشمیریوں کو آزادی نصیب ہوگی۔

نواز شریف کی طبی رپورٹس کا جائزہ لینے کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی رپورٹس کا جائزہ لینے کےلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔
پنجاب حکومت کے قائم کردہ میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی صحت سے متعلق نئی دستاویز بھجوا دی گئی ہیں۔ امریکی ڈاکٹر فیاض شال نے نواز شریف کی صحت سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں 28 جنوری کو نئی دستاویز جمع کرائی تھیں۔
اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے گزشتہ روز بھیجے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ نئی دستاویزات پر بورڈ سے رائے لی جائے۔ اٹارنی جنرل آفس کے لیٹر پر محکمہ داخلہ پنجاب نے دستاویزات محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کو بھجوائیں۔
سیکرٹری اسپیشلائزڈ نے ہیلتھ ہائی کورٹ میں جمع ہونیوالی دستاویزات میڈیکل بورڈ کو بھیجوائیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق 9 رکنی بورڈ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے جائزے سے متعلق 5 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

پارلیمنٹ میں حکومت کو شکست دینے کے لیے اپوزیشن ارکان کا اجلاس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ میں حکومت کو شکست دینے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
اپوزیشن نے حکومت کے خلاف پارلیمان میں مشترکہ حکمت عملی کے لیے سرجوڑ لئے ہیں، اس حوالے سے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت متحدہ اپوزیشن کا اہم مشاورتی اجلاس اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں جاری ہے، جس میں سینیٹر پلوشہ خان، مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، مولانا عبدالغفور حیدری اور رانا مقبول شریک ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ میں حکومت کو شکست دینے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے سینیٹ میں یوسف رضاگیلانی پر تنقید کا معاملہ بھی زیرغور ہے۔

فلپائن کوسٹ گارڈ کے یونیفارم میں حجاب کو شامل کرلیا گیا

منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں کوسٹ گارڈ کی مسلم خواتین اہلکاروں کے مطالبے پر یونیفارم میں اب اسکارف کو بھی باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن میں کوسٹ کی خواتین اہلکاروں کے یونیفارم میں تبدیلی کی منظوری دیدی گئی ہے جس میں سر اور سینے کو ڈھانپنے کے لیے اسکارف کو بھی یونیفارم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
فلپائن کوسٹ گارڈ میں 200 سے زائد خواتین اہلکار ہیں جو یونیفارم میں حجاب کو شامل کرنے کا مطالبہ کرتی آئی ہیں اور جس کی بنیاد پر کوسٹ گارڈ سروس کے کپتان ایلسمن ایس بروا نے بھی حجاب کو یونیفارم کا حصہ بنانے کا مشورہ دیا تھا۔
فلپائن میں مسلمانوں کی آبادی 6 فیصد ہے اور مجموعی طور پر 1850 مسلمان کوسٹ گارڈ میں ملازمت کرتے ہیں۔ مسلم کمیونیٹی نے کوسٹ گارڈ کی انتظامیہ کے اس فیصلے کو سراہا ہے۔
قبل ازیں پولیس، مسلح افواج اور جیل انتظامیہ نے بھی مسلمان خواتین ملازمین کے لیے حجاب کی اجازت دے دی تھی۔

بھارت ناقابل بھروسہ پارٹنر، امریکا کے ساتھ ہاتھ کر گیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) بھارت ایک ناقابل بھروسہ پارٹنر ہے، امریکا کا سٹرٹیجک پارٹنر بھی اس کے ساتھ ہاتھ کر گیا۔
بین الاقوامی سیا ست میں بھارت کاہمیشہ کی طرح دہرے معیار اور فریب کھل کر سامنے آ گیا، نئی دہلی نے واشنگٹن کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا، یوکرین کے بحران پر بحث شروع کرنے کے لیے طے شدہ ووٹ میں بھارت نے امریکا کیخلاف روس کا ساتھ دے دیا۔
روس اور چین نے متوقع طور پر کوئی ووٹ نہیں ڈالا، بھارت نے ووٹ نہ ڈال کر امریکا کی کھلی مخالفت کر دی۔
اجلاس کی منظوری کے لیے 15 رکنی کونسل میں 9 مثبت ووٹوں کی ضرورت تھی، لہٰذا بھارت کی عدم شرکت امریکی قیادت کی دلیل کو مؤثر طریقے سے مسترد کرتی ہے۔

امریکا میں مسافر بس پر فائرنگ میں1 ہلاک 4 زخمی؛ ملزم برہنہ حالت میں گرفتار

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مسلح شخص نے بس میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور حاملہ خاتون سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جب کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم نے اپنے کپڑے اتار دیئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا میں مسافر بس میں موجود 21 سالہ مسلح شخص نے اچانک زور سے کہا کہ لاس اینجلس ایک خطرناک شہر ہے اس کے بعد ایک مسافر کو خفیہ اہلکار قرار دیکر جھگڑا شروع کردیا۔
جیسے ہی بس ایک اسٹور پر رکی مسلح شخص نے مسافروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور پیدل بھاگتے ہوئے شاپنگ مال میں گھس گیا جہاں ایک اور شخص سے جھگڑنے لگا۔
کیلی فورنیا پولیس ملزم کے تعاقب میں شاپنگ مال تک پہنچ گئی، پولیس کو دیکھتے ہی گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم نے اپنے کپڑے اتار دیئے تاہم پولیس اہلکار ملزم کو برہنہ حالت میں تھانے لے گئی۔
فائرنگ میں ایک شخص ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہیں جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت اساہدی کولمین کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ ملزم بچپن سے جرائم کا عادی ہے جس کا کریمنل ریکارڈ موجود ہے. 2020 اور 2021 میں ملزم نے قید بھی کاٹی ہے۔ ملزم کے جرائم میں ملوث ہونے پر اسلحہ خریدنے کی پابندی بھی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے پابندی کے باوجود اسلحہ کیسے خریدا اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم پولیس کے بقول ملزم نشے میں دھت تھا اور ذہنی امراض کا شکار بھی لگتا ہے۔

کھڑکی توڑ کر گھر آنیوالا چور مالک کو 200 ڈالر دیکر فرار

نیو یارک: (ویب ڈیسک) کھڑکی توڑ کر گھر میں داخل ہونے والا چور کھانے پینے اور سستانے کے بعد مالک مکان کو 200 ڈالر دے کر فرار ہوگیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ امریکی ریاست نیو میکسیکو کے سینٹافی میں پیش آیا جہاں گھر میں گھسنے والا مسلح چور بغیر لوٹ مار کے چلتا بنا۔مالک مکان اس وقت حیرت زدہ رہ گیا جب اس نے گھر میں رائفل تھامے شخص کو بیٹھے دیکھا جو کھڑکی توڑ کے اندر آیا تھا۔
چور نے فریج میں رکھا کھانا کھایا، مشروب پیا اور تھوڑی دیر آرام کرنے کے بعد مالک کو 200 ڈالر تھما دئیے ، یہ سب دیکھ کر مالک حیران رہ گیا کہ چور نے کوئی لوٹ مار نہیں کی، کسی چیز کا مطالبہ نہیں کیا اور الٹا پیسے دے کر معافی مانگنے لگا۔مالک کے بقول کھڑکی ٹوٹنے پر چور اتنہائی شرمندہ تھا اور اپنی حرکت پر نادم تھا ساتھ ہی جاتے جاتے نقصان کے ازالے کے طور پر 200 ڈالر زرتلافی دے گیا۔

پی ایس ایل، بائیو سیکیورببل سے تنگ کرکٹرز گالف کھیلنے پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون کے طویل بائیو سیکیورببل ماحول سے تنگ آئے معروف کرکٹرز گالف کھیلنے پہنچ گئے۔
لاہور قلندرز سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز نے جمعہ کی صبح ڈی ایچ اے گالف اینڈ کنٹری کلب پہنچ کر گالف کورس میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔
پی سی بی کی معاونت سے گالف سے لطف اندوز ہونے والوں میں سابق ٹیسٹ کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ، میتھیوز اور ڈین فوکس کرافٹ کے ساتھ فزیو تھراپسٹ چتن کمار بھی شامل تھے۔
اس دوران گالف پر عبور رکھنے والے محمد حفیظ نے عمدہ تکنیکی انداز میں بہترین ڈرائیوز اور شاٹس کھیل کر بھرپور داد بھی حاصل کی۔ دوستانہ ماحول میں ہونے والی ان مشقوں میں کرکٹرز بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوئے۔ بعد ازاں ان کرکٹرز نے لاہور قلندرز کے نیٹ پریکٹس سیشن میں بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندر کے کھلاڑی پی سی بی کی خصوصی اجازت کے بعد جمعرات کی شب بھی ڈیفنس اتھارٹی کلب پہنچ کرپرتکلف ڈنر سے لطف اندوز ہوئے تھے۔ قلندر کی ٹیم دو فتوحات کے ساتھ اپنے چوتھے میچ میں ہفتے کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔