All posts by Khabrain News

مالی، چوکیدار اور ڈرائیور کا جعلی ویکسینیشن میں ملوث ہونے کا انکشاف

تفصیلات کے مطابق مالی ، چوکیدار اور ڈرائیور بھی جعلی ویکسی نیشن میں ملوث نکلے ، جس کے بعد ایف آئی اے سائبرکرائم سندھ زون نے سکھر میں کارروائی کی ، کارروائی میں کورونا کی جعلی انٹریاں کرنیوالے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سربراہ سائبرکرائم سندھ عمران ریاض نے بتایا ملزمان کاتعلق بیسک ہیلتھ یونٹ نیو سکھرسےہے، ملزمان سینٹر میں چوکیدار،ڈرائیور اور مالی کا کام کرتےہیں، گرفتارملزمان میں فیصل، فضل اورحیدر شامل ہیں۔

عمران ریاض کا کہنا تھا کہ ملزمان ویکسین لگائے بغیر انکانام سسٹم میں شامل کرتےتھے اور این آئی ایم ایس سسٹم پرجعلی انٹری کرتےتھے،جعلی کوروناسرٹیفکیٹ اورپی سی آرٹیسٹ کیخلاف مہم جاری ہے۔

یاد رہے گذشتہ ماہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے جعلی کوویڈ ٹیسٹ ریزلٹس اورویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ بنانے والے 6 ملزمان کو گرفتار کیا تھا ، ملزمان نے ایک منظم گروہ کے طور پر کام کررہے تھے۔

گریٹر اقبال پارک کیس : عائشہ اکرم کے بیان پر ایک ملزم کو رہائی مل گئی

تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت میں گریٹر اقبال پارک کیس میں گرفتار ملزم افتخار احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، متاثرہ خاتون عدالت پہنچیں اور عدالت کے روبرو ملزم کے حق میں بیان دے دیا۔

متاثرہ خاتون نے کہا ملزم افتخار احمد میرا ملزم نہیں ہے،ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جائے مجھے اعتراض نہیں ہے، عدالت نے خاتون کے بیان کے بعد ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے چند روز قبل گریٹر اقبال پارک ہراسگی کیس میں متاثرہ خاتون عائشہ نے بیان ریکارڈ کرایا تھا ، متاثرہ خاتون نے ایف آئی اے کو بیان میں کہا تھا کہ ریمبو نے منگیتر کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو پر بلیک میل کیا، ریمبو نے خان بابا کے ساتھ مل کر بلیک میل کیا۔

عائشہ کا کہنا تھا کہ خان بابا واہ کینٹ ٹیکسلاکا رہائشی اورانایہ کے نام سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنارکھاہے، ملزم ریمبو 10 لاکھ روپے بلیک میل کرکے لے چکا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع نے کہا ہے کہ عائشہ ایف آئی اے کو بلیک میلنگ سے متعلق ثبوت نہ دےسکی جبکہ 10 لاکھ سے متعلق بھی کوئی ثبوت تاحال نہیں دیا گیا۔

خیال رہے 14 اگست کے روز مینار پاکستان پر عائشہ اکرم کو وہاں موجود 400 افراد کی جانب سے تشدد اور جنسی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

قومی کپتان بابر اعظم کے والد کی قوم سے درخواست

انسٹاگرام  پر  بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے  چھوٹے بیٹے سفیر اعظم کے ہمراہ اسٹیڈیم میں لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک پوسٹ کی۔

اعظم صدیقی نے لکھا کہ ٹی ٹوئنٹی ور لڈکپ میں پاکستانی ٹیم کا سفر ختم ہوا، کھلاڑیوں نے کوشش کی ، پر اللہ کو منظور نہیں تھا لیکن  میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اصل سفر تو اب شروع ہوا ہے، ٹیم بن گئی ہے  آگے کرکٹ بھی بڑی ہے اورایک سال بعد پھر آسٹریلیا ورلڈکپ ہے۔

اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں قوم سے درخواست کی کہ  ٹیم نے جیت کے لیے جان لگادی، یہی وجہ تھی کہ ہم  یک طرفہ میچ نہیں ہارے، ٹیم کو آپ لوگوں کی ہمت اور پیار کی ضروت ہے، بہادر قوم کی طرح بچوں کا دل بڑا کیجیے کیونکہ ایک اصول ہے بہادر ہار کر بھی بہادر رہتا ہے اور بزدل جیت کر بھی بزدل رہتا ہے، اپنے بچوں کو بزدل ہارےہوئے دل شکستہ میں شمار نہ کیجیےگا۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ انشاء اللہ یہی ٹیم قوم کے لیے بڑے بڑے کپ جیتے گی۔

مشترکہ اجلاس کی منسوخی: وزیراعظم نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج پھر طلب کرلیا ، اجلاس شام چار بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ، گورنرسندھ عمران اسماعیل ، گورنر خیبر پختوںخواہ اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی، وزیراعظم اہم قومی اور سیاسی امور سمیت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منسوخ ہونے پر کور کمیٹی اراکین کو اعتمادمیں لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی اتحادی جماعتوں کےتحفظات اورمطالبات کا جائزہ لے گی، جس کے بعد ق لیگ،ایم کیو ایم کےا ی وی ایم پر تحفظات دور کئے جائیں گے۔

حکومت اپوزیشن اور پی ٹی آئی ارکان کے مطالبات کا بھی جائزہ لے گی جبکہ کور کمیٹی سیاسی صورتحال ،بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر غور کرے گی اور مہنگائی پرقابو پانے کیلئےاقدامات سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی۔

خیال رہے حکومتی اتحادیوں ایم کیوایم اورق لیگ نے ای وی ایم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دینے سے انکار کر دیا تھا جبکہ وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دونوں اتحادیوں نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا تھا

 

پی پی اور پی ڈی ایم میں دوریاں کم ہونے لگیں، بلاول اور فضل الرحمان کی آج ملاقات ہوگی

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے درمیان دوریاں کم ہونے لگی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جے یو آئی ف سے رابطہ کیا ہے اور خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے درمیان تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آج پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، میں نے مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے اور پارٹی میں میری بات کو اہمیت دی جاتی ہے۔

تین چھکے کیوں کھائے؟ بوم بوم، آفریدی پر برس پڑے

دبئی (خبریں) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شکست کے بعد جہاں شائقین کرکٹ حسن علی کو قصور وار ٹھہرا رہے ہیں، وہیں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ حسن علی نے کیچ چھوڑا جو ایک بڑی غلطی تھی، لیکن اس کے یہ مطلب نہیں تھا کہ   شاہین آفریدی اگلی تین بالوں پر تین چھکے کھا لیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ آپ کی اتنی پیس ہے آپ میں اتنی سمجھ ہونی چاہیے، کہ آپ تھوڑا سا باہر بال کر کے یارکر کرتے، انہوں نے کہا کہ میں صاف کہوں گا کہ شاہین نے خراب باولنگ کی ہے، کیچ چھوٹ گیا تو چھوٹ گیا، اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ہمت ہار جاو گے آپ کو کم بیک کرنا چاہیے تھا۔

گزشتہ روز  19ویں اوور میں جب آسٹریلوی ٹیم کو 10 گیندوں پر 20 رنز درکار تھے تو حسن علی نے شاہین کی گیند پر میتھیو ویڈکا کیچ چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد شاہین نے تین بالوں پر تین چھکے کھا کر اسکور پورا کرا دیا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے جب کہ آسٹریلیا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ اور اب 14 نومبر کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل کی جنگ ہو گی۔

مستقل فتح کے بعد پاکستان کو سیمی فائنل میں آسٹریلیا سےشکست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں  آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان  کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں  4 وکٹوں کے نقصان پر  176 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے67  رنز بنائے،کپتان بابر اعظم نے  39 ،فخرزمان  نے ناقابل شکست  55 رنز بنائے ، شعیب ملک 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئےجبکہ آصف علی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے  مچل اسٹارک نے    2 وکٹیں حاصل کیں  جبکہ پیٹ کمنس اور ایڈم زمپا نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے دیا ہوا ہدف آسٹریلیا نے   19 ویں  اوور میں  5 وکٹوں کے   نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 49 رنز کی اننگ کھیلی،میتھیو ویڈ 41 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے  جبکہ کپتان ایرن فنچ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

میتھیو ویڈ کو میچ وننگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا  گیا۔

دنیا افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کیلیے ذمہ داری پوری کرے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ہے کہ افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کے لیے عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ کھڑا رہا، افغان وزیرخارجہ اور وفد کو یقین دلایا ہے کہ افغان بھائیوں کی انسانی ضروریات پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان عوام کے لیے ہم خوراک، ادویات اور شیلٹرز بھجوا رہے ہیں، افغان بارڈر سے پاکستان آنے والے شہریوں کو مفت کوویڈ ویکسین لگائی جا رہی ہے، افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کے لیے عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء سمیت عسکری حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں امن و امان کی صورتحال ، بارڈر مینجمنٹ، اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور فینسنگ پر بریفنگ دی گئی، افغانستان سے بارڈر کے راستے پاکستان آمدورفت اور سییکیورٹی امور کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ جب کہ وزیر اعظم نے امن و امان کے قیام کے لئے ضروری ہدایات بھی دیں

2020 میں ساڑھے 12 ہزار بھارتی طلبہ و طالبات نے خودکشی کی، رپورٹ

کورونا سے متاثرہ سال 2020ء بھارتی طلبہ کی خودکشیوں کے حوالے سے بدترین سال رہا جس میں ساڑھے 12 ہزار طلبہ و طالبات نے خودکشی کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ملک میں یومیہ 34 طلبہ کا تناسب بنتا ہے اور ہر ریاست میں ایک سے زائد طالب علم نے خودکشی کی۔ بھارتی حکام کے مطابق 2019 کے مقابلے میں 2020 میں طلبہ کی خودکشی کے واقعات میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔ 1995 سے 2020 تک بھارت میں ایک لاکھ 80 ہزار طلبہ خودکشی کرچکے ہیں۔
اس حوالے سے 2020 سب سے بدترین سال رہا، حالانکہ اس سال کورونا کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند تھے اور امتحانات کا دباؤ بھی نہ تھا، کیونکہ بیشتر طلبہ کو بغیر امتحان ہی اگلی کلاسوں میں ترقی دے دی گئی، اس کے باوجود یہ صورتحال سنگین ہے۔
2020 میں ساڑھے 12 ہزار میں سے 53 فیصد طلبہ کا تعلق 6 ریاستوں سے ہے جن میں مہاراشٹرا، اڑیسہ، جھاڑکھنڈ، مدھیہ پردیش، تامل ناڈو اور کرناٹکا شامل ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں اچھے تعلیمی اداروں میں داخلے کی دوڑ، بہتر تعلیمی کارکردگی اور بہترین نوکری ملنے کی خواہش کے بوجھ تلے دب کر طلبہ کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم مودی حکومت اپنے قیمتی سرمائے کو ضائع ہونے سے بچانے کےلیے فکرمند نظرنہیں آتی اور ساری توجہ ہندو انتہا پسندی کو بڑھاکر اپنا ووٹ بینک مضبوط کرنے پر ہی مرکوز ہے۔

جرمن قونصل جنرل نے سیمی فائنل سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جرسی زیب تن کرلی

جرمن قونصل جنرل ہوگلر زیگلر نے سیمی فائنل سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جرسی زیب تن کرلی ہے۔

کراچی میں تعینات جرمن قونصل جنرل بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حمایت میں سامنے آگئے

جرمن قونصل جنرل ہوگلر زیگلر نے کہا کہ آج کرکٹ کا بڑا معرکہ ہونے والا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے دوستوں کو بڑی اسکرین پر میچ دیکھنے کے لیے مدعو کرلیا ہے۔

جرمن قونصل جنرل نے مزید کہا کہ خواہش ہے بہترین ٹیم میچ جیتے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل آئیں گی، دونوں ٹیموں کے مابین میچ دبئی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔