All posts by Khabrain News

کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری، مزید 4 افراد جاں بحق، 493 نئے کیسز رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید چار افراد جاں بحق، 493 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد تیس ہزار تین سو سترہ ہو گئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد سترہ ہزار پانچ سو سترہ ہے ۔ ملک میں پندرہ لاکھ بیس ہزار ایک سو بیس افراد متاثر ہوئے ،چودہ لاکھ بہتر ہزار دو سو اکانوے مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 493 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ چار دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔

او آئی سی اجلاس کی وجہ سے اپوزیشن نے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کی وجہ سے متحدہ اپوزیشن نے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کر دیا۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر، اے این پی کے میاں افتخار اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رانا ثناء اللہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق ایک اعلامیہ طے کیا گیا ہے، ملک بھر سے تمام قافلے 25 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے، پیپلزپارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم میں واپس شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے وزرئے خارجہ ہمارے مہمان ہیں، وزرائے خارجہ 24مارچ تک اسلام آباد میں موجود رہیں گے، او آئی سی وزراء خارجہ ہمارے مہمان ہیں، نہیں چاہتے مہمانوں کو کوئی مسئلہ ہو۔ 23 مارچ کو قافلے اسلام آباد میں داخل ہونے سے گریز کریں، لانگ مارچ سے متعلق لائحہ عمل طے کیا گیا ہے، تمام قافلے ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہماری طرف سے کوئی تاخیرنہیں، حکومت اجلاس بلائے۔ ایک بات واضح کر دوں ہمارا ان کے جلسے سے مقابلہ نہیں، ہم نے پہلے ہی اپنے لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، شاہراہ دستورپرہم نے جانا ہے، ایڈجسٹمنٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا تھا کہ کل تک واضح ہوجائے گا، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے جو کہنا تھا بڑی وضاحت کے ساتھ کہہ دیا۔ اتحادی حکومت سے الگ ہو جائینگے، اتحادی بھی اب حکومت کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے، آصف زرداری کو کل دعوت دینے کے لیے جاؤں گا۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی شہید

غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ فلسطین کے دو مختلف علاقوں میں فائرنگ کرکے کم عمر نوجوان سمیت 3 افراد کو شہید کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے علاقے ویسٹ بینک اور ناقاب میں قابض فورسز نے فائرنگ کرکے تین فلسطینیوں کو موت کے گھاٹ اتارا اور کئی افراد کو زخمی بھی کیا۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ 17 سالہ نادر ریان ہاتھ، سینے اور سر میں گولی لگنے کے باعث جاں بحق ہوا۔
دوسری جانب اسرائیلی سرحدی فورسز نے الزام عائد کیا ہے کہ نادر نے پہلے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور پھر جوابی کارروائی میں اس کی موت ہوئی۔ علاوہ ازیں فورسز نے باتالا کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کی اور عرافات نامی مطلوب فلسطینی کو گرفتار کیا۔ قابض فوج کا کہنا ہے کہ ہم کئی ماہ سے مذکورہ ’ملزم‘ کی تلاش میں تھے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی فلسطین میں ریاستی دہشت گردی برقرار ہے، آئے روز نام نہاد آپریشن کی آڑ میں معصوم اور نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

فوکس نیوز کا کیمرہ مین یوکرین جنگ کی کوریج کرتے ہلاک ہوگیا

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کا کیمرہ مین یوکرین میں جنگ کی کوریج کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
پیئر زکشاؤسکا ساتھی رپورٹر کے ہمراہ کیف میں فلم بندی میں مصروف تھے جب ان کی گاڑی فائرنگ کی زد میں آگئی۔ واقعے میں پئیر ہلاک اور ان کا ساتھی صحافی زخمی ہوگیا۔
وہ تین سال سے فوکس نیوز کے ساتھ منسلک تھے اور یوکرین سے پہلے وہ عراق، شام اور افغانستان میں میں جنگ کی رپورٹنگ کر چکے تھے۔

جاپان کا تیل کی اضافی پیداوار کیلئے عرب امارات پر دباؤ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) روس یوکرین جنگ میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے دوران جاپان نے متحدہ عرب امارات سے تیل کی سپلائی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کہا ہے۔
جاپانی نشریاتی ادارے کیوڈو نیوز نے رپورٹ کیا کہ ایک فون کال میں جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو بحیثیت تیل پیدا کرنے والے بڑے ملک کے “متحرک تعاون” کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں فریقوں نے عالمی خام تیل کی منڈیوں کو مستحکم کرنے کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے یوکرین پر حملے کے بعد روسی توانائی کی سپلائی پر پابندی عائد کردی ہے جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اگرچہ تیل اور گیس کی کمی کے شکار جاپان نے روسی توانائی کی درآمدات نہیں روکیں تاہم اس نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور دیگر روسی حکام اور مالیاتی اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

اسکاٹ لینڈ میں رات کے وقت آسمان پر سبز روشنی کا رقص

ایڈن برگ: (ویب ڈیسک) اسکاٹ لینڈ کے شہریوں کا برسوں پرانا دیرینہ خواب اُس وقت پورا ہوا جب رات کے وقت انہوں نے آسمان پر سبز روشنی کو رقص کرتے ہوئے دیکھا۔
آسمان کی رنگت سبز ہونے یا تاریکی میں ہری روشنی کا رقص دراصل فلکیاتی واقعہ ہے، جس کو دیکھنے کے کئی لوگ خواہش مند ہوتے ہیں اور وہ اس کو دیکھنے کے لیے سالوں انتظار بھی کرتے ہیں۔
اسی طرح اسکاٹ لینڈ یارڈ کے بھی شہری اس منظر کے برسوں سے منتظر تھے جو 13 مارچ کی رات انہوں نے دیکھا۔
رنگوں کے اس انوکھے ملاپ اور رقص کرتی لہروں کے قدرتی نظارے کو فوٹو گرافرز اور شہریوں نے کیمرے کی آنکھ میں قید کر کے انہیں انٹرنیٹ پر شیئر کیا۔
فلکیاتی ماہرین اس عمل کو سائنسی زبان میں ‘نادرن لائٹس‘ یا شمالی قطب کی روشنی کہتے ہیں، جبکہ فلکیات کی زبان میں اس عمل کو ’اورورا بوریلیس‘کہا جاتا ہے۔
ماہرین بتاتے ہیں کہ آسمان پر سبز رنگ کی روشنی کا نمودار ہونا ایک قدرتی عمل ہے جس میں بجلی سے خارج ہونے والے شمسی ہوا کے ذرات زمین کے ماحول میں داخل ہوتے ہیں تو ان کے رنگوں کا آپس میں ٹکراؤ ہوتا ہے۔
عام طور یہ ایسے نظارے کھلے یا بلند مقامات اورسمندری علاقوں میں دیکھے جاتے ہیں۔

ہم اب بھی کراچی ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں ہیں: آسٹریلوی اسسٹنٹ کوچ

کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مائیکل ڈی وینٹو نے کہا ہے کہ ہم اب بھی ٹیسٹ میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہیں، پاکستان نے آخری دو سیشن میں زبردست بیٹنگ کی۔
پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر کینگرو اسسٹنٹ کوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تیسرے روز ہمیں زیادہ ریورس سوئنگ ملی جس کی وجہ سے مدد ملی، آج اتنی ریورس سوئنگ نہیں ملی، عبد اللہ شفیق کا کیچ ڈراپ ہونا اہم لمحہ تھا، اسٹیو اسمتھ اس طرح کے آسان کیچ نہیں چھوڑتے مگر یہ بد قسمتی تھی۔
مائیکل ڈی وینٹو کا مزید کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کل اسپینرز کو زیادہ ٹرن ملے، کل کا دن بہت دلچسپ ہونے والا ہے، آج کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، کل ہمیں باؤلنگ میں محنت کرنا ہوگی۔

پیوٹن نے امریکی صدر جو بائیڈن کے روس میں داخلے پرپابندی لگا دی

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی صدر جو بائیڈن کے روس میں داخلے پرپابندی لگا دی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق یوکرین پر حملے کے نتیجے میں پابندیوں کے جواب میں روس نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے 13 افراد پر مشتمل فہرست جاری کی گئی ہے جس میں شامل افراد روس میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق بائیڈن کے علاوہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن،وزیردفاع لائیڈآسٹن پربھی روس میں داخلےکی پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ سی آئی اےچیف ولیم برنز، قومی سلامتی مشیرجیک سلیوان بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں جبکہ امریکا کی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن پربھی روس میں داخل ہونےکی پابندی ہوگی۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق امریکی اعلیٰ حکام پر پابندیاں امریکی پابندیوں کے جواب میں لگائی گئی ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کےباوجود واشنگٹن کے ساتھ باضابطہ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں تاہم ضرورت پڑنے پر پابندیوں میں شامل افراد کے ساتھ رابطے کیے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے آج روسی جج سمیت 4 روسی شخصیات اور ایک کمپنی پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

مسلم لیگ ن کا بڑے شہروں میں بھرپور جلسے کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں سیاسی گہما گہمی بڑھنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن نے بڑے شہروں میں بھرپور جلسے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
مسلم لیگ ن نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے تمام بڑے شہروں میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور، گوجرانوالا، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان سمیت تمام بڑے شہروں میں جلسے کئے جائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بڑے شہروں میں جلسے کرنے کی منظوری دے دی۔
جلسوں میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سمیت تمام رہنما جلسوں سے خطاب کریں گے۔
جلسوں کیلئے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جلسوں میں حکومتی نااہلی مہنگائی کو اجاگر کیا جائیگا۔

حکومت کا آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ پیکج کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 15 مارچ رات 12 بجے سے آئندہ پندرہ روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے کی سطح پر برقرار رہیں گی۔
فنانس ڈویژن کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روز کے دوران حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے 30 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔