طالبان حکومت کے مستقبل کے حوالے سے ایران کی میزبانی میں چین، روس، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں افغانستان میں مخلوط حکومت کے قیام پر زور دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے افغانستان میں تمام قومیتوں اور طبقات کی نمائندوں پر مشتمل جامع حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس انعقاد کیا جس میں پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ بے بہ نفس نفیس جب کہ چین اور روسی ہم منصب ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
ایک روزہ اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کی نمائندگی کرتے ہوئے ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے کہا کہ افغانستان میں امریکی پالیسیوں کی شکست کا مطلب یہ نہیں ہے کہ امریکا نے پورے خطے میں اپنی تباہ کن پالیسیوں کو ترک کر دیا ہے۔
اجلاس کے میزبان ملک کے نائب صدر نے داعش کو امریکا کی پراکسی فورس قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اب امریکا نے افغانستان میں خانہ جنگی کو بھڑکانے کے لیے داعش کا استعمال شروع کردیا ہے۔
اس کے بعد اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرس نے ریکارڈ شدہ ویڈیو لنک میں کہا کہ طالبان حکومت کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور خواتین مظاہرین پر حملے پریشان کن ہیں۔ انسانی بحران کے شکار ملک کو دہشت گردی سے نمٹنے اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات اُٹھانے چاہیئے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سمیت ساتوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں مخلوط حکومت بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے رابطے بحال رکھنے اور مزید اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی۔
اس موقع پر چین نے اگلے اجلاس کی میزبانی کا اعلان کیا تاہم ابھی اس کی تاریخ کا طے ہونا باقی ہے۔ گزشتہ ماہ ایسا ہی ایک اجلاس پاکستان کی میزبانی میں بھی ہوا تھا۔
All posts by Khabrain News
عراق میں داعش جنگجوؤں کا گاؤں پر حملہ، 11 افراد جاں بحق
عراق ميں داعش کے مسلح جنگجوؤں نے ایک ديہات پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں جدید اسلحے سے لیس گاڑیوں میں سوار داعش جنگجوؤں نے بغداد کے علاقے بعقوبہ کے ايک گاؤں الرشاد پر حملہ کردیا۔ شیعہ اکثریتی آبادی والے دیہات میں حملے میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ممکنہ طور پر پہلے تاوان کا مطالبہ کيا اور یہ مطالبہ پورا نہ کرنے کی پاداش میں حملہ کرکے فرار ہوگئے۔ حملہ آوروں کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔
عراق میں 10 اکتوبر کو عام انتخابات ہوئے ہیں جن میں شیعہ تنظیم نے 73 نشستیں حاصل کرکے اکثریت حاصل کرلی ہے۔ اتحادی حکومت میں ملک کے صدر اور وزیراعظم کے عہدے کا انتخاب تنظیم کے صدر مقتدیٰ الصدر کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عراق میں اتحادی افواج نے چار سال قبل داعش کو شکست دیدی تھی تاہم اب بھی نواحی علاقوں میں جنگجو برسرپیکار ہیں اور شہروں میں آکر کارروائیاں بھی کرتے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف باآسانی 14 ویں اوور حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جیسن روے نے 61 اور ڈیوڈ مالان نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کے شرف الاسلام اور نسیم احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلا دیش کے مشفیق الرحیم 29 جب کہ کپتان محموداللہ 19 رنز رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹیمل ملز نے 3، معین علی اورلیام لیونگسٹن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
فتح کی خوشی میں حفیظ اہلیہ کی سالگرہ بھول گئے، پھر کس نے یاد دلائی؟
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نیوزی لینڈ سے زبردست فتح کی خوشی میں اہلیہ کی سالگرہ ہی بھول گئے۔
محمد حفیظ نے جیت کے بعد گزشتہ شب ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے اہلیہ نازیہ کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور لکھا کہ ویسے تو میں سالگرہ بھول گیا تھا لیکن ثانیہ مرزا کا شکریہ جنہوں نے بروقت کیک کا انتظام کیا۔قومی کرکٹر نے دو تصاویر بھی شیئر کیں، ایک تصویر میں وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ موجود ہیں جب کہ دوسری تصویر میں ثانیہ مرزا ان کی اہلیہ نازیہ کے ساتھ کھڑی ہیں۔
محمد حفیظ کی پوسٹ پر صارفین کی بڑی تعداد نے ان کی اہلیہ کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ اور نازیہ حفیظ 2007 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کے تین بچے ہیں۔
پاک فوج کا افغان بارڈر پر دہشتگردوں سے مقابلہ، 2 جوان شہید
پاک فوج کا افغان بارڈر پر دہشتگردوں سے مقابلہ ہوا جس کے دوران 2 جوان شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ضلع کرم میں افغانستان سے دہشت گردوں نے پاک افغان بارڈر پر باڑ پار کرنے کی کوشش کی ، فوجی دستوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنائی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعہ 26 اور 27 اکتوبر کی درمیانی شب پیش آیا ، فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائیک اسد اور سپاہی آصف شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے اپنے خلاف استعمال کی سخت مذمت کرتا ہے ، دہشت گردی کے خلاف ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
کالعدم تنظیم کا اسلام آباد کیطرف مارچ، سادھوکی میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ، 3 اہلکار شہید
کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کردیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سادھوکی میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے کارکنوں کومنتشر ہونے کی ہدایت کی۔
بعدازاں پولیس نے کالعدم تنظیم کےکارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شلینگ کی جس کے جواب میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔
سادھوکی میں جھڑپ کے دوران متعدد مظاہرین اورپولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ احتجاج کی وجہ سے مقامی آبادی متاثر ہورہی ہے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل ہے۔
6 روز سے جاری احتجاج کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پولیس نے مارچ کے شرکا کو روکنے کیلئے راستے بلاک کررکھے ہیں۔
کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج میں مزید تین پولیس اہلکارشہید
کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج میں مزید تین پولیس اہلکارشہید ہوگئے جبکہ احتجاج کے دوران تشدد سے بہت سے پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
احتجاج کے آغاز سے اب تک 5 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں اور مظاہرین کی طرف سے پولیس کی گاڑیاں بھی جلائی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں 2 اہلکار شہید ہوئے تھے۔
اسلام آباد اور پنڈی میں سکیورٹی سخت، اہم شاہراہیں سیل
دوسری جانب راولپنڈی میں بھی سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی مرکزی شاہراہیں سیل کردی ہیں جس کے باعث متبادل راستوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا
ٹریف جام کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا اور مریضوں کا اسپتال جانا بھی مشکل ہوگیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تنظیم کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے اور راستے بند کرنیوالوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔
کوئنٹن ڈی کوک کے مؤقف پر افریقی کپتان حیران
جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما کا کہنا تھا کہ ساتھی کرکٹر کوئنٹن ڈی کوک کا گھٹنے کے بل بیٹھ کر انسداد نسل پرستی کی تحریک میں شامل ہونے سے انکار کرنا حیرت انگیز ہے اور یہ ان کے لیے بطور کپتان ’مشکل ترین‘ دنوں میں سے ایک تھا۔
افریقی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو انسداد نسل پرستی کی تحریک کی حمایت کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر ڈی کوک کو میچ سے باہر کردیا گیا تھا۔
سابق کپتان نے تحریک کی حمایت میں گھنٹے پر بیٹھنے کے بجائے میچ سے باہر ہونے کا انتخاب کیا۔
کپتان ٹیمبا باووما نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ان کے واپس جانے کی خبر سے ہمیں یقینی طور پر حیرت ہوئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ کوئنٹن ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور نہ صرف ایک بلے باز بلکہ بطور سینئر کھلاڑی بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، بحیثیت کپتان میرے اختیار میں اس کا نہ ہونا واضح طور پر ایسی چیز تھی جس کا میں منتظر نہیں تھا۔
ٹیمبا باووما، جنہیں مختصر فارمیٹ میں ڈی کوک کی جگہ کپتان مقرر کیا گیا تھا اور وہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے پہلے سیاہ فام کپتان ہیں، نے انکشاف کیا کہ انہیں دبئی میں بس کے سفر کے دوران ڈی کوک کے فیصلے کا علم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ’بورڈ کی جانب سے گھنٹے کے بل بیٹھنے کی ہدایت صبح آئی تھی، بورڈ کے چند اراکین کا اجلاس ہوا اور وہاں سے یہ پیغام ہمیں موصول ہوا تھا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال سے یہ ڈیڑھ، دو گھنٹے کا ٹرپ تھا، شاید اس ٹرپ میں کوئنٹن ڈی کوک نے واپس جانے کا فیصلہ کیا، جب ہم چینجنگ روم میں گئے تو مجھے بطور کپتان اس کا علم ہوا‘ ۔
ٹیمبا باووما نے کہا کہ ’کوئنٹن ایک عقلمند اور ثابت قدم شخص ہیں، ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ہم ان کے عقیدے کا احترام کرتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ انہوں نے جو فیصلہ لیا ہے وہ اس پر ثابت قدم رہیں گے‘۔
ڈی کوک اس سے قبل بھی انسداد نسل پرستی کی تحریک میں حصہ لینے سے انکار کرچکے ہیں، یہ تحریک بیشتر کھیلوں میں عام بن چکی ہے۔
کالعدم تنظیم کا احتجاج، مظاہرین کو جہلم سے آگے کسی صورت نہ جانے دینے کا فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ مظاہرین کو جہلم سے آگے کسی صورت نہیں آنے دیا جائے گا، مظاہرین کوروکنے کے لئے رینجرز کو بھی استعمال کیاجائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں وفاقی کابینہ 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب پر کابینہ کو اعتماد میں لیا، جب کہ سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ کی سربراہی میں وزراء کی کمیٹی کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ شیخ رشید نے کابینہ کو کالعدم تنظیم کے ساتھ موجودہ ڈیڈ لاک سے آگاہ کیا، کابینہ کو معاملہ سے متعلق قانونی امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ جانی و ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو رعایت نہیں دینی چاہیے۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مظاہرین کو جہلم سے آگے کسی صورت نہیں آنے دیا جائے گا، مظاہرین کوروکنے کے لئے رینجرز کو بھی استعمال کیاجائے گا، مظاہرین کو روکنے کے لئے پشاور جی ٹی روڈ کو بھی بند کیا جائے گا۔
کراچی پیپلزبس سروس: پہلے فیز میں 50بسیں چلائی جائیں گی
کراچی میں پہلے فیز میں پیپلز بس سروس کی 50 بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ 200بسیں کراچی اور لاڑکانہ میں چلائی جائیں گی۔
اس حوالے سے کراچی میں ترکی اور چین کے نمائندگان نے معاہدہ پر دستخط تقریب میں شرکت کی جبکہ این آر ٹی سی کے ایم ڈی بریگیڈیئر توفیق شریک ہوئے۔
ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈیئر توفیق کا کہنا تھا کہ این آر ٹی سی سندھ میں ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے تمام تر وسائل استعمال کرے گی۔ ہم لاہور میٹرو سمیت کئی شہروں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ سندھ کے لوگوں کو بھی مثالی سروس دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تین ماہ بعد یعنی 31 جنوری 2022 کے بعد بسیں کراچی میں دیکھی جا سکیں گی جبکہ 12 سال تک این آر ٹی سی اس پروجیکٹ کو خود چلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد پبلک کو سہولت دینا چاہتے ہیں، تین سو بس اسٹاپ بنیں گے اور بین الاقوامی طرز کا سسٹم ہوگا۔ بسیں آنے کے بعد ٹیسٹ ٹرائل ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ہم نے شروع کیا تھا لیکن فنڈز کا مسئلہ تھا اور اس سال فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ وفاق سے فنڈز نا ملنے کے باوجود ہمیں وزیر اعلیٰ نے فنڈز دیے۔
پیپلز بس سروس پروجیکٹ شروع ہونے سے قبل ضلع وسطی یوپی موڑ پر بس ڈپو قائم کیا جائے گا جبکہ پروجیکٹ شروع ہونے کے بعد مزید پانچ ڈپو قائم کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت 250 ڈیزل ہائیبرڈ بسیں لائی جائیں گی۔
پیپلز بس سروس کل چھ روٹس پر چلائی جائیں گی۔ بسوں کا کرایہ کیا ہوگا اوقات کیا ہوں گے اس متعلق ابھی کوئی تفصیلات مہیا نہیں کی گئیں۔
پہلا روٹ
کراچی میں پہلا روٹ 29.5 کلومیٹر پر محیط ہوگا اور اس روٹ پر ماڈل کالونی سے ٹاور تک بسیں چلائی جائیں گی۔
روٹ میں ملیر ہالٹ، کالونی گیٹ، ناتھا خان برج، ڈرگ روڈ اسٹیشن، پی اے ایف بیس فیصل، لال کوٹھی، کارساز، نرسری، ایف ٹی سی، ریجنٹ پلازہ، جی پی ایم سی، کینٹ اسٹیشن، میٹرو پول، ریگل چوک اور آرام باغ شامل ہے۔
دوسرا روٹ
بس کا دوسرا روٹ 32.9 کلو میٹر پر محیط ہوگا اور روٹ نارتھ کراچی سے انڈس اسپتال تک کا ہوگا۔
روٹ میں ناگن چورنگی، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ، گلشن چورنگی، نیپا، جوہر موڑ، سی او ڈی، ڈرگ روڈ اسٹیشن، کالونی گیٹ، شاہ فیصل کالونی، سنگر چورنگی اور لانڈھی روڈ شامل ہے۔
تیسرا روٹ
تیسرا روٹ ناگن چورنگی سے کورنگی سنگر چورنگی تک ہوگا، جس کا روٹ 33کلو میٹر پر محیط ہوگا۔
روٹ میں انڈہ موڑ، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن، کے ڈی اے چورنگی، ناظم آباد ٹاؤن، لیاقت آباد 10نمبر، عیسیٰ نگری، سوک سینٹر، نیشنل اسٹیڈیم، کارساز، نرسری، ایف ٹی سی، کورنگی روڈ، کے پی ٹی انٹرچینج اور شان چورنگی شامل ہے۔
چوتھا روٹ
بسوں کا چوتھا روٹ موسمیات سے ڈاکیارڈ تک ہوگا، جوکہ 25.9 کلو میٹر پر محیط ہوگا۔
روٹ میں گلزار ہجری، موٹروے ایم9، الآصف اسکوائر، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد نمبر10، لالو کھیت، گرو مندر، سوسائیٹی چورنگی، ایمپریس مارکیٹ، سندھ ہائیکورٹ، آرٹ کونسل، آئی آئی چندریگر روڈ اور ٹاور شامل ہے۔
پانچواں روٹ
پانچواں روٹ 28.2 کلو میٹر پر محیط ہوگا جوکہ سرجانی سے مسرور بیس تک ہوگا۔
روٹ میں نیو کراچی، شفیق موڑ، کے ایم ڈی سی، ضیاءالدین چورنگی، کے ڈی اے چورنگی، موسیٰ کالونی، منگھوپیر، سائٹ ایریا اور گلبائی شامل ہے۔
چھٹا روٹ
چھٹا روٹ 29.6 کلو میٹر پر محیط ہوگا جوکہ اورنگی ٹاؤن گلشن بہار سے سنگر چورنگی تک ہوگا۔
روٹ میں اورنگی ٹاؤن، بنارس، پاپوش نگر، سائٹ ایریا، گولیمار، گارڈن، پی آئی بی کالونی، جیل چورنگی، بہادرآباد، بلوچ کالونی، محمودآباد، منظور کالونی، ڈی یاچ اے فیز1، کے پی ٹی انٹرچینج اور شان چورنگی شامل ہے۔
لاڑکانہ
لاڑکانہ میں بس کا روٹ 10.3 کلومیٹر پر محیط ہوگا جہاں بس ٹرمنل سے لاڑکانہ جنکشن تک بسیں چلائی جائیں گی۔
بسوں کے روٹ میں انڈس ہائی وے، 7 ناکا برج، غریب نگر، نوڈیرو چوک، شاھی بازار، انصاری محلہ اور اسٹیشن روڈ شامل ہے۔
ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 32 ہزار روپے تک پہنچ گئی
ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 200 روپے اضافے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 32 ہزار روپے پر پہنچ گئی۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ حالیہ چند سالوں میں سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی لیکن اس کے بعد سونا مسلسل تاریخ کی بلند ترین قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔
اگست 2020 میں سونے کی قیمت ایک لاکھ 32 ہزار روپے تک پہنچی تھی۔
تاہم اس کے بعد سونے کی قیمت میں بتدریج کمی دیکھی گئی تھی۔
گزشتہ ہفتے ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 22 ہزار 200 روپے تھی۔
تاجروں نے سونے کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دار ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی کو ٹھہرایا جبکہ اس دوران دنیا بھر میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
نتیجتاً ملک میں صارفین سونے کی خریداری کے عوض بھاری رقم ادا کر رہے ہیں۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ ’آپ اعداد و شمار سے اس صورتحال کو بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں کہ یکم اکتوبر 2021 سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 18 ہزار 500 روپے اضافہ ہوچکا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا اضافہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اضافے کے باعث ہوا ہے۔