All posts by Khabrain News

پی ڈی ایم کا کل ہونے والا سربراہی اجلاس ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا کل ہونے والا سربراہی اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
ذرائع پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس اب بدھ اور جمعرات کو ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کی وجہ سے منگل کا اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل منگل اور بدھ کو پی ڈی ایم کا دو روزہ سربراہی اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا: الیکشن کمیشن

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل صبح 10 بجے سنایا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے کازلسٹ جاری کردی ہے۔ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔
کاز لسٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر دو ارکان فیصلہ سنائیں گے۔
14 نومبر 2014 کو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں یہ کیس دائر کیا گیا تھا جس کی 8 سالہ طویل سماعت میں پی ٹی آئی نے 30 مرتبہ التوا مانگا اور پی ٹی آئی نے 6 مرتبہ کیس کے ناقابل سماعت ہونے یا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہونے کی درخواستیں دائر کیں تاہم 21 جون 2022 کو اس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے 21 بار پی ٹی آئی کو دستاویزات اور مالی ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
فنڈنگ کیس کے لیے پی ٹی آئی نے 9 وکیل تبدیل کیے جب کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے لیے مارچ 2018 میں اسکروٹنی کمیٹی قائم کی، اسکروٹنی کمیٹی کے 95 اجلاس ہوئے جس میں 24 بار پی ٹی آئی نے التوا مانگا جب کہ پی ٹی آئی نے درخواست گزار کی کمیٹی میں موجودگی کے خلاف 4 درخواستیں دائر کیں، اسکروٹنی کمیٹی نے 20 بار آرڈر جاری کیے کہ پی ٹی آئی متعلقہ دستاویزات فراہم کرے۔
الیکشن کمیشن نے اگست 2020 میں اسکروٹنی کمیٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ رپورٹ نامکمل ہے اور تفصیلی نہیں، اسکروٹنی کمیٹی نے 4 جنوری 2022 کو حتمی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی، اسکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی بینک اسٹیٹمنٹ سے متعلق اسٹیٹ بینک کے ذریعے حاصل 8 والیمز کو خفیہ رکھا اور الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 8 والیم اکبر ایس بابر کے حوالے کیے گیے۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو دی گئی دستاویزات میں 31 کروڑ روپے کی رقم ظاہر نہیں کی، تحریک انصاف کو یورپی ممالک اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے علاوہ امریکا، کینیڈا، برطانیہ، جاپان، سنگاپور، ہانگ کانگ، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈ اور فن لینڈ سمیت دیگر ممالک سے فنڈ موصول ہوئے۔
اسکروٹنی کمیٹی نے امریکا اور دوسرے ملکوں سے فنڈنگ کی تفصیلات سے متعلق سوالنامہ پی ٹی آئی کو دیا مگر واضح جواب نہ دیا گیا، پی ٹی آئی کی جانب سے غیر ملکی اکاؤنٹس تک رسائی بھی نہیں دی گئی۔
پی ٹی آئی نے گوشواروں میں ایم سی بی، بینک آف پنجاب اور بینک آف خیبر کے اکاؤنٹس کو ظاہر نہیں کیا جب کہ اسٹیٹ بینک ڈیٹا کے مطابق پی ٹی آئی کے پاکستان میں 26 بینک اکاؤنٹس ہیں۔
پی ٹی آئی نے 2008 سے 2013 کے دوران نے 14 بینک اکاؤنٹس چھپائے، پی ٹی آئی نے اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر جواب میں 11 اکاؤنٹس سے اظہار لاتعلقی کیا اور کہا یہ غیر قانونی طور پر کھولے گئے۔
یہ اکاؤنٹس اسد قیصر ، شاہ فرمان ، عمران اسماعیل ، محمود الرشید ، احد رشید ، ثمر علی خان ، سیما ضیاء ، نجیب ہارون ، جہانگیر رحمان ، خالد مسعود ، نعیم الحق اور ظفر اللہ خٹک نے کھولے۔

عمران خان اس ملک کی بڑی برائی ہے جس کو جڑ سے نکالنا چاہیے، فضل الرحمان

چار سدہ: (ویب ڈیسک) حکومتی سیاسی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اس ملک کی بڑی برائی ہے جس کو جڑ سے نکالنا چاہیے۔
امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں، الیکشن کمیشن کے خلاف قراردادیں فارن فنڈنگ کیس پر اثر انداز ہونے کیلئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا تھا، اداروں کے سربراہان بھی انسان ہوتے ہیں جن سے غلطیاں ہوتی ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چار سال تک ملک پر مسلط ٹولے نے معیشت کو تباہ و برباد کردیا، پاکستان کی معاشی صورتحال ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد مقررہ وقت پر عام انتخابات کا انعقاد ہو گا۔

کیرولین گارشیا نے پولینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

وارسا: (ویب ڈیسک) فرانس کی ٹینس سٹار کیرولین گارشیا نے پولینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔
انہوں نے ویمنز سنگلز فائنل میچ میں رومانیہ کی حریف کھلاڑی اینا بوگڈین کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام خواتین کے ٹینس مقابلے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں جاری ہیں، ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں 28 سالہ فرانسیسی کھلاڑی کیرولین گارشیا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے رومانیہ کی حریف کھلاڑی اینا بوگڈین کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 1-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔

انگلینڈ کی خواتین ٹیم پہلی مرتبہ یورپیئن فٹ بال چیمپئن بن گئی

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کی خواتین ٹیم پہلی مرتبہ یورپیئن فٹ بال چیمپئن بن گئی۔
انگلینڈ ویمن نے یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد 8 مرتبہ کی چیمپئن جرمنی کو اضافی وقت میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر پہلی مرتبہ یورپیئن چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، ایلا ٹون اور چلو کیلی نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جرمنی کی طرف سے واحد گول لینا میگل نے سکور کیا۔
انگلینڈ کے دارالحکومت لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں کھیلے گئے یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ اور جرمنی کی خواتین ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان دفاعی کھیل کے باعث میچ کے پہلے ہاف تک کوئی ٹیم گول سکور نہ کر سکی اور ہاف پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔
دوسرے ہاف میں قدرے بہترکھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کی ایلاٹون نے میچ کے 62 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو جرمنی کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی۔ پہلے گول کے17 منٹ بعد جرمنی کی لینا میگل نے 79 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جو میچ کے مقررہ وقت تک برقرار رہا، یوں میچ کے مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے اضافی وقت دیا گیا جس میں انگلینڈ کی چلو کیلی نے 110 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو نہ صرف جرمنی کے خلاف 1-2 سے فتح دلا دی بلکہ انگلینڈ کی ویمن ٹیم کو پہلی مرتبہ یورپیئن چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی دلوا دیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کے دوران ویمبلے سٹیڈیم میں 88 ہزار کے قریب تماشائی موجود تھے۔ جرمنی کی ٹیم اس سے قبل آٹھ بار یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ جیت چکی ہے۔

لاہور: لڑکی نے لڑکے کو اغوا کر کے زبردستی نکاح کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لڑکی نے لڑکے کو اغوا کر کے زبردستی نکاح کرلیا۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں انوکھا کیس سامنے آیا، لڑکی رضیہ نے لڑکے اعجاز کے والدین کے شادی سے انکار پر لڑکے کو اغوا کر لیا، لڑکی نے حجرہ شاہ مقیم لے جا کر زبردستی نکاح کر لیا۔
لڑکی نے لڑکے کو نشے کا ٹیکہ لگوا کر کمرے میں بند کر دیا، لڑکے کے والد منظور احمد کے اغوا کا پرچہ کرانے پر لڑکے کو رات کو چھوڑ دیا۔
اعجاز احمد کے گھر پہنچنے پر اسے سیشن کورٹ ایڈیشنل سیشن جج غلام حسین بھنڈر کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
عدالت نے اندراج مقدمے کی درخواست پر نصیر آباد پولیس سے پانچ اگست کو رپورٹ طلب کر لی۔

عمران خان نے عارف نقوی سے متعلق سوال پر مکمل خاموشی اختیار کرلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے عارف نقوی سے متعلق سوال پر مکمل خاموشی اختیار کرلی۔
برطانوی اخبار کی پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کی رپورٹ آنے کے بعد عمران خان کا صحافیوں سے سامنا ہوا۔
اسلام آباد کے ہوٹل میں آمد پر صحافیوں نے عارف نقوی سے متعلق سوالات پوچھے، عمران خان نے صحافی کے عارف نقوی کے بزنس پارٹنر ہونے کے سوال پر خاموشی اختیار کی۔
اس موقع پر عمران خان کی سیکیورٹی نے صحافیوں کو دھکے دیے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے عارف نقوی سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ کسی سوال کا جواب نہیں دوں گا۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 ڈالر سے زائد کی کمی

نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 ڈالر سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیر کو برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں 3.77 ڈالر یعنی 3.6 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد فی بیرل قیمت 100.20 ڈالر ہوگئی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی 4.59 ڈالر یعنی 4.7 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد امریکی خام تیل 94.03 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوا۔

صدر عارف علوی کی ایف بی آر کو عارضی لیکچرارز پر ٹیکس ختم کرنےکی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو عارضی لیکچرارز پر غیر منصفانہ ٹیکس کٹوتی ختم کرنےکی ہدایت کردی ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں کے خلاف ایف بی آر کی 30 اپیلیں مسترد کردی گئیں۔
صدر نے ہدایت کی ہے کہ ایف بی آر غیر مستقل لیکچرارزکی تنخواہوں پر غیر معقول ٹیکس کٹوتی کاعمل بند کرے، غیر مستقل لیکچرارز کی تنخواہ پر 20 فیصد ودہولڈنگ انکم ٹیکس وصولی غیرقانونی اور بدانتظامی کا عمل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے لیکچرارز پر ودہولڈنگ ٹیکس کٹوتیوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے، قانون کے تحت ریگولر، ایڈہاک ملازمت پر رکھےگئے ملازمین کی اجرت ’تنخواہ‘ہی تصور ہوتی ہے، لیکچرارز کو ادائیگیاں ’خدمات کے ٹیکس ‘کے زمرے میں نہیں آتیں، حقائق کے پیش نظر وفاقی محتسب کے احکامات جائزتھے، ایف بی آر کی نمائندگی کو مسترد کیا جاتا ہے۔

اسرائیل اور اردن کا سرحد پر ’مشترکہ انڈسٹریل پارک‘ بنانے کا فیصلہ

عمان: (ویب ڈیسک) اسرائیل اور اردن نے 28 سالہ تعلقات کو اگلے مرحلے میں لے جانے کے لیے مشترکہ انڈسٹریل پارک بنانے پر اتفاق کیا ہے جہاں دونوں ممالک کے تاجر اور ملازمین بلا روک ٹوک آ جا سکیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم یائر لپید اور اردن کی بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کے درمیان گزشتہ ہفتے عمان میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں میں 1994 میں امن معاہدے کے وقت پیش کی گئی مشترکہ انڈسٹریل پارک کی تجویز کو عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا۔
سر حد پر بنائے جانے والے انڈسٹریل پارک ’’ اردن گیٹ وے پارک‘‘ کے ٹرمینل کی تعمیراسرائیل ایئرپورٹس اتھارٹی کے سپرد ہے۔ یہ گیٹ وے انڈسٹریل پارک میں دلچسپی رکھنے والے اسرائیل اور اردن کے تاجروں کے لیے کراسنگ ایریا ہوگا جہاں سے وہ سے پیدل چل کر بھی بلا روک ٹوک انڈسٹریل پارک میں آجا سکیں گے۔
انڈسٹریل پارک میں دونوں ممالک کی کمپنیاں ہوں گی اور روزگار کے نئے مواقع سامنے آئیں گے جب کہ کاروباری مقاصد کے لیے آنے والے ایگزیکٹوز اور مہمانوں کی میزبانی کی سہولت بھی شامل ہوگی۔
اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم یائرلپید نے میڈیا کو بتایا کہ سرحد پر ’’اردن گیٹ وے پارک کی تعمیر‘‘ کا فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے کیا گیا ہے جس سے روزگار میں اضافہ ہوگا اور تجارتی و سفارتی تعلقات مستحکم ہوں گے۔
اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے بھی انڈسٹریل پارک کی کامیابی کو خطے میں نئے دور کا آغاز قرار دیا۔