اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین کی نشست پر الیکشن کمیشن سے ری پول کے حکم کی تفصیلات طلب کرلیں۔ چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ آئینی اور قانونی اداروں کو آزاد اور خودمختار ہونا چاہیے، چاہتے ہیں الیکشن کا عمل شفاف اور کسی بھی دباؤ سے پاک ہو، الیکشن کمیشن کا کام ربڑ اسٹیمپ کا نہیں کہ معاملات سالوں تک زیر التوا رہیں۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ صرف ایک پولنگ اسٹیشنز پر صفر ووٹ کاسٹ ہوئے باقی تمام پر پولنگ کا عمل نارمل رہا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ ہوئی اس پر کیا کہیں گے، ریٹرننگ افسر کی رپورٹ کے مطابق امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہوئی، اس لیے ری پول کا حکم دیا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی، اس پر کیا کہیں گے ؟ خواتین خوف و ہراس کے باعث ووٹ کاسٹ کرنے نہیں نکلیں۔
چیف جسٹس نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حلقے میں ٹوٹل 108 پولنگ اسٹیشنز تھے اور آپ جیت بھی گئے۔ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے عدالت سے استدعا کی کہ جواب جمع کرانے کے لیے وقت دیا جائے۔ عدالت نے سماعت 8 فروری تک ملتوی کر دی۔
All posts by Khabrain News
وزیراعظم وفاقی وزرا کے وفد کے ہمراہ 4 روزہ دورے پر چین روانہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان وفاقی وزرا کے وفد کے ہمراہ چار روزہ دورے پر چین روانہ ہو گئے، ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور چینی صدر و وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ کابینہ ارکان، سرکاری افسران سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ممالک کی قیادت علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لے گی۔ وزیراعظم دورے کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورہ چین میں چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے ، عمران خان کے دورہ چین سے دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ دورے میں تجارت کے حوالے سے گفتگو ہوگی، سیمنٹ، چاول اور زراعت کے شعبے پر بات ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہےکہ ملک میں سرمایہ کاری لانے کا ٹاسک ملا، امید ہے اس میں کامیابی ہوگی۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف کہتے ہیں پاکستان اپنے ہمسایہ ملک افغانستان میں استحکام چاہتا ہے،چین سی پیک کو افغانستان تک لیجانا چاہتا ہے۔ افغان عبوری حکومت بھی ایسا ہی چاہتی ہے۔
بیوہ کی لوٹی گئی پنشن لاہور پولیس نے واپس دلوادی
لاہور: (ویب ڈیسک)
بیوہ کے بھتیجے نے جعلسازی سے رقم خاتون کے اکاؤنٹ سے نکلوا لی سی سی پی او فیاض احمد دیو نے ریٹائرڈ ملازم کی بیوہ کو پنشن کی لوٹی رقم کے بقایا جات واپس دلوا دیئے۔
بیوہ شمائلہ بی بی کو شوہر کی پنشن کے 22 لاکھ روپے ملے تھے، بیوہ کے بھتیجے نے جعلسازی سے رقم خاتون کے اکاؤنٹ سے نکلوالی جس پر متاثرہ خاتون نے رقم واپسی کے لئے سی سی پی او فیاض احمد دیو کو درخواست دی۔
سی سی پی او لاہور نے بزرگ خاتون کی رقم واپسی کے لئے ایس ایس پی ڈسپلن کو ذمہ داری دی، ایس ایس پی ڈسپلن اعجاز رشید نے لوٹی گئی رقم ملزمان سے برآمد کروادی۔
بیوہ خاتون کو قبل ازیں 13 لاکھ روپے اور باقی رقم کے دو چیک دلوائے گئے، خاتون کو آج چیکس کی مد میں بقایا 9 لاکھ روپے کیش بھی ادا کر دیا گیا، سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے 9 لاکھ روپے بیوہ خاتون کے حوالے کئے۔
بانی ایم کیو ایم کی ٹک ٹاکر حریم شاہ کے لیے نیک تمنائیں
لندن: (ویب ڈیسک)
بانی ایم کیو ایم الطاف حسین نے ٹک ٹاکر حریم شاہ سے ملاقات کے دوران انہیں دعائیں دیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
حریم شاہ نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے لندن میں کنگسٹن اپون تھیمز کراؤن کورٹ کے باہر بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے ملاقات کی۔
بانی ایم کیو ایم گزشتہ روز سماعت کے لیے عدالت گئے تھے اور جب وہ عدالت سے باہر آئے تو کسی شخص نے الطاف حسین نے حریم شاہ کا تعارف کروایا اور کہا کہ یہ آپ سے ملنا چاہتی ہیں۔
حالانکہ عدالت کے باہر الطاف حسین سیکیورٹی میں تھے اور ان کے گارڈز نے حریم شاہ کو بانی ایم کیو ایم سے ملاقات سے بھی روکا۔ لیکن الطاف حسین نے پھر بھی حریم شاہ سے بات کی اور انہیں دعائیں دیتے ہوئے کہا اللہ خوش رکھے آپ کو۔
حریم شاہ نے بانی ایم کیو ایم سے ان کی خیریت پوچھی جس کے جواب میں انہوں نے کہا میری دعا ہے اللہ آپ کو ہر مسئلے، مشکل، مصیبت، پریشانی سے بچائے۔ بانی ایم کیو ایم نے حریم شاہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لیے بھی دعائیں دیں۔ جس پر حریم شاہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد الطاف حسین اپنی گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔
بالی ووڈ اداکار رمیش دیو 93 برس کی عمر میں چل بسے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار رمیش دیو 93 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار نے ممبئی کے کوکیلا بین امبانی اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔
رمیش دیو کے بیٹے اجینکیا نے اپنے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور ان کی بائی پاس سرجری بھی ہوئی تھی۔ ہم انہیں آج اسپتال لے کر گئے لیکن دل کا دورہ ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اداکار کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی۔
رمیش دیو کی موت پر اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور ارمیلا ماٹونڈکر سمیت متعدد فنکاروں نے غم کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ اداکار رمیش دیو اپنے طویل کیریئر میں 285 سے زائد ہندی، 190 مراٹھی اور 30 مراٹھی ڈراموں میں کام کرچکے تھے۔ ان کی فلموں میں ’’آنند‘‘، ’’آپ کی قسم‘‘، ’’میرے اپنے‘‘، ’’مسٹر انڈیا‘‘،’’کھلونا‘‘ اور ’’ہلچل‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔
جی میل پلیٹ فارم پر 8 فروری سے اہم تبدیلیاں متوقع
سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک)
تیزی سے بدلتی ہوئی ڈجیٹل دنیا میں ہر پلیٹ فارم ، ایپ اور سافٹ ویئر بدلتے رہتے ہیں، اب بہت عرصے بعد جی میل نے بھی بہت سی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
8 فروری سے جی میل میں کافی تبدیلیاں نمودار ہونا شروع ہوں گی اور اس کے بعد اپریل میں یہ ازخود (ڈیفالٹ) شامل ہونے لگیں گی۔ سب سے پہلے اس میں چیٹ، گوگل میٹ اور اسپیسس کو باہم منسلک کیا جائے گا۔ کاروباری اور کام والے جی میل اکاؤنٹس میں ورک اسپیس کو اہمیت دی جائے گی۔ اس طرح اب ای میل میں چھوٹی ونڈوز تیرتی نظرآئیں گی اور بائیں ہاتھ پر لگے بڑے بٹن سے اس کی مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اپریل میں تمام صارفین اس نئے لے آؤٹ پرمنتقل ہوسکیں گے۔ نئے لے آؤٹ کے تحت نوٹی فکیشن بلبلوں کے صورت میں نمودار ہوکر آپ کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائیں گے اور جی میل بہت انٹرایکٹو انداز میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گوگل اپنے ای میل پلیٹ فارم پر بطورِ خاص کاروباری اور دفاتر کے ای میل کے لیے بہتر آپشن پیش کرنا چاہتا ہے۔ اس طرح آپ بہت تیزی سے ای میل، چیٹ، اسپیس اور دیگرآپشن تک پہنچ سکتے ہیں۔ اسی لیے بہت آسان اور واضح انٹرفیس بنایا گیا ہے۔
امارات نے اپنی فضائی حدود میں3 ڈرونز تباہ کردئیے
ابوظہبی: (ویب ڈیسک)
متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 3 ڈرونزکوتباہ کردیا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے 3 ڈرونز کوتباہ کردیا گیا۔ تینوں ڈرونز کوغیرآباد علاقے میں تباہ کیا گیا۔
وزارت دفاع کے بیان میں مزید کہنا تھا کہ تمام خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیارہیں۔ اپنے علاقے اورعوام کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
متحدہ عرب امارات پرگزشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثی باغیوں نے متعدد حملے کئے ہیں۔
ازبکستان میں ماں نے3سال کی بیٹی کوریچھ کے پنجرےمیں پھینک دیا
تاشقند: (ویب ڈیسک)
ازبکستان کے چڑیا گھرمیں خاتون نے3 سال کی بیٹی کوریچھ کے پنجرے میں پھینک دیا۔
ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کے چڑیا گھرمیں ایک خاتون نے اپنی3 سال کی بیٹی کوریچھ کے پنجرے میں پھینک دیا۔یہ منظردیکھنے والوں کی چیخیں نکل گئیں۔
بچی کے پنجرے میں گرنے کے بعد ریچھ بچی کے پاس پہنچا لیکن چڑیا گھرکے عملے نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریچھ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی اوربچی کونکال لیا۔بچی کوسرمیں چوٹ لگنے کے باعث اسپتال میں داخل کرادیا گیا جہاں اس کی حالت بہتربتائی جاتی ہے۔
پولیس نے بچی کی ماں کو قتل کی کوشش کے الزام میں گرفتارکرلیا۔ بچی کی ماں کو15 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔بچی کوپنجرے میں پھینکنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا۔
پینٹاگون میں اچانک نظرآنے والی مرغی نے ہلچل مچا دی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک)
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون میں اچانک ایک مرغی کی آمد نے ہلچل مچا دی۔ مرغی کوپکڑ کے جانوروں کے تحفظ کے محکمے کے حوالے کردیا گیا۔
دنیا کے سب سے زیادہ سخت سیکورٹی والے علاقوں میں شامل امریکی محکمہ دفاع کے دفاتریعنی پینٹاگون کی سیکورٹی ایک مرغی نے توڑ دی۔ پینٹاگون میں اچانک ایک مرغی نظرآئی توہلچل مچ گئی۔ بے فکری سے ہائی سیکورٹی زون میں گھومتی مرغی کوپکڑنے کے لئے عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔
کافی کوششوں کے بعد مرغی کوپکڑ کرجانوروں کے تحفظ کے محکمے کے حوالے کردیا گیا۔یہ پتا نہیں چل سکا کہ مرغی پینٹاگون کے دفاترکے علاقے میں کیسے اورکہاں سے آئی۔حکام نے یہ بھی نہیں بتا یا کہ مرغی کوپینٹاگون کے کون سے حصے سے پکڑا گیا۔
وٹامن ڈی کی کمی امراض قلب کا خطرہ بڑھاتی ہے؟
کولمبو: (ویب ڈیسک)
وٹامن ڈی جسے دھوپ کا وٹامن بھی کہا جا سکتا ہے ، ایسا وٹامن ہے جو چربی میں بھی حل پذیر ہوجاتا ہے۔
اس کی دو اہم اقسام ڈی تھری اور ڈی ٹو ہیں۔ یہ ایک ضروری مائیکرو نیوٹرینٹ ہے جو سورج کی روشنی سے حاصل ہوتا ہے۔ یہ وٹامن ہڈیوں اور دانتوں کی نشوونما کے علاوہ مدافعتی نظام کو فعال رکھتا ہے۔ یہ وٹامن دل کے امراض کے خطرات کو کم کرتا ہے۔ ایک نئی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کسی شخص کو اگر امراض قلب کا سامنا ہے تو علاج سے پہلے اس کے جسم میں موجود وٹامن ڈی کی مقدار کو جان لینا بھی مریض کے لئے بہت مفید ہے۔ یہ اس کے علاج میں بھی معاون ثابت ہو گا ۔
ایک اندازے کے مطابق ہر سال دنیا میں 9.17 ملین افراد امراض قلب کی پیچیدگیوں کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور عالمی سطح پر 32 فی صد ہونے والی تمام اموات کی وجہ وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ دیگر عوامل حالات ، عمر اور خاندانی تاریخ ، خوراک اور طرز زندگی بھی ان اموات کے اسباب میں شامل ہے۔ آسٹریلیا کے محققین کے تجزیاتی نقطہ نظر کے مطابق بھی وٹا من ڈی کی کمی دل کے امراض کو بڑھا سکتی ہے۔
یونیورسٹی آف ساؤتھ آسٹریلیا کینسر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں آسٹریلین سنٹر فار پریسجن ہیلتھ کی ڈائریکٹر پروفیسر ایلینا ہائپنن نے ’ میڈیکل نیوز ٹوڈے ‘ کے پیش کردہ تجزیے کے نتائج کا خاکہ پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی بلڈ پریشر اورامراض قلب کے خطرات کو بڑھا سکتی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وٹامن کی اضافی مقدار ان لوگوں کے لیے مفید ہے جنھیں اس کی ضرورت ہے۔ اس تحقیق کے نتائج یورپی ہارٹ جرنل میں بھی شائع میں بھی ہو چکی ہے۔
تحقیق کے مطابق اکثر محققین نے بتایا ہے کہ25 ہائیڈروکسی وٹامن ڈی سیرم یا 25(OH)D امراض قلب کو کم کرنے میں فائدہ مند ہے۔ محققین نے اپنے پیش کردہ مفروضے کو جانچنے کے لیے ، ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے لئے مخصوص تجزیاتی طریقے استعمال کیے ۔
یہ تجزیاتی اور تجرباتی طریقے انہوں نے37 سال سے 73سال کی عمر کے برطانوی لوگوں پر آزمائے ۔ ان افراد کو13 مارچ 2006 ء سے یکم اکتوبر2009 ء کے درمیان برطانیہ کے بائیس تشخیصی مراکز میں رکھا گیا اور ان سے بنیادی صحت اور طرززندگی کے متعلق سوال نامے پر کروائے گئے۔ اس کے علاوہ بائیو مارکر اور جینیاتی جانچ کے لیے ان کے خون کے نمونے بھی حاصل کیے گئے۔
ان کے علاوہ تحقیقی ٹیم نے غیر متعلقہ افراد سے بھی مختلف سوالات کیے اور ان کا بھی ڈیٹا حاصل کیا ۔ پھر ان کا باہمی موازنہ کیا گیا۔ تحقیقی ٹیم عالمی ادارہ صحت کے ذریعے ان افراد کی جنیاتی جانچ کرتی رہی ۔ حفاظتی اقدام کے طور پر انہوں نے مزید متغیرات بھی جمع کیے۔
سائنسدانوں نے یہ معلومات 295,788 شرکا سے حاصل کیں۔ اس کے بعد یہ سوال یہ ہے تھا کہ یہ سب کچھ کرنے کے بعد نتائج کیا کہتے ہیں۔ محققین نے بغیر کسی بھی امراض قلب کی تشخیص کے نتائج کا موازنہ سروے میں شامل لوگوں سے کیا۔ اس کے علاوہ ثانوی قسم کے تجربات بھی کیے جس کے بعد ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ وٹامن ڈی کی کمی سے امراض قلب کے خطرات زیادہ ہو سکتے ہیں۔
وٹامن ڈی کی کمی کے نقصانات کو سمجھنے کے لئے ’ میڈیکل نیوز ٹوڈے ‘ نے مختلف ماہرین سے رابطہ کیا ۔ سانتا مونیکا سی اے پروویڈنس سینٹ جونز ہیلتھ سنٹر بورڈ کے سرٹیفکیٹڈ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر رگ وید تڈوالکر نے وٹامن ڈی کی کمی کے طبی اثرات کا خودجائزہ لیا ہے ۔
ان کے مشاہدے کے مطابق دل کو لاحق ہونے والے خطرات کا جائزہ لینے سے پہلے وٹامن ڈی کی جسم میں درست مقدار کا معلوم ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو اپنے معالج سے رابطے میں رہنا چاہیے اور اس سے وٹامن ڈی کی کمی کے بارے میں بات کرنی چاہیے تاکہ صحت و تندرستی حاصل کرنے کے لئے بہتر سے بہتر حکمت عملی پر عمل پیرا ہوا جاسکے ، ان کی اور ان کے دل کی شریانوں کے مسائل اور فالج کے خطرات سے بچا جا سکے۔