All posts by Khabrain News

اب زومبیز کے ساتھ کھانا کھائیں، سعودی عرب میں کھلا منفرد ریسٹورنٹ

ریاض: (ویب ڈیسک) ڈراؤنی فلموں کے شوقین لوگوں کے لئے سعودی عرب میں کھلا منفرد ہارر ریسٹورنٹ جہاں زومبیز اورچڑیلیں آنے والوں کا استقبال کرتے ہیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں کھولنے جانے والے منفرد ریسٹورنٹ میں کھانے کی میز پربھی انسانی کھوپڑیاں اورخون دکھائی دیتا ہے۔
ہوٹل کے کسٹمرز کوڈشزبھی ہارر تھیم کی پیش کی جاتی ہیں اور ڈراؤنے کردار ہرمیز پرجاکرکھانے کھانے والوں کا استقبال کرتے ہیں۔
ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ ہارر ریسٹورنٹ کھولنے کا مقصد عوام کومنفرد انداز کی تفریح کے ساتھ کھانا فراہم کرنا ہے۔ زومبیز اورچڑیلوں کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں کو خصوصی تربیت دی گئی ہے اوران کے لئے خصوصی کاسٹیومزبنوائے گئے ہیں۔
ریاض کا ہارر ریسٹورنٹ عوام میں مقبولیت حاصل کررہا ہے اورسوشل میڈیا پربھی اس کے چرچے ہیں۔

22 ہزار 500 جی بی کی ہارڈ ڈسک پیش کردی گئی

کیوپرٹینو، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ہارڈ ڈسک بنانے والی مشہورِ زمانہ کمپنی ’سی گیٹ‘ نے 22 ٹیرابائٹ (22,528 گیگابائٹ) گنجائش والی ہارڈ ڈرائیو کی محدود پیمانے پر فروخت شروع کردی ہے۔
ویب سائٹ ’ٹامز ہارڈویئر‘ کے مطابق، 22 ٹیرابائٹ ہارڈ ڈرائیو کی فروخت کا آغاز صرف چند صارفین سے کیا گیا ہے تاہم یہ جلد ہی بڑے پیمانے پر فروخت کےلیے دستیاب ہوگی؛ اور اس کی قیمت کا اعلان بھی اسی وقت کیا جائے گا۔
سی گیٹ کا کہنا ہے کہ روایتی مقناطیسی ہارڈ ڈسک میں پہلے سے زیادہ ڈیٹا سمونے کےلیے ’سنگلڈ میگنیٹک ریکارڈنگ‘ (ایس ایم آر) ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
اس طرح 20 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈسک میں 22 ٹیرابائٹ ڈیٹا کامیابی سے محفوظ کیا گیا ہے۔
سرِدست بازار میں زیادہ سے زیادہ 20 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈرائیوز دستیاب ہیں جو بالترتیب سی گیٹ کی ’’آئرن وولف پرو‘‘ اور ویسٹرن ڈیجیٹل کی ’’ڈبلیو ڈی گولڈ‘‘ ہیں جبکہ ان دونوں کی قیمت 600 ڈالر سے زیادہ ہے۔
لہذا یہ توقع کی جاسکتی ہے ک سی گیٹ کی 22 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈرائیو بھی اچھی خاصی مہنگی ہوگی۔
واضح رہے کہ سی گیٹ کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے کہ وہ 2023 تک 30 ٹیرابائٹ، 2026 تک 50 ٹیرابائٹ، اور 2030 تک 100 ٹیرابائٹ گنجائش والی ہارڈ ڈسک ڈرائیوز فروخت کےلیے پیش کردے گی۔

کووِڈ 19 اور زکام کی ’مشترکہ ایم آر این اے ویکسین‘ 2023 تک تیار ہوجائے گی

کیمبرج، میساچیوسٹس: (ویب ڈیسک) امریکی ادویہ ساز ’موڈرنا‘ کے تحت کووِڈ 19 اور زکام کی مشترکہ ویکسین پر کام جاری ہے جو 2023 کے اختتام یا 2024 کے آغاز تک فروخت کےلیے پیش کردی جائے گی۔
موڈرنا کی تیار کردہ کووِڈ 19 ویکسین کی طرح یہ بھی ایم آر این اے ویکسین ہوگی۔ البتہ سال بھر میں اس کی صرف ایک خوراک ہی کافی رہے گی۔
واضح رہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کے باعث ماہرین کو توقع ہے کہ کووِڈ 19 کی عالمی وبا بہت جلد نزلہ زکام کی طرح مقامی اور موسمی بیماری میں تبدیل ہوجائے گی جو سال میں ایک سے دو مرتبہ ہی شدت اختیار کرے گی۔
لہذا، جس طرح موسمی نزلے اور زکام سے بچاؤ کےلیے سالانہ فلو ویکسین دی جاتی ہے، اسی طرز پر مستقبل میں بھی زکام اور کووِڈ 19 سے بچاؤ کی مشترکہ ویکسین دی جاسکے گی۔
موڈرنا کے سربراہ اسٹیفان بینسل نے پچھلے سال بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی کمپنی بہت جلد زکام اور کووِڈ 19 کی مشترکہ ویکسین بنانے کےلیے کام شروع کردے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین صرف ایک خوراک پر مشتمل ہوگی جو بوسٹر ڈوز کی طرح سال میں ایک بار صرف ان ہی لوگوں کو دی جائے گی جو کمزور ہیں اور جنہیں ہر سال ایک خاص موسم میں نزلہ زکام وغیرہ میں مبتلا ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
حالیہ ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں اسٹیفان بینسل نے بتایا کہ مذکورہ ویکسین پر تیزی سے کام جاری ہے اور 2023 کے اختتام تک یا پھر زیادہ سے زیادہ 2024 کے ابتدائی مہینوں تک پیش کردی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موڈرنا وہ پہلی فارماسیوٹیکل کمپنی ہوگی جو زکام اور کووِڈ 19 کی مشترکہ ویکسین پیش کرے گی، جس کےلیے وہ جدید ترین ’ایم آر این اے‘ ٹیکنالوجی استعمال کریں گے۔

ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا: میڈیکل رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کروائی۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ 3 صفحات پر مشتمل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف انجیو گرافی کے بغیر لندن سے نہ جائیں، ذہنی دباؤ میں نواز شریف کی طبیعت مزید بگڑ سکتی ہے، کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف شدید دباو میں ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف دل کے مریض ہیں، کورونا کے سبب نواز شریف کو سانس کا مسئلہ ہو سکتا ہے، نواز شریف انجیو گرافی تک اپنی ادویات جاری رکھیں، سابق وزیراعظم ذہنی دباؤ کے بغیر سرگرمیاں جاری رکھیں، نواز شریف دل کے مریض ہیں، کورونا کے باعث جان بھی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر فیاض نے کہا کہ کوئی سوال ہو تو مجھ سے رابطہ کیا جائے۔

موقع ملا تو پاکستان کا وزیر خارجہ بنوں گا، شاہنواز دھانی

نیوزی لینڈ: (ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باولر شاہنواز دھانی نے وزیر خارجہ بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں سب کہتے تھے کہ شاہنواز دھانی ہماری ٹیم کا وزیر خارجہ ہے۔ میں ورلڈکپ میں بھی کافی کرکٹرز سے ملا۔ ایم ایس دھونی اور راشد خان سے بھی ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ٹیم ہارتی تھی میں ان کے کھلاڑیوں سے جا کر ملتا تھا۔ اگر موقع ملا تو ضرور پاکستان کا وزیر خارجہ بنوں گا۔
پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے شاہنوازدھانی کا ایک انٹرویو شیئر کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ہو یا پاکستان کی نمائندگی میں اسی مسکراہٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کرکٹر کی زندگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے لیکن میں ہمیشہ اسی مسکراہٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلوں گا کیونکہ لوگ مجھے ایسے ہی پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اپنے علاقے کے بچوں کے لیے اکیڈمی اور گراونڈز کھولنے کا پلان بنایا ہے تاکہ ٹیلنٹڈ بچے آگے آ کر ملک کا نام روشن کرسکیں۔ پی ایس ایل نئے آنے والے کھلاڑیوں کے لیے زبردست پلیٹ فارم ہے جہاں انہیں پرفارم کرنے کا پورا موقع ملتا ہے۔
اپنے منفرد انداز کی وجہ سے شہرت پانے والے شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ اس بار بھی پی ایس ایل میں جشن منانے کا نیا انداز دیکھنے کو ملے گا اور مداح اس کو ضرور پسند کریں گے۔

نیوزی لینڈ کی حکومت نے افغانستان میں پھنسی خاتون صحافی کو ملک واپس آنے کی اجازت دے دی

نیوزی لینڈ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کی حکومت نے خاتون صحافی شارلٹ بیلس کو ملک واپس آنے کی اجازت دے دی ہے، جنھیں طالبان نے پناہ دینے کی پیشکش کی تھی۔
نیوزی لینڈ حکومت کے مطابق خاتون صحافی کے لیے قرنطینہ کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کی حکومت نے پینتیس سالہ شارلٹ کی وطن واپس آنے کی درخواست کورونا پابندیوں کے باعث مسترد کر دی تھی۔ جس کے بعد خاتون رپورٹر کو طالبان نے پناہ دی۔
نیوزی لینڈ کے ڈپٹی وزیر اعظم گرانٹ روبرٹسن نے اس تاثر کو رد کیا کہ حکومت نے اس معاملے پر توجہ صرف اس لیے دی کیونکہ سوشل میڈیا پر اس کیس کے حوالے سے ان کی حکومت پر تنقید کی جا رہی ہے۔
نیوزی لینڈ میں حکومت کے کووڈ رسپانس کے وزیر کرس ہپکنز کا کہنا ہے کہ شارلٹ جیسے لوگوں کے لیے خاص حالات میں استثنیٰ کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ خاتون صحافی نے اپنے اخبار میں ایک طویل اداریہ شائع کیا تھا جس میں انہوں نے اپنے مسائل کے بارے میں آ گاہ کیا اور بتایا کہ ان کا اپنا ملک ان کی مدد نہیں کر رہا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ستمبر میں افغانستان سے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچیں تھیں جب انہیںاپنے حاملہ ہونے کا معلوم ہوا۔ لیکن وہ اس صورتحال میں قطر نہیں رہ سکتی تھیں، اس لیے انہیں افغان طالبانوں سے مدد طلب کرنی پڑی۔ کیونکہ نیوزی لینڈ کیونکہ کیوی حکومت نے کورونا کی وجہ سے اپنے ملک کے دروازے بند کر دیے تھے۔

ہم کسی سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینا نہیں چاہتے، مولانا فضل الرحمان

چمن: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم کسی سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینا نہیں چاہتے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے معاشی لحاظ سے ملک کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے اور ہم حکمرانوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، یہ وطن ہمارا ہے اس کا دفاع کریں گے۔
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو کمزور کر دیا گیا ہے اور ہم کسی سے وفاداری کا سرٹیفیکٹ لینا نہیں چاہتے۔ پاکستان کو غلامی کے طرف لے جایا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے انہوں نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا جبکہ 74 سالوں میں نوکریوں کی کل تعداد ایک کروڑ تک نہیں پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ اس ناکام حکومت کے ہوتے ہوئے کون یہاں سرمایہ کاری کرے گا ؟ یہ عوام کے نمائندے نہیں اس لیے دنیا ان سے تعاون نہیں کر رہی۔ 70 سالہ چینی دوست کو لات ماری گئی اور اسٹیٹ بینک بھی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے کنٹرول میں چلا گیا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ جب ہم آئیں گے تو تم بھاگ جاؤ گے۔ برطانیہ ہندوستان سے گیا تو کشمیر کا مسئلہ چھوڑ کر گیا اور اب وفاق المدارس کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لوگوں سے روزگار چھینا جا رہا ہے۔

روس میں کالی برفباری نے سب کو حیران کر دیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس میں ہونے والی کالی برفباری نے سب کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برفباری کا سن کر ہمارے ذہنوں میں ایک سفید برفیلا اور اجلا ہوا سا منظر آ جاتا ہے جہاں چاروں طرف موجود چیزیں سفید چادر اوڑھ لیتی ہیں تاہم ایک برفباری ایسی بھی ہے جس میں یہ منظر سفید نہیں بلکہ اس کی متضاد کالا دکھائی دیتا ہے۔
ہمیں برفباری کے ساتھ سفید لکھنے کی کبھی نوبت نہیں آتی اور اگر کسی بھی علاقے میں برفباری ہو تو ہم کہتے ہیں کہ فلاں علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے لیکن روس کا ایک ایسا شہر بھی ہے جہاں برفباری کے ساتھ لکھا بھی جاتا ہے کہ سفید تھی یا کالی۔
دنیا کے 2 خطے ایسے ہیں جہاں برفباری 2 متضاد رنگوں کی ہوتی ہے، ایک سفید اور دوسری کالی۔ روس کے خطے مگاڈن میں موجود متعدد علاقوں میں اس سال بھی موسمِ سرما میں سیاہ برفباری ہوئی۔
اسی طرح سائبیریا میں بھی عام برفباری کے ساتھ ساتھ کالے رنگ کی بھی برفباری ہوتی ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں ایسا کیوں ہوتا ہے ؟ دراصل روس میں کوئلے سے چلنے والے پرانے واٹر ہیٹنگ پلانٹس ہیں جہاں نامیاتی مادوں کے نامکمل احتراق سے کاربن ذرات بڑی مقدار میں خارج ہوتے ہیں اور پھر آس پاس کے مقامات میں بالکل برفباری کی طرح گرتے ہیں۔ اور کالی برفباری کا منظر پیش کرتے ہیں۔

شبانہ اعظمی کو کورونا ہو گیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ اور جاوید اختر کی اہلیہ شبانہ اعظمی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
جس کی تصدیق شبانہ اعظمی نے خود اپنے انسٹاگرام کے ذریعے کی، انہوں نے لکھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
انہوں نے درخواست کی کہ ان دنوں جن افراد سے انہوں نے ملاقات کی وہ احتیاطی چور پر اپنا ٹیسٹ کرا لیں۔
جس پر کئی نامور شخصیات سے انہوں کمنٹ میں جلد صحت یابی کی دعا دی، پروڈیوسر بونی کپور نے لکھا کہ آپ جاوید اختر صاحب سے دور رہیے گا۔
یاد رہے 2020 میں جب انٹرویو کے دوران شبانہ اعظمی سے لاک ڈاون کے بارے میں سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے گھر کے اندر رہنا بہت مشکل ہے، لیکن جاوید کو اس کی عادت ہے کیونکہ جب وہ لکھتے ہیں تو خود کو قرنطینہ کر لیتے ہیں۔ لیکن لاک ڈاون سے یہ فائدہ ہوا کہ ان دونوں نے ایک ساتھ بہت وقت گزارا۔
شبانہ اعظمی، کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘راکی ​​اور رانی کی پریم کہانی’ میں نظر آئیں گی جس میں رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ، دھرمیندر اور جیا بچن بھی شامل ہیں۔

‘شاہ محمود کی تقریر سینیٹ کی توہین، یہ وزیر خارجہ کے معیار کی تقریر نہیں’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی تقریر سینیٹ کی توہین ہے، یہ وزیر خارجہ کے معیار کی تقریر نہیں تھی۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے شاہ محمود کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو ایوان کے اندر جواب دوں گا، جب میں اسپیکر تھا یہ میرا پارلیمانی لیڈر تھا، محترمہ نے مجھے کہا تھا کہ اسے کچھ سکھاؤں، یہ آج مجھے سکھانے آئے تھے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملتان میں اگر شاہ محمود کو بچوں نے تنگ کیا ہے تو ان سے پوچھوں گا، استعفیٰ منظور کرنا نہ کرنا پارٹی کا صوابدید ہے، اگر ہم چاہتے تو شاہ محمود صرف اپنی جماعت کو تقریر سناتے، ہماری اکثریت تھی اگر ہم چاہتے تو وزیر خارجہ کی تقریر نہ ہوتی، اگر ہم اٹھ کر چلے جاتے تو کس کو سناتے، یہ ہماری مہربانی ہے ہم نے انہیں بولنے دیا۔