کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی اور مارننگ شو کی سابق میزبان نادیہ خان کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
چند روز قبل شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کو ان کی والدہ کی متنازع ویڈیو پر 50 ملین (5 کروڑ روپے ) کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تھا۔
شرمیلا فاروقی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیے گئے نوٹس میں کہا تھا کہ نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ہتک آمیز ویڈیو شائع کی ہے جس میں انہوں نے ان کی والدہ انیسہ فاروقی کی پرئیوایسی کی خلاف ورزی کی اور ان کی میک اپ لُک کا مذاق اڑایا۔
نوٹس میں شرمیلا فاروقی کی جانب سے نادیہ خان کو 15 دن کا وقت دیا گیا کہ وہ نہ صرف اپنے ریمارکس واپس لے بلکہ معافی بھی مانگے اور 50 ملین بطور معاوضہ ادا کرے۔
شرمیلا فاروقی کے ہتک عزت کے نوٹس کے جواب میں نادیہ خان نے بھی اپنے وکیل کے توسط سے شرمیلا فاروقی کو ان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس استعمال کرنے پر 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجاتھا۔
اب اس کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ شرمیلا فاروقی نے گزشتہ روز انسٹاگرام اسٹوری پر وفاقی محتسب کے نوٹس کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور بتایا کہ وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو اس کیس سے متعلق کسی بھی طرح کی بحث کرنے یا کیس پر تبصرہ کرنے سے روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل نادیہ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی سے تمسخر اڑانے والے انداز میں ان کے میک اپ کے بارے میں پوچھ رہی تھیں۔
شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے اپنے والدہ کے ساتھ رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’’بے شرم عورت‘‘ کہا تھا اور ان کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔
All posts by Khabrain News
احد رضا میر آج کل سجل علی کیساتھ کیوں نظر نہیں آتے؟ سجل نے بتادیا
کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ سجل علی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ آج کل احد رضامیر سجل علی کے ساتھ نظر کیوں نہیں آتے۔
احد رضا میر اور سجل علی کا شمار پاکستان کی مشہور جوڑیوں میں ہوتا ہے اور انہیں پسند کرنے والے مداحوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے۔
حال ہی میں سجل علی کی بہن صبور علی کی شادی اور سجل کی فلم ’’کھیل کھیل میں‘‘ کے پریمئر میں احد رضا میر کی غیر موجودگی نے دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبروں کو ہوا دی تھی۔
تاہم اب سجل علی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اس بات کی وضاحت دیتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ آج کل وہ اور احد ساتھ نظر کیوں نہیں آتے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے جب سجل سے سوال کیا جاتا ہے لوگ یہ پوچھتے ہیں کہ سجل کے ساتھ احد کیوں نظر نہیں آتے نہ فلم کے پریمئر پر نظر آئے اور نہ ہی کہیں اور۔ تو اس سوال کے جواب میں سجل کہتی ہیں کہ احد رضامیر اس وقت پاکستان میں نہیں ہیں اور کام کے سلسلے میں مصروف ہیں۔ اسی لیے وہ یہاں میرے ساتھ نہیں ہیں۔
سونے کی قیمت میں تیزی سے کمی آنے لگی
کراچی:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں تیزی سے کمی آنے لگی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 18 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 124950روپے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف سونے کی فی دس گرام قیمت میں 258 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 107124 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف چاندی کی فی تولہ قیمت میں استحکام ریکارڈ کیا گیا اور قیمت 1450 روپے برقرار رہی۔
امریکی ڈالر مزید سستا
کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 29 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 176 روپے 72 پیسے سے کم ہو کر 176 روپے 43 پیسے ہو گئی ہے۔
سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 299.82 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا تسلسل برقرار ہے، آج ایک مرتبہ پھر 100 انڈیکس 299.82 پوائنٹس بڑھ کر 45674.50 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران 0.66 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 53 لاکھ 94 ہزار 297 شیئرز کا لین دین ہوا۔ تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
اب زومبیز کے ساتھ کھانا کھائیں، سعودی عرب میں کھلا منفرد ریسٹورنٹ
ریاض: (ویب ڈیسک) ڈراؤنی فلموں کے شوقین لوگوں کے لئے سعودی عرب میں کھلا منفرد ہارر ریسٹورنٹ جہاں زومبیز اورچڑیلیں آنے والوں کا استقبال کرتے ہیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں کھولنے جانے والے منفرد ریسٹورنٹ میں کھانے کی میز پربھی انسانی کھوپڑیاں اورخون دکھائی دیتا ہے۔
ہوٹل کے کسٹمرز کوڈشزبھی ہارر تھیم کی پیش کی جاتی ہیں اور ڈراؤنے کردار ہرمیز پرجاکرکھانے کھانے والوں کا استقبال کرتے ہیں۔
ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ ہارر ریسٹورنٹ کھولنے کا مقصد عوام کومنفرد انداز کی تفریح کے ساتھ کھانا فراہم کرنا ہے۔ زومبیز اورچڑیلوں کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں کو خصوصی تربیت دی گئی ہے اوران کے لئے خصوصی کاسٹیومزبنوائے گئے ہیں۔
ریاض کا ہارر ریسٹورنٹ عوام میں مقبولیت حاصل کررہا ہے اورسوشل میڈیا پربھی اس کے چرچے ہیں۔
22 ہزار 500 جی بی کی ہارڈ ڈسک پیش کردی گئی
کیوپرٹینو، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ہارڈ ڈسک بنانے والی مشہورِ زمانہ کمپنی ’سی گیٹ‘ نے 22 ٹیرابائٹ (22,528 گیگابائٹ) گنجائش والی ہارڈ ڈرائیو کی محدود پیمانے پر فروخت شروع کردی ہے۔
ویب سائٹ ’ٹامز ہارڈویئر‘ کے مطابق، 22 ٹیرابائٹ ہارڈ ڈرائیو کی فروخت کا آغاز صرف چند صارفین سے کیا گیا ہے تاہم یہ جلد ہی بڑے پیمانے پر فروخت کےلیے دستیاب ہوگی؛ اور اس کی قیمت کا اعلان بھی اسی وقت کیا جائے گا۔
سی گیٹ کا کہنا ہے کہ روایتی مقناطیسی ہارڈ ڈسک میں پہلے سے زیادہ ڈیٹا سمونے کےلیے ’سنگلڈ میگنیٹک ریکارڈنگ‘ (ایس ایم آر) ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
اس طرح 20 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈسک میں 22 ٹیرابائٹ ڈیٹا کامیابی سے محفوظ کیا گیا ہے۔
سرِدست بازار میں زیادہ سے زیادہ 20 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈرائیوز دستیاب ہیں جو بالترتیب سی گیٹ کی ’’آئرن وولف پرو‘‘ اور ویسٹرن ڈیجیٹل کی ’’ڈبلیو ڈی گولڈ‘‘ ہیں جبکہ ان دونوں کی قیمت 600 ڈالر سے زیادہ ہے۔
لہذا یہ توقع کی جاسکتی ہے ک سی گیٹ کی 22 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈرائیو بھی اچھی خاصی مہنگی ہوگی۔
واضح رہے کہ سی گیٹ کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے کہ وہ 2023 تک 30 ٹیرابائٹ، 2026 تک 50 ٹیرابائٹ، اور 2030 تک 100 ٹیرابائٹ گنجائش والی ہارڈ ڈسک ڈرائیوز فروخت کےلیے پیش کردے گی۔
کووِڈ 19 اور زکام کی ’مشترکہ ایم آر این اے ویکسین‘ 2023 تک تیار ہوجائے گی
کیمبرج، میساچیوسٹس: (ویب ڈیسک) امریکی ادویہ ساز ’موڈرنا‘ کے تحت کووِڈ 19 اور زکام کی مشترکہ ویکسین پر کام جاری ہے جو 2023 کے اختتام یا 2024 کے آغاز تک فروخت کےلیے پیش کردی جائے گی۔
موڈرنا کی تیار کردہ کووِڈ 19 ویکسین کی طرح یہ بھی ایم آر این اے ویکسین ہوگی۔ البتہ سال بھر میں اس کی صرف ایک خوراک ہی کافی رہے گی۔
واضح رہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کے باعث ماہرین کو توقع ہے کہ کووِڈ 19 کی عالمی وبا بہت جلد نزلہ زکام کی طرح مقامی اور موسمی بیماری میں تبدیل ہوجائے گی جو سال میں ایک سے دو مرتبہ ہی شدت اختیار کرے گی۔
لہذا، جس طرح موسمی نزلے اور زکام سے بچاؤ کےلیے سالانہ فلو ویکسین دی جاتی ہے، اسی طرز پر مستقبل میں بھی زکام اور کووِڈ 19 سے بچاؤ کی مشترکہ ویکسین دی جاسکے گی۔
موڈرنا کے سربراہ اسٹیفان بینسل نے پچھلے سال بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی کمپنی بہت جلد زکام اور کووِڈ 19 کی مشترکہ ویکسین بنانے کےلیے کام شروع کردے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین صرف ایک خوراک پر مشتمل ہوگی جو بوسٹر ڈوز کی طرح سال میں ایک بار صرف ان ہی لوگوں کو دی جائے گی جو کمزور ہیں اور جنہیں ہر سال ایک خاص موسم میں نزلہ زکام وغیرہ میں مبتلا ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
حالیہ ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں اسٹیفان بینسل نے بتایا کہ مذکورہ ویکسین پر تیزی سے کام جاری ہے اور 2023 کے اختتام تک یا پھر زیادہ سے زیادہ 2024 کے ابتدائی مہینوں تک پیش کردی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موڈرنا وہ پہلی فارماسیوٹیکل کمپنی ہوگی جو زکام اور کووِڈ 19 کی مشترکہ ویکسین پیش کرے گی، جس کےلیے وہ جدید ترین ’ایم آر این اے‘ ٹیکنالوجی استعمال کریں گے۔
ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا: میڈیکل رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کروائی۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ 3 صفحات پر مشتمل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف انجیو گرافی کے بغیر لندن سے نہ جائیں، ذہنی دباؤ میں نواز شریف کی طبیعت مزید بگڑ سکتی ہے، کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف شدید دباو میں ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف دل کے مریض ہیں، کورونا کے سبب نواز شریف کو سانس کا مسئلہ ہو سکتا ہے، نواز شریف انجیو گرافی تک اپنی ادویات جاری رکھیں، سابق وزیراعظم ذہنی دباؤ کے بغیر سرگرمیاں جاری رکھیں، نواز شریف دل کے مریض ہیں، کورونا کے باعث جان بھی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر فیاض نے کہا کہ کوئی سوال ہو تو مجھ سے رابطہ کیا جائے۔
موقع ملا تو پاکستان کا وزیر خارجہ بنوں گا، شاہنواز دھانی
نیوزی لینڈ: (ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باولر شاہنواز دھانی نے وزیر خارجہ بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں سب کہتے تھے کہ شاہنواز دھانی ہماری ٹیم کا وزیر خارجہ ہے۔ میں ورلڈکپ میں بھی کافی کرکٹرز سے ملا۔ ایم ایس دھونی اور راشد خان سے بھی ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ٹیم ہارتی تھی میں ان کے کھلاڑیوں سے جا کر ملتا تھا۔ اگر موقع ملا تو ضرور پاکستان کا وزیر خارجہ بنوں گا۔
پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے شاہنوازدھانی کا ایک انٹرویو شیئر کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ہو یا پاکستان کی نمائندگی میں اسی مسکراہٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کرکٹر کی زندگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے لیکن میں ہمیشہ اسی مسکراہٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلوں گا کیونکہ لوگ مجھے ایسے ہی پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اپنے علاقے کے بچوں کے لیے اکیڈمی اور گراونڈز کھولنے کا پلان بنایا ہے تاکہ ٹیلنٹڈ بچے آگے آ کر ملک کا نام روشن کرسکیں۔ پی ایس ایل نئے آنے والے کھلاڑیوں کے لیے زبردست پلیٹ فارم ہے جہاں انہیں پرفارم کرنے کا پورا موقع ملتا ہے۔
اپنے منفرد انداز کی وجہ سے شہرت پانے والے شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ اس بار بھی پی ایس ایل میں جشن منانے کا نیا انداز دیکھنے کو ملے گا اور مداح اس کو ضرور پسند کریں گے۔