لاہور : پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافے کے بعد لاہور کے 3 بڑے اسپتالوں میں بیڈز ملنا بند ہوگئے ، سرکاری اسپتالوں میں ایک بیڈ پر 3،3مریضوں کا علاج جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ڈینگی تشویشناک صورتحال اختیار کرگیا ، لاہور کے تین بڑے اسپتالوں جناح ، سروسز اور جنرل اسپتال میں تمام بیڈ بھر گئے
سرکاری اسپتالوں میں ایک بیڈ پر 3،3مریضوں کا علاج جاری ہے جکہ سروسز اسپتال کی ایمرجنسی اور وارڈز میں مریضوں کے لیے جگہ ختم ہوگئی ہے۔
چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے مزید تین مریض انتقال کرگئے اور 445نئے کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور سے 345، راولپنڈی سے 33 ، گوجرانوالہ سے 16 ، شیخوپورہ اور فیصل آباد سے8، 8 کیسز سامنے آئے۔
سیکریٹری صحت عمران سکندربلوچ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 2444مریض زیرعلاج ہیں ، جن میں سے لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 1590مریض داخل ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ت رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے باعث 48 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دوسری جانب اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کےلیےسہولتوں کی کمی پرتحریک التوا جمع کرادی گئی ہے ، پنجاب اسمبلی میں تحریک التوان لیگ کی ربعیہ نصرت نے جمع کرائی۔
جس میں کہا گیا ہے کہ سروسز اسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کےلیےمختص بیڈز ختم ہوگئےہیں ، ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔