All posts by Khabrain News

’سعودی عرب میں پہلا روزہ 2 اپریل کو ہوگا‘

سعودی ایمریٹس سوسائٹی کے چیئرمین اور عرب یونین برائے فلکیات کے رکن ڈاکٹر الابراہیمی الجروان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں رمضان کا چاند یکم اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے اور پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتے کو ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر الابراہیمی کا کہنا ہےکہ عرب سمیت زیادہ تر اسلامی ممالک میں اسی تاریخ سے رمضان شروع ہونے کا امکان  ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان کے آغاز میں روزہ 13 گھنٹے 40 منٹ کا ہوگا  لیکن اس کا دورانیہ 14  گھنٹے تک پہنچ جائے گا اور آخر میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے 20 منٹ کا ہوگا۔

عید الفطر سے متعلق ڈاکٹر الابراہیمی کا کہنا تھا کہ عیدالفطر 2 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔

چین نے روس کی مدد کی تو انجام دونوں کو بھگتنا ہوگا: امریکا کی وارننگ

امریکا نے روس پر چین سے ہتھیار اور دیگر فوجی امداد لینے کا الزام عائد کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا نے روس پرالزام عائد کیا ہےکہ وہ یوکرین کے ساتھ لڑائی میں چین سے اسلحہ اور دیگر فوجی امداد لے رہا ہے جب کہ امریکا نے چین کو اس حوالے سے خبردار بھی کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی عہدیدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اگر یوکرین پر جاری حملوں میں چین نے روس کی کسی طرح بھی مدد کی تو دونوں ممالک کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہےکہ امریکی میڈیا رپورٹس میں امریکی عہدیدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے تاہم امریکی میڈیا میں اس عہدیدارسے منسلک بیان میں کہا گیا ہےکہ روس نے یوکرین پر حملے کے بعد چین سے فوجی امداد کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکا کے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں روس نے چین نے خاص فوجی امداد کا مطالبہ کیا جن میں ڈرونزبھی شامل ہیں تاہم چین کی جانب اب تک اس پر کوئی رد عمل نہیں دیا گیا۔

دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارتخانے نے روسی امداد سے متعلق خبروں پر لاعلمی کا اظہار کیاہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے یہ وارننگ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روم میں امریکی اورچینی عہدیداروں کی ملاقات متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی کے آغاز سے ہی چین پرانے اتحادی روس کی حمایت میں نظر آیا ہے تاہم اس کا اظہار عوامی سطح پر نہیں کیا گیا۔

مونس الٰہی اور علی ترین میں ٹیلی فونک رابطہ، سیاسی صورتحال پر بات چیت

سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی، وفاقی وزیر مونس الہی نے جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، عون چودھری نے علی ترین اور مونس الہی کی ٹیلی فون پر بات کروائی۔
مسلم لیگ قائداعظم اور ترین گروپ میں ایک اور رابطہ ہوا، مونس الہی نے علی ترین سے ان کے والد جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی اور ملکی سیاسی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ عون چوہدری نے جہانگیر ترین کو پرویز الہی سے ملاقات بارے بھی آگاہ کیا۔
ادھر جہانگیر ترین گروپ نے آج اہم مشاورتی اجلاس لاہور میں طلب کر لیا، اجلاس جہانگیر ترین کی رہائش گاہ ماڈل ٹاون میں سہ پہر تین بجے ہوگا، جس میں عون چودھری پارٹی رہنماؤں کو گزشتہ روز چودھری برادران کے ساتھ ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں لیں گے۔ ترین گروپ کے اجلاس میں سیاسی رابطوں کے نتیجے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

کیا آپ اپنا نام چاند کے گرد گھومتا دیکھنا چاہتے ہیں؟

دنیا میں ہزاروں افراد خلا میں جانے کی خواہش رکھتے ہیں، اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکا کے خلائی تحقیقی ادارے ناسا نے عوام کو ان کی خواہش کے قریب ترین ایک پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت وہ خود تو خلا میں نہیں جا سکیں گے تاہم ان کے نام چاند تک ضرور پہنچ جائیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ناسا نے اپنے اگلے مشن آرٹمس آئی(Artemis I) کے ذریعے چاند کے گرد نظر آنے والے ناموں کی منظوری دیدی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آرٹمس آئی (Artemis I) بغیر عملے پر مشتمل ایک مشن ہے جو اسپیس لانچ سسٹم راکٹ اور اورین اسپیس کرافٹ کو  مدار (orbit ) میں بھیجے گا، مشن اسپیس ایئر کرافٹ اور راکٹ  پہلا فلائٹ ٹیسٹ ہو گا۔

خلا میں بھیجے جانے والا اورین اسپیس کرافٹ چاند کے گرد چکر لگائے گا جس کے پیش نظر ناسا نے چاند پر اپنے نام بھیجنے کے خواہشمند افراد کو اس مشن میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

چاند کے گرد اپنا نام دیکھنے کے خواہشمند افراد ناسا کی ویب سائٹ پر اپنے نام ڈالیں گے جس کے بعد  انہیں ایک ورچوئل بورڈنگ پاس فراہم کیا جائے گا اور  منظور ہونے والے تمام ناموں کی فلیش ڈرائیو 3 ہفتوں سے زائد عرصے تک چاند کے گرد چکر لگائے گی۔

ناسا  کی جانب سے 17 مارچ کو فلوریڈا میں ایک ویٹ ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا جائے گا جس دوران اسپیس کرافٹ اور راکٹ کمبینیشن کو ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر کے لانچنگ پیڈ تک پہنچایا جائے گا۔

ناسا ریہرسل سے حاصل ہونے والے ڈیٹا اور طریقہ کار کا جائزہ لینے کے بعد مشن کو لانچ کرنے کی اصل تاریخ کا فیصلہ کرے گا۔

ناسا کا کہنا کہ جب اورین اور اسپیس لانچ سسٹم (SLS) پہلی بار فلوریڈا میں ناسا کے جدید ترین کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہوں گے تب سب کی نظریں تاریخی لانچ کمپلیکس 39B پر ہوں گی۔

رپورٹس کے مطابق اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو 2027 تک انسان 1972 کے بعد پہلی بار چاند کی سطح پر اتر سکے گا۔

بھارتی اداکارہ بٹوہ چوری کرتے ہوئے پکڑی گئیں، پولیس نے گرفتار کرلیا

بنگالی اداکارہ روپا دتہ کو   بھارتی شہر کولکتہ میں انٹرنیشنل کتب میلے میں  بٹوے چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلی ویژن اداکارہ روپا کو ہفتے کے روز اس وقت حراست میں لیا گیا جب  پولیس اہلکار نے انہیں ایک بٹوے کو کوڑے دان میں پھینکتے ہوئے دیکھا۔

پولیس کے مطابق اداکارہ کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تو ان کے بیانات میں تضاد پایا گیا تاہم  تلاشی کے دوران روپا کے بیگ سے کئی  بٹوے  اور 75 ہزار بھارتی روپے نقد ملے۔

پولیس کاکہنا ہے کہ روپا سے مزید تقتیش کی جارہی ہے اور معلوم کیا جارہا ہے کہ آیا ان کے ساتھ کوئی گروہ ملوث تو نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل روپا نے مشہور فلمساز انوراگ کشیپ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا غلط الزام لگایا تھا۔

یوکرین میں روسی فوج کی فائرنگ سے امریکی صحافی ہلاک، دوسرا زخمی

یوکرین کے دارالحکومت کے نزدیک روسی افواج کی فائرنگ میں نیویارک ٹائمز کا ایک صحافی ہلاک ہوگیا جب کہ دوسرا شدید زخمی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف سے متصل شہر ایرپن میں پناہ گزین کیمپ کی کوریج کے بعد واپس آنے والے دو امریکی صحافیوں پر فائرنگ کی گئی ہے۔
فائرنگ سے 51 سالہ صحافی برینٹ ریناؤڈ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے ساتھی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
کیف پولیس کے چیف نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں صحافیوں کو ایرپن میں روسی فوج نے ایک چیک پوسٹ پر گولیوں کا نشانہ بنایا جب صحافی پناہ گزین کیمپ پر ٹیلی فلم کی ریکارڈنگ کرکے واپس آرہے تھے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق مقتول صحافی کئی برسوں سے ان کے ساتھ منسلک تھے اور یوکرین میں خصوصی اسائنمنٹ پر تھے۔ روسی فوج نے تاحال امریکی صحافی کے قتل پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

واٹس ایپ نے میسج کے ازخود غائب ہونے والے فیچر میں زبردست تبدیلی کردی

واٹس ایپ کے دنیا بھر میں دو ارب سے زائد صارفین ہیں جنہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمپنی کی جانب سے آئے روز نت نئے فیچرز یا سہولیات پیش کی جاتی ہیں۔
واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے خود بہ خود غائب ہونے والے فیچر کو مزید کارآمد بنانے کے لیے اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔
صارف جب غائب ہونے والے پیغامات کے آپشن کو فعال کرتا ہے تو اُس کی خواہش ہوتی ہے کہ دوسرے شخص کے پڑھنے کے بعد پیغامات غائب ہو جائیں لیکن بعض اوقات ایسا پیغام بھیجا جاتا ہے جو اہم ہو اور مستقبل کے لیے کارآمد ہوتا ہے۔
ڈس اپیئر فیچر کے بعد صارف کو یہ شکایت تھی کہ اُن کے دوستوں کی جانب سے بھیجے جانے والے اہم پیغامات بھی غائب ہوجاتے ہیں، جس پر اب کمپنی نے کام شروع کردیا ہے۔
اس مقصد کے لیے واٹس ایپ اس فیچر میں ایک ایسی سہولت کی آزمائش کر رہا ہے جس کی مدد سے صارفین غائب ہونے والے میسجز میں سے اہم پیغامات دیکھ بعد میں بھی سکیں گے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیچر ابتدائی مراحل میں ہے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا واٹس ایپ کی جانب سے مستقل طور پر اس کا انتخاب کب کیا جائے گا۔

ناقص وکٹ پر وسیم اکرم چیئرمین پی سی بی اور کپتان پر برس پڑے

لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں ناقص وکٹوں کی تیاری پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ اور قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر برہمی کا اظہار کیا۔
ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ وکٹ بنانے کے لیے ہدایت دینا کپتان کا کام ہوتا ہے، ہمارے دور میں چیئرمین وکٹ کے معاملے میں نہیں بولتے تھے، سلو وکٹ ہمارے دور میں بھی بنتی تھیں لیکن ان پر گیند ٹرن بھی کرتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سلو وکٹ بنانے کے لیے بھی کوئی فارمولا ہوتا ہے، وکٹ سے کم از کم اسپنرز کو تو مدد ملنی چاہیے، یہ کونسا ٹیسٹ میچ ہورہا ہے، کراچی ٹیسٹ قومی ٹیم کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا آسٹریلیا نے 500 رنز بنانے کے بعد بھی اپنی پہلی اننگ ڈیکلیئر نہیں کی، کراچی ٹیسٹ میں پاکستان پر دباؤ ہے، پنڈی ٹیسٹ کے چند اوورز ہی دیکھ کر اندازہ ہوگیا تھا کہ میچ ڈرا ہو جائے گا، آسٹریلیا کا پاکستان آنا نیک شگون ہے، ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، حکومت اپنا کردار ادا کرے، ملک سے اسپورٹس ختم ہوتی جارہی ہے۔

پابندیوں سے روس کے 300 ارب ڈالرکے ذخائر منجمد ہوئے ہیں، روسی وزیرخزانہ

روس کے وزیر خزانہ اینٹن سلوانوف کا کہنا ہےکہ غیر ملکی پابندیوں سے روس کے سونے اور زرمبادلہ کے 640 ارب ڈالر کے ذخائر میں سے 300 ارب ڈالر منجمد ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق روسی میڈیا کو دیےگئے ایک انٹرویو میں روسی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مغرب چین پر بھی روس سے تجارت محدود کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے اور چینی یوآن میں روسی ذخائر تک روس کی رسائی روکنا چاہتا ہے۔
اینٹن سلوانوف کا کہنا تھا کہ مغربی دباؤ کے باوجود چین کے ساتھ ہماری شراکت داری روس چین تعاون کو نہ صرف برقرار رکھے گی بلکہ روس چین تعاون وہاں بھی بڑھایا جائے گا جہاں مغربی مارکیٹیں بند ہیں۔
روسی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ روس اپنی ریاست کے قرض کی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور قرض کی مد میں اس وقت تک روبل ادا کرے گا جب تک ریاستی ذخائر منجمد نہ کر دیے جائیں۔

کراچی ٹیسٹ: آسٹریلوی ٹیم نے کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے

آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں پورے 2 دن میں مجموعی طور پر180 اوورز کھیل کر وہ کام کردیا جو مدتوں ایشین وکٹوں پر کوئی آسٹریلین ٹیم نہ کرسکی۔
یہ 42 سال میں کسی بھی ایشین وینیو پر آسٹریلیا کی سب سے لمبی اننگ ہے، سال1980 میں فیصل آباد میں سب سے زیادہ 201 اوورز کھیلے تھے جبکہ سال 2008 میں اس نے نئی دہلی میں 179.3 عشاریہ کھیلے۔
اس کے علاوہ یہ نیشنل اسٹیڈیم پر بھی کسی ٹیم کی 60 سال میں سب سے طویل اننگ ہے۔ انگلینڈ نے سال 2000 میں 179.1اوورز کھیلے تھے جبکہ انگلینڈ نے ہی سال 1962میں 233.5اوورز کھیلے تھے۔
اس کے علاوہ کراچی ٹیسٹ میں آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے ایلیکس کیری نے 93 رنز کی اننگز کھیلی جو آٹھویں سے گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے کسی بھی آسٹریلین کا پاکستان کیخلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔
میچ میں عثمان خواجہ نے مجموعی طور پر 556منٹ بیٹنگ کی جو پاکستانی سرزمین پر کسی بھی آسٹریلین کی دوسری طویل ترین اور کراچی میں طویل ترین اننگ ہے۔
اس سے قبل مارک ٹیلر نے 1998 میں پشاور میں 720 منٹ بیٹنگ کی تھی جبکہ کراچی میں بوب سمپسن نے 1964 میں 405 منٹ بیٹنگ کی تھی۔