All posts by Khabrain News

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت، بلاول کا اظہار افسوس

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے ضلع پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک افسر سمیت متعدد جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے پنجگور اور نوشکی میں دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور کہا دہشگردی کسی بھی شکل میں ہو، تہذیب اور انسانیت کی قاتل ہے، ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہماری قومی خودمختاری کی حفاظت کے عزم کی دلیل ہے، پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وزیراعظم وفاقی وزراء کے ہمراہ 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان وفاقی وزراء کے ہمراہ چار روزہ دورے پر چین پہنچ گئے۔ وزیراعظم کا بیجنگ پہنچنے پر چین کے سفر اور چین میں تعینات پاکستانی سفیر نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم عمران خان 4 روز تک چین میں قیام کریں گے، ان کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر قومی سلامتی معید یوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی چین پاکستان اقتصادی راہداری خالد منصور ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وہ چینی صدر شی جن پنگ اور چینی پریمئیر لی کی چیانگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اور اس کے علاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے چینی سرمایہ کاروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ڈیرہ اسماعیل خان: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر علی امین کو ضلع بدر کرنےکا حکم

پشاور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو ضلع بدر کرنےکا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو احکامات پر عمل درآمد کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہےکہ علی امین گنڈا پور اپنے بھائی کے لیے سٹی میئرکے الیکشن کی مہم چلا رہے تھے، انہیں ضلع بدرکیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمدکریم کنڈی کی گرفتاری کا نوٹس بھی جاری کیا ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

فی تولہ سونے کی قدر یکدم گر گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قدر یکدم گر گئی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت برقرار رہی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس کی قدر 1803 پر مستحکم ہے۔
دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں قیمتیں مستکم رہنے کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد،پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 124300 روپے ہو گئی ہے۔
دس گرام سونے کی قیمت میں 600 روپے کی قدر میں گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمت 106567 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمتوں میں بھی استحکام ریکارڈ کیا گیا اور نئی قیمتیں بالترتیب 1450 روپے اور 1243.14 روپے پر برقرار ہے۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کیلیے اٹارنی جنرل کا پنجاب حکومت کو خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اٹارنی جنرل نے محکمہ داخلہ پنجاب کو کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی نوازشریف کی میڈیل رپورٹ کا پنجاب حکومت کا قائم کردہ میڈیکل بورڈ جائزہ لے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اٹارنی جنرل پاکستان نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔
اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈاکٹر فیاض شاول کی بنائی ہوئی نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی تھی، پنجاب حکومت کا قائم کردہ میڈیکل بورڈ رپورٹ کا جائزہ لے، پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ کی رائے آنے کے بعد ہی مزید پیش رفت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی 3 صفحات پر مشتمل طبی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروادی گئی تھی، جس کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا ہے، اور بتایا گیا ہے کہ کلثوم نواز کی وفات کے بعد سابق وزیراعظم زیادہ دباؤ میں ہیں، اور اگر وہ علاج کے بغیر پاکستان گئے تو ان کی حالت بگڑ سکتی ہے، ذہنی دباؤ کے ماحول میں ان کی بیماری مزید بگڑ سکتی ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی کے والد انتقال کرگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کے والد انتقال کرگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوٹر پر وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے پوسٹ شیئر کی کہ میرے والد سید سجاد حیدر زیدی علالت کے باعث دارفانی سے کوچ کرگئے۔
علی زیدی کے والد کافی عرصے سے بیمار تھے اور وہ کل سے وینٹی لیٹر پر تھے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ سید علی زیدی کے والد محترم کے انتقال کا سُن کر نہایت دُکھ ہوا، اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور سید علی زیدی سمیت سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کریں۔

عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کا امکان نہیں: سفارتی ذرائع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی چین میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کا امکان نہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ کے دوران ولادی میر پیوٹن بھی چین میں موجود ہوں گے، سرمائی اولمپک کی افتتاحی تقریب میں روسی صدر سمیت متعدد سربراہان شرکت کر رہے ہیں، پیوٹن اور عمران خان ایک ہی تقریب میں موجود ہوں گے تاہم ملاقات نہیں ہو گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق روسی صدر ایک روز کے لیے بیجنگ میں موجود ہوں گے، پاکستان اور روس کی کوئی اعلیٰ سطح پر ملاقات طے نہیں ہے، دورہ کے دوران عمران خان چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے، دورہ چین میں پاک چین مفاہمتی متعدد قرردادوں، معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے، چین کی جانب سے 3 ارب ڈالرز کی امداد متوقع ہے۔

دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا: چیئر مین رویت ہلال کمیٹی

لاہور: (ویب ڈیسک) چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیرآزاد نے کہا ہے کہ کچھ عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں،دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،پشاور میں اقلیت پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبداالخبیر آزاد اور دیگر مذہبی شخصیات نے سینٹ جان کیتھڈرل چرچ میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ پشاورمیں پادری ویلیم سراج کے قتل کی مذمت کرتے ہیں،یہ اقلیت پر نہیں پاکستان پر حملہ ہے، کچھ عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے،عوام پاکستانی افواج اور سیکیورٹی اداروں کیساتھ ہیں، مقتول ویلیم سراج یونیورسٹی کا ٹیچر تھا، مسلمان طلبہ بھی ان سے علم حاصل کررہے تھے، تمام مذاہب کو ملکر ساتھ چلنا ہے۔

دہشتگردوں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملے ہیں: ضیاء لانگو

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد وں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملے ہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا کو نوشکی، پنجگور میں سکیورٹی فورسز حملوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ضیاء لانگو کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ دھائیوں سے بلوچستان میں دہشت گردی جاری ہے۔ دہشت گردی نے صوبے کے ہر مکتبہ فکر کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہادر سیکورٹی فورسز نے امن کی خاطر قربانیاں دی ہے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والوں کو بیرون ممالک سے پشت پنائی حاصل ہے۔ سیکورٹی فورسز نے پنجگور اور نوشکی کو بڑی تباہی سے بچایا ہے۔
مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ علاقے میں بازار بند ہے، جب تک دہشت گرد مارے نہیں جاتے بازار بند رہے گا۔ 4سے 5 دہشت گرد لڑائی کے دوران بازار میں گئے اور زندہ ہیں۔ داعش کی طرف سے بھی تھریٹس تھے۔ سکیورٹی فورسزنےبہادری سےدہشتگردوں کامقابلہ کیااورانہیں پسپاکیا۔ شہید ہونیوالے جوانوں کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

مری میں سیاحوں کی گاڑیوں سے بیٹریاں اورٹائر چوری کرنے والا گروہ گرفتار

مری: (ویب ڈیسک) سیاحوں کی گاڑیوں سے بیٹریاں اورٹائر چوری کرنے والا 04 رکنی گینگ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
مری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیاحوں کی گاڑیوں سے بیٹریاں اور ٹائر چوری کرنے والا 04 رکنی گروہ گرفتار کرلیا، گرفتارملزمان میں جہانزیب، عامر جاوید، ساجد حسین اورراشد علی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 50 ہزار روپے کی نقدی،4 بڑی بیٹریاں، اور 3 گاڑیوں کے ٹائر برآمد ہوئے ہیں، جب کہ ملزمان کے زیراستعمال گاڑی بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔ ملزمان نے دوران تفتیش چوری کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزمان مختلف مقامات پر پارک گاڑیوں سے ٹائر اور بیٹریاں چراتے تھے۔
ایس پی صدر طارق محبوب کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، شہریوں کی جان ومال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔