All posts by Khabrain News

خارکیف میں روسی فوج کی شیلنگ، 21 افراد ہلاک

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین پر روسی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، خارکیف میں روسی فوج کی شیلنگ سے 21 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔
ماریو پول میں تباہ ہونے والے تھیٹر سے لوگوں کا نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے روس پر کلسٹر بموں کے استعمال کا الزام عائد کردیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق یوکرین سے ہجرت کرنے والوں کی تعداد 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
یوکرینی حکام کے مطابق تھیٹر کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے تاہم سوشل سروسز نہ ہونے اور مزید بمباری کے خطرے کے پیش نظر ریسکیو کا کام سست روی کا شکار ہے، ڈونیسک ریجن کے سابق ایڈمنسٹریٹر کے مطابق تھیٹر میں 1300 افراد پناہ گزین تھے جن میں سے اب تک صرف 130 افراد کو ریسکیو کیا گیا
ترک وزیر خارجہ کے مطابق روس اور یوکرین کے صدور کو مذاکرات کی میز پر براہ راست بیٹھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
مولود چاؤش اوغلو کا کہنا ہے کہ روسی صدر براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق یوکرین سے ہجرت کرنے والوں کی تعداد 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں یہ تعداد انتہائی تیزی سے اوپر جاسکتی ہے۔
ادھر ہیومن رائٹس واچ نے روسی فورسز پر کلسٹر بموں کےاستعمال کا الزم عائد کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خارکیف اور دیگر شہروں میں7 مارچ، 11 مارچ اور 13 مارچ کو کلسٹر بم گرائے گئے۔
ماریو پول کے مئیر آئیوان فیدیروف کو کئی دن زیر حراست رکھنے کے بعد روسی فوج نے رہا کر دیا، آئیوان فیدیروف کے بدلے یوکرینی فوج نے 9 روسی فوجیوں کو رہا کردیا جن کو لڑائی کے دوران جنگی قیدی بنایا گیا تھا، آئیوان فیدیروف کو روسی فوج نے تعاون نہ کرنے پر حراست میں لیا تھا۔

اگلےالیکشن میں اگر پی ٹی آئی پرائزبانڈ کے ساتھ بھی ٹکٹ بانٹے تو کوئی نہیں لے گا: شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آئندہ آنے والے الیکشن سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی پرائز بانڈ کے ساتھ بھی ٹکٹ دے تو کوئی نہیں لے گا، لوگ ہماری پارٹیوں کا ٹکٹ ہی لیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت دھمکیاں دینے سے باز آئے،ضمیر کی آواز پر جو لوگ ووٹ دینا چاہتے تھے انہوں نے ن لیگ کا رخ کیا ہے،مزید بھی حکومتی اتحادیوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو ایک طوفان میں پھنسا دیا ہے،حکومت کو آئین سے ٹکراؤ کی اجازت نہیں دے سکتے ،ہم جلد از جلد شفاف انتخابات کی طرف جانا چاہتے ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ اگر یہ ثابت ہو گیا کہ ہارس ٹریڈینگ ہوئی ہے میں اپنا استعفی دے کر گھر چلا جاؤں گا۔

سندھ میں گورنر راج کی خبر پر مراد علی شاہ کا ردعمل آگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا سندھ میں گورنر راج کی خبر پر رد عمل سامنے آگیا۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں گورنر راج لگانےکا کوئی بھی غیر آئینی اقدام قبول نہیں ہوگا اور سندھ کے عوام ایسا جواب دیں گےکہ مثال نہیں ملےگی۔
مراد علی شاہ کے ردعمل میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر علی زیدی نے جواباً ان سے پوچھ کہ کیا ہارس ٹریڈنگ آئینی ہے؟
خیال رہےکہ آج وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سےگفتگو میں کہا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی ہےکہ سندھ میں گورنر راج لگا دیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں سمری کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی وزارت داخلہ سندھ میں گورنر راج کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا سکتی ہے۔

منحرف ارکان ضمیر فروش ، بلیک میل نہیں ہوں گا: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے منحرف ارکان کو ضمیر فروش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلیک میل نہیں ہوں گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کی۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید کی سندھ میں گورنر راج کی تجویز پر وزیراعظم خاموش رہے، ترجمانوں نے نمبر گیم پر مختلف سوالات کیے۔
وزیراعظم نے منحرف ارکان کو ضمیر فروش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوا ضمیر فروش بے نقاب ہو گئے، اپوزیشن کی اس چال کے باوجود تحریک عدم اعتماد ہم جیت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تسلی رکھیں جیت ہماری ہو گی، کسی طور پر بھی اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ان حرکتوں سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔

پاکستانی باکسر محمد وسیم ورلڈ ٹائٹل کیلئے 19 مارچ کو ایکشن میں نظر آئیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز پروفیشنل باکسر محمد وسیم 19 مارچ کوباکسنگ رنگ میں اتریں گے۔
رپورٹس کے مطابق محمد وسیم ورلڈ ٹائٹل فائٹ کےلیے رنگ میں اتریں گے جہاں ان کا مقابلہ برطانوی باکسر سنی ایڈورڈز سےہوگا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی باکسر محمد وسیم اور برطانوی باکسرکا مقابلہ دبئی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ برطانوی باکسر سنی ایڈورڈز 2 بار آئی بی ایف فلائی ویٹ چیمپئن رہ چکےہیں۔
19 مارچ کے مقابلے کے حوالے سے محمد وسیم کا کہنا ہے کہ میں ورلڈ ٹائٹل کیلئے دوسری بار رنگ میں اتروں گا اور یہ مقابلہ پاکستان اور ایشیا کی تاریخ کا سب سےبڑا مقابلہ ہوگا۔

ٹکراؤہوتا ہے تو ہونے دیں، اتنا توجانتا ہوں معاملات طے ہوگئے ہیں: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) اور حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فصل الرحمان نے کہا ہے کہ ٹکراؤہوتا ہے توہونے دیں،ہم تیارہیں۔ ٹکراؤ ہوگا توذمہ دارحکومت ہو گی، اگرآمنا سامنا ہوا توپھرہمیں ڈٹ جانا بھی آتا ہے۔ اتنا توجانتا ہوں کہ معاملات طے ہوگئے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو قافلے پورے پاکستان سے روانہ ہونگے، عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، سندھ ہاؤس میں کسی کوزبردستی نہیں رکھا گیا۔ پی ٹی آئی کے کتنے ایم این ایزساتھ ہوں گے ابھی حتمی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ تحریک انصاف کے اراکین نے (ن) لیگ،پیپلزپارٹی سے رابطہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کتنے ایم این ایز ساتھ ہوں گے ابھی حتمی کچھ نہیں کہہ سکتا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ٹکراؤہوتا ہے توہونے دیں،ہم تیارہیں۔ ٹکراؤ ہوگا توذمہ دارحکومت ہو گی، اگرآمنا سامنا ہوا توپھرہمیں ڈٹ جانا بھی آتا ہے، حکومتی اراکین ووٹ ڈالنے کے لیے ہم سے تحفظ مانگ رہے ہیں، ایم کیوایم،چودھری برادران کو سندھ، پنجاب میں جے یوآئی کا کوئی اسٹیک نہیں ہے، اتنا توجانتا ہوں کہ معاملات طے ہوگئے ہیں۔ الیکشن کے نتائج پر سرعام کہا اس کا ذمہ دار کون ہے، ادارے جب سیاسی عمل میں مداخلت کرینگے توکوئی بات نہیں چھپائی، آج نظرآرہا ہے غیرجانبداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اگروہ غیرجانبداری کا مظاہرہ کریں گے تو سراہیں گے، سیاسی لوگ اس وقت بغیر کسی پریشر کے اپنے فیصلے کررہے ہیں، اگر اسٹیبلشمنٹ کا دباؤہوتا تویہاں تک نوبت نہ پہنچی ہوتی، سیم پیج کی اپنی،اپنی تشریح ہے۔
انہوں نے کہا کہ واضح نظرآرہا ہے اسٹیبشلمنٹ غیر جانبدارہے، میرے تعلقات ایسے نہیں تبصرہ کرسکوں، اگر اسٹیشلمنٹ سے رابطہ ہوا تو کبھی ذات کے حوالے سے بات نہیں کی، جنرل باجوہ سے ملاقات ہوئی، جنرل باجوہ کو معاشی بدحالی سے آگاہ کیا، واضح نظرآرہا ہے سٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے۔ چیلنجزتوبہت ہیں، غیرضروری عناصرکوسیاست سے باہر کرنے سے حالات کو ٹھیک کر لیں گے۔ ملک میں معاشی بدحالی کا راج ہے، امریکا،یورپ سے جھگڑا کرنے کی کوئی خواہش نہیں، ہمیں ڈکٹیٹ نہ کرے تجارت کرنی چاہیے، ملک میں معاشی بدحالی کا راج ہے،
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کوسندھ بلدیاتی ایکٹ کے حوالے سے تحفظات تھے، ایم کیوایم سے کہا آپ کے مطالبات کو نئی قانون سازی میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، باپ پارٹی والوں نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کی خواہش کا اظہار کیا، باپ پارٹی اپوزیشن کا ساتھ دے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پہلے خزاں کورخصت کریں گے پھر بہار آئے گی، اب تقریبا ہمارے پاس اتحادیوں نے اپوزیشن کے حق میں ووٹ ڈالنے کلیئرکردی ہے، ہمیں 10ووٹوں کی ضرورت تھی اس وقت 30 سے زائد ہیں، 182سے لیکر 190تک ووٹ ہمیں پڑجائیں گے، جواس وقت منظرعام پرنہیں وہ بھی موقع پرسوچیں گے۔
نواز شریف کی واپسی سے متعلق سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ وہ تین دفعہ وزیراعظم رہے، ان تمام نزاکتوں کو وہ ہم سے بہتر سمجھتے ہیں، پاکستان نوازشریف کا گھر ہے، نوازشریف جب بھی پاکستان آنا چاہے ان کی صوابدید ہے۔ مریم نواز، حمزہ کراؤڈ پلر ہیں، انہوں نے دس لاکھ لوگ لانے کی بڑی بات کی ہے، عمران خان پرجب عروج تھا تب بھی اتنے لوگ نہیں لاسکے تھے، حکومت10لاکھ کے بجائے 172 لائے،
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کوقانون کی پابندی کا کہتا ہے خود الیکشن کمیشن کے حکم کو نہیں مانتا، اس میں کوئی شک نہیں ہمارے پاس جادوکا چراغ نہیں ہو گا، بھوکے بندے کوروٹی چاہیے، ہمیں کچھ فوری اقدامات کوبھی دیکھنا ہو گا، پچھلی حکومت نے روپے کی قدر کو استحکام دیا تھا، سابقہ حکومت میں معیشت میں گروتھ اوریہ زیروپرلے آئے، اس حکومت کے پہلے سال تاجربرادری نے ہڑتال کی تھی، حکومت نے لوگوں کو پہلے سال ہی بے زارکردیا تھا، حکومت کوسہارے دینے والے بھی زمینی حقائق جانتے ہیں، یہ ان کی توقعات پربھی پورا نہیں اترا، 27 اور28مارچ کو امن کی توقع رکھیں، جے یوآئی سیاسی،آئینی وقانونی جدوجہد کی قائل ہیں۔

ن لیگی قیادت کا ملک بھر میں پارٹی کارکنوں کو تیاری کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک بھر میں پارٹی کارکنوں کو تیاری کا حکم دے دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، 23 مارچ کو لانگ مارچ کے لئے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پارٹی صدر شہباز شریف نے وفاقی اور صوبائی عہدیداروں کو موثر اشتراک عمل یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
اجلاس میں پارٹی کے مرکزی قائدین، وفاقی اور صوبائی عہدیداروں نے ورچوئلی شرکت کی۔

وزیراعظم کا اپنے منحرف ارکان کیخلاف قانونی و آئینی کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف ارکان پارلیمنٹ کے خلاف قانونی و آئینی کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے آج اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات ہوئی ہے جس میں قانونی ٹیم کو منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اسپیکر کو کارروائی کیلئے باقاعدہ خط لکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی اراکین کے نام سامنے آ گئے ہیں۔
سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی اراکین میں راجہ ریاض، باسط سلطان بخاری، نور عالم خان، ملتان سے رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ، نواب شیر وسیر، وجیہہ قمر، محمد قاسم نون سمیت دیگر شامل ہیں۔
حکومتی رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے نام سامنے آنے پر کہا کہ اپنی مرضی سے سندھ ہاؤس آئے ہیں حکومت کا پیسوں کا الزام جھوٹ پر مبنی ہے۔ چند ماہ قبل ملتان میں ریسکیو 1122 کو 40 کروڑ روپے کی زمین عطیہ کی،انہوں نے کہا کہ ہم پیسے لے کر بکنے والے نہیں ہیں۔
نور عالم خان نے کہا کہ ہم لائے نہیں گئے بلکہ خود آئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ یا کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی تو کہا گیا کیا آپ پیپلز پارٹی میں ہیں۔ میرے حلقے میں گیس نہیں آتی کوئی بات سننے والا نہیں ہے۔
حکومتی رکن اسمبلی باسط سلطان بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے کوئی وزارت نہیں مانگی لیکن ایک منصوبہ تھا جو اپنی سربراہی میں مکمل کرنے کا کہا تھا۔ حکومت نے ساڑھے 3 سالوں میں کچھ نہیں کیا۔

اگر بلوچستان میں بھی تبدیلی آنی ہے تو اسے کوئی روک نہیں سکتا: عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی فیصلہ کرینگے، جو بھی فیصلہ ہوگا بلوچستان کے مفاد میں ہوگا، اگر صوبے میں بھی تبدیلی آنی ہے تو اسے کوئی روک نہیں سکتا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا تھا، تھریٹس آتے رہتے ہیں، ہم ہر قسم کے تھریٹ کے لیے تیار ہیں، عوام کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبے میں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز تیار ہیں، حکومت ہر حال میں اپنی رٹ قائم رکھے گی۔
اسلام آباد دورے کے حوالے سے عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بجٹ کی تیاری سمیت اہم میٹنگز کے لیے اسلام آباد گئے تھے، عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بی اے پی کے ایم این ایز فیصلہ کرینگے، بلوچستان میں جو تبدیلی آنی ہے اسے روکا نہیں جا سکتا، میرے پاس منصب ایک دن ہو یا 100 دن، میں صوبے کی بہتری کے لیے کام کرنے آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت بنانے کے لیے کوئی پیسے نہ دیے اور نہ لیے، ساڑھے تین ارب روپے میں حکومت قائم کرنے والی خبروں میں صداقت نہیں، جام صاحب ہم ہیں اور ہم جام صاحب ہیں۔

کرینہ کپور نیٹ فلکس کی فلم میں جلوے بکھیریں گی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور ڈیجیٹل اسکرین ’نیٹ فلکس‘ کی فلم میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں جس میں اسٹار اداکار جے دیپ اور وجے ورما بھی اپنے جلوے بکھیریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور پہلی بار ڈیجیٹل اسکرین پر اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئیں گی، نیٹ فلکس کی نئی آنے والی فلم کا نام تاحال منتخب نہیں کیا گیا البتہ فلم کی کہانی 2005 میں شایع ہونے والے ناول ’دی ڈیووشن آف سسپکٹ ایکس‘ کے گرد گھومے گی اور پروجیٹ میں سوجو گھوشت ہدایت کاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
نیٹ فلکس انڈیا نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر نئی فلم کی تیاری کی جھلکیاں شیئر کیں جن میں کرینہ کپور سمیت دیگر نامور بالی ووڈ شخصیات کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تاہم اب تک یہ واضح نہیں کہ فلم کب ریلیز کی جائے گی۔
خیال رہے کہ کرینہ کپور شادی اور پھر بچوں کی پیدائش کے بعد فلم انڈسٹری سے دور نظر آئیں تاہم وہ ٹیلی ویژن شوز اور مختلف تقریبات میں اپنی شرکت یقینی بناتی ہیں۔
اسٹار اداکار کے مداحوں کو اب ان کی نئی آنے والی نیٹ فلکس فلم کا بے صبری سے انتظار ہے، کرینہ کپور کے پرستاروں نے ان کے ڈیجیٹل اسکرین پر کام کرنے کو خوش آئند بھی قرار دیا ہے۔