اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات قابل تشویش ہیں، دہشت گردی میں اضافہ ایک واضح خطرے کی نشاندہی کرتا ہے، ایسا لگتا ہے جیسے ملک میں نیشنل ایکشن پلان اب موجود ہی نہیں۔
نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے پنجگور اور نوشکی دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور اور نوشکی میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان حملوں کو ناکام بنانے پر فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، بہادر سکیورٹی فورسز کا بروقت ردعمل قابل تعریف ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے بڑھتے ہوئے حملوں کے واقعات اور اس پر طالبان حکومت کی جانب سے عدم کارروائی پریشان کن ہے، یہ خارجہ اور سیکیورٹی پالیسی کی ناکامی کی نشانی ہے، اپیزمنٹ کوئی منصوبہ نہیں ہے، دہشتگردی کے خلاف حکومت کا عارضی بنیادوں پر ردعمل ناکافی ہے۔
All posts by Khabrain News
پاکستان کے سب سے بڑے سکی سلوپ نلتر میں قومی سطح کے مقابلوں کا آغاز
گلگت: (ویب ڈیسک) سطح سمندر سے 11 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ملک کے سب سے بڑے سکی سلوپ نلتر میں سکیئنگ کے قومی سطح کے مقابلوں کا آج سے آغاز ہوگیا ہے۔
وادی نلتر میں نیشنل سکیئنگ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، نلتر کی برف پر قومی سطح کے سکئینگ مقابلوں کیلئے سلوپ تیار کیا گیا ہے، سنو بورڈنگ سمیت محتلف کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑی جیت کیلئے پر عزم ہیں۔
چین میں جاری ونٹر اولمپکس میں نلتر سے تعلق رکھنے والے محمد کریم پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، نلتر میں شروع ہونے والے قومی سکی مقابلے خوبصورت وادی نلتر میں 10 فروری تک جاری رہینگے۔
انتخابی ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس، علی امین گنڈا پور کا فیصلہ محفوظ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج ہی سنایا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ علی امین گنڈا پور کے وکیل نے گزشتہ سماعت پر وفاقی وزیر کی کورونا مثبت رپورٹ جمع کرائی۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن حکم پاس کر دے کہ کوئی رکن اسمبلی مہم میں گیا تو امیدوار نااہل ہوجائے گا، مولانا ضیاء الرحمان سرکاری ملازم ہیں اور الیکشن مہم چلا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کے بیٹے رکن اسمبلی ہیں اور وہ مہم چلا رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کی باتوں سے لگ رہا ہے الیکشن کمیشن صرف آپ کے خلاف کارروائی کر رہا ہے، اپوزیشن کے خلاف نہیں، اگر کوئی غلط کر رہا ہے تو آپ کو غلط کرنے کا جواز ملے گا، آپ کو معلوم نہیں ہے الیکشن کمیشن جے یو آئی کو نوٹس جاری کرچکا ہے، جے یو آئی کے لیڈر کے بھائی کو بھی نوٹس جاری کیا، آپ کی بحث سے لگتا ہے الیکشن کمیشن صرف آپ کے موکل کو نشانہ بنا رہا ہے، اگر آپ درخواست نہیں بھی دیتے الیکشن کمیشن از خود نوٹس لے گا، آپ وفاقی وزیر ہیں، کابینہ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ان پر بہت سی ذمہ داریاں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
محکمہ موسمیات کی ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی
لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں نے آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ اور قلات میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی ہے۔
مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر ممکن نہیں: شہزاد وسیم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس سے محبت، انسانیت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر ممکن نہیں۔
سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھارتی فوجی کے کشمیر میں قدم رکھنے سے آج تک کشمیر میں بھارتی قبضہ جاری ہے، آج کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، وعدہ کیا گیا تھا کہ کشمیریوں کی شناخت کو برقرار رکھا جائے گا، لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے خطوط موجود ہیں کہ ریفرنڈم ہوگا اور کشمریوں سے ان کی رائے لی جائے گی، مودی کے آنے کے بعد کشمیر میں ایک نئی صورتحال نے جنم لیا، ہندوتوا فلسفے کے تحت کشمیر میں غیر قانونی طور پر ڈومیسائل جاری کیے جا رہے ہیں۔
شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ پوری کشمیری قیادت کو پابند سلاسل کیا گیا، آسیہ اندرابی سے لیکر یاسین ملک تک پابند سلاسل کیا گیا، سید علی گیلانی کے جسد خاکی سے بھی بھارتی سورما خوف کھاتے رہے، وزیراعظم عمران خان نے مظفرآباد میں کھڑا ہو کر مودی کو جو پیغام دیا سب کے سامنے ہے۔
قبل ازیں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پوری اپوزیشن کی جانب سے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کرتا ہوں، 7 دہائیوں سے بھارت کشمیریوں پر ظلم کرتا آ رہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی طرح ہمارے کارکنان کشمیریوں کی آواز بنیں گے، بھارتی حکومت کشمیر میں سے کرفیو ختم کرے اور کشمیر کا پرانا اسٹیٹس بحال کرے، بھارتی حکومت کو کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کی تبدیلی کو روکنا ہوگا، بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور پارٹنرشپ لازوال: وزیراعظم
بیجنگ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور پارٹنرشپ لازوال ہے، ایم ایل ون اور توانائی کے دیگر اہم منصوبوں کو بھی ترجیح دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے چیئرمین نے ملاقات کی، جس میں چین کے سیاسی، مشاورتی کونسل کے وائس چیئرمین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سی پیک کے جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین این ڈی آر سی نے بتایا کہ چین سی پیک منصوبوں کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، چین سی پیک منصوبوں پر جلد پیشرفت کیلئے پرعزم ہے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان آزمودہ دوست ہیں، پاک چین تذویراتی شراکت داری ہر آزمائش پر پورا اتری، کوویڈ کے باوجود سی پیک منصوبوں پر کام جاری رہا، چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کا تعاون قابل تحسین ہے، سی پیک، بی آر آئی منصوبے کا اہم جزو ہے، سی پیک سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو رہے ہیں، سی پیک منصوبوں سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، سی پیک منصوبوں نے ملک میں پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد رکھ دی، پاکستان اور چین گوادر کو خطے کا معاشی مرکز بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
‘عمران صاحب نے ہر پاکستانی بچے، بوڑھے، نوجوان، خواتین کو مقروض بنا دیا’
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب نے ہر پاکستانی بچے، بوڑھے، نوجوان، خواتین کو مقروض بنا دیا، ان کے مسلط ہونے کے بعد ہر پاکستانی پر واجب الادا قرض میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں لئے گئے کل قرض کا 70 فیصد عمران صاحب نے لیا، ان کی وجہ سے ہر پاکستانی 58 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 79 ہزار روپے کا مقروض ہو چکا، دو کڑوڑ بیس لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیئے گئے، ان میں میں سے ایک کروڑ چالیس لاکھ بچے ہیں، وزیر خزانہ نے بڑی خوشی سے ایک ارب ڈالر مقروض ہونے کا اعلان کیا، عمران صاحب پر نظر رکھی جائے، آئی ایم ایف سے قرض لینے پر خودکشی ہی نہ کرلیں؟۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ عمران صاحب نے قوم پر جو قرض لادا ہے، یہ کون ادا کرے گا؟ قرض لینے کا عمران صاحب کا تاریخی ریکارڈ پاکستان کے لئے خطرناک ہے، پاکستان سب سے زیادہ مقروض، لیکن عمران خان کا بنی گالہ کا محل ریگولرائز ہوگیا، پاکستان کی فی کس آمدن کم ہوگئی، لیکن تین سال میں عمران صاحب کی آمدن 90 فیصد بڑھ گئی، تین سال میں عمران صاحب کو تو سب کچھ نیا مل گیا، لیکن عوام کو قرض، بھوک، بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کیا ملا ؟ عمران صاحب عوام کے لئے کچھ نہیں کر سکتے، خودکشی کرنے کا ہی سوچ لیں، شاید کامیابی ہو جائے اور عوام کو سکون آ جائے۔
اسلام آباد ایکسائز دفتر شہریوں کے لیے دردِ سر بن گیا، ٹریفک جام رہنا معمول
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد کا دفتر شہریوں کے لیے درد سر بن گیا۔ ٹوکن ٹیکس اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے آنے والوں نے سڑک کو ہی پارکنگ بنا لیا۔ سیکٹر ایچ نائن میں ٹریفک جام معمول بن گیا۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام کا دفتر ٹوکن ٹیکس اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے آنے والوں نے سڑک کو ہی پارکنگ بنا لیا۔ ٹریفک پولیس خاموش تماشائی بن گئی۔
دن بھر سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاروں سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر، سیکٹر ایچ نائن میں ٹریفک جام معمول بن گیا۔ شہری دن بھر پھنسے رہتے ہیں لیکن ٹریفک پولیس اب تک پارکنگ کو کوئی متبادل انتظام کر سکی ۔ پارکنگ نہ ہونے سے گرین بیلٹس بھی تباہ ہوچکے ہیں جہاں سبزہ نہ پودے باقی بچے۔
ایس ایس پی ٹریفک کہتے ہیں، پارکنگ بنانے کے لیے سی ڈی اے کو درخواست دے دی ہے ۔
شہریوں نے آئی جی پولیس اسلام آباد اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پارکنگ کی جگہ مختص کرکے شہریوں کو روز مرہ کی اس اذیت سے نجات دلائی جائے۔
بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے: یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کا سیشن صرف کشمیر پر بات کیلئے رکھا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پوری اپوزیشن کی جانب سے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کرتا ہوں، 7 دہائیوں سے بھارت کشمیریوں پر ظلم کرتا آ رہا ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی طرح ہمارے کارکنان کشمیریوں کی آواز بنیں گے، بھارتی حکومت کشمیر میں سے کرفیو ختم کرے اور کشمیر کا پرانا اسٹیٹس بحال کرے، بھارتی حکومت کو کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کی تبدیلی کو روکنا ہوگا۔
احمد علی اکبر کی اداکاری سے بھارتی اداکارہ بھی متاثر
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار احمد علی اکبر نے اپنی اداکاری سے بھارتی اداکارہ سونم باجوہ کو بھی اپنا گرویدہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ سونم باجوہ نے سوشل میڈیا پر احمد علی اکبر کے ڈرامے “پری زاد”کی آخری قسط کے ایک منظر کا سکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے اس ڈرامے میں احمد علی اکبر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ “یہ غیر معمولی ہے”۔
سونم باجوہ کی تعریف پرجوابا احمد علی اکبر نے اداکارہ کی انسٹا سٹوری کو اپنے انسٹا گرام پر دوبارہ شیئر کیا، انہوں نے سونم باجوہ کی تعریف پر شکریہ ادا کیا۔