کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وہ خواب جو مل کر دیکھے تھے، ان کے پورا ہونے کا وقت آگیا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے دیے جانے والے فیصلے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا ہے۔
کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس تاریخی موقع پرتمام کارکنان کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے لیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی جدوجہداختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ صرف شہری نہیں، ہرعلاقے کی فتح ہے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ این ایف سی پر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی جھوٹ بول رہی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ 29 اگست 2016 کو قانون اسمبلی میں پیش ہوتے ہی ہم نے مخالفت کی اور عدالت سے رجوع کیا۔
All posts by Khabrain News
ڈاکٹر صاحب خط میں چند اہم چیزیں لکھنا بھول گئے، شہباز گل
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر صاحب اپنے خط میں چند اہم چیزیں لکھنا بھول گئے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کو لندن بلوایا اور اس ڈاکٹر سے معائنہ کرایا۔ جس کے بعد اپنی مرضی کا ایک خط بھی لکھوایا۔
انہوں نے کہا کہ کیا آپ کو لگتا ہے یہ مکاری اب اور چلے گی؟ ڈاکٹر صاحب اپنے خط میں چند اہم چیزیں لکھنا بھول گئے اور ڈاکٹر کو لکھنا چاہئے تھا کہ مریض کے دل کو خوش رکھنے کے لیے ان کو وزیر اعظم بنایا جائے۔
شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف کو دو تہائی اکثریت دلوائی جائے اور نواز شریف کو لندن میں 10 مہنگے اپارٹمنٹس لے کر دیئے جائیں۔ کیا ہمیشہ کی طرح یہ رام کہانی بھی ہندوستان نے لکھوا کر دی ہے ؟
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کا تعلق اصل میں ہندوستان سے ہے اور پریانکا چوپڑا کے مطابق ڈاکٹر کو بھی فلمیں بنانے کا شوق ہے۔
بنگلہ دیش میں کرکٹ پریکٹس کے دوران اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر اتر آیا
چٹاگانگ: (ویب ڈیسک) بنگلادیش پریمیئر لیگ فرنچائز ڈھاکا کی پریکٹس کے دوران اچانک اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر اتر آیا۔
اچانک اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر اتارنے کا واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب پریکٹس میں مصروف کرکٹرز نے ہیلی کاپٹر کو نیچے اترتے دیکھا تو وہ بھاگ کر سائیڈ پر ہوگئے، بعد ازاں معلوم ہوا کہ قریب میں واقع ڈسٹرکٹ کمشنر آفس میں کسی کی طبیعت اچانک بگڑنے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو بطور ایئرایمبولینس طلب کیا گیا تھا، جس سے ڈسٹرکٹ اسپورٹس ایسوسی ایشن بھی آگاہ تھی۔
مقامی اسپورٹس آفیشل شہاب الدین شمیم نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر نے گراؤنڈ کی غلط سائیڈ پر لینڈ کیا جہاں پلیئرز پریکٹس کررہے تھے،اسے دوسرے خالی مقام پر نیچے اترنے کو کہا گیا تھا۔
لانگ مارچ ملکی سیاسی تاریخ کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا: بلاول بھٹو زرداری
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ہمارا لانگ مارچ ملکی سیاسی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پہنچے جہاں پر مرتضیٰ محمود، علی محمود، عطا گیلانی ودیگر سے ملاقات ہوئی ۔
ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کے درمیان سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال اور لانگ مارچ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت عمران خان کی مقبولیت کا پول کھول کر رکھ دے گی، پی ٹی آئی حکومت لانگ مارچ سے گھبرا کر پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کے عوامی نمائندوں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈوں پر اتر آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کی جانب سے عمران خان حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ہوگی، 27 فروری کو مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام کے لشکر نکلیں گے اور اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
اداروں کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکے گی، اب تماشہ نہیں دیکھیں گے: وزیر خزانہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگ ٹیکس نہیں دیتے ہیں لیکن جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے ان تک پہنچ رہے ہیں۔
آٹومیشن آف کرنسی ڈیکلئریشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے دعویٰ کیا کہ اب ایسا نظام آئے گا کہ سرکاری اداروں کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکیں گے۔
ایف بی آر میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایف بی آر کو مکمل آٹومیٹڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسیشن اور فارن ایکسچینج پاکستان کی معیشت کے انتہائی اہم جز ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ فارن ایکسچینج کو بیرون ملک لے کر جانا اور لے کر آنا سے متعلق دستاویزات نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں انڈرانوائسنگ ہو رہی ہے اور انڈر انوائسنگ کے باعث ریونیو (محصولات) میں نقصان ہو رہا ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ کسٹم میں بھی سنگل ونڈو سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سامان چائنا سے آ رہا ہے اور انوائسنگ دبئی سے ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دال میں کچھ کالا ہے کہ سامان چائنا سے آئے اور انوائسنگ دبئی میں ہو۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ لوگوں نے دبئی میں کمپنیاں کھولی ہوئی ہیں جہاں سے انڈرانوائسنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوور انوائسنگ اور انڈر انوائسنگ دونوں خودکار نظام سے روکی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انرجی میں ٹرانسفر پرائسنگ کی روک تھام کریں گے۔
اپنے خطاب میں شوکت ترین نے استفسار کیا کہ کب تک ایسا چلے گا کہ مال چین سے آ رہا ہے اور ادائیگی دبئی میں ہو رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ اب ایسا نہیں چلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جن لوگوں نے کمپنیاں کھولی ہوئی ہیں انہیں روکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فارن ایکسچینج میں ہم نے بہتری لانی ہے، ایف آئی اے بہت اچھا اور ذمہ داری کے ساتھ کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے کام کررہے ہیں لیکن اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہم چپ کر کے تماشہ نہیں دیکھیں گے، تحقیقات کریں گے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا مئی میں انعقاد
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مئی میں ہوگا جبکہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت سے جلد از جلد تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، ممبران و سیکرٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری پنجاب مصروفیات ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہوسکے، اجلاس میں بلدیاتی آرڈیننس کو بلدیاتی ایکٹ میں تبدیل کرنے کا معاملہ زیر غور آیا۔ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مئی میں ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے پوچھا کہ پنجاب حکومت بتائے بلدیاتی انتخابات کتنے مرحلوں اور کن اضلاع میں پہلے بلدیاتی انتخابات کروائیں جائینگے، جس پر پنجاب حکومت نے جلد تمام تفصیلات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت سے جلد از جلد تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی، 22 مارچ کو حلقہ بندیوں کی اشاعت کے فوری بعد شیڈول کا اعلان کردینگے۔
نواز شریف کی جھوٹی رپورٹ، امید ہے عدالت سختی سے نوٹس لے گی: فواد
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جھوٹی رپورٹ جمع کروانے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا ۔ امید کرتا ہوں عدالت ان جعلی رپورٹوں کا سختی سے نوٹس لے گی۔
سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے ویر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قائد ن لیگ کے پاس سب سے آسان راستہ قوم کے پیسے واپس کریں اور لندن ہی رہیں، ان کا مسئلہ جھوٹی رپورٹ سے حل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی رپورٹ کا مقصد پاکستان کے قانونی نظام کا مذاق اڑانا ہے، رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو ہائیڈ پارک کے علاوہ کہیں بھی نہیں جانا۔ انہیں چاہیے قانونی طور پر کام کو سر انجام دیں۔ شریف فیملی جعلی رپورٹوں کے پلندوں کے بجائے قوم کے پیسے واپس کرے، ڈاکٹرشال امریکا میں رہتے ہیں، ڈاکٹرشال نے کہا نوازشریف کی حالت ایسی نہیں کہ ٹریول کرسکیں۔ امید کرتا ہوں عدالت ان جعلی رپورٹوں کا سختی سے نوٹس لے گی۔ اور ملکی وقار بحال کیا جائے گا۔
شہباز شریف اور اہل خانہ کے خلاف کیسز کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسران تبدیل
لاہور : (ویب ڈیسک) شوگر اسکینڈل کیس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور ان کے اہل خانہ کی مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسران کو تبدیل کر دیا گیا۔
معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کے استعفیٰ دینے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے نے معروف اور اہم ترین کیسز کی تحقیقات کرنے والے افسران کو تبدیل کردیا ان کیسز میں شوگر اسکینڈل اور منی لانڈرنگ کے کیسز شامل ہیں۔
تبدیل ہونے والوں میں جہانگیر ترین اور شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیسز کے تفتیشی افسر ان بھی شامل، مجموعی طور پرایف آئی اے میں 9 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے تبادلے کیے گئے۔ تبدیل ہونے والے افسران کی خدمات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ کراچی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
ایف آئی اے لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید علی مردان جو شہباز شریف حمزہ شہباز اور سابق ڈی جی بشیر میمن کے خلاف تحقیقات کرنے والی جی آئی ٹی کا بھی حصہ ہیں انہیں بھی تبدیل کیا گیا ہے جب کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عماد ارشد اور رانا فیصل بھی اہم کیسز کی تحقیقات میں شامل تھے اب وہ بھی تبدیل ہوگئے ہیں۔
باقی تبدیل ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز میں عبدالقیوم ، زوار احمد، شیراز عمر ، ندیم احمد ، صبغت اللہ خان بھی شامل ہیں۔ پوری ٹیم کو لاہور سے کراچی زون رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گیے ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ جب کیس حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور چالان بھی عدالت میں جمع کرائے جاچکے تو اس موقع پر افسران کی تبدیلی سمجھ سے بالاتر ہے۔
ملک کو غلامی کی طرف لے جایا جا رہا ہے: مولانا فضل الرحمان
چمن: (ویب ڈیسک) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو معاشی طور پر کنگال کردیا، آئی ایم ایف کے دباؤ پر پارلیمنٹ سے بل پاس کرایا گیا، ملک کو غلامی کی طرف لے جایا جا رہا ہے، سٹیٹ بینک براہ راست آئی ایم ایف کے کنٹرول میں چلا گیا۔
چمن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام کا کہنا تھا کہ امریکا چاہے گا پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات خراب ہوں، برطانیہ ہندوستان سے گیا تو کشمیر کا جھگڑا چھوڑ کر گیا تاکہ لڑائیاں ہوتی رہیں، برطانیہ عرب دنیا سے نکلا تو جاتے جاتے اسرائیل کا ناسور چھوڑ دیا۔ اسی طرح امریکا افغانستان سے نکلا تو ڈیورنڈ لائن کا تنازع چھوڑ گیا تاکہ کسی طریقے سے یہ دو دوست، دوست نہ رہیں، سرحدوں پر ہر ملک کا اپنا مؤقف ہوسکتا ہے لیکن سرحدوں کے تنازع پر جنگیں نہیں لڑی جاتیں اور یہ دور جنگوں کا ہے بھی نہیں، اگر ہم یہ جنگ لڑیں گے تو امریکا کی سازش کامیاب ہوگی، میں پاکستان اور افغانستان دونوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ ہمیں اپنے قدم اس جانب جانے سے روکنے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری خارجہ پالیسی نہیں ہے، خارجہ پالیسی اس وقت بنتی ہے جب آپ کی معیشت مضبوط ہو، لوگ آپ سے کاروبار کرنا چاہیں، دنیا کے مفادات آپ سے وابستہ ہوں، ایک کنگال ملک کے ساتھ کون بے وقوف ہوگا جو تجارت اور کاروبار کرے گا۔ کون بے وقوف ہوگا جو اس نالائق حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے ہوتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کرے گا اور جب چین نے سرمایہ کاری کی تو ان حکمرانوں کو ملک کے حوالے کردیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان میں 70 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، معاہدے ہوئے، سی پیک کے نام سے عظیم الشان تجارتی شاہراہ کی تعمیر شروع ہوئی، بجلی کی پیداوار بڑھی لیکن عوام کو وہ بجلی مہیا نہیں کی جاسکی۔ سی پیک منصوبہ روک دیا گیا ہے، چین پاکستان کا دیرینہ دوست تھا جس کی مثالیں دی جاتی تھیں، لیکن آج جب ہم نے دیکھا کہ دوستی معاشی دوستی میں تبدیل ہورہی ہے تو 70 سالہ دوستی کو لات مار کر بااعتبار دوست کی دوستی کو ٹھیس پہنچائی، اس طرح ملک نہیں چلا کرتے۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی پالیسی بنائی جارہی ہے تو پہلے تو یہ بتائیں کہ 74 سال تک ملک کی کوئی سلامتی پالیسی تھی اور اگر نہیں تھی تو جواب دیا جائے کیوں نہیں بنائی گئی، آج جب قومی سلامتی پالیسی بنائی جارہی ہے تو جب تک ملک معاشی لحاظ سے کمزور ہے تو سوال ہی پیدا نہیں کہ آپ سلامتی کی پالیسی بنائیں پہلے آپ کو اس ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط کرنا ہوگا۔ حکمرانوں نے پاکستان کو دیوالیہ کردیا ہے، معاشی لحاظ سے ملک کو کنگال کردیا گیا ہے، پاکستان میں پیسہ نہیں ہے، پارلیمنٹ میں اس وقت جو قانون سازیاں ہورہی ہیں ان میں پاکستان کو مالیاتی اعتبار سے عالمی قوتوں کا غلام بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان میں اگر قانون سازی ہوئی تو ایف اے ٹی ایف کی ہدایات کے مطابق ہوتی ہے، اگر آج منی بجٹ پاس ہوا تو آئی ایم ایف کے دباؤ پر منظور ہوا، ہم نے اپنے سٹیٹ بینک کو خودمختاری کے نام پر ملک کے کنٹرول سے باہر کیا اور آج وہ براہِ راست آئی ایم ایف کے کنٹرول میں ہوگا جہاں آپ کا اپنا بینک بھی آپ کی مدد نہیں کرے گا۔ یہی غلطی خلافت عثمانیہ نے کی تھی انہوں نے اپنے مرکزی بینک کو عالمی اداروں سے وابستہ کیا، پھر جب عثمانی خلافت پر مشکلات آئیں تو ان کے اپنے بینک نے انہیں قرضہ دینے سے انکار کردیا۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک کے حوالے سے قانون تو ابھی منظور ہوا لیکن جولائی سے 2019 سے سٹیٹ بینک نے حکومت کو ایک روپے کا قرض بھی نہیں دیا، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں 100 فیصد ڈالرز قرض کے رکھے ہوئے ہیں ہماری اقتصادی ترقی، کمائی کا ایک پیسہ بھی ہمارے بینکوں میں موجود نہیں ہے۔ ملک اس وقت تباہ ہوجاتے ہیں جب اس کی معیشت تباہ ہو، آج جو ہم ان حکمرانوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، بخدا ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی ہے، ملک کنگال ہے، پی ٹی آئی کہتی تھی حکومت آئے گی تو ایک کروڑ نوکریاں دینگے لیکن انہیں یہ معلوم نہیں کہ جب سے پاکستان بنا ہے ان 74 برسوں میں چھوٹے عہدے سے بڑے عہدے تک ملازمتوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ تک نہیں پہنچی۔
عثمان مرزا کیس ، کوئی عینی شاہد نہیں ملا: تفتیشی افسر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کرنے اور ویڈیو سکینڈل میں عثمان مرزا کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا ہے کہ تفتیشی عمل میں کوئی عینی شاہد نہیں ملا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ای الیون لڑکا لڑکی ویڈیو سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ، ملزم کے وکیل ملک جاوید اقبال وینس نے تفتیشی انسپکٹر شفقت محمود پر جرح کی ۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ متاثرہ لڑکے سے میری 4 مرتبہ اور متاثرہ لڑکی سے 3 بار ملاقات ہوئی، جب متاثرہ لڑکی سے تفتیش کے حوالے سے ملاقات ہوتی تھی تو ساتھ خواتین پولیس اہلکار بھی ہوتی تھیں، کمپلینٹ اور پہلے تفتیشی طارق زمان نے جو دفعہ 341 لگائی وہ غلط لگائی تھی، موبائل کمپنیز سے موبائل نمبرز کی اونرشپ کی تصدیق نہیں کرائی، وقوعہ سے پہلے اور بعد میں متاثرہ لڑکا لڑکی کا ملزم عثمان مرزا اور محب سے رابطہ نہیں تھا۔
شفقت محمود نے مزید کہا 16 نومبر سے 20 نومبر 2020 تک کبھی بھی متاثرہ لڑکی کی لوکیشن فیض آباد کی نہیں آئی، 18 نومبر 2020 کو لاہور سے اسلام آباد آنے کی متاثرہ لڑکی کی کوئی لوکیشن نہیں ہے، 16 نومبر سے 20 نومبر 2020 تک لڑکی کی لوکیشن اسلام آباد کی ہے، میں نے جائے وقوعہ سے ملنے والی پینٹنگز اور گلدان وغیرہ کی تفصیلات نقشے میں ظاہر نہیں کیں۔
تفتیشی افسر نے یہ بھی کہا کہ نقشے میں کہیں نہیں لکھا کہ فلیٹ کس فلور پر واقع ہے اور نہ یہ کہ بلڈنگ میں فلیٹس کی کُل تعداد کیا ہے، ایف آئی اے کو پولیس نے دو بار خط لکھا ہے کہ ویڈیو کس نے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی، پولیس ابھی ایف آئی ائے کے جواب کی منتظر ہے کہ سوشل میڈیا پر وڈیو کس نے ڈالی ۔
عدالت میں ایف آئی اے کو لکھے گئے خط والی بات نہیں بتائی گئی جبکہ کیس کی مزید سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔