All posts by Khabrain News

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر راج کی مخالفت کر دی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) ہر ممبر باوقار لوگوں کا چنا ہوا ہے اور وہ اپنے ضمیر کے مطابق اپنے فیصلے کرنے کا پابند ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے ان توقعات کو ذہن میں رکھنا ہو گا جو حلقے کی عوام نے منتخب کرتے ہوئے، آپ سے وابستہ کیں، آج نوے کی سیاست کو دہرایا جا رہا ہے، اسی طرز سیاست کے خلاف میثاق جمہوریت لایا گیا تھا، میثاق جمہوریت میں کچھ اصول طے کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ میثاق جمہوریت کی روح کے منافی ہے، پارلیمنٹ کے محافظوں کے ہاتھوں اگر پارلیمنٹ کو نقصان پہنچے تو یہی کہا جائے گا کہ گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے، کراچی میں گورنر راج کی تجویز کے حق میں نہیں ہوں، آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پولیٹیکل کمیٹی کا اجلاس ہے میں ماضی کے تجربات کی روشنی میں وہاں بھی اپنا نقطہ نظر پیش کروں گا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ 22 مارچ کو اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے، میں اس حوالے سے کافی عرصہ سے تگ و دو میں مصروف ہوں، نیامے میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں ہمیں دو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں، ایک کامیابی یہ حاصل ہوئی کہ ہم نے قائل کرلیا کہ اگلے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
دوسری کامیابی اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نمٹنے کے حوالے سے متفقہ قرارداد کی منظوری تھی، وہ قرارداد ہم نے اقوام متحدہ بھجوائ جو الحمد للہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے بھی منظور ہو چکی ہے، اب او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ پاکستان تشریف لا رہے ہیں وہ پچھترویں یوم پاکستان پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔
بھارت کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہبھارت نے تاحال اس مبینہ “حادثاتی میزائل فائر” کا تسلی بخش جواب نہیں دیا، افغانستان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، یوکرین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث، آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے معیشت پر بوجھ مزید بڑھے گا، ان حالات میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنا، نہ جمہوریت کے مفاد میں ہے، نہ معیشت کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاکستان کی عوام کے مفاد میں ہے۔
وہ لوگ جو اقتدار کی ہوس کیلئے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہے ہیں انہیں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

جہانگیر ترین سے حکومتی رابطے کی دوبارہ کوشش، ٹیلیفونک گفتگو ہوئی نہ ملاقات طے پائی

کراچی: (ویب ڈیسک) جہانگیر ترین سے تحریک انصاف نے رابطے کی دوبارہ کوشش کی تاہم ملاقات طے ہوئی نہ ٹیلیفونک گفتگو ہو سکی۔
بتایا گیا ہے کہ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے لندن میں موجود جہانگیر ترین کو ٹیلیفون کیا تاہم جہانگیرترین کی گورنرسندھ سے بات ہوئی نہ ملاقات سے متعلق کوئی پیش رفت ہو سکی۔
دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ موجودہ سیاسی صورتحال پر آج دوبارہ لاہور میں سرجوڑ کربیٹھے گا، گروپ کااجلاس شام چھ بجے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پرہوگا جس میں ترین گروپ کے رہنما آئندہ سیاسی حکمت عملی سے متعلق مشاورت کریں گے ،کس سیاسی جماعت کے ساتھ الحاق کرنا ہے یہ معاملہ بھی زیربحث آئے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: الیکشن کمیشن کو وزیراعظم کے خلاف کارروائی سے روکنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کووزیراعظم عمران خان کے خلاف کارروائی سے روکنے کی استدعا مسترد کردی۔
جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ کنڈیکٹ کودیکھتے ہوئے یہ عدالت حکم امتناع جاری نہیں کرسکتی۔عدالت نے الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کونوٹس جاری کردیا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی رخصت کے باعث بنچ کوتبدیل کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے محمد زبیرسرفرازنامی شہری کواتھارٹی دے دی۔ محمد زبیر سرفراز نے بائیو میٹرک کرا کے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کیا۔ جس کے بعد جسٹس عامرفاروق نے سماعت کی، دوران سماعت وکیل بیرسٹرعلی ظفرکا کہنا تھا کہ عدالت آئندہ سماعت تک الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف کارروائی سے روکے۔
جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ آپ کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونا چاہیے تھا۔ وزیراعظم خود نہ پیش ہوتے لیکن آپ کو تو پیش ہونا چاہیے تھا۔ آپ سارے نکات الیکشن کمیشن کے سامنے کیوں نہیں اٹھاتے؟
بیرسٹرعلی ظفرکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی آرڈیننس کے خلاف جا کر آرڈر جاری کر چکا۔ جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ معذرت کے ساتھ حکومت نے بھی آرڈیننس کی فیکٹری لگا رکھی ہے۔
جو کام پارلیمنٹ کے کرنے والے ہیں وہ آرڈیننس کے ذریعے ہو رہے ہیں، یہ کام کوئی آرڈیننس کے ذریعے کرنے والا تھا۔ کیا آپ 14 مارچ کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، آپ کا اپنا کنڈکٹ دیکھ کر عدالت حکم امتناع نہیں دے سکتی، عدالت نے سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی۔

13سال بعد لاہور اسٹیڈیم ٹیسٹ میچ کے لیے تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) راوپنڈی اور کراچی کے بعد اب آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں لاہور اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ 13سال بعد قذافی اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلا جائے گا۔
یاد رہے 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پہلی بار اس اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیمیں میدان میں آئیں گی، کل اور پرسوں دو دن کھلاڑی پریکٹس کریں گے۔
اس وینیو پر پاکستان نے 40 میچز کھیلے ہیں جن میں 12 بار جیت حاصلی کی اور 6 میں شکست ہوئی جبکہ 22 مقابلے ڈرا ہوئے۔ آسٹریلیا سے 5ٹیسٹ میں 1-1 سے پلڑا برابر رہا،3میچز نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے۔
اس میدان میں پاکستان اور آسٹریلیا آخری بار 1994میں آمنے سامنے آئے تھے، اور اب 28 سالوں بعد پاک سیریز کے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری ٹیسٹ کھیلیں گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین میچوں کی تیسٹ سیریز میں سے دو ڈرا ہو چکے ہیں، جبکہ یہ آخری ٹیسٹ میچ فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

لاہور میں “شہباز شریف وزیراعظم” کے فلیکسز آویزاں کر دیئے گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں شہباز شریف وزیراعظم کے فلیکسز آویزاں کر دیئے گئے ہیں جن پر “وقت کی مجبوری شہباز شریف ضروری” کے نعرے درج ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر “وزیراعظم پاکستان انشاءاللہ ” پر مبنی فلیکسز لگائے گئے ہیں، پوسٹرز پر نوازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کی تصاویر بھی نمایاں ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہی کے بھی بینرز لگائے گئے تھے جن پر “پنجاب کی مجبوری ہے، پرویز الہی وزیراعلی ضروری ہے” لکھا گیا تھا۔

فیس بک نے بھی ٹک ٹاک اکاونٹ بنا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) چینی ایپ ٹک ٹاک کی دھوم ، فیس بک نے بھی ٹک ٹاک پر انٹری لے لی۔ میٹا کے سوشل میڈیا نیٹ ورکس فیس بک اور انسٹاگرام کے ٹک ٹاک اکاؤنٹس نے سب کو حیران کر دیا۔
ٹک ٹاک پر فیس بک کا اکاؤنٹ ویریفائیڈ ہے اور اسے اب تک 23 ہزار سے زیادہ لوگ فالو کر چکے ہیں، جبکہ اس پر کوئی پوسٹ بھی نہیں کی گئی۔
فیس بک کے اس ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر لکھا گیا کہ ہمارا ماننا ہے کہ لوگ تنہا کی بجائے اکٹھے زیادہ کام کرسکتے ہیں۔ اور اس کے ساتھ گوگل پلے اسٹور پر فیس بک ایپ کا لنک بھی دیا گیا ہے۔
فیس بک ہی نہیں اسی طرح انسٹاگرام نے بھی ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنایا ہے جہاں ریلز کو پروموٹ اور اسے استعمال کرنے کی ٹپس شیئر کی جا رہی ہیں۔
میٹا کی جانب سے یہ تصدیق کی گئی ہے کہ یہ ٹک ٹاک اکاؤنٹ اصلی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ برانڈز متعدد چینلز کے ذڑیعے لوگوں تک رسائی حاصل کرے گی جو ان کی پراڈکٹس اور سروسز استعمال کرتے ہیں۔
یاد رہے 2021 کی آخری سہ ماہی میں پہلی بار فیس بک کو روزانہ اس سروس کو استعمال کرنے والے صارفین کی کمی کا سامنا ہوا تھا۔ پھر بھی فیس بک کی ٹک ٹاک پر موجودگی اس لیے حیران کن ہے کیونکہ یہ کمپنی اکثر مختصر ویڈیوز والی اس ایپ کو اپنا اہم ترین حریف قرار دیتی ہے۔

24 گھنٹوں میں مزید 1 لاکھ سے زائد یوکرینی ملک چھوڑنے پر مجبور

یوکرین : (ویب ڈیسک) یوکرین میں روسی حملے جاری ہیں، جس کی وجہ سے چوبیس گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے پر مجبور ہونے والے یوکرینی شہریوں کی تعداد میں ایک لاکھ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین و مہاجرین کے مطابق 24 فروری سے شروع ہونے والی یوکرین کی جنگ کے دوران اب تک 3,169,897 یوکرینی شہری ملک چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تین ملین سے زیادہ لوگ ملک سے فرار ہو چُکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے اور عمر رسیدہ یا بوڑھے لوگ ہیں جنہوں نے اپنے گھروں اور اکثر اپنے خاندان کے افراد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 20 لاکھ سے زیادہ باشندے اپنے گھر بار چھوڑ کر یوکرین کی سرحدوں کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
العربیہ میں شائع رپورٹ کے مطابق یو این ایچ سی آر نے یوکرینی باشندوں کی بطور پناہ گزین مختلف ممالک میں آمد کی تفصیلات کچھ یوں بتائیں: یوکرین سے نکلنے والے ہر 10 میں سے چھ پناہ کے متلاشی یوکرینی سرحد پار کر کے پولینڈ پہنچ چُکے ہیں۔
اب تک ان کی تعداد قریب 1,916,445بتائی گئی ہے۔ پولش سرحدی محافظوں کے مطابق وہاں پہنچنے والے یرکرینی باشندوں کی تعداد منگل کے مقابلے میں بُدھ کو 11 فیصد کم دیکھنے میں آئی۔

ناسا نے کھربوں میل دور ستارے کی تصویر لے لی

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی خلائی ادارے کی بڑی کامیابی، ناسا کی جیمز ویب خلائی دوربین نے اہم سنگِ میل عبور کر لیا، دوربین نے ستارے پر فوکس کر کے حتمی تصویر حاصل کر لی۔
یہ تصاویر دس لاکھ میل یعنی 16 لاکھ کلومیٹر کی دوری سے بھیجی گئی ہیں، جن میں دور کہکشاں کا ایک روشن ستارہ سورج کی طرح چمکتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے آزمائشی طور پر ایک ستارے کو فوکس کیا تھا اور تصویر کا معیار اُن کی امیدوں سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ تاہم ناسا کا کہنا ہے کہ دوربین کو مکمل طور پر فعال اور قابلِ استعمال قرار دینے سے پہلے اب بھی بہت کام باقی ہے۔
ناسا نے یہ دور بین دسمبر کے آخر میں ایک راکٹ کے ذریعے خلا میں روانہ کی تھی، جسے دس لاکھ میل کی دوری پر ایک ایسے مقام پر نصب کیا جانا تھا جہاں سے ان کہکشاؤں کے بارے میں تصویری معلومات حاصل کی جا سکیں، جن کے متعلق زمین سےجاننا ممکن نہیں ہے۔
تحقیق کا مقصد کائنات کی تخلیق کے راز سے پردہ اٹھانا ہے اور یہ جاننا ہے کہ کائنات کب اور کیسے وجود میں آئی۔ وہ کتنی وسیع ہے اور اس کی انتہا کیا ہے۔
ناسا کی خلائی دوربین نے جس ستارے کی تصویر زمین پر بھیجی ہے، وہ اس سے ایک سو گنا زیادہ واضح اور روشن ہے جتنا کہ زمین سے ایک انسانی آنکھ اسے دیکھ سکتی ہے۔ جس ستارے کی تصویر بھیجی گئی ہے وہ زمین سے دو ہزار نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔

عمران نیازی پر پاکستان کے عوام نے عدم اعتماد کر دیا: حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہےکہ عوام نے 4 سال عمران نیازی کی فضول باتیں سن لیں، اب عمران نیازی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان میں نہ مانوں کےاصول پر عملدرآمد کرتے ہیں، حکومتی اتحادی بھی کہتے ہیں وزیراعظم ہماری بات نہیں سنتے، عوامی نمائندوں نےعوام کے پاس جانا اور جواب دینا ہوتا ہے، منتخب نمائندوں کا مؤقف ہے عوام کے سامنے کیا منصوبہ لے کر جائیں گے، عمران نیازی نے 4 سال میں کون سا تیر مارا ہے۔
قبل ازیں لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران سوال اٹھایا کہ سندھ میں گورنر کیوں لگے گا؟ گورنر راج کی پنجاب میں ضرورت ہے جہاں وزیراعلیٰ اکثریت کھو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو آئین توڑے گا وہ غداری کا مرتکب ہو گا، اس پر آرٹیکل 6 لگے گا، اپوزیشن نے کبھی خرید و فروخت نہیں کی۔

جوبائیڈن نے روسی ہم منصب کو جنگی مجرم کے بعد ٹھگ قرار دے دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر بائیڈن نے روسی ہم منصب صدر پیوٹن کو ٹھگ قرار دے دیا، اس سے قبل جوبائیڈن نے پیوٹن کو جنگی مجرم بھی کہا تھا جس کو روس نے ناقابل معافی بیان قرار دیا تھا۔
کیپٹل ہل میں خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے روسی صدر پرکڑی تنقید کی، انہوں نے کہا کہ پیوٹن ایک قاتل ڈکٹیٹر اور ٹھگ ہیں۔ انہوں نے یوکرین کے لوگوں پر غیراخلاقی جنگ مسلط کی، صدرپیوٹن اور ان کی فوج جوکچھ یوکرین میں کر رہی ہے وہ مکمل طور پر غیر انسانی ہے۔
واضح رہے کہ صدر بائیڈن روسی صدر کو جنگی مجرم بھی قراردے چکے ہیں۔ روس کی جانب سے امریکی صدر کے بیان کی سخت مذمت کی گئی اور بیان کو ناقابل قبول اور ناقابل معافی قرار دیا گیا، روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوو کا کہنا تھا کہ کسی بھی سربراہ مملکت کی جانب سے ایسا بیان کسی طور قابل معافی نہیں، دنیا کے مختلف ممالک میں امریکی حملوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔