All posts by Khabrain News

چینی صدر دماغی مرض میں مبتلا ہوگئے، رپورٹ

بیجنگ: (ویب ڈیسک) عالمی میڈیا کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ ایک دماغی مرض ’سیریبرل انیوریزم‘ میں مبتلا ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ کی ایک پراسرار بیماری سے متعلق خبریں 2019 میں کورونا وبا کے دوران آنا شروع ہوئی تھیں جب اٹلی کے دورے میں صدر شی جن پنگ لنگڑا کر چل رہے تھے۔
اٹلی کے دورے میں صدر شی جن پنگ کو کرسی پر بیٹھنے کے لیے بھی سہارا لیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ علاوہ ازیں چینی صدر نے بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں بھی غیر ملکی رہنماؤں سے ملنے سے گریز کیا تھا۔
علاوہ ازیں 2020 میں چین کے صدر شی جن پنگ کے شینزین میں عوام سے خطاب کے لیے تاخیر سے پہنچنے، آہستہ بولنے اور کھانسنے کی وجہ سے بھی ان کی خرابیٔ صحت کے بارے میں افواہیں گردش کررہی تھیں۔
تاہم اب عالمی میڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر شی جن پنگ ایک دماغی مرض’سیریبرل انیوریزم‘ میں مبتلا ہوگئے جس پر انھیں گزشتہ سال کے آخری ماہ میں اسپتال میں داخل بھی ہونا پڑا تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شی جن پنگ نے دماغی مرض کی سرجری کروانے کے بجائے روایتی چینی ادویات سے علاج کرانے کو ترجیح دی تھی جو خون کی نالیوں کو نرم کردیتی ہیں۔
سیریبرل انیوریزم دراصل دماغ کی شریان میں غیر معمولی طور پر پھیلنے والے غبارے نما غدود ہیں جو خون کی نالی کی دیوار میں اندرونی پٹھوں کی تہہ کے کمزور ہونے سے بنتے ہیں جس کے باعث دماغ کی خون کی نالی پھٹنے کا خدشہ رہتا ہے۔
واضح رہے کہ چین کی جانب سے صدر شی جن پنگ کی بیماری سے متعلق خبروں پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

عمران خان نے جتنے مسائل پیدا کیے ٹھیک کرنے میں دو سے تین سال لگیں گے: مریم نواز

صوابی: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائٓی) کے چیئر مین عمران خان کی حکومت نے ملک میں جتنے مسائل پیدا کیے اُسے دو سے تین ماہ نہیں صحیح کرنے میں دو سے تین سال لگیں گے۔ پاکستان آخری سانسیں لے رہا ہے۔ پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے۔
مسلم لیگ ن کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ صوابی والوں کو نوازشریف، شہبازشریف کا سلام پیش کرتی ہوں، لاہور لاہور ہوتا ہے چاہے خیبرپختونخوا میں ہو یا پنجاب میں ہو، یہاں کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، عوام نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کر کے (ن) لیگ کوفتح دلوائی۔ جھوٹوں،ڈرامے بازوں،فتنہ بازوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، شکرہے ان قومی مجرموں سے پاکستان کی جان چھوٹی، پاکستان کوجادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے جان چھوٹی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں خیبرپختونخوا کی بھی عمران سے جان چھوٹنی چاہیے، 4 سال حکومت کرنے کے بعد چارسیکنڈ بھی کارکردگی نہیں بتاسکتا، جس کا دامن کارکردگی سے خالی ہوپھرجھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت پڑتی ہے،سازش تو ایک بہانہ تھا مقصد کارکردگی چھپانا تھا، جھوٹا خط توایک بہانہ تھا مقصد کارکردگی چھپانا تھا، عمران خان جان لو، تمہارے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی، تمہیں نوازشریف، کسی غیرملکی سازش نے نہیں تمہارے اپنے ایم این ایزنے عدم اعتمادسے نکالا۔
ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان ڈرامے بازی، رونا، دھونا بند کرو، یہ اتنا بڑا قومی مجرم ہیں، 4 سال ہیلی کاپٹرمیں جھولے لیتا رہا، فرح خان کے ذریعے قومی دولت کو لوٹتا رہا، اس نے بیت المال، توشہ خانہ کو نہ بخشا، یہ عوام کے مسائل سے چارسال بے خبررہا، نااہلی کوسازش کے پردے میں چھپانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کھائی میں گر رہا تھا اس لیے اسے عدم اعتماد کے ذریعے نکالا۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ پاکستان کو کھوکھلا کر کے گیا، پچیس ہزارارب کے قرضوں سے ایک اینٹ نہیں لگائی، ہم سمجھ رہے تھے، پاکستان آئی سی یو میں ہیں، اب پتا چلا پاکستان آئی سی یو نہیں وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہا ہے، عمران کی بربادی کی وجہ سے آج پاکستان وینٹی لیٹر پر ہیں، یاد رکھنا ہم عمران خان کی طرح پچھلی حکومت کا رونا نہیں روئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے 2013ء میں لوڈشیڈنگ، مہنگائی، غربت، دہشت گردی کو ختم کیا تھا، ن لیگی قائد نے موٹرویزکے جال بچھائے، وعدہ کرتی ہوں میرے والد پاکستان کوٹھیک کرکے دکھائیں گے، یہ ایک یا دوماہ کا کام نہیں، دو،تین سالوں میں حالات بہترہوں گے۔ مسلم لیگ کوکہتی ہوں عمران خان کی بری کارکردگی کا ٹوکرا اپنے سراٹھانے کی ضرورت نہیں، عمران خان کوعوام میں جانے دوتاکہ لوگ سوال پوچھیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اس قاتل کی طرح ہیں جو سائیڈ پر جا کر کہتا ہے قتل کس نے کیا، انہیں کہتی ہوں فکرنہ کروثابت کریں گے قتل بھی تم نے کیا اورتمہیں بھاگنے نہیں دیں گے، کرسی ہلی تو دماغ بھی ہل گیا ہے، کبھی فوج، کبھی عدلیہ کیخلاف باتیں کرتا ہے، کہتا ہے یہ میرجعفراورمیرصادق ہیں، کرسی کھسک گئی تو تمہیں میرجعفر، میرصادق نظرآگئے، قوم تمہارے تماشے کو اچھی طرح سمجھتی ہے، شکایت یہ ہے جنہوں نے پہلے سر پر بٹھایا اب ساتھ دینے کو تیارنہیں، تمہاری غلاظت کا ٹوکرا افواج پاکستان کیوں اٹھائے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا والے الیکشن میں سوچ سمجھ کرفیصلہ کرنا، کیا پنجاب والی ترقی خیبرپختونخوا کا مقدرنہیں، کیا اچھی سڑکیں خیبرپختونخوا کا مقدرنہیں؟ خدا کے واسطے اگلے الیکشن میں (ن) لیگ کوووٹ دینا۔

جیمز اینڈرسن نے حسن علی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

لندن: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹر جیمز اینڈرسن نے قومی فاسٹ بولر حسن علی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا کہ ’پاکستانی پیسر سارا دن بولنگ کروانے کیلیے تیار رہتے ہیں، وہ کبھی نہیں کہتے کہ میں تھکاوٹ محسوس کررہا ہوں‘۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ’کاؤنٹی کرکٹ میں کسی غیر ملکی پلیئر سے آپ اس سے زیادہ کی توقع نہیں کر سکتے، وہ کرکٹ سے بے پناہ لگاؤ رکھتے ہیں، وہ ڈریسنگ روم میں بہت زیادہ سوالات کرتے ہیں مگر مجھے بھی ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی پیسر حسن علی صرف میچ میں ہی نہیں بلکہ ٹریننگ میں بھی 100 فیصد دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹر نے انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب لنکا شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 میچز میں 20 وکٹیں حاصل کیں تھی جبکہ انکی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے لنکا شائر کاؤنٹی نے انہیں اپریل کے مہینے کے لیے ہلٹن پلیئر آف دی منتھ قرار دیا تھا۔

تھائی شہری نے بیوی کی لاش کیساتھ دو دہائیاں گزار دیں

بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کے بزرگ شہری نے 21 سال قبل وفات پانے والی اہلیہ کی آخری رسومات ادا کردیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں رہائش پذیر 72 سالہ شخص دو دہائیوں سے اپنی مردہ بیوی کے ساتھ زندگی گزار رہا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بزرگ شخص نے ایک چھوٹے سے کمرے میں بیوی کا جنازہ ایک باکس میں رکھا ہوا تھا اور جنازے سے ایسے گفتگو کرتا تھا جیسے بیوی زندہ ہو۔
72 سالہ چرن جنوٹچکل نامی شخص نے ایک این جی او کی مدد سے اپنی اہلیہ کی 30 اپریل 2022 کو تدفین کی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ این جی او کے رضاکار چھوٹے سے کمرے سے کوفن (باکس) کو نکالتے ہیں جسے پلاسٹک میں لپٹا ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بزرگ شخص کے خلاف تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی کہ انہوں نے 2001 میں اپنی اہلیہ کے انتقال کی خبر متعلقہ حکام کو درج کروائی تھی اور لیکن اس کی آخری رسومات ادا نہیں کیں۔
رپورٹ کے مطابق معمر تھائی شہری متعدد ڈگریاں حاصل کرچکے ہیں اس کے باوجود ان کے گھر میں بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات تک موجود نہیں اور وہ انتہائی نامناسب حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
72 سالہ شخص نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی اہلیہ اور دو بیٹوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھے مگر جب میں نے اپنی اہلیہ کے جنازے کو گھر میں رکھنے کا فیصلہ کیا تو میرے بیٹوں سے مجھے تنہا چھوڑ دیا۔

فرش پر جھاڑو اور نمی سے بھرپور صفائی کرنے والا روبوٹ

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) خواتین کے لیے گھر کی جھاڑو اور بالخصوص گیلے کپڑے سے فرش صاف کرنے کی مشقت بھاری ہوتی ہے اور اسی لیے روڈمائی ای وی اے روبوٹ بنایا گیا ہے جو یہ دونوں کام نہایت خوش اسلوبی اور تیزی سے انجام دے سکتا ہے۔
اپنا کام مکمل کرنےکے بعد یہ ازخود اپنے چارجنگ خانے میں پہنچ جاتا ہے اور وہاں چارج ہوتا رہتا ہے۔ اب ایپ کی بدولت اس کی ٹائمنگ اور کام کا انتخاب بھی کیا جاسکتا ہے۔ اپنی چھوٹی جسامت کے باوجود یہ بہت قوت سے ہوا کھینچنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو 3200 پی اے قوت تک ہوسکتی ہے۔ اسی بنا پر یہ گرد کے چھوٹے ذرات کو بھی اپنی جانب کھینچ لیتا ہے۔
آپ اسے ایپ سے کنٹرول ہونے والا ایک ایسا ویکیوم کلینر کہہ سکتے ہیں جو خودکار انداز میں کام کرتا ہے۔ یہ ازخود آگے بڑھتا ہے اور اپنی ڈیوٹی انجام دیتا ہے۔ دوم اس کے اندر گردوغبار سے بھرا بیگ ہے جسے یہ ازخود خالی کرتا ہے۔ اگر آپ اس سے پونچھا لگوائیں گے تو یہ فرش کو نمی سے بھرپور کرکے اسے فوری طور پر خشک بھی کرسکتا ہے۔
بنیادی طور پر یہ تین طرح سے صفائی کرتا ہے یعنی ایک ہی نظام میں ویکیوم ہے، پونچھا ہے اور سوم جھاڑولگانے کا کام بھی کرسکتا ہے۔اگر آپ کو صوفے کے نیچے گھس کر گیلا کپڑا پھیرنے کا جھاڑو لگانے میں کسی مشکل کا سامنا ہے تو یہ روبوٹ اندر گھس کر یہ کام انجام دے سکتا ہے۔ دوم اسے گوگل اور ایلکسا کے وائس کنٹرول سے بھی ہدایت دی جاسکتی ہیں، بصورتِ دیگر اسے ایپ سے چلانا بھی ممکن ہے۔
اس کا اندرونی نظام 60 روز کی گرد اپنے اندر رکھ سکتا ہے۔ اس گنجائش کی بنا پر گھر سے باہر رہتے ہوئے بھی یہ اپنا کام کرسکتا ہے۔

خون میں آکسیجن کی درست مقدار بتانے والا اسٹیکر

لندن: (ویب ڈیسک) قارئین کو یاد ہوگا کہ کورونا وبا کے دوران خون میں آکسیجن ناپنے کے پلس آکسی میٹر کی شدید طلب تھی۔ اب اسی بنا پر ایک کم خرچ اور مؤثر اسٹیکر بنایا گیا ہے جسے جلد پرلگا کر خون میں آکسیجن کی مقدار معلوم کی جاسکتی ہے۔
اس پیوند کی جسامت ایک چھوٹے بٹن جیسی ہےجو آکسیجن کی موجودگی اس وقت جامنی رنگت کے ساتھ روشن ہوجاتا ہے جب اس پر نیئر انفراریڈ روشنی ڈالی جائے۔ اپنی سادگی کی بنا پر یہ ایک بہترین سینسر بن سکتا ہے۔ تاہم اسےبدل کردوسری کیفیات کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ٹفٹس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ کیپلان اور ان کے ساتھیوں نے یہ ایجاد کی ہے جو ایک باریک جھلی جیسی ہے۔ اسے چند منٹ کی جراحی کے بعد جلد کی اوپری سطح کے نیچے لگایا جاسکتا ہے اور مریض کو بہت معمولی تکلیف کا سامنا ہوتا ہے گویا یہ ایک ٹیٹو کی طرح کا پیوند بن جاتا ہے۔
اس کی باریک پرت ایک نفوذپذیر جیل کی طرح ہے جسے ریشم کے پروٹین فائبروئن سے تیار کیا گیا ہے۔ فائبروئن نہ صرف ازخود حیاتیاتی طور پر گھل کر ختم ہوسکتا ہے پھر یہ حیاتی طورپر انسانی جسم کے لیے بھی موزوں ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں ایک مرکب پی ڈی بی ایم اے پی ملایا گیا ہےاور آکسیجن سے بھرپور ماحول میں جب جب اس پر نیئر انفراریڈ (زیریں سرخ) روشنی ڈالی جائے تو اسٹیکر جامنی روشنی خارج کرنے لگتا ہے۔ یوں ایک عرصے تک یہ بدن کے اندر آکسی میٹر کا کام کرتا ہے اور اپنی کیفیت کی بنا پر چند ہفتوں یا مہینوں میں گھل کر ختم ہوجاتا ہے۔
اس کی پہلی آزمائش چوہوں پر کی گئی ہے تو اس نے روشنی خارج کرکے خون میں آکسیجن کی درست مقدار ظاہر کی۔ جس کی تصدیق دیگر طریقوں سے بھی کی گئی ہے۔
لیکن مزید بہتری کرکے خون میں شکر، لیکٹیٹ اور الیکٹرولائٹس معلوم کرنے کےلیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی انتظامیہ پر برہم: ہنگامی طور پر لاہور پہنچنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے صوبائی اسمبلی کی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے حلقے سے کل ہنگامی طور پر لاہور پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے الزام عائد کیا ہے کہ اسمبلی سیکریٹریٹ کے مجاذ آفیسرز گھٹیا ہتھکنڈوں پر اترآئے ہیں، میرے آفس کے اسٹاف کو تبدیل کردیا گیا ہے، کسی کو معطل کیا گیا ہے تو کسی کو کھڈے لائن لگایا گیا ہے۔
دوست محمد مزاری نے کہا کہ میرے گھر والے اسٹاف کو بھی بلا کر دھمکیاں دی گئی ہیں، گھر پہ تعینات اسمبلی اسٹاف کو ہراساں کیا گیا ہے اور اسٹاف سے کہا گیا ہے کہ کل سے ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ کام نہیں کرنا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں ان کے آگے جھکنے والا نہیں ، تماشہ بنایا ہوا ہے، گھر میں بچے اکیلے تھے، اسٹاف کو بلاکر میری فیملی کو بھی ڈسٹرب کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ خوفز دہ نہیں، انتقامی ہتھکنڈوں کا مقابلہ کروں گا۔

کراچی: شوہر نے تیزدھار آلے کے وار سے بیوی کو قتل کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) شوہر نے تیزدھار آلے کے وار سے بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق احسن آباد اللہ بخش گوٹھ میں شوہر وسیم نے چھری کے پے در پے وار کر کے 35 سالہ اہلیہ فریال کو قتل کر دیا، ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا کہ مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی، 12 سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی، ملزم وسیم ان دنوں بے روزگار تھا اور آئن لائن ٹیکسی بھی چلایا کرتا تھا، ملزم وسیم نے مبینہ طور پر شک و شبہات پر اہلیہ کو چھری کے وار کرکے قتل کیا، واقعہ سے متعلق مزید تفتیش کررہے ہیں۔

سیاست میں اداروں کو موضوع بحث بنانے کی کوشش ہورہی ہے: شجاعت حسین

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاست میں اداروں کو موضوع بحث بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔
مسلم لیگی رہنماؤں سینیٹر کامل علی آغا، جواد بھلی، شافع حسین، رضوان ممتاز علی سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج کل سیاست اور فوج موضوع بحث بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے فوج کا سیاست میں کردار ہونا چاہئے یا نہیں، سیاست کا ڈکشنری میں مطلب اصلاح احوال ہے اور اس کا مطلب سیاسی، معاشی اور سماجی حالات درست کرنا ہے، ملک میں ہنگامی صورتحال ہو تو لازم ہے فوج اور حکومت اتفاق رائے سے فیصلہ کریں، حکومت کا دفاعی اخراجات کو جواز بنا کر اپنی سیاست چمکانے غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے ایسے افراد ملک دشمن قوتوں کو خوش ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جہاں تک سیاسی حکومت کے فرائض کا تعلق ہے اسے چاہئے کہ وہ ملکی سلامتی اور بقا کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے، جب ضرورت پڑے تو آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سکیورٹی ایجنسیز افواج پاکستان کو اپنی مدد کیلئے طلب کرے، اس سلسلے میں تمام مالی و دیگر وسائل بروئے کار لائے، حکومت معاملات کو سلجھانے میں اگر ناکام ہو جاتی ہے تو ملکی سلامتی کو خطرات لا حق ہو سکتے ہیں، اگر سول حکومت ایسی سنگین صورتحال میں وسائل فراہم کرنے میں ناکام ہو تو میری نظر میں افواج پاکستان اور سکیورٹی ایجنسیز ملک کو ایسی سنگین صورتحال میں بھی خطرات سے باہر نکالنے کی ذمہ دار ٹھہرائی جائے گی۔

حکومت بھارت کے ساتھ تجارت کی بحالی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے: شاہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی حکومت نے ہندوستان کے ساتھ تجارت کی بحالی کا فیصلہ کیاہے، حکومت کو اس فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہئے۔
شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علم میں آیا ہے شہباز شریف کی حکومت نے ہندوستان کے ساتھ تجارت کی بحالی کا فیصلہ کیاہے، ہندوستان کی حکومت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے برعکس یکطرفہ اقدامات کیے تھے، سننے میں آیا ہے سمری کے ذریعے وزیراعظم نے انڈیا میں پاکستانی سفارت میں 15 افسران کی تعیناتی کی جا رہی ہے، ہم نے اس وقت کابینہ میں بحث کے بعد بھارت سے تجارتی بحالی کی مخالفت کی تھی، دفتر خارجہ میں بھی میں نے واضح موقف اپنایا تھا، 5 اگست 2019 میں اقوام متحدہ کی قرادادوں کے منافی بھارت نے کشمیر میں اقدام اٹھایا ہے، ہندوستان میں ہمارا سفارتخانہ 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کام کررہا ہے، حکومت نے 15 کے قریب ٹریڈ آفیسرز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دہلی میں بھی ٹریڈ آفیسر تعینات کرنے فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ہندوستان کے ساتھ تجارت کو شروع کیا جاسکے۔ یہ بہت بڑا فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت میں کابینہ میں تجویز آئی تھی بھارت کیساتھ تجارت کو کھولا جائے، اس فیصلے سے فائدہ بھی ہونا تھا، کابینہ نے اور میں نے بھی فیصلے کی مخالفت کی، وہ پارٹی جس کی بنیاد ہی کشمیر کاز سے ہوئی، بلاول بھٹو بھی اس فیصلے پر خاموش ہیں، کیا آپ نے آزادکشمیر حکومت سے اس فیصلے پر رائے لی ہے، آپ نے کشمیرمیں ظلم سہتے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، حکومت کو اس فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہئے، اس پر آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھی ردعمل آئے گا، اگر بھارت نے کشمیرمیں ظلم کم کیا ہوتا تو پھر اور بات ہے، کیا وہاں پر کشمیر کا سٹیٹس بحال کیا گیا ہے؟ نہیں، کیا ہندوستان نے وہاں جبر بند کیا گیا ہے؟ نہیں، اگر نہیں تو پھر اس فیصلے کو واپس ہونا چاہئے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اپنایا تھا، گندم کی کٹائی تقریبا مکمل ہو چکی ہے،اعدادوشمارکے مطابق کھپت، پیداوارمیں 3 ملین ٹن کا فرق ہے، کیا حکومت نے 3 ملین ٹن گندم کا بندوبست کیا ہے؟ اگرحکومت نے گندم کا بندوبست نہیں کیا توبحران آئے گا، اگر گندم باہرسے منگوائیں گے تو 600 روپے من کا گیپ ہو گا، ہم نے روس کے ساتھ گندم کا معاملہ اٹھایا، روس 2 ملین ٹن ڈسکاؤنٹ ریٹ پردینے کے لیے تیارتھا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پانی کا اس وقت سنگین بحران ہے، سندھ، بلوچستان،جنوبی پنجاب کا کسان، کاشت کارسراپا احتجاج ہیں، بھارت دریا چناب پر نیا پراجیکٹ بنا رہا ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے، کیا وزیرخارجہ بلاول نے کوئی نوٹس لیا ہے؟ ان ایشوز کو کون دیکھے گا، بلاول امریکا جارہے ہیں کیا ورلڈبینک کے صدرکے ساتھ بھارتی خلاف ورزیوں، پانی کا معاملہ اٹھائیں گے؟ توقع کرتا ہوں بلاول امریکی وزیرخارجہ کو ڈوزیئر تھما کر کشمیریوں کی ترجمانی کریں گے، قبلہ اول پرنہتے نمازیوں پر گولیاں چلائی گئیں، بلاول خاموش کیوں ہے؟ مسئلہ فلسطین،مسئلہ کشمیرپرہماری خارجہ پالیسی میں تسلسل رہا ہے، بلاول بھٹو کس سے خائف اوراس مسئلے پرکیوں خاموش ہیں؟