کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کابینہ نے بلدیاتی ایکٹ پر اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کیلیے کمیٹی قائم کر دی۔ کابینہ نے بنڈل اور بڈوآئی لینڈ کو محفوظ جنگلات قرار دے دیا جبکہ سب رجسٹرار کو پاکستان اسٹیل کی اراضی منتقل کرنے سے روک دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں حکومت نے بلدیاتی ایکٹ پر اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ وزیر بلدیات ناصر شاہ نے لوکل گورنمنٹ قانون کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت پر کابینہ کو بریفنگ دی۔ ناصر شاہ نے جماعت اسلامی، پاک سرزمین پارٹی اور دیگر جماعتوں سے بات چیت کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سے متفقہ نکات پر مکمل عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ناصر شاہ کی جو بات چیت ہوئی ہے، اس کو لاگو کریں گے۔ کابینہ نے بنڈل اور بڈوآئی لینڈ کو محفوظ جنگلات قرار دے دیا جبکہ سب رجسٹرار کو پاکستان اسٹیل کی اراضی منتقل کرنے سے روک دیا۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت کی جانب سے اسٹیل ملز کو دی گئی اراضی فروخت نہیں کی جاسکتی۔
کابینہ نے گندم کی امدادی قیمت 2200 روپے مقرر اور 1 اعشاریہ 4 ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی۔ سندھ کابینہ نے گندم خریدنے کیلئے 4 ہزار 450 ملین روپے فنڈز کی خریداری کے لیے منظوری بھی دی۔ کابینہ اجلاس میں بتایا گیا محکمہ جیل میں گریڈ 5 سے گریڈ 15 کی 2 ہزار 113 آسامیاں خالی ہیں۔ کابینہ نے بھرتی کے لیے تھرڈ پارٹی اوپن بڈنگ کی منظوری دے دی۔
سندھ کابینہ نے کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی۔ مارکیٹس میں 14 نومبر 2021 کو آگ لگی تھی، سندھ کابینہ نے 91 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی۔
All posts by Khabrain News
عمدہ بیٹنگ کے باوجود شکست پر حسن علی نے کپتان کو تسلی دی
کراچی: (ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو عمدہ کارکردگی کے باوجود شکست پر حسن علی نے تسلی دی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
مخالف ٹیم ملتان سلطانز کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 218 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا گیا تھا۔ جس کے حصول کے لیے شاداب خان نے 9 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے جیت کی امید پیدا کر دی تھی۔
شاداب خان کی عمدہ بیٹنگ بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح نہ دلوا سکی جس پر شاداب خان انتہائی دلبرداشتہ ہو گئے تھے تاہم شائقین اور ان کے ساتھی شاداب خان کی ڈھارس بندھاتے رہے لیکن حسن علی نے شاداب خاب کے لیے خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔
حسن علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ کپتان ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے، آج آپ کو کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت اچھا لگا اور ہمیں آپ کا ساتھ میسر تھا۔
شاداب خان کا اپنی ٹیم کو جتوانے کے لیے کی گئی عمدہ بیٹنگ نے صارفین کے دل جیت لیے اور شاداب خان ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔
انگلش کرکٹرز پی ایس ایل میں شرکت کے لئے کراچی پہنچ گئے
لاہور: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹرز پی ایس ایل میں شرکت کے لئے کراچی پہنچ گئے۔
کرس جورڈن، جیسن رائے اور جیمز ونس نے مقامی ہوٹل کے بائیو سیکیور ببل میں پہنچ گئے ہیں، کرس جورڈن کراچی کنگز، حسین رائے اور جیمز ونس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔
تینوں کرکٹرز کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
یاد رہے پی ایس ایل میں آج وہاب الیون اور شاہین الیون میں جوڑ پڑے گا، پشاور زلمی اور لاہور قلندر کے درمیان میچ شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائےگا، دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیت رکھا ہے۔
زیرالتوا مقدمات کا بوجھ کم کرنا ہے، وکلا تیاری کر کےآئیں، چیف جسٹس
لاہور: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے بطور چیف جسٹس اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ زیرالتوا مقدمات کا بوجھ کم کرنا ہو گا، وکلا تیاری کرکے آیا کریں، التوا سے گریز کریں۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال کورٹ روم نمبر ایک میں پہنچے تو وکلاء کی جانب سے انہیں چیف جسٹس بننے پر مارکباد دی گئی۔ جس پر چیف جسٹس نے وکلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے وکلا کا ساتھ خوشی کا باعث ہے۔
نعیم بخاری نے کہا کہ میں آپ کی ریٹائرمنٹ کا انتظارکروں گا تاکہ آپ سے دوبارہ ملاقات ہوسکے، اس پر کمرہ عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔
انہوں نے کہا کہ ججز اور وکلاء ایک خاندان ہے، خوش قسمتی ہے ہماری بار بڑی زبردست ہے۔
پیٹرولیم بحران کیس، ڈی جی اوگرا سمیت دیگر ملزمان کو رہا کرنے کا حکم
لاہور: (ویب ڈیسک) پیٹرولیم بحران کے الزام میں گرفتار ڈی جی اوگرا سمیت دیگر ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں پیٹرولیم بحران کے الزام میں گرفتار ڈی جی اوگرا سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق ڈائریکٹر جنرل اوگرا ڈاکٹر شفیع الرحمان سمیت 4 ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور کر لیں۔
ممبر آئل اوگرا ڈاکٹر عبداللہ ملک، ڈائریکٹر آئل مارکیٹنگ کمپنی ندیم بٹ، ریسرچ آفیسر وزارت انرجی پیٹرولیم ڈویژن عمران علی ابرو کی درخواست ضمانت منظور کی گئی ہیں۔
عدالت نے ملزمان کو 5، 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا ہے۔ جسٹس صفدر سلیم شاہد نے درخواست ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پیٹرول بحران کے الزام میں درج مقدمہ میں ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
ملزمان پر باہمی ملی بھگت سے غیر قانونی پیٹرولیم مارکیٹنگ لائسنس، ناجائز پیٹرولیم امپورٹ کوٹہ اور غیر قانونی پیٹرولیم امپورٹس کی خریدوفروخت سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے اور اس سے کمائے جانے والے اربوں روپے کے ناجائز دھن کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا بڑا اقدام، عوام اب گھر پر خود ہی کورنا ٹیسٹ کرسکیں گے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا بڑا اقدام، عوام کو کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے اسپتالوں، سینٹروں سے نجات، اب گھر بیٹھ کر خود ہی ٹیسٹ کرسکیں گے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق عوام کو اپنا کورونا ٹیسٹ کے لیے اوور دی کاؤنٹر کٹ فروخت کی اجازت ہوگی، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسز پر کورونا ٹیسٹ کٹ دستیاب ہوگی، اب شہری گھر پر ہی کورونا ٹیسٹ کرسکیں گے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف کی کارروائی، منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
غیر ملکی ائیرلائن کے ذریعے اسلام آباد سے دوہا جانیوالے مسافر شاہ زیب حسن سے 850 گرام چرس برآمد کر لئے۔ برآمد شدہ چرس اخروٹوں کے اندر مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ گرفتار ملزم کے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
علی زیدی کا امریکی سیکرٹری ٹرانسپورٹ کیساتھ ویڈیو کانفرنس میں ٹرانسپورٹیشن سمیت امور پر تبادلہ خیال
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی اور امریکی سیکریٹری ٹرانسپورٹ پیٹ بٹگیگ کے مابین ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹیشن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانفرنس میں امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر، سی ای او پی آئی اے سمیت سیکرٹری میری ٹائم افیئرز، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ اور دیگرشریک ہوئے۔ وفاقی وزیر نے امریکی بندرگاہوں پر پاکستانی بحری جہازوں کو درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور درخواست کی کہ کراچی میں امریکی قونصل خانے میں ایک ونڈو وقف کی جائے جس کے قیام سے سی فیررز کے ویزوں کی کارروائی کم وقت میں کی جا سکے گی۔
اس موقع پر امریکی سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، کانفرنس میں امریکہ اور پاکستان کی بندرگاہوں کے درمیان ممکنہ شراکت داری اور سسٹر پورٹ کے معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی، فریقین نے مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا، امریکی سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے دورہ پاکستان کی دعوت کو خوش دلی سے قبول کرلیا۔
محکمہ زراعت کے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں: پرویز الہٰی
لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت، واٹر مینجمنٹ کے ملازمین کی تنخواہ اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے محکمہ زراعت کے واٹر مینجمنٹ ونگ کے پروجیکٹ ملازمین کے 1362 رکنی نمائند ہ وفد نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک میں روزگار کا پہلے ہی مسئلہ ہے، نئے ملازمین بھرتی کرنے کی بجائے پرانے تربیت یافتہ ملازمین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہئے، ملازمین کو محکمہ زراعت کے نیشنل پروگرام فار امپروومنٹ واٹر کورسز II میں منتقل کر دیا جائے، اس طرح کی غلطی دوبارہ نہ کریں، جب راولپنڈی میں ڈینگی آیا تو پرانے ملازمین کو فارغ کر کے نئے افراد بھرتی کئے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جن میں تجربے کی کمی تھی، جس کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہوا، حکومت محکمہ زراعت، واٹر مینجمنٹ کے پرانے تجربہ کار ملازمین کی تنخواہ اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
اٹارنی جنرل کا خط زیر سماعت مقدمے پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے: شہباز شریف
لاہور: (ویب ڈیسک) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اٹارنی جنرل کی جانب سے نوازشریف کی واپسی سے متعلق لکھے گئے خط کا جواب دے دیا۔
نواز شریف کے معاملہ پر بیان حلفی کا معاملہ ،شہباز شریف نے جوابی خط میں کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے اٹارنی جنرل نے خط وفاقی کابینہ کی ہدایت پر لکھا، یہ شریف خاندان کے میڈیا ٹرائل اور زیر سماعت مقدمےپر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے، ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔ بیان حلفی کی ایک بھی خلاف ورزی نہیں کی۔ معاملہ پر ہائی کورٹ کے فیصلہ کے مندرجات کو نہیں دیکھا گیا۔ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اٹارنی جنرل نے میرے بیان حلفی کا آخری پیرا کیوں نہیں دیکھا۔
انہوں نے خط میں مزید کہا کہ مجھے یقین ہے یہ خط سیاسی مقاصد اور متعلقہ قوانین نظرانداز کرکے لکھا گیا ، اس میں میڈیکل بورڈ کے قیام کے عمل ،کارروائی اور سفارشات کو نظر انداز کیا گیا، معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جس کے باعث اٹارنی جنرل کا خط توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔