All posts by Khabrain News

پشاور بی آر ٹی سروس: منصوبے میں شامل شاپنگ مالز نہ بن سکے

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں بی آر ٹی سروس تو چل رہی ہے لیکن منصوبے میں شامل شاپنگ مالز اور پلازے نہ بن سکے، تعمیراتی کام بھی سست روی کا شکار ہوگیا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں بی آر ٹی بس تو دوڑا دی لیکن منصوبے میں شامل شاپنگ مالز اور پارکنگ پلازے تاحال پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔ بی آرٹی منصوبے میں تین شاپنگ مالز اور پارکنگ پلازہ بھی شامل تھے لیکن عوامی دباؤ کے تحت صرف بس سروس ہی شروع کی جاسکی، کامیابیوں اور ایوارڈز کے دعوؤں کے باوجود منصوبے کا تعمیراتی کام مکمل نہیں کیا جاسکا۔
معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے ایک بار پھر جان چھڑاتے ہوئے جلد مکمل کرلیا جائیگا کے الفاظ دہرا دیئے۔ شہریوں نے بھی تعمیراتی میں سست روی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کام کو جلد مکمل کرے۔
بی آر ٹی منصوبے میں حکومت کی جانب سے سبسڈی نہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا لیکن ایک بار پھر یوٹرن لیتے ہوئے 2020-21 میں 1 اعشاریہ 8 ارب روپے کی سبسڈی بھی دی گئی ہے۔

حکومت گرانے کا مشن: ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائشگاہ پر بڑی بیٹھک

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت گرانے کا مشن، ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر بڑی بیٹھک، اپوزیشن جماعتوں کی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی۔ اہم فیصلے متوقع ہیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری وفد کے ہمراہ شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے، جس میں پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی سمیت دیگر شامل ہیں۔ شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری اور بلال بھٹو کا استقبال کیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے اہم مشاورت ہوگی۔

تحریک عدم اعتماد کیلئے تین ایم این ایز کو پیسوں کی آفر ہوئی: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے تین ایم این ایز کو پیسوں کی آفر ہوئی، لوٹ مار کے دو بڑے سوداگر اکٹھے ہوگئے، تمام معاملات پر نظر ہے، ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے دورہ روس سے متعلق اعتماد میں لیا، شرکاء نے وزیراعظم کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، 23 سال بعد پاکستان کے وزیراعظم روس کا دورہ کر رہے ہیں، دنیا کی نظریں وزیراعظم اور روسی صدر کی ملاقات پر ہوں گی، وزیراعظم نے کل واضح کیا کہ کسی گروپ کا حصہ نہیں ہے، دنیا کی 40 فیصد سے زیادہ گندم روس اور یوکرین میں پیدا ہوتی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رات پاکستان کے 2 بڑے سوداگر اکٹھے ہوئے، ہمارے 3 ایم این ایز کو عدم اعتماد کے لئے پیسوں کی آفر کی گئی، پاکستان میں کرپشن کی 2 تصاویر شہباز شریف اور زرداری ہیں، ان میں طے ہوا کہ عدم اعتماد کے لئے کتنے کتنے پیسے لگائیں گے، 3 ایم این ایز کو پیسوں کی آفر شرمناک ہے، اگر ان میں جرات ہے تو عدم اعتماد کل ہی لے کر آئیں، اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ عدم اعتماد لائیں ان کو لگ پتہ جائے گا، شہباز شریف کیس کی روزانہ سماعت کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، جس دن کیس روزانہ چلے گا شہباز شریف کو جیل جانا ہوگا، اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک نہیں لاسکتی۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین کا جلسہ کامیاب رہا، عوام نے وزیراعظم عمران پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، پنجاب میں پہلی بار ضلعی ترقیاتی بجٹ دیا گیا ہے۔

جاپان اور آسٹریلیا نے بھی روس پر پابندیاں عائد کر دیں

لاہور: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرائن کی کشیدگی کے باعث جاپان اور آسٹریلیا نے بھی روس پر پابندیاں عائد کر دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے روس پر پابندی کے بعد اب جاپان اور آسٹریلیا نے بھی روس پر پابندیاں عائد کر دیں۔ جاپان کے وزیر اعظم فومیوکی شی دہ نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں روسی بانڈز کے اجرا پر پابندی لگائی جا رہی ہے اور کچھ روسی شہریوں کے اثاثے بھی منجمد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرین کی سالمیت کو نقصان پہنچایا ہے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ جاپان ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے روس سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سفارتی بات چیت کی طرف واپس آئے۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے بھی روس پر پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔ آسٹریلیا کی سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا کہ دیگر ممالک کے ساتھ روس کے متنازع اقدامات کے خلاف کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روسی فوجیوں کی مشرقی یوکرین میں نقل وحرکت حملہ ہے اور آسٹریلیا کی جانب سے ان تمام افراد پر پابندی لگائی گئی ہے جن پر امریکہ نے پابندی عائد کی ہے۔

اسلام آباد کے سرکاری اسکول کے بچوں کو مفت کھانا ملے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) لاہور کے بعد اب اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے بچوں کو بھی مفت کھانا ملے گا۔
اب اسلام آباد کے سرکاری پرائمری اسکولوں کے بچوں کو گھروں سے لنچ باکس لانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور نہ ہی باہر سے چپس، پاپڑ یا بسکٹ کھانا پڑیں گے۔
لاہور کے بعد اب اسلام آباد کے سرکاری پرائمری اسکولوں کے بچوں میں بھی مفت کھانا فراہم کیا جائے گا اور روزانہ کا مینیو مختلف ہو گا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں اسکول کھانا پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ جس میں 100 سرکاری اسکولوں کے 25 ہزار بچے دوپہر کا کھانا اسکول میں ہی کھا سکیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم کی جانب سے ایف سکس تھری میں پرائمری ماڈل اسکول میں اسکول کھانا پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے مقامی ٹرسٹ کی زیرپرستی چلنے والے پروگرام کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اس اچھے اقدام سے اسکولوں میں طلبا کی حاضری میں زبردست بہتری آئی ہے۔
مقامی ٹرسٹ کے چیئرمین شاہد لون نے کہا کہ بچوں کو غذائیت سے بھرپور کھانے کی فراہمی کے لیے کھانے نیوٹریشن میل پر لے کر جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسکولوں میں ایسے پروگرامز نہ صرف طلبا کی حاضری کو یقینی بنائیں گے بلکہ بچوں کی اچھی صحت کے بھی ضامن ہوں گے۔

کراچی میں ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ 24 گھنٹے سے بند

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی بندرگاہ ایک دن بعد بھی کھل نہ سکی.14 جہاز لنگ انداز نہیں ہو سکے۔
کراچی میں ماہی گیروں کی جانب سے بندرگاہ کے چینل کا گھیراؤ جاری ہے ۔ احتجاج کو تقریباًچوبیس گھنٹے کا وقت گزر گیا ہے تاہم بندرگاہ ابھی تک کھولی نہیں جا سکی۔ چینل بند ہونے سے اب تک 14 جہاز لنگر انداز نہیں ہوسکے۔
وزیراعظم کے مشیر بحری امور محمود مولوی کے ماہی گیروں کے ساتھ مذاکرات ناکام ہو گئے تھے۔ محمود مولوی کہتے ہیں آج پھر بات چیت ہوگی۔ مذاکرات ناکام ہوئے تو ایکشن ہو گا۔
ماہی گیروں کا مطالبہ ہے کہ انہیں بلوچستان سمیت دیگرسمندری حدود میں شکارکی اجازت دی جائے۔ کشتیاں ضبط کرنےکےساتھ بھاری جرمانوں کوبھی روکا جائے۔
مشیر بحری امور محمود مولوی کا کہنا ہے کہ ہم کسی صورت بندرگاہ کو اس طرح بند نہیں رکھ سکتے ۔ آج ماہی گیروں سے مذاکرات کا آخری راونڈ ہوگا۔ ہم نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ایکشن ہوگا۔
انہوں نے کہا رات ہونے والے مذاکرات میں چیزیں طے پا گئی تھی تاہم کچھ عناصر کی جانب سے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔

روس، یوکرین تنازع: تیل کی قیمتوں میں اضافہ، 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی

لندن: (ویب ڈیسک) یوکرین تنازعے کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ برطانوی کروڈ آئل کی قیمت سو ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی۔
عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت ایک وقت میں ساڑھے 99 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی جو سات سال کی بلند ترین سطح ہے۔ اور تیل اب ساڑھے چھیانوے ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔ یوکرین اور روس کے تنازعہ میں غیر یقینی کی صورتحال بدستور موجود ہیں اور تیل کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ بھی برقرار ہے۔

شیر آ گیا، مریم اورنگزیب

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کو کافی شاپ پر ایک انوکھا سرپرائز ملا، جس کی تصویر بھی انہوں نے ٹوئٹر پر شئیر کی۔
مریم اورنگزیب نے کافی کے دو مگ کی تصویر شئیر کی ہے، جس کے ایک کپ پر ” شیر آگیا ” درج ہے، جبکہ دوسرے میں شیر کی تصویر بھی واضح دکھائی دے رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے اس پوسٹ پر لکھا کہ انہوں نے لاہور کے ایک ریسٹورنٹ میں کافی کا آرڈر دیا اور انہیں یہ خوشگوار سرپرائز ملا۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان نے بھی پوسٹ پر اردو میں ”شیر آگیا” لکھنے کے ساتھ شیر کے ایموجی کا استعمال بھی کیا۔

دوسری شادی کرنے پر پہلی بیوی نے شوہر کو اغوا کر لیا

صنعا: (ویب ڈیسک) یمن میں خاتون نے دوسری شادی کرنے پر شوہر کو اغوا کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمن کے شہر تعز میں پہلی بیوی نے اپنے شوہر کو دوسری شادی کرنے پر اغوا کر کے سسرالیوں سے تاوان کا مطالبہ کیا۔ اس دوران خاتون نے اپنے ہی شوہر کو بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
خاتون کو اپنے شوہر کی دوسری شادی کی اطلاع ملی تو غصے میں اس نے انتہا قدم اٹھا لیا۔ شوہر کو گھر میں ہی رسیوں سے باندھ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
خاتون نے تشدد کے بعد اپنے سسرالیوں سے بھاری تاوان کا مطالبہ بھی کیا اور بھاری رقم وصول کرنے کے بعد شوہر کو نیم مردہ حالت میں رہا کر دیا۔ خاتون نے اپنے شوہر کی تشدد زدہ تصاویر کو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دیا اور کئی نجی گفتگو بھی شیئر کر دیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے خاتون کو گرفتار کر لیا اور دوران حراست خاتون نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے تمام واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کر دیا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر سے بے پناہ محبت کرتی تھی لیکن اس نے اس کی محبت کا صلہ دھوکے سے دیا اور دوسری شادی کر لی۔

یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت سے چین حوصلہ پکڑے گا، ٹرمپ کی وارننگ

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت سے چین حوصلہ پکڑے گا۔
امریکی ریڈیو پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین پر روس کا حملہ چینی صدر کو تائیوان پر قبضہ کرنے کی ہمت دے گا، سابق صدر کے مطابق چین تائیوان پر خود حملہ کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ جب وہ صدر تھے تو چینی روسی صدور میں سے کوئی حملہ کرنے کی ہمت نہیں کر سکا، ٹرمپ نے صدر بائیڈن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے روسی صدر کو کم تر سمجھا، صدر ٹرمپ نے جو بائیڈن کو بین الاقوامی تعلقات میں کمزوری کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا۔
واضح رہے یوکرین اور روس کے درمیان تنازع شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ متنازع علاقوں کو تسلیم کر کے روس نے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کے حوالے سے روسی اقدامات قابل مذمت ہیں اور روس فوری طور پر مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ واپس لے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف تجارتی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یو کرین کے دو علاقوں کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے صدر پیوٹن کے اقدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔