All posts by Khabrain News

کورونا صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، تشویش کی کوئی بات نہیں: وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ کورونا صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بات اپنی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری عامر اشرف خواجہ اور ڈی جی ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
عبدالقادر پٹیل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں میجر جنرل عامر اکرم نے وفاقی وزیر صحت کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔
وفاقی وزیر صحت کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
عبدالقادر پٹیل نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کورونا سے کسی کو موت واقع نہیں ہوئی ہے۔

رنویر سنگھ نے شاہ رخ خان کو بھارتی فلم انڈسٹری کا بانی قرار دے دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ نے شاہ رخ خان کو بھارتی فلم انڈسٹری کا بانی قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے ایک انٹرویو کے دوران رنویر سنگھ نے کہا کہ بالی ووڈ کے کنگ خان نے بھارت کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری تعمیر کی جو ایک شاپنگ مال کی عمارت کی مانند ہے جس میں ہم جیسے اداکار اپنی چھوٹی سی دکان چلا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ نے انڈسٹری میں ایوارڈ شو، لائیو شو، اشتہارات اور فلم کی تشہیری مہم کو تقویت پہنچائی، کنگ خان سے بے حد محبت ہے اور وہ بے شمار عزت کے بھی مستحق ہیں، انہیں نئی فلم میں جلوہ گر ہوتا دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کررہا ہوں۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان سلور اسکرین سے کافی عرصے دوری کے بعد اپنی نئی فلم ’پٹھان‘ میں جلوے بکھیریں گے۔ دوسری جانب رنویر سنگھ کی نئی فلم ’سرکس‘ کا پوسٹر جاری کردیا گیا جبکہ فلم رواں سال 23 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

چٹاکانگ: (ویب ڈیسک) بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر شکیب الحسن کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی تصدیق کردی ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث شکیب الحسن سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
خیال رہےکہ سری لنکن ٹیم اس وقت بنگلادیش کے دورے پر موجود ہے جہاں اس نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 15 مئی سے چٹاکانگ میں کھیلاجائےگا۔

47 فُٹ بلند ترین پپیتے کا درخت، برازیلین کسان نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

براسیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل کے ایک کسان نے اس وقت گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرالیا جب اس کے کھیت میں پپیتے کا ایک درخت 47 فٹ اور 8.83 انچ لمبا ناپا گیا۔
ٹارسیسیو فولٹز نے کہا کہ انہوں نے 2021 کے اوائل میں دیکھا کہ ان کی کھیت میں پپیتے کا ایک درخت غیر معمولی طور پر بڑا ہے، اس لیے انہوں نے ایک دوست جو کہ کھیت کے سابق مالک بھی ہیں، گلبرٹو فرانز کو ڈرون کے ذریعے اس کی پیمائش کرنے کے لیے مدعو کیا۔
دونوں نے پیمائش کو سرکاری سطح پر شناخت کرانے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم کو بلایا اور درخت کی اونچائی 47 فٹ اور 8.83 انچ ریکارڈ کی گئی۔
فولٹز کے درخت نے پپیتے کے سب سے بلند ترین درخت کا پچھلا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا جو ہندوستان میں اگایا گیا تھا جس کی اونچائی 46 فٹ، 2.33 انچ تھی۔
فولٹز نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی دستاویزات میں بڑے نمایاں کارنامے درج ہیں۔ اس لیے انہوں نے اسے سنجیدگی سے لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے پوری دنیا کے سب سے اہم ادارے کے ذریعہ تسلیم شدہ ریکارڈ ہولڈر ہونے پر بہت خوشی اور فخر ہے۔

شیخوپورہ میں آئل ایجنسی کی چھت گرگئی، 5 افراد جاں بحق

شیخوپورہ: (ویب ڈیسک) شیخوپورہ میں آئل ایجنسی کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے جبراں منڈی کے قریب آئل ایجنسی کی چھت گرگئی۔
حکام نے بتایا کہ چھت گرنے کے واقعے میں 5 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چھت گرنے سے زخمی ہونے والے چاروں افرادکوبھی نکال لیاگیا ہے اور انہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دکان کے ملبے میں مزید افراد کی تلاش کا کام جاری ہے

پاک فوج اور تحریک انصاف پاکستان کو متحد رکھ رہے ہیں: عمران خان

جہلم: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب 20 نہیں ،25 لاکھ افراد اسلام آباد پہنچیں گے، ہماری جماعت چاروں صوبوں کی جماعت ہے، پاک فوج اور تحریک انصاف پاکستان کو متحد رکھ رہے ہیں۔ بھارت کو پتا ہے فوج اور میرے ہوتےہوئے کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
جہلم میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کا جذبہ دیکھ کر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جلسے میں پارٹی جھنڈے سے زیادہ پاکستان کا جھنڈا لے کر آئیں، بہت کم ایسے ہوتا ہے ساری قوم اکٹھی ہوجائے، ساری قوم نے آزادی کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، کبھی اتنے بڑے جلسے نہیں دیکھے، جہلم میں ایسا جلسہ پہلے نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہم پرخاص کرم کیا ہے، ایک پلان انسان، دوسرا اللہ بناتا ہے، امریکی انڈرسیکرٹری ڈونلڈ لو ہمارے سفیر کو تکبرمیں بلا کرحکم دیتا ہے، سفیر کو تکبرانہ اندازمیں کہا گیا اگرعمران خان کو نہ ہٹایا تو بڑا مشکل وقت آئے گا، مجھے ہٹا کرچیری بلاسم کولے آئے تو سب کچھ معاف کر دیا جائے گا، میر جعفر، میر صادق سازش میں ملوث تھے، 22کروڑعوام کے وزیراعظم کوسازش کے تحت نکالا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ 30 سال سے ملک لوٹنے والے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا، اللہ نے کرم کیا قوم کو بیدار کر دیا، پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا تھا اللہ نے قوم کی خودداری کو جگا دیا، اللہ کا جتنا بھی شکرادا کریں کم ہے، ہماری خودداری کو کرپٹ، غدارلیڈروں نے ختم کر دیا تھا، ان میں خود غیرت نہیں تھی انہوں نے قوم کی غیرت کو بھی نقصان پہنچایا، 26سال سے قوم کی خودداری جگانے کی کوشش کررہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ نے کہا تھا اس رزق سے موت اچھی جس رزق میں آتی ہو پرواز میں کوتاہی، چیری بلاسم بوٹ پالش کو قوم پر بٹھایا تو قوم جاگ گئی، آج پاکستان کو قوم بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، عمران سارے چوروں کی بندر بانٹ ہو رہی ہے، میں نے سوچا تھا فضل الرحمان کوئی ایجوکیشن کی منسٹری سنبھالیں گے، فضل الرحمان نے این ایچ اے کی منسٹری پیسہ بنانے کے لیے سنبھالی، چوروں کی کابینہ بنی ہے 60 فیصد ضمانت پر ہے، کسی نے 18 قتل کیے ہیں، شریف خاندان نے 40 ارب کی چوری کا حساب دینا ہے، زرداری نے ایان علی کے فیک اکاؤنٹس کا حساب دینا ہے، سزایافتہ، جھوٹ بول کر بھاگنے والے نے ساری کابینہ کو لندن بلالیا ہے، یہ سارے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے لندن جارہے ہیں، لندن جا کر مفرور، سزا یافتہ، بزدل کو ملیں گے، بزدل، مفرور سے جا کر ہدایات لیں گے یہ ملک کی توہین ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے فیصلہ کرلیا ہے ’امپورٹڈ حکومت نامنظور، 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا، پہلے سوچا تھا کہ 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، آپ لوگوں کو دیکھ کرلگ رہا ہے، اب اسلام آباد 25 لاکھ لوگ پہنچیں گے، چیری بلاسم کون ہے بچوں کو بھی پتا چل گیا ہے، نوازشریف اوران کی بیٹی فوج کو بُرا بھلا اور شہبازشریف بوٹ پالش کرتا ہے، لیگی قائد بزدل جب باہر جاتا ہے تو فوج کو برا بھلا کہتا ہے، شہبازشریف کہتا ہے عمران خان فوج کے خلاف بڑی باتیں کرتا ہے، کچھ تو شرم کرو، شہبازشریف تم ہو وہ میر جعفر، میرجعفر وہ تھا جس نے سراج الدولہ سے غداری کی پھر انگریزوں نے اسے اوپر بٹھایا تم ہو وہ شہباز شریف میرجعفر، آصف زرداری سندھ آرہا ہوں، سندھ کو میں نے آصف زرداری سے آزاد کرانا ہے۔ سابق صدر نے بیرون ملک پیسہ باہر بھیجا سب جانتا ہوں، کہا تھا جب اقتدارسے نکلوں گا تو زیادہ خطرناک ہو جاؤں گا۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہاؤس میں تو میرا وزن بھی بڑھ گیا تھا، یااللہ تیرا لاکھ، لاکھ شکر میری عوام کھڑی ہو گئی ہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف 600 جعلی اکاؤنٹس بنا کرپروپیگنڈا کیا، بھارت نے پاکستان کی فوج اورمیرے خلاف پروپیگنڈا کیا، بھارت نے کیوں فوج اورمجھے نشانہ بنایا، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کرارہا ہے، بھارت کو پتا ہے فوج اورعمران خان پاکستان کواکٹھا رکھ رہی ہے، بھارت اس لیے فوج اورمیرے خلاف پروپیگنڈا کرتا ہے، بھارت کو پتا ہے فوج اور عمران کے ہوتے ہوئے وہ کچھ نہیں کر سکتا، چوروں کا پلندہ مل کر مینار پاکستان میں جلسی بھی نہیں کر سکتے، شہبازشریف شرم کرو، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، دُعا کرتا ہوں میرا نام ای سی ایل ڈال دو باہرنہیں جانا چاہتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سابق صدر پرویز مشرف سے معاہدہ کر کے گیا تھا، زرداری، نوازشریف مشرف سے این آر او لیکر واپس آئے تھے، ساڑھے تین سالوں میں ایک نجی دورہ نہیں کیا تھا، سابق وزیراعظم نے 24اور سابق صدر نے 50 نجی دورے کیے تھے، انکی ساری پراپرٹی بیرون ملک ہے، شہبازشریف تم کہتے ہومیں فوج کے خلاف ہوں، نوازشریف بھارت گیا تو حریت رہنماؤں سے ملنے کے بجائے نریندرا مودی کے جوتے پالش کیے، لیگی قائد بھارتی وزیراعظم سے کہتا ہے میں تو دوستی چاہتا ہوں فوج کا سربراہ نہیں، میری حکومت میں مودی کی میرے آرمی چیف کے خلاف بات کرنے کی جرات نہیں تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کبھی نواز شریف، شہبازشریف کے منہ سے کشمیر کی آزادی کی بات سنی؟ شہبازشریف اقتدارمیں آ کر کہتا ہے بھارت سے دوستی چاہتے ہیں، شہباز شریف تم بھارت سے دوستی کی بات اس لیے کرتے ہو تمہیں یہ حکم دیا گیا، روس ہمیں 30 فیصد سستا تیل دینے پر راضی ہو گیا تھا، موجودہ وزیراعظم تمہارے پاس روس سے سستا تیل لینے کی جرات ہے، پہلے تمہیں روس سے معاہدہ کرنے کی اجازت مانگنی پڑے گی جو نہیں ملے گی، امریکی بھارت کو آزاد فارن پالیسی کی وجہ سے کچھ نہیں کہتے، ہمارا مسئلہ ہمارے حکمران پیسے کے غلام کبھی عوام کے لیے کھڑے نہیں ہوئے، ایک بھٹو کھڑا ہوا تھا اس کے خلاف بھی سازش ہوئی تھی، بھٹو کے خلاف نواز شریف، فضل الرحمان کے بڑے سازش کا حصہ تھے، پاکستانیوں! خوددارقوم کھڑی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کے دنوں باہر جا کر قرضہ مانگنے پر شرم آئی، ملک کا سربراہ کسی اورملک سے پیسے مانگے تواس سے زیادہ شرم والی بات نہیں، ماں، باپ بھی خوددار بچے کی زیادہ عزت کرتے ہیں، میں نے آج تک اپنے والد سے بھی کبھی پیسے نہیں مانگے تھے، شوکت خانم کے لیے غیر ملکیوں نہیں پاکستانیوں سے پیسے مانگے تھے، اقتدارسنبھالا توسب سے زیادہ بیرونی خسارہ تھا، چیری بلاسم نے کہا ہم بھکاری اورغلام ہیں، سیالکوٹ کا رنگ بازکہتا ہے لائف سپورٹ مشین پرہیں، میرا رنگ بازسے سوال ہے قوم کو کس نے مقروض کیا؟ 30 سال سے دو خاندان حکومت کر رہے ہیں اور ملک کو مقروض کر دیا، میں توساڑھے 3 سال اقتدارمیں رہا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانی بڑی محنت کے بعد ملک میں پیسہ بھیجتے ہیں، یہ ڈاکومنی لانڈرنگ کر کے پیسہ باہر بھیجتے ہیں، انہوں نے ملک کو بھکاری بنایا، جس طرح قوم اکٹھی ہورہی ہے تو ہم سب کچھ کر سکتے ہیں، زلزلے کے دوران قوم نے اکٹھے ہو کرمقابلہ کیا تھا، کابینہ قوم کے خرچے پر ایک مفرورسے ملنے جا رہی ہے، اقتدار میں اس طرح فضول پیسہ خرچ نہیں کیا تھا، جب ہم ایک قوم بن جائیں گے تو قرضوں سے نجات اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے، یااللہ تیرا شکرتونے قوم میں شعور پیدا اور قوم کی غیرت کو جگادیا، 20 مئی کے بعد ایک ڈیمانڈ ’الیکشن کراؤ‘اور’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘۔

بی جے پی نے مغل بادشاہوں کے نام سے منسوب سڑکوں کے نام تبدیل کرنے کی مہم شروع کردی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) انتہاپسند بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے مغل بادشاہوں کے ناموں سے منسوب سڑکوں کے نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلم ناموں سے منسوب سڑکوں کے نام تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کردیا ہے، انتہاپسند ہندو رہنما آدیش گپتا نے کہا ہے کہ مسلم بادشاہوں کے ناموں سے منسوب سڑکیں ’مسلمانوں کی غلامی کی یادگار ہیں‘۔
بی جے پی دہلی کے سربراہ آڈیش گپتا نے تغلق روڈ کا نام بدل کے گروبند سندھ مارگ، اکبر روڈ کو مہارانہ پرتاپ، اورنگزیب لین کو عبدالکلام لین، ہمایوں روڈ کو مہارشی والمیکی اور شاہجہاں روڈ کا نام تبدیل کرکے جنرل بپن راوت کے نام پر رکھنے کا مشورہ دیا۔
آدیش گپتا نے مزید کہا کہ بابر لین کا نام بھی تبدیل کیا جانا چاہیے اور آزادی پسند رہنما کھودیرام بوس کے نام سے منسوب کیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ 2014 میں بی جے پی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سڑکوں، شاہراہوں، گلیوں اور چوراہوں کے نام تبدیل کرنے کا تنازعہ اور بحث شروع کی تھی۔
سنہ 2015 میں اورنگزیب روڈ کا نام تبدیل کرکے سابق بھارتی صدر اے پی جے عبدالکلام رکھا جاچکا ہے جب کہ ایک سال قبل ریس کورس روڈ کو بھی ’لوک کلیان مارگ‘ سے بدل گیا تھا‘۔

مفتاح اسماعیل کا ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ: ہدف حاصل کرنے پر تعریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ہدف حاصل کرنے پر ایف بی آر ٹیم کی تعریف کی ہے۔ انہوں ںے تعریف ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تو انہیں ادارے کی کارکردگی اور ریونیو اکھٹا کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ کو بریفنگ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور دیگر سینئر افسران نے دی۔ وزیر خزانہ کو گزشتہ دس ماہ کے دوران ادارے کی مجموعی کارکردگی اور محصولات وصولیوں کی بابت بھی آگاہ کیا گیا۔
مفتاح اسماعیل نے ہدف حاصل کرنے پر ایف بی آر کی ٹیم کی تعریف کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ ہدف حاصل کر لے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اس دوران زور دے کر کہا کہ ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کی حقیقی صلاحیت بروئے کار لانے کے لیے بھرپور کوششیں کرے۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کو ٹیکس وصولی مہم میں مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔
مفتاح اسماعیل نے پاکستان کسٹمز کی جانب سے اپنائے گئے مختلف ڈیجیٹل اقدامات کو بھی سراہا۔

افواج پاکستان اور قیادت کو نشانہ بنانے پر ریٹائرڈ فوجی برہم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سیاسی محاذ آرائی کے دوران افواج پاکستان اور اس کی قیادت کو نشانہ بنانے پرریٹائرڈ فوجی برہم ہو گئے۔
ہر اِختلاف قابلِ احترام لیکن اب بات ہمارے گھر پرآگئی ہے۔ جاگ فوجی جاگ تیری پَگ نوں لگ گیا داغ۔ ریٹائرڈ آفیسرز اور جوان فوج اور آرمی چیف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ریٹائرڈ آفیسرز نے کہا کہ ہمیں فوج پر فخر ہے۔ پاک فوج کو کام کرنے دیں۔ الزام برداشت نہیں کریں گے۔ کیایہ میر جعفر اور میر صادق والی فوج ہے؟ فوج اور عوام میں تقسیم پیداکرنے کی کوشش کی جاری ہے۔ جو فوج کو غدار کہتے ہیں وہ خُود غدار ہیں۔

نور عالم خان نے دُہری شہریت رکھنے والوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے دُہری شہریت رکھنے والوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کردی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے بل کی حمایت نہیں کریں گے۔ دہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی بھی حمایت نہیں کریں گے۔ دہری شہریت والوں کو ووٹ کا حق دینے کے حامی وہ ہیں، جو لیڈروں کو چندہ دیتے ہیں۔
اس پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کا بل انتخابی اصلاحات کمیٹی کو بھیج دیا جائے۔