All posts by Khabrain News

سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر تیزی سے کمی آنے لگی

لاہور: (ڈیلی خبریں) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 11 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک ہزار 818 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور،کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالہ سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت ایک لاکھ 25 ہزار 700 روپے ہوگئی۔
اُدھر 10گرام سونےکی قدر 258 روپےکم ہوکر ایک لاکھ 7 ہزار 767 روپے ہو گئی ہے

حکومت نے کرپٹو کرنسی پر مکمل پابندی کی سفارش کردی

کراچی: (ڈیلی خبریں) اسٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان نے کرپٹو کرنسی پر مکمل پابندی کی سفارش کردی ہے ۔
ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور اس حوالے سے سندھ ہائیکورٹ میں رپورٹ پیش کی گئی کہ کرپٹو کرنسی غیر قانونی ہے اور اس کرنسی میں کاروبار کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔
عدالت نے قانونی پہلوئوں کا جائزہ لینے کیلئے رپورٹ وزارت خزانہ اور وزارت قانون کو بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ دونوں وزارتیں 3 ماہ میں حتمی فیصلہ کریں اورپابندی لگانے کی صورت میں پابندی کی آئینی حیثیت سے بھی عدالت کو آگاہ کیا جائے ۔
جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کہ کرنسی میں کاروبار کی اجازت کی صورت میں لیگل فریم ورک تیار کیا جائے، کرپٹو کرنسی کا موجودہ اسٹیٹس قانون نافذ کرنے والے ادارے خود طے کریں اور متعلقہ ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں ۔

تقسیم ہند کے وقت بچھڑ جانے والے دو بھائی کرتار پور میں مل گئے

لاہور: (ڈیلی خبریں) کرتار پور راہداری سے جہاں بھارتی سکھوں کو اپنے مقدس مقام گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور پر حاضری کی سہولت میسرآئی ہے وہیں برسوں سے بچھڑے دوستوں اوربھائیوں کے ملاپ کا ذریعہ بھی بن گئی ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے ذرائع کے مطابق چند روز قبل 74 سال سے بچھڑے دو بھائیوں نے کرتارپورصاحب میں ایک دوسرے سے ملاقات کی ہے۔ فیصل آباد کے نواحی چک 255 بوگرا کے رہائشی 80 سالہ بزرگ محمدصدیق کی 74 برسوں بعد 1947 میں بچھڑنے والے بھائی سے ملاقات ہوگئی ہے۔
بزرگ محمد صدیق کے مطابق قیام پاکستان سے دو دن قبل ان کی والدہ ان کے چھوٹے بھائی حبیب، جن کی عمراس وقت چندماہ تھی، کو ساتھ لیکر بھارتی پنجاب میں اپنے والدین کو ملنے گئی اوراس دوران تقسیم کا اعلان ہوگیا۔ وہ کئی روزتک اپنی والدہ کی راہ تکتے رہے ہیں مگروہ لوٹ کرواپس نہ آسکیں، انہوں نے اپنی والدہ اورچھوٹے بھائی کوتلاش کرنے کی کافی کوشش کی مگرکامیابی نہ مل سکی اوراب 74 برسوں بعد انہیں ان کا چھوٹا بھائی حبیب مل گیا ہے۔
راہداری میں برسوں سے راہ تکتے بھائیوں کی نظر جب ایک دوسرے پر پڑی تو دل پر قابو نہ رکھ سکے اور بے اختیاران کے آنسو چھلک پڑے۔ دونوں بھائی گلے لگ کر روئے اور جذبات کو ہلکا کیا۔
محمدصدیق کا کہناتھا انساں زندہ ہو تو مل ہی جاتا ہے۔ حبیب نے کہا یہ راہداری ان کے لئے ملاپ کی راہداری ثابت ہوئی ہے دونوں بھائیوں کے ایک دوسرے سے ملنے کی جذباتی ویڈیوسوشل میڈیاپر شیئرکی گئی ہے۔
دونوں بھائیوں کی ملاقات کا انتظام پنجابی پرچارنامی این جی اونے کیاتھا جواس سے قبل 1947 میں بچھڑے کئی خاندانوں اوردوستوں کوملانے کا ذریعہ بن چکی ہے۔ پنجابی پرچار کے کے نمائندوں نے بتایا کہ محمدصدیق کے بھائی کی تلاش میں سوشل میڈیا سمیت مشرقی پنجاب میں موجود دوستوں نے کافی مدد کی ہے۔ پنجابی پرچارنے کچھ عرصہ قبل محمدصدیق کی ویڈیوزشیئرکی تھیں جس کے بعد بھارتی پنجاب میں ان کے بھائی کوجاننے والے ان سے رابطہ کیااوربالاخردونوں بھائیوں کی کرتارپور راہداری کے ذریعے ملاقات کروائی گئی ہے۔
اس سے قبل نارووال سے تعلق رکھنے والے محمدبشیربھی 1947 میں بچھڑنے والے اپنے جگری دوست سردارگوپال سنگھ سے ملاقات کرچکے ہیں۔ دونوں دوستوں کا چندبرس قبل سوشل میڈیا کے ذریعے ہی رابطہ ہواتھا مگرملاقات نہیں ہوسکی تھی۔ تاہم کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد دونوں دوستوں نے گوردوارہ دربارصاحب میں ملنے کا فیصلہ کیا اوربالاخر74 برسوں بعد دونوں نے ایک دوسرے کوگلے لگایا،اس وقت سردارگوپال سنگھ کی عمر94 جبکہ محمدبشیرکی عمر91 سال ہے۔گوپال سنگھ کےمطابق بچپن میں دونوں دوست یہاں اس گوردوارہ صاحب میں آتے اورگھنٹوں اکٹھے کھیلتے تھے۔
نومبر2021 میں ایک خاندان کے دوافرادکی ملاقات ہوئی تھی۔ 1947 میں بچھڑنے والے پھوپھا اوربھتیجا کرتارپورراہداری کے راستے ملے تھے۔ پھوپھا ہمایوں فیصل آباد اور بھتیجا محمد بشیر بھارتی گاؤں تارن سے آیاتھا، بچھڑے ہوئوں نے کرتارپور راہداری سے ملاپ پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

نیب مالم جبہ اور بلین ٹری سونامی کی انکوائری رپورٹ جمع کرائے، پشاور ہائیکورٹ

پشاور: (ڈیلی خبریں) عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور بینک آف خیبر سے متعلق انکوائری رپورٹ جمع کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور بینک آف خیبر سے متعلق انکوائری کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت مذکورہ معاملے کے درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی نے کہا کہ عدالت نے نیب کو رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ابھی تک رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔
جس پر نیب پراسیکیوٹر عظیم داد نے کہا کہ دو رپورٹس ہے، بلین ٹری سونامی رپورٹ تقریبا تیار ہے وہ جلد جمع کرادی جائیں گی۔
اس پر جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے دو نہیں 3 رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے حکم دیا تھا کہ یہ 2 ڈپارٹمنٹس کے درمیان مسلہ ہے مل بیٹھ کر اس کو حل کریں۔
جسٹس روح الامین نے مزید ریمارکس دیے کہ عدالت نے انکوائری بند کرنے کا نہیں کہا، مسلہ حل کرنے کی بجائے نیب نے انکوائری ہی بند کردی۔
عدالت کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا کہ کس طرح نیب حکام نے عدالتی حکم کو بنیاد بنا کر مالم جبہ کیس کی انکوائری بند کردی، عالت نے انکوائری جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بلین سونامی ٹریز کے خلاف بھی 10 انکوائریز چل رہی ہیں جبکہ ایک ریفرنس دائر کردیا ہے۔
بعدازاں عدالت نے نیب کو مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور بینک آف خیبر کی انکوائری رپورٹ 26 جنوری تک جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت بھی 26 جنوری تک ملتوی کردی۔

بلال یاسین پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان گرفتار

لاہور: (ڈیلی خبریں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کیس میں انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی اور سی آئی اے پولیس نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی راؤ سردار علی خان خود اس کیس کی نگرانی کر رہے تھے ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے 16 ٹیمیں ملزمان کو ٹریس کرنے اور گرفتار کرنے کیلئے تشکیل دیں تھیں ۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رات گئے سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 10 مختلف مقامات پر چھاپے مارے ، ملزمان کو شاہدرہ کے علاقے سے خفیہ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ کل صبح ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل پولیس نے لیگی ایم پی اے پر فائرنگ کے کیس میں متعدد لوگوں کو شامل تفتیش کیا تھا ، واقعہ کے مرکزی دونوں سہولت کار ساجد اور فخر عالم اسلحہ ڈیلر کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر اس کیس میں ملوث دیگر افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے ۔
خیال رہے کہ بلال یاسین پر موہنی روڈ لاہور پر دو موٹر سائیکل سوار شوٹرز نے 30 دسمبر کی رات کو فائرنگ کی تھی ۔

مہنگائی مارچ کے دوران عوام براہ راست حقوق کی جنگ لڑیں گے: فضل الرحمان

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو مہنگائی مارچ ہو گا،عوام اب براہ راست اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات کی اور سیاسی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے مولانا سے ملاقات نہیں ہوئی تھی، پی ڈی ایم میں ملاقاتیں ہوتی رہیں، مولانا کو مبارک ہو انہوں نے خیبر پختونخوا میں کامیابی حاصل کی، مولانا نے پی ٹی آئی کو شکست دی، ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، معاشی اور سفارتی چیلنجز ہیں، حکومت نے 22 کروڑ عوام کو معاشی لحاظ سے بدحال کردیا ہے۔ تحریک عدم اعتماد پربالکل بات ہوئی، مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان اُٹھ کھڑا ہو گا، منی بجٹ پاکستان کی معیشت کو بیرونی اداروں کا غلام بنائے گا۔ ہم اپنی معیشت کوآزاد رکھنا چاہتے ہیں۔ عالمی دباؤ پر قانون سازی کی جارہی ہے، اب 23 مارچ کا مہنگائی اور اس حکومت کے خلاف مارچ پہلے سے زیادہ اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کوفوری رخصت کرنے کے تمام آپشن پربھی غورکیا جائے گا، حکومتی اتحادی جماعتوں نے کس امید سے اتحاد کیا تھا، حکومتی اتحادیوں سے بھی اپیل کرتے ہیں اب ملکی مفاد، غریب آدمی کے لیے سوچیں، منی بجٹ، سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے وابستہ کیا جا رہا ہے، دوبارہ ہم آزاد ریاست کو کالونی بنانے کی طرف جا رہے ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر بہت کام ہوا، حکومت نے سی پیک کو جمود کا شکار کیا، اس حکومت کو سی پیک کے کسی بھی منصوبے کے افتتاح کا حق نہیں۔ پانچ فروری کوعوام موٹروے پراکٹھے ہوں گے وہ اس پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جن قوتوں نے 2018ء میں اپنا کردار جانبداری سے ادا کیا، انہیں تنقید کا سامنا ہے، خیبر پختونخوا ادارے کے لوگ سرگرم نہ تھے اس لئے نتائج مختلف ہیں۔ خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں کوئی ادارہ پولنگ سٹیشن اورگنتی کے دوران سامنے نہیں آیا، آئندہ عام انتخابات میں بھی یہی روایات کوقائم رکھنا چاہیے، الیکشن میں فوج کو طلب کرنے والی بات کومسترد کرتے ہیں، بلدیاتی الیکشن دوسرا مرحلہ کے دوران ڈپٹی کمشنر، پرائزئیڈنگ افسران کو تبدیل کیا جارہا ہے، یہ سب کچھ مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) صدر پاکستان عارف علوی کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔
6 جنوری کو صدر مملکت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں گزشتہ چار پانچ روز سے گلے میں سوزش اور دو راتوں سے ہلکے بخار کی شکایت تھی، ان دو کے علاوہ کوئی علامت نہیں تھی، ڈاکٹر کی تجویز پر جب کورونا ٹیسٹ کروایا تو اُس کی رپورٹ مثبت آئی۔
صدر پاکستان نے ایک بار پھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا سہارا لیتے ہوئے بتایا کہ ان کو کرونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے کووڈ 19 کے اومیکرون ورژن کے اثر سے باہر آگیا ہوں۔
صدر پاکستان نے کہا کہ قرنطینہ کے دوران میں نے ای آفس کے ذریعے کام جاری رکھا، اور جسمانی میل جول کے علاوہ دفتری کام کی پوری ذمہ داری انجام دی، اس دوران میں علیحدہ تھا اور ایک تیز پڑھنے والا بھی ہوں، تو میں نے دو بہترین کتابیں بھی مکمل پڑھ لیں۔

منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں کھاد کی طلب اور رسد کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ ہفتےاوسطاً 19,000 میٹرک ٹن فی دن کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، انسداد اسمگلنگ میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے یوریا کے 92,845 تھیلے ضبط کیے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے، ملک میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں ہے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی ربیع سیزن کے لیے فصل کی پیداوار کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے، کھاد کی کسانوں کو مناسب فراہمی کے لیے انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسان دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں، کسان پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یوریا کی قلت سے متعلق افواہوں کو دور کرنے کے لیے موثر عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔

صومالیہ؛ کار بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

موغا ديشو: (ڈیلی خبریں) صومالیہ میں ایئرپورٹ کی جانب جانے والی شاہراہ پر کار بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہوائی اڈے کو جانے والی مرکزی شاہراہ پر ایک کار زور دار دھماکے میں تباہ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ دو زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم صومالیہ میں اس قسم کی کارروائی میں اکثر داعش یا اس سے منسلک گروہ ملوث رہے ہیں جو ملک کے دور دراز علاقوں میں اپنے ٹھکانوں سے نکل کر دارالحکومت میں کارروائی کرتے ہیں۔

ہمسایہ ممالک ہمارے جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر فوری واپس کریں ورنہ نتائج کے لیے تیار رہیں: افغان وزیردفاع

کابل: (ڈیلی خبریں) افغانستان کے عبوری وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے ہمسایہ ممالک ازبکستان اور تاجکستان کو دھمکی دے دی ہے ۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے سابق امیر اور بانی ملا محمد عمر کے صاحبزادے اور عبوری وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ازبکستان اور تاجکستان افغانستان کے جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر فوری طور پہ واپس کرے اور ہمسایہ ممالک ہمارے صبر کو نہ آزمائیں ۔
ملا یعقوب نے مزید کہا کہ طالبان کو طیارے واپس لینے کے لئے جوابی اقدامات پر مجبور نہ کیا جائے، امریکی انخلا کے بعد افغان فوجی طیارے اور ہیلی کاپٹر ہمسایہ ممالک میں لے گئے تھے جبکہ امریکی انخلا سے پہلے 164 جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر تھے اب صرف81رہ گئے ہیں۔