All posts by Khabrain News

تائیوان تنازع، امریکا اور چین کے مابین تناو بڑھ گیا

تائیوان کے معاملے پر امریکا اور چین میں ایک بار پھر تناؤ بڑھ گیا، چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ سرد جنگ اور چھوٹے مقاصد کے لیے سیاسی محاذ آرائی ناکامی سے دوچار ہوگی۔ صدر بائیڈن اورچینی ہم منصب میں متوقع ملاقات سے پہلے بیانات میں تیزی، امریکا نے چین کے خلاف تائیوان کے دفاع کا اعادہ کیا۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ تائیوان کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ خود اپنا دفاع کرسکے۔ چین نے بھی امریکی بیانات پر سخت ردعمل دیا ہے، چینی صدر نے نیوزی لینڈ میں ایشیا پیسیفک اکنامک کارپوریشن سمٹ سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ ایشیا پیسیفک ریجن سرد جنگ اورمحاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، سرد جنگ کا دوبارہ آغاز کسی کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا۔ صدر بائیڈن اور چینی ہم منصب میں ورچوئل میٹنگ جلد ہو گی جبکہ باقاعدہ ملاقات بھی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

بختاور نے بیٹے کی پیدائش کو ایک ماہ مکمل ہونے پر نئی تصویر شیئر کردی

سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے نواسے کی پیدائش کو ایک ماہ کا عرصہ مکمل ہوگیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گزشتہ روز بختاور بھٹو کی جانب سے بیٹے میر حاکم کی پیدائش کو ایک ماہ کا عرصہ مکمل ہونے پرایک خوبصورت تصویر شیئر کی گئی۔

مولانا سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی لسٹ سے نکال دیا گیا!

اسلام آباد : تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سےنکال دیا گیا ، کالعدم تنظیم ہونے کے باعث سعد رضوی کا نام فورٹھ شیڈول میں شامل تھا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئےتحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی لسٹ سے نکال دیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سعدرضوی کانام فورتھ شیڈول سےڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پر نکالا گیا۔

کالعدم تنظیم ہونےکےباعث سعدرضوی کا نام فورٹھ شیڈول میں شامل تھا ، سعد رضوی کا نام 16اپریل 2021کو فورتھ شیڈول میں ڈالا گیا تھا۔

یاد رہے وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا ، نوٹی فکیشن کے مطابق تحریک لبیک کوکالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سمری وزارت داخلہ کوموصول ہوئی تھی جبکہ پنجاب کابینہ نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم لسٹ سے نکالنے کی سفارش کی تھی۔

سری لنکا میں طوفانی بارشوں سے 25 افراد ہلاک، لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد گھر تباہ

سری لنکا میں طوفانی بارشوں سے 25 افراد ہلاک ہو گئے، لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد گھر تباہ اور سڑکوں کو نقصان پہنچا۔ سری لنکا میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی، ملک کے 25 میں سے 17 اضلاع شدید متاثر ہوئے، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی پانی میں ڈوبنے سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی۔ متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، نشیبی علاقے ڈوب گئے جبکہ پانی ایک ہسپتال میں بھی داخل ہو گیا جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، سیلاب زدہ اضلاع سے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ خوراک اور ادویات بھی پہنچائی جا رہی ہیں۔

بھارت نے مزید ہزاروں فوجی اہلکار مقبوضہ کشمیر بھیج دیے

بھارت نے حالیہ ہفتوں میں ٹارگٹ کلنگز کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث دنیا کے سب سے زیادہ ملٹرائزڈ زونز میں سے ایک مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید ہزاروں پیراملٹری اہلکار بھیج دیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق نئی دہلی نے دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں کم از کم 5 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ترجمان ابھیرام پنکَج نے کہا کہ ’تقریباً 2 ہزار 500 اہلکار پہنچ چکے ہیں اور انہیں پوری کشمیر وادی میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ مزید اہلکار بھی پہنچنے والے ہیں‘۔

پولیس افسر نے کہا کہ ’مجموعی طور پر تقریباً 5 ہزار اضافی پیراملٹری اہلکاروں کو اس ہفتے سے تعینات کیا جارہا ہے‘۔

اہلکاروں کے ایک حصے کو سویلین کمیونٹی ہالز میں رکھا گیا ہے جنہیں مٹی کے تھیلوں کے نئے بنکروں سے مضبوط کیا گیا ہے، جو 1990 کی دہائی کے اوائل کی یاد دلاتا ہے جب بھارتی حکمرانی کے خلاف مزاحمت اپنے عروج پر تھی۔

مقبوضہ وادی میں ایک ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں، بھارت کی شمالی ریاستوں سے آنے والے مہاجر مزدوروں اور سکھ و ہندو برادریوں کے مقامی رہنماؤں سمیت 12 افراد کو ٹارگٹڈ کارروائیوں میں قتل کیا جاچکا ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں سے کچھ پر مقامی گروپ ’مزاحمتی محاذ‘ نے الزام لگایا تھا کہ وہ بھارتی فورسز کے ملازم تھے۔

شہر کی فضا مزید زہریلی، لاہور پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

لاہور (جنرل رپورٹر )لاہورشہر کی فضا زہریلی اور انتہائی مضر صحت قرار، لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے اور کراچی تیسرے نمبر پر آگیا۔سوئس ائیر کوالٹی ٹیکنالوجی کمپنی ”آئی کیو ایئر” کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں آلودہ ذرات کی مقدار 371 ہے جو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے محفوظ معیار سے 32 گنا زیادہ ہے جبکہ گذشتہ صبح لاہور میں آلودہ ذرات کی مقدار 508 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی تھی۔ کراچی میں173پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی جسے غیر صحت مند قراردیا گیا ہے ۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کی فضا مضرصحت ہے، جبکہ بھارت کا دارالحکومت دہلی دنیا کے آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پر بتایا گیا۔درجہ بندی کے مطابق 151سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے۔ 201سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے، 301سے زائد درجہ ، خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔یادرہے لاہور میں آلودگی ایک بڑا مسئلہ بن کر سامنے آچکی ہے اور یہ ایک ایسابحران ہے جو شہریوں اور ان کی نسلوں پر اثر انداز ہورہا ہے ایک رپورٹ کے مطابق ہر لاہوری کی اوسط عمر ساڑھے پانچ سال کم ہورہی ہے۔ ماہرین نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ ماسک پہننے سے اس کے اثرات کم ہوسکتے ہیں ختم نہیں۔ مستقل حل نکالے جانے کی ضرورت ہے۔

عوام کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں: عثمان بزدار

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ضروری ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں-امن عامہ کی فضا بہتر بنانے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔ریجنل و ڈسٹرکٹ پولیس افسران امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دیں۔

اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے ، تبدیلی کی خواہشمند نہیں: عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جس معاشرے کی اخلاقیات قائم ہو تو آپ اس قوم کو ایٹم بم سے بھی ختم نہیں کرسکتے اور جب اخلاقیات ختم ہوتی ہے تو کرپشن اپنی جگہ بنا لیتی ہے اور اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے جو تبدیلی کی خواہش مند نہیں ہے، قانون سازی ذاتی یا سیاسی فوائد کے لیے نہیں کر رہے، انتخابی اصلاحات پر قانون سازی جمہوری نظام کے لیے ضروری ہے، ہمارا مقصد تھا کہ آئندہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں، سیاست میں آکر لوگ اپنی ذات کیلئے کام کرتے ہیں، میں ملک کو بدلنے کیلئے سیاست میں آیا تھا، سیاست میں آنے کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا تھا، قائداعظم کا خواب تھا پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، آپ تمام انسانوں کیلئے رحمت بن کر آئے، اخلاقیات ختم ہونے پر کرپشن شروع ہوتی ہے، جو قوم انصاف نہیں کرسکتی وہ تباہ ہو جاتی ہے

انتخابی اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اتفاق رائے پیدا کیا جائیگا: حکومتی موقف

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) حکومت نے انتخابی اصلاحات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کر دیا ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اپوزیشن سے ایک بار پھر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ،ہم نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو، امید ہے اپوزیشن ان اہم اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کرے گی ، ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہم اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کے مطابق اجلاس میں انتخابی اصلاحات‘ لاریفارمز‘ الیکٹرانک‘ ادارہ جاتی اصلاحات ‘ کلبھوشن کیس سے متعلق قانون سازی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان سے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات ،ملاقات میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر انتخابی اصلاحات و اہم بلوں کو مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے جلد رابطہ کروں گا تاکہ انکے تحفظات کو دور کرکے قومی مفاد کے حامل معاملات پر اتفاق رائے پیدا کیاجائے۔ اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت قانون سازی کے عمل میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ امید ہے اپوزیشن جماعتیں ملک کی بہتری کے لیے کی جانے والی اصلاحات میں حکومت کا ساتھ دے گی۔ مشترکہ اجلاس دوبارہ جلد بلایا جائے گا۔

دو بڑی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی درخواست پر مشترکہ اجلاس ملتوی کیا گیا: ذرائع

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ملتوی ہونے کے معاملے پر دو بڑی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی درخواست پر مشترکہ اجلاس ملتوی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے اہم رہنماؤں نے حکومت سے رابطہ کیا اور اپوزیشن انتخابی اصلاحات بل پر حکومت سے بات کرنے پر تیار ہو گئی، اپوزیشن ارکان نے سپیکر آفس اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے رابطہ کیا۔
ذرائع کے مطابق دو بڑی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی درخواست پر مشترکہ اجلاس ملتوی کیا گیا، اپوزیشن کے رابطہ کرنے پر حکومتی ٹیم نے وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کی۔ مشاورتی عمل میں بابر اعوان، اسد عمر اور پرویز خٹک شریک ہوئے، وزیراعظم نے مشترکہ اجلاس ملتوی کرنے پر رضا مندی ظاہر کی، حکومت اور اپوزیشن وفود کی جلد ملاقات ہو گی۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس ملتوی ہونے میں اتحادی جماعتوں کے تحفظات بھی شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کو بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر تحفظات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دفاع پرویز خٹک نے بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین قانون کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اتحادی جماعتیں اس بل پر راضی نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ میں بھی ای وی ایم پر اتفاق رائے نہیں، حکومت کو خدشہ تھا کہ مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل پاس نہیں ہوسکے گا۔