All posts by Khabrain News

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل کو نسلی عصبیت کا مرتکب قرار دیدیا

لندن: (ویب ڈیسک) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل کو نسلی عصبیت کا مرتکب قرار دے دیا۔ 2 سو سے زائد صفحات پر مشتمل رپورٹ میں اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم کو بے نقاب کیا۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے211 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر غاصبانہ نظام مسلط کر رکھا ہے، فلسطینی شہری اسرائیلی انتظامیہ کے ہاتھوں غاصبانہ رویہ کا شکار ہیں، صیہونی ریاست نے فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا رکھی ہے جبکہ دہائیوں سے بیرون ملک مہاجر کیمپوں میں مقیم مہاجرین کو واپس نہیں آنے دیا جاتا اور ان کی زمینوں پر زبردستی قبضے کیے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں اسرائیل کو انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے غاصب صیہونی ریاست کے خلاف اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خواجہ سرا ڈاکٹر سارا گل کو جناح ہسپتال میں نوکری مل گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ کی ہدایت پرملک کی پہلی خواجہ سرا ڈاکٹرسارا گل کوجناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں ہاؤس جاب کا آرڈردےدیا گیا۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ کو ڈاکٹرسارا کو فوری ہاؤس جاب دینے کی ہدایت کی تھی۔
ڈاکٹر سارا ملک کی پہلی خواجہ سرا ڈاکٹر ہیں جنہیں جے پی ایم سی میں ہاؤس جاب کی ملازمت دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کی حکومت خواجہ سرا ؤں کو ہرشعبے میں آگے لانےاورعزت و احترام دلانےکےلیے اقدامات کررہی ہے۔
ڈاکٹر سارا گل نےایگزیکٹیو ڈائریکٹرجے پی ایم سی پروفیسر شاہدرسول سےملاقات میں ہاؤس جاب آرڈر وصول کیا۔

کراچی کنگز کے محمد عامر انجری سے صحت یاب

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 7 میں کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ہمسٹرنگ انجری سے نجات پالی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے ہائی پرفارمنس سینٹر گراؤنڈ میں منعقدہ پریکٹس سیشن کے دوران انجری میں مبتلا ہونے والے محمد عامر نے بھرپور انداز سے بولنگ کرکے اپنی فٹنس ثابت کی۔
مشق کے دوران محمد عامر فٹ نظر آئے اور بہترین بولنگ بھی کی اس موقع پر کراچی کنگز کی ٹیم نے بھی اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوششیں کیں۔

طالبان کی قید میں اسلام قبول کرنے والے آسٹریلوی لیکچرار کا افغانستان جانے کا اعلان

سڈنی: (ویب ڈیسک) تین سال تک طالبان کی قید میں رہنے والے آسٹریلوی لیکچرار نے حکومت کی مدد کرنے کے لیے افغانستان جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے لیکچرار ٹموتھی ویکس تین سال طالبان کی قید میں رہنے کے بعد اہم کمانڈرز کی رہائی کے بدلے آزاد ہوئے تھے۔
قید کے دوران ٹموتھی نے اسلام قبول کرکے اپنا نام جبرائیل عمر رکھ لیا تھا۔ قید سے آزادی ملنے کے بعد سے وہ آسٹریلیا میں ہی مقیم ہیں تاہم اب انھوں نے طالبان حکومت کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں آسٹریلوی لیکچرار کا کہنا تھا کہ میں افغانستان کے بچوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتا ہے میں ان کی تعلیم کے لیے حکومت کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔
آسٹریلوی لیکچرار نے سکھ برادری سے افغانستان واپس آنے کی اپیل بھی کی اور ایک سابق رکن اسمبلی نریندر سنگھ خالصہ کی طالبان وزیر سراج الدین حقانی سے ملاقات بھی کرانے کا دعویٰ کیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی لیکچرار کو 2016 میں کابل یونیورسٹی کے دروازے سے اغوا کیا گیا تھا جب کہ 2019 میں انس حقانی اور خلیل حقانی کے رہائی کے بدلے آزادی ملی تھی۔

آرمی چیف سے ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ اور کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ اور پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور سپہ سالار سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی اور مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں روابط کے مختلف منصوبوں بالخصوص تاپی منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے افغان صورتحال، علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری طرف پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر نے بھی جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امور اور افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
آرمی چیف نے شمالی علاقہ جات میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کینیڈین ہائی کمشنر کی کوششوں کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے، پاکستان کینیڈا کے ساتھ طویل مدتی اور ملٹی ڈومین پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔

وہ وقت دور نہیں جب عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کےمقدمے چلیں گے،احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کا کہنا ہے کہ وہ وقت دورنہیں جب عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کے مقدمے چلیں گے۔
میڈیا سے گفتگومیں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔عمران نیازی کو پتا نہیں ملک کیسے چلانا ہے اورسفارتکاری کیسے چلانی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وہ وقت دورنہیں جب عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کے مقدمے چلیں گے۔ قوم پوچھتی ہے سوا لاکھ انکم ٹیکس سے ایک کروڑ پرکیسے پہنچے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ثاقب نثار سے بھی پوچھنا چاہتا ہوں جو اپنے ٹیکس اور تحفوں کا حساب نہ دے سکے آپ نے کیسے اسے صادق اورامین قراردیا۔
سپریم کورٹ نے بلدیاتی نمائیدوں کو بحال کیا لیکن عثمان بزدار اور عمران خان نے 7ماہ میں بھی فیصلوں پرعمل نہ کیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بے توقیری کرنے والے لوگوں سے حساب لینا چاہئیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کے انقلاب کو تہس نہس کردیا گیا۔ 2017 میں چین سے 40 ارب کی پرائیوٹ انوسٹیمنٹ آنا تھی اب چین کے سامنے کشکول اٹھانے جارہا ہے۔ جوآئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کی بات کرتا تھا اس نے نیشنل بینک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔

پی ایس ایل7: ملتان سلطانز کا اسلام آباد کو جیت کیلئے218 رنز کا ہدف

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 218 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔
ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 217رنز بنائے ، ٹِم ڈیوڈ 29 گیندوں پر 71رنز بناکر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں فارم میں ہیں، جس طرح ٹورنامنٹ جا رہا ہے ہمارے لیے اچھا ہے، دیکھا جائے گا کہ کون میچ جیتےگا۔
ملتان سلطانز کےکپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ جو اچھی کرکٹ کھیلتا ہے اس کو ٹاس کی فکر نہیں ہوتی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں ایلکس ہیلز، پال اسٹرلنگ ، رحمان اللہ گرباز اور مدثر خان، کپتان شاداب خان ، آصف علی، اعظم خان، فہیم اشرف، محمد وسیم ، حسن علی اور مرچنٹ ڈی لینگ شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان کے علاوہ شان مسعود، صہیب مقصود، ٹِم ڈیوڈ، رائیلی روسو ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، انور علی ، عباس آفریدی ، رومان رئیس اور عمران طاہر شامل ہیں۔

ملکہ برطانیہ کا تیار کردہ ٹماٹو کیچپ اور براؤن سُاس مارکیٹ میں دستیاب

لندن: (ویب ڈیسک) 95 سالہ ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم نے اپنی مخصوص ریسیپی سے تیار کردہ ٹماٹو کیچپ اور براؤن ساس مارکیٹ میں متعارف کرادیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی صحت اور غذا کا نہایت خیال رکھنے والی 95 سالہ ملکہ برطانیہ نے مارکیٹ میں اپنا تیار کردہ ٹماٹو کیچپ اور براؤن ساس متعارف کرادیا ہے تاہم اس کی قیمت مارکیٹ میں پہلے سے دستیاب برانڈز سے کہیں زیادہ ہے۔
کیچپ اور براؤن سُاس کی بوتل پر لکھا ہے کہ ایک شاندار گھرانے کا پسندیدہ ٹماٹر سے بھرا ہوا اور ہلکا مسالے دار یہ کیچپ لذت بخش ہے جب کہ براؤن سُاس کو کھجور، سیب کے رس اور مسالوں سے ذائقہ دار بنایا گیا ہے۔
ملکہ برطانیہ کی مخصوص ریسیپی سے تیار کردہ ٹماٹو کیچپ اور سُاس نورفولک کے شاہی محل سینڈرنگھم میں فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ یہ وہ محل ہے جہاں ملکہ کرسمس کی تعطیلات گزارنا پسند کرتی ہیں۔
ملکہ ایلزتھ دوم کی تیار کردہ 295 گرام کیچپ کی قیمت £6.99 ہے جب کہ سب سے مقبول برانڈ کی قیمت 460 گرام کے لیے صرف 60p ہے۔ قیمتوں میں کافی فرق کے باوجود شہری ملکہ برطانیہ بنائے گئے برانڈز کو خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کھانے کی میز یا کیچن میں کیچپ اور سُاس کی ایسی بوتل کی موجودگی ہی قابل فخر ہے جس پر شاہی خاندان کی مہر لگی ہو

مجرم اور لندن بھاگے شخص کیلئے سپریم کورٹ بار عدالت چلی گئی: وزیراعظم

بہاولپور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چور، مجرم اور لندن بھاگے شخص کے لیے سپریم کورٹ بار عدالت چلی گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر خسرو بختیار نے بھی خطاب کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر بہاولپور ڈویژن کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں صحت کارڈ تقسیم کرکے پروگرام کا باقاعدہ اجرا کیا۔ قومی صحت کارڈ کا اجراء خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، ضلع تھر پارکر، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں کیا جا چکا ہے۔ بہاولپور ڈویژن میں شامل اضلاع رحیم یار خان، بہاولپور اور بہاولنگر کے ایک کروڑ 5 لاکھ سے زائد افراد کی شمولیت کے بعد پنجاب میں قومی صحت کارڈ سے مستفید ہونے والے اہل گھرانوں اور افراد کی تعداد میں 63 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر اپوزیشن کو نشانے پر رکھا اور سپریم کورٹ بار پر بھی کڑی تنقید کی۔
عمران خان نے تاحیات نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ بار کی پٹیشن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عدالت میں جا کر کہےگی کہ دیکھیں ایک آدمی جو چوری کرکے ملک سے بھا گا ہواہے، مجرم ہے، جھوٹ بول کر باہر بھاگا ہے، اسے پھر سے موقع دینا چاہیے، پھر سےمیچ کھیلے، تو پھر چوری میں بری چیز کیا ہے؟ اگر آپ کو اس میں برائی نظر نہیں آتی تو بیچارے غریبوں کو جیلوں میں کیوں بند کیا ہوا ہے، ان کو سب سے پہلے کھول دیں، سپریم کورٹ بار اگلی پٹیشن یہ کرےکہ پاکستان میں جیل کھول دیں۔

اکشے نے سیف کو مجھ سے دور رہنے کا کیوں کہا تھا؟ کرینہ نے وجہ بتا دی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی سپر اسٹار کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل اکشے کمار نے سیف علی خان کو ڈرایا تھا کہ میں خطرناک لڑکی ہوں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور نے بھارتی مصنفہ ٹوئنکل کھنا کے یوٹیوب چینل پر اپنا انٹرویو ریکارڈ کرایا، اس دوران انہوں نے دلچسپ سوالات کے جواب دیے، اداکارہ نے اپنے شوہر سیف علی خان اور اکشے کمار کے بارے میں وہ باتیں بھی بتائیں جو اب تک کسی کو پتا نہیں تھیں۔
کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ 2008 میں ٹشن فلم کی شوٹنگ کے دوران اکشے کو اندازہ ہوگیا تھا کہ سیف اور میرے درمیان ایک دوسرے کے لیے دلی جذبات ابھر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا اکشے سیف علی خان کو فلم سیٹ کے کنارے پر لے گئے اور سیف کو خبردار کیا کہ سنو، دھیان سے چلو، کرینہ خطرناک خاندان سے تعلق رکھنے والی خطرناک لڑکی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اکشے کمار نے میرے شوہر کو ڈراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ تم غلط راستے پر نکل پڑے ہو جواب میں سیف نے کہا نہیں، نہیں میں جانتا ہوں کیسے کیا کرنا ہے۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ کی خوبصورت جوڑی کرینہ کپور اور سیف علی خان 2012 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی اور آج ان کے ہاں دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔