All posts by Khabrain News

دنیا کا سب سے بڑا جرثومہ جس نے سائنسدانوں کو چکرا کر رکھ دیا

کیلیفورنیا / پیرس: (ویب ڈیسک) امریکی اور فرانسیسی سائنسدانوں نے دنیا کا سب سے بڑا جرثومہ دریافت کرلیا ہے جس کی جسامت عام مکھی سے بھی زیادہ ہے۔ اسے ’’تھیومارگریٹا میگنیفیکا‘‘ کا سائنسی نام دیا گیا ہے۔
پتلے دھاگے کی طرح دکھائی دینے والا یہ جرثومہ کیریبیئن/ ویسٹ انڈیز کے ساحلوں پر مینگرووز کے جنگلات میں پایا جاتا ہے۔
عام بیکٹیریا کی لمبائی صرف 2 مائیکرومیٹر ہوتی ہے لیکن یہ جرثومہ اوسطاً 10,000 مائیکرومیٹر جتنا لمبا ہوتا ہے جبکہ اس کا سب سے بڑا نمونہ 20,000 مائیکرومیٹر جتنا دیکھا گیا ہے۔ یعنی یہ عام بیکٹیریا کے مقابلے میں 5,000 سے 10,000 گنا تک بڑا ہے۔
اس سے پہلے جو سب سے بڑے جراثیم دریافت ہوئے تھے وہ 750 مائیکرومیٹر طویل تھے۔ یعنی یہ ان کے مقابلے میں بھی 13 سے 25 گنا بڑا ہے!
قبل ازیں حیاتیاتی ماہرین کا خیال تھا کہ بیکٹیریا کی جسامت (لمبائی) 750 مائیکرومیٹر سے زیادہ ممکن ہی نہیں۔ لیکن اس نئی دریافت نے یہ خیال بھی غلط ثابت کردیا ہے اور اب سائنسدان یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر کوئی جرثومہ اتنا بڑا کیسے ہوسکتا ہے؟
دوسری حیرت انگیز بات اس کا جینوم ہے: عام جرثوموں کے جینوم میں ڈی این اے کے 40 لاکھ اساسی جوڑے (بیس پیئرز) اور لگ بھگ 3,900 جین ہوتے ہیں لیکن اس نودریافتہ جرثومے کا جینوم 1 کروڑ 10 لاکھ ڈی این اے اساسی جوڑوں اور 11,000 جین پر مشتمل ہے… یعنی عام بیکٹیریا سے تقریباً چار گنا زیادہ!
پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ ’’تھیومارگریٹا میگنیفیکا‘‘ میں ہزاروں چھوٹے چھوٹے بیکٹیریا (جرثوموں) نے آپس میں مل کر ایک لمبی لڑی جیسی شکل اختیار کرلی ہو لیکن درحقیقت یہ ایک ہی بیکٹیریم (جرثومہ) ہے۔
ان سب سے بڑھ کر حیرت انگیز بات اس کا ڈی این اے ہے جو اس کی خلوی جھلی (سیل میمبرین) میں جگہ جگہ بکھرے ہوئے مختلف کھوکھلے مقامات کے اندر بند ہے۔
جراثیم کا شمار ’’پروکیریوٹ‘‘ (prokaryote) قسم کے جانداروں میں ہوتا ہے جن کا ڈی این اے ایک گچھے کی شکل میں خلوی مائع میں تیرتا پھرتا ہے۔
ترقی یافتہ جانداروں یعنی ’’یوکیریوٹس‘‘ (eukaryotes) کے خلیوں میں تمام ڈی این اے ایک مرکزے (نیوکلیئس) کے اندر بند ہوتا ہے جس کے گرد ایک حفاظتی جھلی کسی حصار کی طرح موجود ہوتی ہے۔
’’تھیومارگریٹا میگنیفیکا‘‘ میں بیک وقت پروکیریوٹ اور یوکیریوٹ، دونوں کی خصوصیات موجود ہیں جو اسے باقی تمام یک خلوی (یونی سیلولر) جانداروں سے منفرد بناتی ہیں۔
سائنسدانوں نے اس دریافت کا اعلان ’’بایوآرکائیو‘‘ (BioRxiv) پری پرنٹ سرور پر ایک تحقیقی مقالے کی شکل میں کیا گیا ہے جو کچھ روز پہلے ہی وہاں شائع کیا گیا ہے۔
اگرچہ اب تک یہ باقاعدہ طور پر کسی ریسرچ جرنل میں تو شائع نہیں ہوا لیکن اس دریافت کے پسِ پشت امریکا کے انتہائی معتبر سائنسی تحقیقی اداروں کی مشترکہ کاوش ہے لہذا اس مقالے پر اب تک کسی نے کوئی اعتراض بھی نہیں کیا ہے۔

کیا سلمان خان نے اداکارہ سوناکشی سنہا سے خفیہ شادی کرلی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا میں بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور اداکارہ سوناکشی سنہا کی خفیہ شادی کی خبریں وائرل ہورہی ہیں جنہوں نے سلو میاں کے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔
بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کبھی اپنی فلموں اور کبھی شادی نہ کرنے کی خبروں کی وجہ سے اکثر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔ تاہم اس بار ’’بھائی جان‘‘ کی خفیہ شادی کی خبر نے مداحوں کو شدید حیرت میں مبتلا کردیاہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر سلمان خان اور دبنگ گرل سوناکشی سنہا کی شادی کی تصویر وائرل ہورہی ہے۔ تصویر میں دونوں دلہا دلہن بنے ایک دوسرے کو شادی کی انگوٹھی پہنارہے ہیں۔
سلو میاں اور سوناکشی کی یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگ سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں کرنے لگے کہ سلو میاں اور سوناکشی سنہا نے خفیہ شادی کرلی ہے۔ تاہم کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے ہم آپ کو اس خفیہ شادی کی حقیقت بتاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا سلومیاں کی خفیہ شادی کے حوالے سے کہنا ہے کہ سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی یہ تصویر جعلی ہے اور اسے فوٹوشاپ پر ایڈیٹ کرکے جان بوجھ کر وائرل کیا گیا ہے۔ لہذا سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی خفیہ شادی محض ایک افواہ ہے اور کچھ نہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب کسی اداکار کی تصویر ایڈیٹنگ سافٹ ویئر پر ایڈٹ کرکے اس کی خفیہ شادی کی افواہیں پھیلائی گئی ہوں۔ کچھ ماہ قبل مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان اور اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کی تصویر بھی ایڈٹ کر کے دونوں کی خفیہ تیسری شادی کی خبریں پھیلائی گئی تھیں۔

امریکی ڈالر کے مقابلے روپیہ تگڑا

کراچی:(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 177 روپے 47 پیسے سے کم ہو کر 177 روپے 41 پیسے ہو گئی ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 342.57 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 342.57 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 44803.58 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.77 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔
کاروبار کے دوران 12 کروڑ 90 لاکھ 60 ہزار 91 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی طرف سے قوم سے خطاب کے دوران عوام کو ریلیف اور متعدد پیکیج متعارف کروائے جانے کے بعد سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ کے دوران زبردست دلچسپی کا اظہار کیا جس کے باعث تیزی ریکارڈ کی گئی اور آئندہ دنوں میں مزید تیزی کی توقع ہے۔

پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن دونوں نہیں چاہتیں پرویزالٰہی وزیراعلیٰ بنے: چودھری شجاعت

لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن دونوں نہیں چاہتیں پرویزالٰہی وزیراعلیٰ بنے، دونوں کو خدشہ ہے جو لوگ ان جماعتوں میں گئے ہیں وہ واپس ق لیگ میں نہ آجائیں۔
چودھری شجاعت اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ملاقات میں چودھری پرویز الٰہی کی شیروانی کا تذکرہ ہوا، ایک ذمہ دار نے چودھری شجاعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کیا آپ چودھری پرویز الہی کو پنجاب کے وزیر اعلی کی شیروانی پہنا رہے ہیں ؟ جس پر چودھری شجاعت نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن دونوں نہیں چاہتیں کہ پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ بنے، دونوں جماعتوں کو خدشہ ہے جو لوگ ان جماعتوں میں گئے ہیں وہ واپس ق لیگ میں نہ آجائیں۔
سربراہ مسلم لیگ ق نے کہا کہ دونوں جماعتوں کو یہ خدشہ ہے ق لیگ دوبارہ سے مضبوط نہ ہو جائے، معاملہ طے ہو تو شیروانی تیار ہونے میں کونسا وقت لگتا ہے۔

میڈیا جب عمران خان کو آئینہ دکھا رہا ہے تو وہ اس کیخلاف ہوگئے: شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا میڈیا پر غصہ سمجھ میں آتا ہے، میڈیا جب انہیں آئینہ دکھا رہا ہے تو وہ اس کے خلاف ہوگئے۔
قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ فسطائی شخص کا طرز عمل ہر چیز تہس نہس کرنا چاہتا ہے۔

‘پٹرول 12 روپے مہنگا کر کے 10 روپے کم کرنا بے وقوف بنانے کی کوشش ہے’

مورو: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ چھین رہا ہے کپتان، روٹی ، کپڑا اور مکان، اس وقت بجلی، گیس، پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمت آسمان پر ہے، یہ نیا پاکستان نہیں، مہنگا پاکستان ہے، پٹرول بارہ روپے مہنگا کر کے دس روپے کم کرنا بے وقوف بنانے کی کوشش ہے، عوامی مارچ کی وجہ سے حکمران گھبرا گئے، اب ان کا پتلی تماشا نہیں چلے گا، صرف تیر چلے گا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مورو میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مارچ کی وجہ سے کپتان گھبرا گیا، پٹرول کی قیمت 10 روپے کم ہوگئی، یہ کیا سمجھتے ہیں، ان کے ڈرامے ہمیں نظر نہیں آتے ؟ انہوں نے آتے ہی سب سے پہلا ڈاکا کسانوں اور زمینداروں پر مارا، پانی کی تقسیم میں نا انصافی کر کے نقصان پہنچایا گیا، کبھی عدالت پر حملہ، کبھی سیاسی مخالف کو جیل بھیجا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کا سربراہ ٹی وی پر آکر رونا شروع ہوگیا، عمران خان نے قوم سے خطاب میں میڈیا کی تنقید پر رونا شروع کر دیا، آپ اتنے ڈرپوک ہیں کہ آصف زرداری کے انٹرویو کو نشر ہونے سے روکا، آپ کو اندازہ ہی نہیں پروپیگنڈا کیا ہوتا ہے، ان میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں، کرسی پر مسلط کیا گیا شخص عوام کا نہیں سوچتا، نیا پاکستان کا اصل چہرہ غربت، مہنگائی، بےروزگاری ہے۔

سپریم کورٹ کا فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جعلی بیان حلفی دیا گیا، فوری فیصلہ معطل نہیں کرسکتے، عدالت نے واضح کیا تھا جھوٹے بیان حلفی کے نتائج بہت سنگین ہوں گے، الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر اٹھایا گیا سوال اہم اور قابل غور ہے، جائزہ لیں گے الیکشن کمیشن منتخب نمائندوں کو تاحیات نااہل کرسکتا ہے یا نہیں۔
وکیل فیصل واوڈا نے موقف اپنایا کہ 9 مارچ کو سینیٹ کا ضمنی الیکشن ہے، اسے روکا جائے۔ جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فی الحال سکون کریں۔ عدالت نے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

ٹک ٹاک میں 10 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کرنا اب ممکن

سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کی مقبولیت کا راز اس کی چند سیکنڈ کی ویڈیوز ہیں، مگر اب کمپنی نے 10 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کی سہولت متعارف کرادی ہے۔

ٹک ٹاک نے تصدیق کی ہے کہ اب زیادہ سے زیادہ 10 منٹ کی ویڈیو کو اس سوشل میڈیا نیٹ ورک میں پوسٹ کیا جاسکتا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے بتدریج ویڈیوز کے وقت میں اضافہ کیا جارہا ہے، پہلے 15 سیکنڈ سے بڑھا کر 60 سیکنڈ کیا گیا اور جولائی 2021 میں یہ دورانیہ 3 منٹ کردیا گیا۔

ٹک ٹاک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہم ہمیشہ اپنے صارفین کو ایپ کے استعمال کا بہترین تجربہ فراہم کرنے کے لیے نئے ذرائع پر غور کرتے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس ہم نے طویل ویڈیوز کو متعارف کرایا، جس سے ہماری کمیونٹی کو تخلیق کے لیے زیادہ وقت مل گیا۔ اب ہم 10 منٹ تک طویل ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی سہولت متعارف کرا رہے ہیں، ہمین توقع ہے کہ اس سے دنیا بھر کے صارفین کو مزید تخلیقی مواقع میسر آسکیں گے۔

طویل ویڈیوز سے کریٹیرز کو وہ مواد زیادہ بہتر بنانے میں مدد ملے گی جو محدود وقت کے باعث زیادہ متاثرکن نہیں ہوتا۔

چند سیکنڈز کی پرمزاح یا دلچسپ ویڈیوز اور ان کو آسانی سے فلپ کرکے دوسری دیکھنا صارفین کے دلوں میں جگہ بناگیا تھا۔

اس کے مقابلے میں 3 منٹ طویل ویڈیوز کا تجربہ کس حد تک کامیاب ہوتا ہے، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے جگا، مگر بظاہر یہ یوٹیوب کی نقل محسوس ہوتا ہے۔

شروع میں یوٹیوب کی ویڈیوز بھی 10 منٹ سے کم وقت کی ہوتی تھیں۔

مجھے حکومت میں آتے ہی انڈسٹریل پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے تھا، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک صرف سبزیاں اور گندم کی برآمدات سے ترقی نہیں کرسکتا، ملک کی ترقی کے لیے ہمیں صنعتکاری کو فروغ دینا ہوگا، مجھے حکومت میں آتے ہی صنعتوں سے متعلق پیکج کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔

لاہور میں انڈسٹریل پیکج سے متعلق تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں ہمیشہ سونے سے قبل اپنا کھیلا ہوا میچ دیکھا کرتا تھا جب تک اپنی غلطیاں نہ دیکھ لوں میں سوتا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا میں حکومت میں آکر بھی یہ ہی سوچتا تھا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے تھا، مجھے سب سے بڑی چیز یہ کرنی چاہیے تھی کہ صنعتوں کو جو پیکج میں نے آج دیا ہے وہ حکومت کے آغاز میں دینا چاہیے تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی ملک سبزیاں اور گندم بیچ کر ترقی نہیں کر سکتا، ملک صنعتوں کی مدد سے آگے بڑھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سے 50 سال قبل ہمارا ملک تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا، لیکن 1973 کی جنگ کے بعد ملک کی ساری ترقی برباد ہوگئی کیونکہ ہماری حکومتوں کی سمت ملک سے مخالف تھی، دونوں بالکل مختلف سمت میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک تب آگے بڑھتا ہے جب ملک میں دولت پیدا ہوتی ہے، لیکن ایسی حکومتیں آئی جو دولت بنانے کے خلاف تھیں، جب حکومت کی پالیسیز منافع کے خلاف ہوجاتی ہیں اور وہ صنعتوں کو منافع نہیں کمانے دیتے تو صنعت اور سرمایہ کاری کیسے آگے بڑھ سکتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاری شہد پر مکھیوں کے مترادف ہے، جب سرمایہ کار منافع دیکھتے ہیں وہ خود راغب ہوتے ہیں، جب ایک حکومت کی پالیسیز منافع کے خلاف بن جائیں تو ایسا ہوتا ہے جیسا پاکستان کے ساتھ ہوا کہ ملک کو جانا کہی چاہیے تھا اور ہم کہیں اور نکل گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع سے ہی فیصلہ کیا ہوا تھا کہ ہم نے صنعتکاری پر توجہ دینی ہے، اور اس میں خاص توجہ بر آمد سے متعلق صنعت پر مرکوز کی جائے گی۔