All posts by Khabrain News

مادھوری ڈکشٹ کو کس بری عادت پر والدہ سے ڈانٹ پڑتی تھی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی ڈانسنگ کوئین اور سینئر اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے اپنے ایک انٹرویو میں ماضی کے دلچسپ راز سے پردہ اٹھایا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق معروف اداکارہ نے انٹرویو میں بتایا کہ انہیں اپنا کمرہ صاف نہ کرنے پر والدہ سے ڈانٹ پڑتی تھی، فلم اسٹار بننے کے باوجود لاپرواہی اور غیرسنجیدگی پر ماں نے سرزنش کی۔
مادھوری ڈکشٹ نے نیٹ فلکس کی سیریز ’دی فیم گیم‘ میں ڈیبیو کیا ہے سیریز میں مادھوری کی کہانی ایک کامیاب ادکارہ کے گرد گھومتی ہے جس میں ان کا نام انامیکا آنند ہے۔
اس نیٹ فلکس سیریز میں مادھوری ڈکشٹ کے علاوہ سنجے کپور، مانو کول، لکشور سارن اور سوہاسینی مولے سمیت دیگر اداکار اپنے جلوے بکھیرتے نظر آئیں گے۔
اداکارہ مادھوری کا اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہنا تھا کہ فلم اسٹار بن کر کافی شہرت حاصل کی لیکن میری زندگی میں کوئی منفیت نہیں آئی، شہرت محنت سے حاصل ہوتی ہے جو میں ہر روز کرتی ہوں۔ کیمرہ کا سامنا کرنے میں ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ ڈانسنگ کوئین آخری بار ابھیشیک ورما کی 2019 میں ریلیز ہوئی فلم ’’کلنک‘‘ میں نظر آئی تھیں۔

پرویز الہیٰ مخلص اتحادی، نام استعمال کرکے اپوزیشن فلاپ شو میں دم نہیں بھر سکتی: خٹک

نوشہرہ: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ ہمارے مخلص اتحادی ہیں۔ ان کا نام استعمال کرکے اپوزیشن فلاپ شو میں دم نہیں بھر سکتی۔
نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ تمام اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اپوزیشن کا ڈرامہ فلاپ ہوچکا ہے۔ اپوزیشن کے سات 7ایم این ایزمیرے ساتھ رابطہ میں ہیں دیگر بھی رابطہ میں ہیں۔ اپوزیشن کے رنگ اڑے ہوئیں ہیں۔ ہم سوئے نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمارے اتحادیوں کو توڑ نہیں سکتی۔ پرویز الہیٰ ہمارے مخلص اتحادی ہیں۔ ان کا نام استعمال کرکے اپوزیشن فلاپ شو میں دم نہیں بھر سکتی۔
پرویز خٹک نے کہا کہ وقت آنے پر اپوزیشن کو کیسے توڑونگا،سب دیکھ لیں گے۔ اپوزیشن کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گئے، اپوزیشن کا عدم اعتماد ڈرامہ ہے، اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔ ہمارا کوئی ایم این اے کہیں نہیں جارہا، سب افواہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سے حکومت رابطے میں ہے یا نہیں، ترین کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ اپوزیشن کی عدم اعتماد تحریک بری طرح ناکام ہوگئی۔ مہنگائی عالمی سطح پر کورونا کی وباء کی وجہ سے آئی۔ عمران خان کی پالیسوں سے عوام کو جلد ریلیف ملے گا۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نوشہرہ کی عوام نے ہمیشہ ہمیں عزت دی۔ مسائل حل کررہے ہیں، میگاترقیاتی پروجیکٹ سے نوشہرہ جدید ضلع بن جائے گا، تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ عوام کا اعتماد ہے۔ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں تحریک انصاف پورے صوبہ میں کلین سویپ کرے گی۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں پھر اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 450 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس اضافے کے بعد ملک میں1 تولہ سونے کے دام 1 لاکھ 27 ہزار 950 روپے ہو گئے ہیں۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 385 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 10 گرام سونے کا بھاؤ 1 لاکھ 9 ہزار 696 روپے ہے۔ سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 10 ڈالر کم ہو کر 1890 ڈالر فی اونس ہے۔

یوکرین روس جنگ: پاکستانی انتہائی مشکلات سے دوچار، پیسے ختم ،خوراک کی قلت

کیف:(ویب ڈیسک) روس اور یوکرین میں جاری لڑائی کے باعث پھنسے پاکستانی انتہائی مشکلات سے دو چار ہیں، شہریوں کے پاس پیسے ختم ہو گئے، ٹرانسپورٹ ناپید ہونے سے شہریوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کر دی۔
یوکرین میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر نوئل نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی محفوظ ہیں، زیادہ ترطلبہ کو پولینڈ منتقل کردیا، دیگر کو نکالنے کیلئے بھی انتظامات کر رہے ہیں، لو ریلوے سٹیشن پر پاکستانی شہریوں اور طلبہ کیلئے استقبالیہ کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نوئل کھوکر کا کہنا ہے کہ 41 طلبا اور 24 خاندانوں کو پولینڈ پہنچا دیا۔ 53 طلبہ اس وقت بارڈر پوسٹ پر اور 67 سہولت سنٹر میں ہیں۔ 104طلبا کو خرکیف سے بذریعہ ٹرین لایا جا رہا ہے۔ کوشش ہےآج 200 سے زائد طلبہ کو بارڈر کراس کرادیں۔ لو ریلوے سٹیشن پر پاکستانی شہریوں اورطلبا کیلئے استقبالیہ کیمپ قائم کیا گیا ہے۔
پاکستانی طلبہ نے ایک بار پھر پاکستانی حکومت سے جلد از جلد مدد کی اپیل کی ہے۔
پولتاوا شہر میں موجود طلبہ کا کہنا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں، مدد کیلئے کوئی نہیں آیا،ٹرانسپورٹ اور رقم بھی نہیں، پولینڈ اور ہنگری کے بارڈر تک کیسے پہنچیں۔
ایک طالب علم کے والد نے صورتحال پر سخت پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں پھنسے طلبہ پریشان اور مصیبت میں ہیں۔ وزیراعظم طلبہ کی واپسی کیلئے مدد کریں ۔ جنگی زدہ ماحول کے باعث طلبہ کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، حکومت پاکستانی شہریوں اور طلبا کی حفاظت کیلئے خاطر خواہ انتظامات کرے۔

وزیراعظم عمران خان کا پیر کو قوم سے خطاب کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا پیر کو قوم سے خطاب کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی مہنگائی کے پاکستان پر اثرات وزیراعظم کا قوم سے خطاب کا امکان ہے۔ عالمی مہنگائی کے ملکی معیشت پر اثرات سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا، وزیراعظم عالمی منظر نامہ پر موقف سے قوم کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے خطاب کے معاملے پر معاشی ٹیم کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا۔ اجلاس کل بنی گالہ میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم معاشی ٹیم سے موجودہ صورتحال پر بریفنگ لیں گے، خطاب سے قبل معاشی ٹیم کے ہمراہ تمام صورتحال کا جائزہ لیں گے، معاشی ٹیم سے مشاورت کے بعد خطاب کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، وزیراعظم آفس کی معاشی ٹیم کو اسلام آباد رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا تھا، جس میں حالیہ دورہ روس اور پاک روس تعلقات پرہونے والی پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی، اجلاس میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور عالمی سطح پر اشیاء کی بڑھتی قیمتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں 100ڈالر فی بیرل سے زائد ہوگئی ہیں، گیس کی قیمت میں بھی 3 سے 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک عالمی سطح پر بڑھتی مہنگائی سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کے اثرات کو روکنا اولین ترجیح ہے۔

نیا پاکستان کسی کے سامنے سر جھکانے کیلئے تیار نہیں، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب نئے پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ ہوتا ہے تو جواب نا میں ہوتا ہے ، عمران خان نے کہا ہم امن کے فروغ کیلئے ہر کسی کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ کسی کی چوری کی دولت کو چھپانے کیلئے ملکی مفادات کو قربان نہیں کریں گے، آج کل دوبارہ سے لانگ مارچ کی باتیں ہو رہی ہیں، ہمیشہ میں سردیوں میں نئی نئی بیماریاں آتی ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردیاں شروع ہوتی ہیں تو پی ڈی ایم کی بیماری بھی آ جاتی ہے، پی ڈی ایم کی بیماری بھی ختم ہوجائے گی کوئی نقصان نہیں پہنچائے گی، سردیاں ختم ہوتے ہی پی ڈی ایم بھی ختم ہو جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں سنا کہ شہباز شریف اور زرداری سمیت ان کی اولادیں یہاں بیمار ہوئی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 18 اگست 2023 تک عمران خان اس ملک کے وزیراعظم رہیں گے، 2023کے انتخابات میں بھی عمران خان کامیاب ہوں گے اور وزیراعظم بنیں گے۔

روس اور یوکرین جارحیت سے گریز اور تحمل کا مظاہرہ کریں، طالبان

ماسکو: (ویب ڈیسک) طالبان روس اور یوکرین تنازع پر غیر جانبدار رہتے ہوئے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور پُرتشدد کارروائیوں سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین تنازع پر ان کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر غیر جانبدار ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے فریقین مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کریں۔
طالبان حکومت کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ ایسی اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں تشدد کو ہوا دیتے ہیں۔
ترجمان عبدالقہار بلخی نے روس اور یوکرین پر زور دیا کہ وہ خطے میں افغان طلبا سمیت دیگر تارکین وطن کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ روس نے دو روز قبل یوکرین پر حملہ کردیا تھا جس میں جنگ کے پہلے روز فوجی اہلکاروں سمیت 135 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

دلہن کا شادی میں ڈھول کی تھاپ پر دلہے کے ساتھ بھنگڑا، ویڈیو وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت میں دلہن نے اپنی شادی میں ڈھول کی تھاپ پر دلہے کے ساتھ ایسا بھنگڑا ڈالا کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت جیسے ممالک میں دلہنیں عموماً لجائی اور شرمائی نظر آتی ہیں مگر گزشتہ دنوں بھارت میں ایک دلہن نے اپنی شادی میں ڈھول کی تھاپ پر ایسا بھنگڑا ڈالا کہ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔
انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق دلہن کا نام آیوشی بتایا گیا ہے جو ویڈیو میں اپنے دلہا کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پرپرجوش انداز میں بھنگڑا ڈال رہی ہوتی ہے۔
آیوشی نے عروسی لہنگا پہن رکھا ہوتا ہے اور پوری سج دھج کے ساتھ تیار ہونے کے بعد ڈھول کے آگے اس طرح ناچ رہی ہوتی ہے کہ کوئی دولہا بھی ایسی ہمت نہ کرپائے۔
یہ ویڈیو ipglitzنامی انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ہے جسے اب تک 20لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ آیوشی نے بھی یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی ہے جہاں اس نے کیپشن میں لکھا ہے کہ میں کوئی شرمیلی دلہن نہیں ہوں۔میں ہمیشہ سے اپنی بارات خود لے کر جانا چاہتی تھی۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے 33 ممبران کے ناموں کی حتمی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی از سر نو تشکیل دیدی گئی، 33 ممبران کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی گئی۔
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد عمر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان بطورِ چئیرمین پی ٹی آئی کور کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شاہ محمود، اسد عمر، فواد چودھری، پرویز خٹک، شفقت محمود، خسرو بختیار، عمران اسماعیل، اسد قیصر، قاسم خان سوری، علی امید گنڈاپور، علی زیدی، حماد اظہر، محمود خان، شیریں مزاری، عثمان بزدار، سیف اللہ نیازی بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چودھری سرور، اعجاز چودھری، مراد سعید، محمود الرشید، غلام سرور خان، عامر ڈوگر، اعظم سواتی، عاطف خان، فضل خان، شاہ فرمان، ارباب غلام رحیم، حلیم عادل شیخ، بابر اعوان، فردوس شمیم نقوی کے نام بھی شامل ہیں۔

تحریک انصاف نے سندھ میں میدان لگالیا، سندھ تحفظ حقوق مارچ کا آغاز ہوگیا

گھوٹکی: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے سندھ میں میدان لگالیا۔ شاہ محمود، علی زیدی اور حلیم عادل شیخ کی قیادت میں سندھ تحفظ حقوق مارچ کا گھوٹکی سے آغاز ہوگیا۔
سکھر میں پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کے لیے جلسہ گاہ تیار کر لیا گیا۔ سندھ پنجاب کی سرحد پر واقع ضلع گھوٹکی کے علاقے کموں شہید سے لانگ مارچ شروع ہو کر رات سکھر پہنچے گا۔ پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کے شرکاء رات سکھر میں قیام کریں گے۔ سکھر میں قیام کے دوران مارچ کے قائدین جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔ جلسے کے لیے ڈی آئی جی آفس کے قریب پنڈال تیار کیا جا چکا ہے۔ جلسے میں سیکڑوں کی تعداد میں کرسیاں اور صوفے لگا دیئے گئے ہیں۔ قائدین کے بیٹھنے کے لیے 150 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جلسے سے وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، علی زیدی اور حلیم عادل شیخ، مبین خان اور دیگر خطاب کریں گے۔ لانگ مارچ رات سکھر میں قیام کے بعد کل شکارپور روانہ ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی غیور عوام 14 سال سے مسلط کرپٹ حکمرانوں سے نجات، اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنی آنیوالی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے، پاکستان تحریک انصاف کی “سندھ حقوق مارچ ریلی”میں شرکت کر کے تبدیلی کی اس تاریخی جدوجہد میں شامل ہوں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقوق سندھ مارچ صوبے کے عوام کو جگانے کیلئے ہے، زرداری مافیا سندھ کیلئے علی بابا چالیس چور کی طرح ہے، نوسر بازوں کا ٹولہ کراچی سے اسلام آباد کیلئے نکل رہا ہے، سندھ میں ہماری بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں، بلاول زرداری کو جواب دینا ہوگا، سندھ میں اسکولوں کی حالت ابتر، اسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں، سندھ میں جنگل کا قانون ہے، سندھ کے عوام کو ان سے نجات دلائیں گے۔