All posts by Khabrain News

کورونا کے وار، 24 گھنٹوں میں مزید 54 افراد متاثر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں عالمی وباء کورونا کے وار پھر تیز، 24 گھنٹوں میں مزید 54 افراد متاثر ہو گئے۔
این آئی ایچ کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 12 ہزار 232 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں مزید 54 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.44 فیصد ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، جبکہ عالمی وباء سے متاثر 83 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں 53 کروڑ 20 لاکھ 22 ہزار 559 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 63 لاکھ 11 ہزار 923 ہو گئی، جبکہ دنیا بھر میں 50 کروڑ 30 لاکھ 73 ہزار 367 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

گھوٹکی: تیز رفتار مسافر کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی، 5 مسافر جاں بحق، 13 زخمی

گھوٹکی: (ویب ڈیسک) موٹروے ایم فائیو پوائنٹ 89 کے مقام پر تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی، 5 مسافر جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔
موٹر وے ایم فائیو کے پوائنٹ نمبر 89 کے مقام پر تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے باعث 5 مسافرجاں بحق جبکہ 13مسافر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے بیشترکی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جنہیں طبی امداد کے لیے سکھر اور گھوٹکی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
مسافر کوچ پشاور سے کراچی جا رہی تھی، زخمیوں اورجاں بحق افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید 2 نوجوان شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی میں کمی نہ آ سکی، مزید دو نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
ضلع پلوامہ میں دو روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی۔ قابض فورسز نے راجپورہ گاؤں میں گھر گھر تلاشی کے دوران آج مزید دو نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
گذشتہ روز ظالم فورسز نے گڈی پورہ میں دو نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا تھا۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک قابض فورسز کا وادی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے آج کابینہ اجلاس طلب کر لیا، کابینہ اجلاس میں سیاسی اورمعاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں اراکین پی ٹی آئی لانگ مارچ اورسپریم کورٹ کےفیصلوں پر رائے دیں گے، اسلام آباد کابینہ ڈویژن نے 3 رکنی ایجنڈا جاری کر دیا نیشنل کمیشن ہیومن رائٹس اسلام آباد کےممبر کی تعیناتی کی جائےگی۔
اجلاس کے دوران ریلوے قوانین ترمیمی آرڈیننس 2022 کی منظوری بھی دی جائے گی، 28 مئی کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے، جبکہ وزیراعظم دورہ ترکی کے حوالے سے کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا برطانوی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں بورس جانسن نے شہبازشریف کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی معیشت کو سنبھالنے کےلیے منجمد اثاثے فوری بحال کیے جائیں۔
شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں یوکرین کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آزادی مارچ کے شرکا کے پاس اسلحہ تھا، عمران خان کا اعتراف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 مارچ کو ہونے والے لانگ مارچ میں شرکاء کے پاس اسلحہ موجود تھا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں ہماری طرف بھی لوگ تیارہوگئے تھے اور انہوں نے پستول رکھے ہوئے تھے۔ مجھے لگا تھا ہم ملک میں انتشار کی طرف جا رہے ہیں جو انہوں نے پولیس سے کرایا، پولیس کےخلاف نفرت پہلے ہی بڑھ گئی تھی۔ مجھے دیکھ کر انہیں اور جوش میں آنا تھا، مجھے 100 فیصد یقین تھا گولی چلنی ہے، ہماری طرف بھی لوگ تیارہوگئے تھے جنہوں نے پستول رکھے ہوئے تھے تو مجھے خوف ہوگیا کہ اگلا مرحلہ یہ ہوگا کہ اب یہاں انتشار ہوگا، جس سے ہونایہ تھا پولیس کےخلاف نفرت،ملک میں تقسیم اور اس کا فائدہ صرف ان چوروں کو ہونا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ مجرموں نے کہنا تھا یہ تو انتشار ہو رہا ہے یہ قاتل ہے۔ پولیس والا رات کسی کے گھر چھلانگ مار کر آجائے تو وہ تو سمجھے گا ڈاکو آگیا ہے، اس واقعے کو انہوں نے بنادیا پی ٹی آئی کی طرف سےہوا، 26 سال کی تاریخ ہے ہم نے کبھی انتشار کی پالیسی نہیں کی۔

برطانیہ کا دنیا کی ممتاز جامعات سے فارغ التحصیل طلباء کو ویزہ دینے کا اعلان

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی حکام نے دنیا کی بہترین جامعات سے گریجوشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو نئی پالیسی کے تحت ورک ویزہ دینے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کی ممتاز جامعات سے گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مستقبل کا آغاز کرنے کےلیے برطانیہ نے ورک ویزہ اسکیم متعارف کرائی ہیں۔
اس اسکیم کے تحت ایسی جامعات کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات برطانیہ کی نیا ورک ویزہ حاصل کرسکتے ہیں، جو رواں برس ’ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز یا (Quacquarelli ) سائمنڈز ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ یا دی اکیڈمک آف ورلڈ یونیورسٹیز میں سے کسی 2 میں ٹاپ 50 کا حصہ بنی ہو۔
نئی ویزہ (ہائی پوٹینشل انڈیویژول) اسکیم کے تحت اپلائی کرنے والوں کو جاب آفر کی بھی ضرورت نہیں ہوگی اور اگر وہ مخصوص ضروریات پر پورا اترے تو وہ طویل المیعاد ویزے کےلیے بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی کوئی یونیورسٹی اس فہرست میں شامل نہیں جس کے طلبہ و طالبات کو نئی اسکیم کے تحت ویزہ دیا جائے جبکہ اس فہرست میں امریکا کی 20 جامعات شامل ہیں اس کے علاوہ کینیڈا، جاپان، جرمنی، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ، چین، سنگاپور، فرانس اور سوئیڈن کی جامعات فہرست میں شامل ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نئی ویزہ اسکیم کےلیے امیدواروں کا سیکیورٹی کرمنل ریکارڈ مثبت ہونا چاہیے جب کہ انہیں انگریزی لکھنے، بولنے، سننے اور پڑھنے میں مہارت حاصل ہو۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے عہدےسے استعفیٰ دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے عہدےسے استعفیٰ دے دیا، شہزادشوکت کو نیا ایڈووکیٹ جنرل تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
احمد اویس نے ایڈووکیٹ جنرل کےعہدے سےمستعفی ہو نے کافیصلہ نئےگورنرپنجاب کی تعیناتی کےبعد کیا، اس سےپہلے ان کا موقف تھا کہان کےتقرر اورعہدےسےالگ کرنے کااختیار عمر سرفراز چیمہ کے پاس ہے۔احمد اویس نے کام سے روکنے کااقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
شہزاد شوکت کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی کا نوٹیفکیشن منگل کو جاری کئے جانے کاامکان ہے۔

پاکستانی ای گیمر ارسلان ایش نے کومبو بریکر ٹیکن 7 کا مقابلہ اپنے نام کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پروفیشنل ای گیمر ارسلان ایش نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کرتے ہوئے امریکہ میں ویڈیو گیمنگ ٹورنامنٹ ’کومبو بریکر 2022‘ میں ’ٹیکن 7‘ کا مقابلہ اپنے نام کرلیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کمبو بریکر کی جانب سے لاہور کے علاقے داروغہ والا سے تعلق رکھنے والے ارسلان ایش کی فتح کا اعلان کیا گیا۔
پاکستانی ای گیمر نے اس فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’ایک بار پھر میں نے کر دکھایا، یہ ٹورنامٹ بہت مشکل ہوتے ہیں لیکن میں خوش ہوں کہ میری پریکٹس کام آ رہی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی ریاست الینوائے میں منعقد ہونے والے کومبو بریکر ایونٹ میں 50 ’فائٹنگ گیمز‘ کو شامل کیا گیا اور دنیا بھر سے تین ہزار کھلاڑیوں نے اس میں شرکت کی، پاکستانی ٹیکن کھلاڑی ارسلان ایش اس سے قبل بھی متعدد بین القوامی مقابلے جیت چکے ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز ملتان منتقل کرنے کا باقاعدہ اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پی سی بی نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتان منتقل کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے کہ سیریز کے میچز 8، 10 اور 12 جون کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، یہ تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
سیریز میں شامل تینوں میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے، سیریز میں شرکت کے لیے مہمان سکواڈ 6 جون کو اسلام آباد پہنچے گا۔
اسلام آباد پہنچنے پر مہمان سکواڈ بذریعہ چارٹرڈ طیارہ ملتان روانہ ہوگا، قومی سکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم سے چار جون تک لاہور میں لگایا جائے گا، قومی سکواڈ پانچ جون کو ملتان پہنچے گا۔
منصور رانا ٹیم مینجر، ثقلین مشتاق ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ باؤلنگ کوچ ہوں گے، محمد یوسف بیٹنگ کوچ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ، ڈرکس سائمن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ ، کرنل ریٹائرڈ عمران سکیورٹی مینجر، طلحہ اعجاز اینالسٹ، محمد عمران مساجر، نجیب اللہ سومرو ڈاکٹر ہونگے۔