All posts by Khabrain News

بلوچستان بلدیاتی انتخابات :متحارب گروپوں میں لڑائی جھگڑے، 8 افراد زخمی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے اور بدمزگی کے واقعات پیش آئے جس میں 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
لیویز حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی کوہلو کی یونین کونسل 06 وارڈ نمبر 02 ماکوڑی کے پولنگ اسٹیشن میں بد نظمی ،لڑائی کی وجہ سے 8 افراد زخمی ہو گئے تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے لیا، اور پولنگ اسٹیشن کے حالات کو نارمل کرکے پولنگ کو دوبارہ بحال کردیا۔
دوسری جانب دکی کی میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 2 میں پولنگ اسٹیشن پردوگروپوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کا واقعہ ہوا پولیس نے بروقت مداخلت کر کے حالات کنٹرول کر لئے۔ چمن کے وارڈ نمبر 4 ایریگیشن پولنگ اسٹیشن پر دو گروپوں میں تصادم ہوا، دونوں جانب سے مشتعل افراد کی لڑائی مار کٹائی کے بعد پولیس نے حالات پر قابو پانے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور ہجوم کو منتشر کر دیا۔
جبکہ ڈیرہ بگٹی کے وارڈ نمبر 4 محلہ کالی پولنگ اسٹیشن میں بدمزگی کے باعث ریٹرننگ آفیسر اور عملے نے کچھ دیر کے لئے پولنگ روک دی تاہم 10 منٹ تاخیر کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

ملک میں آج کہیں بارش تو کہیں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ اسلام آباد میں شام کے وقت آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات آندھی اور ہلکی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا تھا مگر آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل صبح کے وقت گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے وسطی اضلاع میں آج تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار ، میانوالی ، سرگودھا ، خوشاب ،سیالکوٹ میں آندھی اوربارش کا امکان بھی ہے، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ اور لاہور میں بھی شام یا رات کو آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج رات کو دیر، چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ ،ایبٹ آباد، بونیر، چارسدہ، مردان ،خیبر، باجوڑ ،کوہاٹ، کرم، پشاور ودیگر علاقوں میں آندھی اور بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔

بھانجے کو رشتہ دینے سے انکار، بہنوئی نے سالی پر حملہ کرکے خود کشی کر لی

بہاولنگر : (ویب ڈیسک) بہاولنگر میں ایک شخص نے بھانجے کو رشتہ دینے سے انکار کر اپنی سالی پر تیز دھار آلے سے حملہ کرکے خود کشی کر لی۔
پولیس کے مطابق فقیر والی میں بہنوئی نے چھریوں کے وار کرکے سالی کو زخمی کیا، سالی کو زخمی کرنے کے بعد ملزم نے زہریلی چیز کھا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر فقیر والی منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی لڑکی کو بہاولپور وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم سالی کی شادی اپنے بھانجے سے کروانا چاہتا تھا اور اسے رشتہ نہ دینے کا رنج تھا، مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مانگا منڈی میں شوہر نے تشدد کرکے بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم بیوی کو زخمی حالت میں اسپتال میں چھوڑ کر فرار ہو گیا، خاتون اسپتال میں دم توڑ گئی۔

سورج کی روشنی سے فضا میں کئی ماہ تک پرواز کی صلاحیت رکھنے والا طیارہ

لاہور: (ویب ڈیسک)
2016 میں ایک عجیب ڈیزائن کا طیارہ سامنے آیا تھا جس پر 17 ہزار سے زیادہ سولر پینلز لگے ہوئے تھے ، جس کے پروں کی لمبائی تو بوئنگ 747 جتنی تھی مگر وزن ایک ایس یو وی کے قریب تھا ۔
اس طیارے نے زمین کے گرد چکر ایندھن کی ایک بوند استعمال کیے بغیر لگایا تھا۔
اسے سولر امپلس 2 کا نام دیا گیا جو سوئس شہریوں برٹرانڈ پیکارڈ اور برٹرانڈ بورس برگ نے تیار کیا تھا ۔
2019 میں اس طیارے کو ایک کمپنی اسکائی ویلر ایرو نے خرید لیا تھا تاکہ اسے کمرشل سیٹلائیٹ کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔
اسکائی ویلر کے سی ای او رابرٹ ملر کے مطابق یہ طیارہ غیرمعینہ مدت تک فضا میں رہ سکتا ہے ، یعنی 30، 60، 90 دن یا ایک سال تک ، اور اس طرح کے طیارے وہ سب کچھ کرسکتے ہیں جو ایک سیٹلائیٹ کرتا ہے ، یعنی ٹیلی کمیونیکشن اور ارتھ امیجنگ وغیرہ۔
اس طرح کی سروسز کے لیے کسی طیارے کو استعمال کرنا زیادہ سستا ثابت ہوگا کیونکہ سیٹلائیٹس کی تیاری کی لاگت کافی زیادہ ہے اور انہیں ایک راکٹ کے ذریعے زمین کے مدار پر بھیجا جاتا ہے ۔
سیٹلائیٹس کی زندگی بھی محدود ہوتی ہے کیونکہ وقت کے ساتھ وہ خلائی کچرے کا حصہ بن جاتے ہیں۔
سولر امپلس 2 کو خریدنے کے بعد اسکائی ویلر نے کئی ماہ لگا کر اس کے ڈیزائن کو بہتر کیا اور پھر نومبر 2020 میں پہلی بار اڑایا
اس کے بعد سے اب تک اس کی 12 آزمائشی پروازیں جنوب مشرقی اسپین میں مکمل ہوچکی ہیں ۔
رابرٹ ملر نے بتایا کہ ہم اسے ایک ڈرون میں تبدیل کرنے کے عمل سے گزر رہے ہیں، ابھی تو اس کے محفوظ ہونے کی آزمائش کی جارہی تھی مگر اب ہم بغیر انسانوں کی پرواز کی صلاحیت کی جانچ پڑتال کرنے والے ہیں۔
ابھی تک اس طیارے کے ٹیک آف اور لینڈنگ کا کام پائلٹ ہی کرتے ہیں مگر رابرٹ ملر کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں ایسے سسٹم استعمال کیے جائیں گے جو یہ عمل خود کار بنادیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد ہم طیارے میں پائلٹ کو سوار نہیں کریں گے ، ہم نے دوسرے طیارے کی تیاری شروع کردی ہے جس میں کوئی کاک پٹ نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پائلٹ اور کاک پٹ کے نہ ہونے سے آلات کے لیے زیادہ جگہ مل سکے گی جو کہ ہفتوں یا مہینوں تک طیارے کی پرواز کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ 2023 تک تیار ہوسکتا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ایسے ہزاروں طیاروں کی ضرورت دنیا بھر میں محسوس ہوگی ، کیونکہ مختلف کمپنیاں جیسے فیس بک اور گوگل کی جانب سے اس طرح کے سیٹلائیٹس کی آزمائش ماضی میں کی جاتی رہی مگر کمرشل پراڈکٹ تیار نہیں ہوسکی۔
اس منصوبے نے امریکی حکومت کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا ہے اور امریکی بحریہ 50 لاکھ ڈالرز اس کمپنی میں لگا کر طیارے کی میری ٹائم پٹرول کی صلاحیت کی جانچ پڑتال کررہی ہے، جس کے لیے ابھی ڈرونز کی مدد لی جاتی ہے مگر وہ 30 گھنٹے سے زیادہ پرواز نہیں کرسکتے۔
مگر رابرٹ ملر کے مطابق یہ طیارہ بتدریج حکومتی منصوبوں تک محدود رہنے کی بجائے زیادہ کمرشل ہوسکے گا کیونکہ یہ ماحول کے لیے زیادہ مفید ہے ، جبکہ قدرتی وسائل کی مانٹیرنگ کرنا آسان ہوگا۔
اسی طرح ٹیلی کمیونیکشنز اس طیارے کے استعمال کی بنیادی وجہ بن سکتی ہے ، کیونکہ اس کی مدد سے ان جگہوں پر بھی انٹرنیٹ اور سیلولر سروسز کی فراہمی ہوگی جہاں سیٹلائیٹس یا روایتی انفراسٹرکچر زیادہ کارآمد نہیں۔

‘تم نے میرا گھر توڑا، بچو گے تم بھی نہیں’، عامر لیاقت کا عمران خان کو پیغام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر ان کی شادی ختم کروانے کا الزام عائد کیا ہے۔
گزشتہ روز عمران خان سے متعلق سابق صدر آصف علی زرداری اور بزنس ٹائیکون ملک ریاض کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی جس پر عامر لیاقت حسین نے ردعمل دیا ہے۔
انسٹاگرام پوسٹ کی شروعات رکن قومی اسمبلی نے گانے کے اشعار سے کی ‘مجھ کو بھی تو لفٹ کرا دے، تھوڑی سی تو لفٹ کرا دے!!’ اور ساتھ ہی کہا کہ ‘یہ عمران خان کی درخواست ہے’۔
عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ‘تم نے میرا گھر توڑا ہے دوست! بچو گے تم بھی نہیں، میں جاچکا لیکن تمہیں بشریٰ بیگم چھوڑ کر جائیں گی، سب پتہ چل گیا ہے تم نے کس کے ذریعے کتنے پیسے بھجوائے کیونکہ تمہیں معلوم تھا کہ یہاں پیسوں سے ہی کام ہوگا’ ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘بس ایک غلطی کر بیٹھے، اپنی حمایت میں ٹک ٹاک ویڈیوز تو نہ بنواتے، استغاثہ ہے میرا رب کے حضور تم الیکشن کبھی نہ جیتو ‘۔عامر لیاقت حسین نے لکھا ‘لودھراں والے “میاں” کو بتادو مزید سپورٹ کا کوئی فائدہ نہیں اور 4 نمبروں میں سے کوئی نمبر نظر رکھنے والوں سے چھپا نہیں، جی تو چاہتا ہے پورا ریکارڈ سپریم کورٹ میں دے دوں لیکن دانیہ ابھی تک میرے نکاح میں ہےاور منکوحہ کو عدالتوں میں نہیں گھسیٹتے’۔
رکن قومی اسمبلی نے عمران خان کو مزید کہا کہ ‘ میں نے تو بقول تمہارے 20 کروڑ لیے تھے جب ہی 11 کروڑ کا مہر مانگنے کو کہا؟ خان صاحب بد ذات ہوتا اور تمہاری دانست میں بکا ہوا لوٹا تو اب تک ڈی پی او گھر چلا جاتا اورلودھراں کے رکن قومی اسمبلی اور میرے دوست عبدالرحمٰن کانجو جو کہ وزیر مملکت برائے داخلہ ہیں، مداخلت کر چکے ہوتے’۔
انہوں نے پوسٹ کے اختتام میں لکھا کہ ‘عمران اور عامر میں یہی فرق ہے ، عمران بدلہ لیتا ہے، عامر اللہ پر چھوڑ دیتا ہے کیونکہ اس کی پکڑ شدید ہے’۔

پی ٹی آئی کی بھی غلطیاں ہیں کہ صورتحال اس نہج پر پہنچی: فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی بھی غلطیاں ہیں کہ صورت حال اس نہج پر پہنچی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کیا پاکستان کو اگلے 40 سال زرداری اور شریف چلائیں گے؟ کیا اگلی 4 دہائیاں بھی ضائع کر دی جائیں؟
فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ کیا آپ یہ وراثت چھوڑ کر جانا چاہیں گے؟
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں کے غصے کو کم نہ سمجھیں، لوگ توقع سے زیادہ ناراض ہیں۔

عمران خان سے متعلق مبینہ آڈیو، شہباز گل کا مؤقف سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ئرمین تحریک انصاف عمران خان سے متعلق ملک ریاض اور آصف زرداری کی مبینہ آڈیو کی پاکستان تحریک انصاف نے تردید کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ کاروباری شخص اور عمران خان کے مخالف سیاستدان آپس میں بات چیت کر رہے ہیں، بات چیت میں عمران خان سے منسوب باتوں کاحقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں، یہ تمام لوگ خان سے این آر او مانگتے رہے تھے جو انہیں نہیں ملا۔

پاکستان امن مشن کے لیے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے : آئی ایس پی آر

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ آج دنیا بھر میں یوم امن منا رہی ہے، پاکستان امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم امن کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ امن مشن کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز 1960 میں دستہ کانگر بھیج کرکیا، پچھلے 61 سال میں پاکستان قیام امن کے لیے سب سے نمایاں اور مسلسل تعاون کرنے والا ملک رہا ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان دنیا میں امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے، دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مشنز میں دو لاکھ سے زائد فوجی بھیجے، جب کہ 169 پاکستانی فوجی جوان انسانیت کی مدد میں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریز نے پاکستان کا دورہ کر کے امن کی کوششوں کو سراہا، پاکستان کے امن دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت نے ہر امن مشن میں کمانڈر کو بھی اپنا گرویدہ بنا دیا، پاکستانی امن دستوں میں ایف سی، رینجرز اور پولیس کے دستے بھی شامل ہیں۔

‘ہمیں گالیاں نکالنے والوں کو مبارک ہو اُنکے ہینڈ سم، زرداری سے معافیاں مانگ رہےہیں’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے ملک ریاض کی ’عمران خان‘ کا پیغام آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ ہمیں ہر وقت گالیاں نکالنے والوں کو مبارک ہو کہ اُن کے ہینڈ سم عمران خان، آصف زرداری سے ملک ریاض کے ذریعے معافیاں مانگ رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ معافی مانگنے پراعتراض نہیں ہے، حیرت ہے کہ ایک نام نہاد صادق و امین ایک مبینہ ملزم سے معافیاں مانگ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک کے نامور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی ’عمران خان‘ کا پیغام سابق صدر آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔مبینہ آڈیو میں فون ریسیو ہونے پر آصف زرداری کہتے ہیں کہ ’ہیلو‘، اس پر ملک ریاض کہتے ہیں کہ ‘السلام علیکم سر‘، سابق صدر جواب میں کہتے ہیں کہ ‘وعلیکم السلام، خیریت؟‘
اس کے بعد ملک ریاض کہتے ہیں کہ ’سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بعد میں کریں گے، آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بڑے میسجز تھے کہ پیچ اپ کروا دیں آپ کے ساتھ، آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے‘۔
اس کےجواب میں سابق صدر کہتے ہیں کہ ’اب امپاسیبل ہے نہ‘۔ اس کے جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دوں۔
گفتگو کے دوران آصف زرداری مسلسل کھانستے ہوئے بھی سنائی دیے۔
سامنے آنے والی گفتگو کس دن کی ہے؟ تاریخ کا حتمی علم نہیں لیکن تجزيہ کار کہتے ہيں کہ اگر یہ عدم اعتماد کے دنوں کی گفتگو ہے تو بہت اہمیت کی حامل ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر کا یاسین ملک کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑنے کا اعلان

آزاد کشمیر: (ویب ڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑنےکا اعلان کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کے لیے لڑے جانے والے مقدمے پر تمام اخراجات آزاد کشمیر حکومت برداشت کرےگی۔انھوں نے کہا کہ یاسین ملک نے بندوق کا راستہ چھوڑ کر پرُ امن جدوجہد کی، تمام عالمی فورمز متفق ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی جائز تحریک ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی عدالت نےکشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو 19مئی کو دہشتگردی کی فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا اور پھر 6 روز بعد 25 مئی کو بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو 2 بار عمر قید کی سزا سنائی جب کہ ان پر 10 لاکھ بھارتی روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔