All posts by Khabrain News

وزیراعظم عمران خان کا ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کو فون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کو فون کرکے متحدہ عرب امارات کے خلاف حوثیوں کی جانب سے میزائل حملے کی حالیہ کوشش کی شدید مذمت کی، اور متحدہ عرب امارات کے بروقت اور موثر فضائی دفاعی ردعمل کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے حملوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، اور مذاکرات کے ذریعے علاقائی امن و سلامتی کی کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جب کہ اعلیٰ سطح پر راوبط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

برطانیہ میں نوازشریف فیکٹریوں کے دوروں میں مصروف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں علاج کے لئے موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف ہسپتالوں کے بجائے فیکٹریوں کے دوروں میں مصروف ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے بیٹوں کے ہمراہ مانچسٹر کے قریب نیلسن میں فیکٹری کا دورہ کیا ۔
نواز شریف نوازشریف کے ہمراہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی فیکٹری کے معائنہ کے لیے لندن سے نیلسن گئے جہاں پر انہیں بریفنگ بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ جس فیکٹری کا نواز شریف نے دورہ کیا وہ لندن سے 425 کلو میٹر دور نیلسن کے علاقے میں قائم ہے۔
گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی تھی۔ جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کروائی۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ 3 صفحات پر مشتمل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف انجیو گرافی کے بغیر لندن سے نہ جائیں، ذہنی دباؤ میں نواز شریف کی طبیعت مزید بگڑ سکتی ہے، کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف شدید دباؤ میں ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف دل کے مریض ہیں، کورونا کے سبب نواز شریف کو سانس کا مسئلہ ہو سکتا ہے، نواز شریف انجیو گرافی تک اپنی ادویات جاری رکھیں، سابق وزیراعظم ذہنی دباؤ کے بغیر سرگرمیاں جاری رکھیں، نواز شریف دل کے مریض ہیں، کورونا کے باعث جان بھی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر فیاض نے کہا کہ کوئی سوال ہو تو مجھ سے رابطہ کیا جائے۔

شہبازشریف اورجہانگیر ترین کیس کی تحقیقات کرنے والے افسران کو واپس لانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف اور جہانگیر ترین کیس کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسران کو واپس لانے کا فیصلہ کرلیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسران کو واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نے تبدیل ہونے والے افسران کو واپس لانے کے لئے ڈی جی کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل جہانگیر ترین اور شہباز شریف کی تحقیقات کرنے والے افسران کو تبدیل کردیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی اج ایف آئی اے لاہور آفس کا دورہ کریں گے، اور انہیں ڈائریکٹر زون ون ڈاکٹر محمد رضوان اہم کیسز پر بریفنگ دیں گے، انہیں شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس اور جہانگیر ترین منی لانڈرنگ کیسز پر بریفنگ دی جائے گی، جب کہ مشیر احتساب کو میگا اسکینڈل کے علاوہ ایف آئی اے میں جاری دیگر کیسز کے حوالے سے بھی بریف کیا جائے گا۔

ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں کمی کے بعد معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 6 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے بعد بھی ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 125000روپے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف سونے کی فی دس گرام قیمت میں 43 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور نئی قیمت 107167 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف چاندی کی فی تولہ قیمت میں استحکام ریکارڈ کیا گیا اور قیمت 1450 روپے برقرار رہی۔

یہ ’میگا پاور بینک‘ 5,000 اسمارٹ فونز چارج کرسکتا ہے!

ہانگ کانگ: (ویب ڈیسک) ہینڈی گینگ نامی ایک چینی یوٹیوبر نے عام پاور بینک سے 900 گنا طاقتور ’میگا پاور بینک‘ بنا لیا جو پانچ ہزار اسمارٹ فونز کی بیٹریاں مکمل چارج کرسکتا ہے۔
چینی زبان میں بنائی گئی ایک دلچسپ لیکن مختصر یوٹیوب ویڈیو میں ہینڈی نے دکھایا ہے کہ میگا پاور بینک انہوں نے کیسے تیار کیا ہے
زیادہ صحیح الفاظ میں کہا جائے تو اس پاور بینک میں 27 ملین (2 کروڑ 70 لاکھ) ایم اے ایچ جتنی بجلی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے۔
میگا پاور بینک کے چارجنگ ایریا میں 60 ساکٹ نصب ہیں جن سے موبائل فون، چھوٹے پاور بینکس اور لیپ ٹاپ کمپیوٹر تک ایک ساتھ چارج کیے جاسکتے ہیں۔
ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہینڈی گینگ نے یہ میگا پاور بینک غالباً بجلی سے چلنے والی کسی گاڑی کے بیٹری یونٹ میں تبدیلی کرکے تیار کیا ہے۔
میگا پاور بینک کو ایک سے دوسری لے جانے کےلیے اس میں پہیے بھی نصب ہیں۔
اس کے ذریعے اسمارٹ فونز چارج کرنے کے علاوہ آپ ٹیلی ویژن نشریات سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
اس دیوقامت پاور بینک میں اتنی بجلی ذخیرہ کی جاسکتی ہے کہ جو ایک عام گھر میں بجلی کی تمام ضروریات کم از کم پندرہ دنوں تک آرام سے پوری کرسکے گی۔

دنیا میں درختوں کی 9,200 اقسام آج تک نامعلوم ہیں، عالمی تحقیق

انڈیانا: (ویب ڈیسک) اپنی نوعیت کی سب سے پہلی اور وسیع عالمی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا بھر میں درختوں کی تقریباً 73,000 انواع موجود ہیں جن میں سے اب تک ہم 63,800 کے بارے میں جان چکے ہیں جبکہ 9,200 انواع آج تک نامعلوم ہیں۔
اس تحقیق میں امریکا سے لے کر روس تک، اور بھارت سے لے کر آسٹریلیا تک درجنوں ممالک کے 100 سے زیادہ سائنسدانوں نے حصہ لیا۔ البتہ ان میں کوئی پاکستانی سائنسداں یا تحقیقی ادارہ شامل نہیں تھا۔
’’پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز‘‘ کی تازہ آن لائن اشاعت میں شائع ہونے والی اس تحقیق کےلیے درختوں اور جنگلات کے بارے میں دو وسیع عالمی ڈیٹابیسز، یعنی ’’گلوبل فارسٹ بایوڈائیورسٹی انیشی ایٹیو‘‘ اور ’’ٹری چینج‘‘ سے استفادہ کیا گیا۔
ان میں سے ہر ڈیٹابیس میں ہزاروں درختوں کے قدرتی مسکن (natural habitat)، اوسط اونچائی، تنے کی موٹائی، چھتری کے پھیلاؤ، ان سے پیدا ہونے والے پھلوں اور میوہ جات کی معلومات، دنیا بھر میں ان درختوں کی مجموعی تعداد اور جغرافیائی تقسیم سمیت ساری تفصیلات، کئی عشروں کی محنت کے بعد جمع کی گئی ہیں۔
کس علاقے میں کون کونسی انواع کے کتنے درخت ہیں؟ یہ جاننے کےلیے مذکورہ تمام معلومات کو اسی ترتیب سے دنیا کے نقشے پر 100 کلومیٹر لمبے اور 100 کلومیٹر چوڑے خانوں میں رکھا گیا۔
ساتھ ہی ساتھ ہر علاقے کے ’’بایوم‘‘ (biome) یعنی وہاں پائے جانے والے پیڑ پودوں، مٹی، جنگلی جانوروں اور آب و ہوا جیسی کیفیات کے بارے میں معلومات بھی اس تحقیق میں مدنظر رکھی گئیں۔
مختلف علاقوں میں ’’بایومز‘‘ کا محتاط موازنہ کرنے کے بعد ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ درختوں کی تقریباً 9,200 انواع آج بھی نامعلوم ہیں۔
تاہم ان کا یہ کہنا بھی ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی سب سے پہلی اور سب سے بڑی تحقیق ہے جس کے تحت لگائے گئے اندازے محتاط ضرور ہیں مگر اِن کےلیے جو معلومات (ڈیٹا) استعمال کی گئی ہیں انہیں کسی بھی طور پر مکمل نہیں کہا جاسکتا کیونکہ اب بھی کئی علاقوں کے بارے میں محدود معلومات ہی دستیاب ہیں۔
مطلب یہ کہ مستقبل میں اسی طرح کی دیگر تحقیقات سے بالکل مختلف اندازے بھی سامنے آسکتے ہیں۔
پانچ بڑے عالمی علاقوں میں درختوں کی انواع اور تعداد کے تخمینے کا انفوگراف۔ (بحوالہ: پی این اے ایس)
اس رپورٹ کے مطابق، درختوں کی تقریباً 43 فیصد انواع براعظم جنوبی امریکا میں پائی جاتی ہیں جو کسی بھی دوسرے براعظم کے مقابلے میں سب سے زیادہ شرح ہے۔ 22 فیصد درختوں کے ساتھ یوریشیا (یورپ اور ایشیا کا مجموعہ) دوسرے نمبر پر، 16 فیصد کے ساتھ افریقہ تیسرے نمبر پر، 15 فیصد کے ساتھ شمالی امریکا چوتھے نمبر پر جبکہ درختوں کی محض 11 فیصد انواع کے ساتھ اوشنیا کا پانچواں نمبر ہے جس میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت، جنوبی نصف کرے کے کئی چھوٹے چھوٹے ممالک شامل ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلی، جنگلوں کی بے رحمانہ کٹائی اور بڑے پیمانے پر آتش زدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس طرح کی تحقیقات بہت ضروری خیال کی جاتی ہیں کیونکہ ان سے ہمیں مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی اور جنگلات کے تحفظ میں خاصی مدد ملتی ہے۔

سینے کی آوازوں سے نومولود بچوں میں مرض شناخت کرنے والا ڈجیٹل اسٹیتھو اسکوپ

پرتھ: (ویب ڈیسک) سٹریلیا کے سائنسدانوں نے ایک ڈجیٹل اسٹیتھواسکوپ اور سافٹ ویئر بنایا ہے جو نومولود بچے کے سینے کی آوازیں سن کر ان میں ممکنہ امراض کی پیشگوئی کرسکتا ہے۔
غریب اور دوردراز علاقوں میں اس ایجاد سے کئی بچوں کی جان بچائی جاسکتی ہے کیونکہ مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ سے چھوٹے بچوں اور نومولود اطفال میں بیماری کا بڑی حد تک درست اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
آئی ای ای ای ایکسپلور ڈجیٹل لائبریری میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ ایک بہت حساس ڈجیٹل اسٹیتھواسکوپ تیار کی ہے جو پھیپھڑوں، سانس اور دل کی آواز کو بہت گہرائی میں ریکارڈ کرتی ہے۔ اس طرح بچوں میں سانس، پھیپھڑوں اور دل کے وابستہ ان گنت امراض کی شناخت ممکن ہوسکتی ہے۔
ہم پہلے ہی یہ جانتے ہیں کہ مختلف بیماریاں ہوں یا انفیکشن ، اس صورتحال میں سینے سے اٹھنے والی آوازیں مختلف ہوتی ہیں۔ ایک ماہر ڈاکٹر اپنے تجربے کی بنیاد پر ان کو محسوس کرکے ممکنہ مرض تک پہنچ جاتا ہے۔
موناش یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر فائزہ مرزبن رعد اور ان کے ساتھیوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس سے غریب ممالک کی آبادی فیضیاب ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر فائزہ کا تعلق ایران سے ہے اور انہوں نے شیراز یونیورسٹی سے برقی انجینیئرنگ میں ماسٹرکیا اور موناش یونیورسٹی سے اسی شعبے میں پی ایچ ڈی کیا ہے۔ وہ ایک عرصے سے ڈجیٹل تشخیص کے نت نئے طریقوں پر غور کررہی ہیں۔ تاہم انہوں نے نومولود بچوں کو اپنی تحقیقی کا ہدف بنایا ہے۔
ڈجیٹل طریقے سے سینے اور پھیپھڑے کی آوازیں ریکارڈ کی جاتی ہے۔ اس آواز میں شامل شور اور اطراف کی آوازوں کو ہٹادیا جاتا ہے۔ اس کے بعد سافٹ ویئربتاتا ہے کہ سینے میں سے سیٹی کی آواز آرہی ہے یا کھڑکھڑاہٹ ہے کیونکہ دونوں کا تعلق دو مختلف کیفیات سے ہوسکتا ہے۔
اس دوران سافٹ ویئر بھی مرض کی کیفیت کا اندازہ لگاتا رہتا ہے۔ والدین گھر بیٹھے بچے کے سینے اور سانس کی آوز ریکارڈ کرکے ڈاکٹر کو بھیج سکتے ہیں اور وہ انہیں سن کر بچے کا علاج یا مزید ٹیسٹ تجویز کرسکتےہیں۔
ڈاکٹر فائزہ نے بتایا کہ والدین ڈجیٹل اسٹیتھو اسکوپ کو بچے کے سینے پر لگا کر آوازیں ریکارڈ کرسکتےہیں۔ اس دوران سافٹ ویئر والدین کی مدد کرتا رہتا ہے کہ آواز ریکارڈ کرنے کے لیے اسٹیتھواسکوپ کو کس مقام پر کتنی مرتبہ رکھنا ہے۔
اپنی ایجاد کی افادیت کے لیے ڈاکٹر فائزہ اور ان کی ٹیم نے موناش چلڈرن ہسپتال کا رخ کیا اور اور 119 بچوں پر آزمائش کی جو پوری مدت یا قبل ازوقت پیدا ہوئے تھے۔ ان آوازوں کو بعد میں سافٹ ویئر سے پروسیس کیا گیا۔
بچوں کے ایک ماہر ڈاکٹر اتول ملہوترا کہتے ہیں کہ بہت چھوٹے اور قبل ازوقت پیدا ہونے والے بچوں کے سینے کی آواز محسوس کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اول تو اس میں دیگر آوازیں شامل ہوتی ہیں اور دوم یہ بہت مدھم ہوتی ہیں۔ اسی لیے بار بار ان بچوں ک ایکسرے لیے جاتےہیں لیکن اب اس طریقے سے بہت آسانی سے بچوں کی سانس اور پھیپھڑوں کی آواز کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔
فی الحال اس نظام کی مزید آزمائش جاری ہے اور اس برس کے وسط تک اسے فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

دورہ چین مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، مشیر قومی سلامتی معید یوسف ، وفاقی وزیر شوکت ترین، فواد چودھری ، اسد عمر، حماد اظہر، عبدالرزاق داؤد اور فرخ حبیب شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو پاکستان اور چین کے مابین سی پیک، سپیشل اکنامک زونز، سرمایہ کاری، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے جاری ٹھوس منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انڈسٹریل زونز پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم تھری اکنامک زون میں صنعتوں کے قیام کیلئے 600 ایکڑ اراضی میسر کردی گئی ہے، بجلی کی فراہمی کے بعد انفراسٹرکچر پر کام تیزی سے جاری ہے، سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گا، پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے تمام اقدامات کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہا پاکستان خطے بھر میں صنعتوں میں سرمایہ کاری کیلئے اس وقت موزوں ترین ملک ہے، صنعتوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر سپیشل اکنامک زونز کا نظام پلگ اینڈ پلے ماڈل پر یقینی بنا رہی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم تین روزہ دورے پر کل چین روانہ ہوں گے ،چینی صدراور ہم منصب سے ملاقاتیں شیڈول ہیں ، دونوں ملکوں کے درمیان متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط ہونگے اور عمران خان ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

نور مقدم کیس میں آئی جی اسلام آباد کے خلاف درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے وکیل نے آئی جی اسلام آباد کے خلاف درخواست دائر کردی۔
مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے وکیل نے آئی جی اسلام آباد کے خلاف درخواست دائر کردی۔درخواست زیرالتوا کیس کے دوران وضاحت جاری کرنے پر دائرکی گئی جس میں آئی جی اسلام آباد احسن یونس کے خلاف احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔
اسلام آباد پولیس نے نور مقدم کیس میں سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کی تھی۔
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں نور مقدم قتل کیس کی سماعت ہوئی۔تمام گواہوں کے بیان قلمبند کرنے کے بعد جرح مکمل کرلی گئی۔ ملزمان کے وکلا نے تفتیشی افسر کے بیان پر جرح مکمل کی۔ کیس کی مزید سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

شانگلہ میں پیپلزپارٹی کو جھٹکا: فواد علی نور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے شانگلہ میں پیپلزپارٹی کی وکٹیں گرا دیں۔ ضلع شانگلہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری فواد علی نور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محممود خان نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو پارٹی کیپ اور مفلر پہنائے۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں جواد علی نور، نثار کاکا، شاہد کاکا، انیس خان اور دیگر بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا قافلہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے، دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی پی ٹی آئی میں شمولیت موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن گئی ہے، قوم کی امیدیں عمران خان اور پی ٹی آئی سے جڑی ہیں۔