All posts by Khabrain News

عثمان مرزا کیس ، کوئی عینی شاہد نہیں ملا: تفتیشی افسر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کرنے اور ویڈیو سکینڈل میں عثمان مرزا کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا ہے کہ تفتیشی عمل میں کوئی عینی شاہد نہیں ملا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ای الیون لڑکا لڑکی ویڈیو سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ، ملزم کے وکیل ملک جاوید اقبال وینس نے تفتیشی انسپکٹر شفقت محمود پر جرح کی ۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ متاثرہ لڑکے سے میری 4 مرتبہ اور متاثرہ لڑکی سے 3 بار ملاقات ہوئی، جب متاثرہ لڑکی سے تفتیش کے حوالے سے ملاقات ہوتی تھی تو ساتھ خواتین پولیس اہلکار بھی ہوتی تھیں، کمپلینٹ اور پہلے تفتیشی طارق زمان نے جو دفعہ 341 لگائی وہ غلط لگائی تھی، موبائل کمپنیز سے موبائل نمبرز کی اونرشپ کی تصدیق نہیں کرائی، وقوعہ سے پہلے اور بعد میں متاثرہ لڑکا لڑکی کا ملزم عثمان مرزا اور محب سے رابطہ نہیں تھا۔
شفقت محمود نے مزید کہا 16 نومبر سے 20 نومبر 2020 تک کبھی بھی متاثرہ لڑکی کی لوکیشن فیض آباد کی نہیں آئی، 18 نومبر 2020 کو لاہور سے اسلام آباد آنے کی متاثرہ لڑکی کی کوئی لوکیشن نہیں ہے، 16 نومبر سے 20 نومبر 2020 تک لڑکی کی لوکیشن اسلام آباد کی ہے، میں نے جائے وقوعہ سے ملنے والی پینٹنگز اور گلدان وغیرہ کی تفصیلات نقشے میں ظاہر نہیں کیں۔
تفتیشی افسر نے یہ بھی کہا کہ نقشے میں کہیں نہیں لکھا کہ فلیٹ کس فلور پر واقع ہے اور نہ یہ کہ بلڈنگ میں فلیٹس کی کُل تعداد کیا ہے، ایف آئی اے کو پولیس نے دو بار خط لکھا ہے کہ ویڈیو کس نے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی، پولیس ابھی ایف آئی ائے کے جواب کی منتظر ہے کہ سوشل میڈیا پر وڈیو کس نے ڈالی ۔
عدالت میں ایف آئی اے کو لکھے گئے خط والی بات نہیں بتائی گئی جبکہ کیس کی مزید سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔

مسلم کش فسادات کا ذمہ دار مودی کو ٹھہرانے والی صحافی کو زیادتی اور قتل کی دھمکیاں

ممبئی: (ویب ڈیسک) اپنی کتاب میں گجرات مسلم کش فسادات کا ذمہ دار اس وقت کے وزیراعلیٰ نریندر مودی کو قرار دینے والی خاتون صحافی رعنا ایوب کو بی جے پی کے غنڈوں کی جانب سے زیادتی اور قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
ٹویٹر پر مودی سرکار پر کڑی تنقید کرنے والی خاتون صحافی رعنا ایوب کو مبینہ حکومتی سوشل میڈیا ٹیم کے کارندوں کی جانب سے نہ صرف ہراساں کیا جا رہا ہے بلکہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔
صحافی تنظیموں اور سوشل میڈیا صارفین کے دباؤ پر ممبئی پولیس کے سائبر کرائم ونگ نے قتل اور زیادتی کی دھمکی دینے پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
انٹزنیشنل صحافی تنظیموں اور مسلم ارکان اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی دور حکومت میں اقلیتوں اور خواتین کو ہراساں کیا جا رہا ہے جس سے بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ بے نقاب ہوگیا۔
صحافی رعنا ایوب نے ’گجرات فائلز‘ نامی کتاب لکھی تھی جس میں 2002 میں گجرات میں ہونے والے مسلم کش فسادات کا ذمہ دا ر اس وقت کی بی جے پی حکومت کو ٹھہرایا تھا۔

امریکی صدر کا قطر کو ’غیر نیٹو اہم ترین اتحادی‘ کا درجہ دینے کا فیصلہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ قطر نیٹو اتحادی نہ ہونے کے باوجود امریکا کا ایک اچھا دوست اور قابل اعتماد ساتھی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امیرِ قطر تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی صدر جوبائیڈن کی دعوت پر امریکا پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں نے تاریخی ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی سیکیورٹی، افغانستان میں انسانی بحران اور مغربی ممالک کو توانائی کے ممکنہ بحران پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران امریکی صدر جوبائیڈن نے قطر کو امریکا کا اچھا دوست اور انتہائی قابل اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا وہ قانون ساز اسمبلی سے قطر کو غیر نیٹو اہم اتحادی کا درجہ دلوانے کا کہیں گے اور یہ بہت پہلے ہی ہوجانا چاہیئے تھا۔
غیر نیٹو اہم ترین اتحادی کا درجہ امریکا سے شاندار تعلقات کا طاقتور اظہار ہے جس کی بنیاد پر نیٹو اتحادی ممالک بھی اس درجے کے حامل ملک کو عزت اور حیثیت دیتے ہیں۔
اگر امریکی کانگریس قطر کو اہم ترین غیر نیٹو اتحادی کا درجہ دیتی ہے تو قطر کو امریکا سے خصوصی فوجی اور اقتصادی استحقاق حاصل ہوجائے گا اور امریکی اتحادی ممالک سے بھی تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔
قطر نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کی بحفاظت انخلا اور طالبان سے مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کا امریکا معترف ہے اور اب روس کے یوکرائن پر ممکنہ حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے توانائی کے بحران پر بھی امریکا کو مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ خلیجی ممالک میں کویت واحد ملک ہے جسے امریکا کا غیر نیٹو اہم ترین اتحادی کا درجہ حاصل ہے اور اب قطر دوسرا ایسا ملک ہوجائے گا۔

جاپان کا لڑاکا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اُڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوجانے والے لڑاکا طیارے کا ملبہ سمندر پر تیرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوماتسو ایئربیس سے پرواز بھرنے والے ایف-15 جیٹ طیارے کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوگیا تھا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بارہا کوشش کے باوجود طیارے کا رابطہ بحال نہ ہوسکا جس کے بعد سمندر میں طیارے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ کوسٹ گارڈ اور عینی شاہدین نے بتایا کہ سمندر کے بیچ آگ کے شعلے اور کسی بڑی چیز کو تیرتے دیکھا ہے۔
عینی شاہدین اور کوسٹ گارڈ کے بیان کی روشنی میں سرچ آپریشن ٹیم ہیلی کاپٹر اور غوطہ خوروں کے ہمراہ جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئے۔ ہیلی کاپٹر کو بھی سمندر کے بیچ بڑا ٹکڑا تیرتا ہوا نظر آیا ہے۔
جاپان کے ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے ترجمان نے بتایا کہ تربیتی پرواز پر مامور طیارے میں پائلٹ اور عملے کا ایک رکن موجود تھا جن کا اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

ہمارے ڈیفنس سسٹم نے ابوظہبی میں حوثیوں کے میزائل حملوں کو ناکام بنایا، امریکا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں حوثی باغیوں کے میزائل حملے کو ناکام بنانے کے لیے اپنا پیٹریاٹ دفاعی میزائل سسٹم استعمال کیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکی فورسز نے متحدہ عرب امارات میں حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے پیٹریاٹ دفاعی نظام کی بروقت کارروائی میں ناکارہ بنادیا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے مزید بتایا کہ حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کے دفاع میں یہ کارروائی متحدہ عرب امارات کی فورسز کے ساتھ مشترکہ طور پر کی گئی۔
پریس سیکریٹری جین ساکی کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیر دفاع کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کوحوثی باغیوں کیخلاف ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے احکامات دئیے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور مل کر کام کر رہا ہے۔ تمام خطرات کا متحدہ عرب امارات اور اس کے لوگوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

پی ایس ایل7: اسلام آباد یونائیٹڈ کا ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل 7 کے آٹھویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہنواز دزہانی اور عمران سینئر کی جگہ رومان رئیس اور انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔
یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے جیت کا تسلسل برقرار رکھیں، ہماری ٹیم نے نے اب تک بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔

آفریدی نے سکواڈ جوائن کرلیا، اگلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دستیاب ہونگے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا اینٹی جین ٹیسٹ منفی آگیا، انہوں نے سکواڈ جوائن کرلیا اور وہ اگلے میچ کے لئے ٹیم کو دستیاب ہونگے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سینئر کھلاڑی شاہد خان آفریدی 3 روزہ آئسولیشن مکمل نہیں کریں گے اور 3 فروری کو اسلام آباد سے ہونے والے میچ کیلئے ٹیم کو دستیاب ہونگے۔
انگلینڈ کے جیمز ونس اور جیسن رائے کل کراچی پہنچیں گے ، ونس کا ہوٹل میں اینٹی جین ٹیسٹ ہوگا ، منفی آنے کی صورت میں وہ 3 فروری کو اسلام آباد سے شیڈول میچ میں ٹیم کو دستیاب ہونگے ، جبکہ جیسن رائے کو 3 روز کا قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا اور اس دوران ان کا پی سی آر ٹیسٹ بھی ہوگا۔
ان ٹیسٹوں کےنتائج جلد معلوم ہو جاتے ہیں اور اس میں زیادہ سے زیادہ 30 منٹ کا وقت درکار ہوتا ہے، لیکن یہ نتائج RT-PCR ٹیسٹ کے مقابلے میں زیادہ درست نہیں ہوتے ہیں۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ اس ٹیسٹ سے تمام انفیکشن کا پتہ نہیں چلایا جا سکتا، لہٰذا اس بات کا امکان رہتا ہے کہ بعض افراد میں کوویڈ19 کا وائرس موجود ہو لیکن نتیجہ نگیٹو ہو۔
اِسی طرح اس بات کا امکان بھی ہوتا ہے کہ مذکورہ شخص کوویڈ 19 کے علاوہ کسی دوسرے وائرس سے متاثر ہوا ہو، مثلاً ایسا وائرس جو عام نزلہ کا باعث بنتا ہے، ایسی صورت میں بھی کوویڈ 19 کا ٹیسٹ پازیٹو ہو سکتا ہے ۔

آئی سی سی ایوارڈزسے دنیا کو پیغام دیا پاکستانی کرکٹرز کسی سے کم نہیں، مصباح الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورسابق ہیڈکوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ایوارڈز سے دنیا کوپیغام گیا کہ پاکستانی کرکٹرز کسی سے کم نہیں۔
لاہورکے باغ جناح میں انڈر19کالجیٹ کرکٹ چیمپئن شپ کے افتتاح پرمصباح الحق نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی کرکٹ ٹیموں کی آمد اورٹیسٹ کھیلنا بہت ضروری ہے۔ آسٹریلیا کے بعد انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کی ٹیموں کوبھی پاکستان آکرٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہئیے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی 24 سال بعد پاکستان آمد سے ٹیسٹ کرکٹ کے احیا اوراوراسے نوجوانوں میں مقبول بنانے میں مدد ملے گی۔ آسٹریلیا کے آنے سےدوسری ٹیموں کے پاکستان آنے کے لئے راستے کھلیں گے۔
مصباح الحق نے مزید کہا کہ یقین ہے پاکستان اورآسٹریلیا سیریز میں اچھی کرکٹ دیکھنے کوملے گی اورپاکستانی ٹیم اچھی پرفارمنس دے گی۔ جس طرح پاکستان کرکٹ کا گراف اوپرگیا ہے وہ ملک کی کرکٹ کے لئے اچھا ہے۔محمد رضوان، بابراعظم اورشاہین آفریدی کو آئی سی سی ایوارڈزملنے سے دنیا کوپیغام دیا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کسی سے کم نہیں۔ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہوں ۔ کریڈٹ کس کو مل رہا ہے اس سے فرق نہیں پڑتا اصل مقصد پاکستان کرکٹ کوبلندیوں پرلے جانا ہے۔

انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر تھا:الیکس ہیلز

کراچی: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز الیکس ہیلز نے کہا گذشہ اکتوبر انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر تھا۔
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹر الیکس ہیلز کہا کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان بہترین جگہ ہے، کورونا کے بعد پاکستان کا دورہ انگلینڈ بڑی قربانی تھی۔
انگلش بلے باز کا مزید کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈکپ سے پہلے مختصر دورہ کے لیے سکیورتی کو بہانہ بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ الیکس ہیلز چوتھی بار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اِن ایکشن ہیں اور وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔

فیروز خان نے اپنی پہلی ٹک ٹاک ویڈیو سے مداحوں کے دل جیت لیے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے اپنی پہلی ٹک ٹاک ویڈیو سے مداحوں کے دل جیت لیے۔
چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کو پاکستان میں بہت کم وقت میں پزیرائی ملی ہے۔ عام لوگوں کی طرح فنکاروں نے بھی ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنا لیے ہیں تاکہ وہ اپنے مداحوں سے اس پلیٹ فام پر جڑے رہے۔
فیروز خان کے ٹک ٹاک فالورز کی تعداد 69 ہزار سے زائد ہے۔ انہوں نے آج پہلی ویڈیو پوسٹ کی ہے جسے کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
ویڈیو میں فیروز خان ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو پر 11 ہزار سے زائد لوگوں نے کمنٹس کر کے اداکار کے اس اقدام کی تعریف کی ہیں۔