All posts by Khabrain News

مہندرا سنگھ دھونی کا حارث رؤف کو تحفہ

سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے حارث رؤف کو تحفہ دے دیا۔

حارث  رؤف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی آئی پی ایل فرنچائز چنئی سپر کنگز کی ایک شرٹ کی تصویر شیئر کی۔

پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بالر نے کیپشن میں دھونی کو ’لیجنڈ ‘اور ’کیپٹن کول ‘ قرار دیتے ہوئے  بتایا کہ انہوں نے یہ خوبصورت شرٹ مجھے تحفے میں دی ہے۔

دھونی کی شرٹ پر موجود نمبر ’7‘ کو واضح کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ نمبر ’7‘  آج بھی اپنے مہربان اور خیر سگالی  کے جذبے کے باعث دل جیت رہا ہے۔

انہوں نے ٹوئیٹ میں چنئی سپر کنگز کے ٹیم مینجر رسل کا تحفے کے حصول میں مدد کرنے پر شکریہ بھی  ادا کیا۔

واضح رہے کہ حارث رؤف پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بالر ہیں جنہوں نے بہت جلد مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنا نام بنالیا ہے۔

بھارت کے کامیاب ترین کپتان مہندرا سنگھ دھونی اب انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں  تاہم وہ لیگ کرکٹ میں آئی پی ایل فرنچائز چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کرتے ہیں۔

لاہور میں ایف بی آر کے ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کرنے والے شوٹرز اور سہولت کار گرفتار

تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایف بی آر کے ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کرنے والے شوٹرز اور سہولت کار گرفتار کرلیے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ  شوٹرز نے ڈپٹی کمشنر سلمان بٹ پر فائرنگ چند روز قبل فائرنگ کی تھی.  شوٹرز اور سہولت کار کی شناخت سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے کی گئی۔ شوٹرز اعجاز اور موسیٰ مسیح اور ان کو ہائر کرنے والے رانا تفسیر سے تفتیش جاری ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ  واقعے کے مرکزی ملزم عثمان جاوید کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ  سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کیس کی خود نگرانی کر رہے تھے۔ ملزموں کی شناخت اور گرفتاری میں پولیس.سیف سٹیز اتھارٹی اور تمام متعلقہ اداروں نے جوائنٹ آپریشن کیا۔

18ارب کا فراڈ،ایف آئی اے نےکرپٹو ایکسچینج بائینانس سے وضاحت طلب کرلی

تفصیلات کے مطابق  18ارب کا فراڈ،ایف آئی اے نےکرپٹو ایکسچینج بائینانس سے وضاحت طلب کرلی ہے،  پاکستان میں کمپنی کے جنرل منیجر کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ے کہ  ممکنہ طور پر کرپٹو کرنسی سے ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ بھی ہو رہی تھی، اربوں روپے کا فراڈ آن لائن ایپلی کیشنز کے ذریعے کیاگیا، آن لائن ایپلی کیشنزکرپٹو کرنسی کی عالمی ایکسچینج بائینانس سے جڑی تھیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ   ان اسکیموں میں کلائنٹس کو زیادہ منافع کی لالچ دی جاتی ہے،  کمپنیز اس وقت غائب ہوجاتی ہیں جب اربوں روپے کاسرمایہ اکٹھا ہوجاتا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق پاکستان میں 11 موبائل فون ایپلیکشنز بائینانس سے رجسٹرڈ تھیں جن کے ذریعے فراڈ ہوا۔۔یہ ایپلیکیشنز دسمبر میں اچانک بند ہو گئیں، جن پر ہزاروں پاکستانی رجسٹرڈ تھے، جنہوں نے ان ایپلی کیشنز پر اربوں روپے لگا رکھے تھے۔

ایف آئی کا کہنا ہے کہ ایپلی کیشنز کے ذریعے ابتداء میں ورچوئل کرنسیز میں کاروبار کی سہولت دی جاتی تھی، بٹ کوائن، ایتھرام، ڈوج کوائن وغیرہ میں سرمایہ کاری بائینانس کے ذریعے ظاہر کی جاتی تھی، ، ایک ایپلی کیشن پر 5 سے 30 ہزار کسٹمر اور سرمایہ کاری 100 سے 80 ہزار ڈالر تھی، ایپلی کیشنز کے ذریعے عوام کو مزید افراد کو لانے پر بھاری منافع کا لالچ دیا جاتا تھا۔

ایف آئی اے پاکستان سے بائنانس کے ذریعے ہونے والی ٹرانزیکشن کی چھان بین کر رہی ہے، بائنانس ٹیرر فائنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے لیے آسان راستہ ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے عمران ریاض کا کہنا ہے کہ  بائینانس کے فراڈ کی بات نہیں،ایپلی کیشنز کے ذریعے فراڈ کیا جا رہا تھا،  لوگوں کو ایپلی کیشنز  پر اکاؤنٹ بنانے کا کہا جاتا تھا، ایپلی کیشن کے ذریعے پیسے منتقل کروائے جاتے تھے، کسٹمرزکے پیسے کےساتھ   جوا کھیلا جاتا تھا اور فراڈ کیا جاتا تھا۔

 ڈی جی ایف آئی اے نے کہا ہے کہ  بلاک چین اکاؤنٹ کی نشاندہی کی گئی جہاں فراڈ کیا گیا،درخواست کی ہے کہ بلاک چین اکاؤنٹ کو سیل کیا جائے، بائینانس کو کہا ہے  بتایا جائے کہ اکاؤنٹ کہاں رجسٹرڈ تھے،  ہم نےکبھی نہیں کہا کہ  بائینانس  نے فراڈ کیا ہے،  کرپٹو کا لین دین لوگ اپنے زور بازو پر کر رہے ہیں، ابھی تک کرپٹو کرنسی اسٹیٹ بینک کے تحت ریگولیٹ نہیں،   کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کے لیے اسٹیٹ بینک سے ریگولیٹ ہونا ضروری ہے،  جب تک بائینانس سے جواب نہیں آتا مزید اس پر بات نہیں کر سکتے۔

اجتماعی زیادتی کے الزام میں سزا پانے والے 7 ملزمان 14 سال بعد بری ہوگئے

لاہور ہائی کورٹ نے اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں سزا پانے والے 7 ملزمان کو 14 سال بعد شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے سزا سناتے ہوئے واقعے میں تضادات کا جائزہ نہیں لیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے اجتماعی زیادتی کے الزام میں سزا پانے والے ملزمان کی اپیلوں پر فیصلہ جاری کیا۔

ملزمان ریاض امام، فدا، صابر، رشید، سیف اللہ، لطیف اور ریاض نے سزا کے خلاف فاضل عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔

ملزمان پر 2008 میں تھانہ محمد پور، راجن پور میں خاتون کے اغوا اور زیادتی کا مقدمہ درج ہوا۔ سیشن عدالت نے انہیں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا ہے کہ پراسیکیوشن نے یہ نہیں بتایا کہ اغوا کے بعد خاتون کو کہاں رکھا گیا اور وہ کیسے آزاد ہوئی۔ تفتیشی افسر نے جائے وقوع کا دورہ نہیں کیا۔ میڈیکل رپورٹ میں بھی خاتون سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی، نہ ہی خاتون کے کپڑوں کو ڈی این اے کے لیے بھجوایا گیا۔

فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے سزا سناتے ہوئے ان تمام امور کا جائزہ نہیں لیا۔ واقعے میں تضادات موجود ہیں جس پر سزا نہیں دی جا سکتی۔

عدالت نے قرار دیا کہ یہ طے شدہ قانون ہے کہ قیاس پر سزا نہیں دی جا سکتی اس لیے ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کیا جاتا ہے۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

ڈیوڈ ہیمپ کا انگلینڈ سے پاکستان روانگی کیلئے لیا گیا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد ان کی کراچی آمد تاخیر کا شکار ہوگئی۔

ہیڈ کوچ اب آئندہ ہفتے کراچی پہنچ کر کیمپ جوائن کریں گے۔

ویمنز ورلڈ کپ کیلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 8 جنوری سے کراچی میں شروع ہورہا ہے۔

سلو اوور ریٹ پر پنالٹی، آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی پلیئنگ کنڈیشنز تبدیل کردیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میچز کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کردی گئیں۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی میچ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیوں کا اطلاق رواں ماہ ہوگا۔

آئی سی سی کا کہنا ہےکہ سلو اوور ریٹ اور آپشنل پانی کے وقفے کی کنڈیشنز میں ردو بدل کیا گیا ہے جس کے تحت مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سلو اوور ریٹ پر پنالٹی کو متعارف کرایا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی پنالٹی کے تحت سلو اووریٹ کے نتیجے میں فیلڈرز اننگز کے باقی اوورز میں 30 یارڈر کے دائرے کے اندر رہیں گے۔

آئی سی سی گورننگ باڈی کی جانب سے اننگز کے دوران پانی کے لیے ایک آپشنل وقفہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اننگز کے درمیان 2 منٹ 30 سیکنڈ کے لیے پانی کا اضافی وقفہ بھی لیا جاسکتا ہے۔

آئی سی سی کے ٹی ٹوئنٹی کے لیے نئے قوانین کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیز اور آئر لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔

’بولڈ‘ منظر کی وجہ سے ہالی ووڈ فلم میں کام سے انکار کیا، سجل علی

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ’’بولڈ‘‘ منظر کی وجہ سے ہالی ووڈ فلم میں کام کرنے سے انکار کیا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سجل علی نے بتایا کہ انہیں ایک ہالی ووڈ فلم میں اہم کردار کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے اس فلم کو اس لیے ٹھکرایا کیونکہ اس میں ایک بولڈ منظر عکسبند کیا جانا تھا۔

سجل علی نے کہا اگر کوئی فنکار خوش قسمت ہوتا ہے تو اسے مزید بین الاقوامی کام کی پیشکش ہوتی ہے۔ لیکن قطع نظر اس کے میں کبھی اپنی انڈسٹری سے منہ نہیں موڑوں گی۔ بین الاقوامی کام اس لیے میرے پاس آیا کیونکہ ان تمام فلمسازوں نے پاکستان میں میرا کام دیکھ رکھا تھا اور جب میں بیرون ملک جاتی ہوں تو میں اپنے کام سے اپنی انڈسٹری میں حصہ ڈالنا چاہتی ہوں۔

ویسے تو سجل علی جمائما گولڈ اسمتھ کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ میں کام کررہی ہیں۔ تاہم سجل نے بتایا کہ انہیں ایک اور ہالی ووڈ فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی تھی جس کی کہانی بھی اچھی تھی لیکن اس فلم میں ایک بولڈ منظر تھا۔

اداکارہ نے کہا اس کردار کے بارے میں مجھے پتہ تھا کہ میں نہیں کرسکتی۔ حالانکہ آپ اس کام کے لیے باڈی ڈبل کا استعمال کرسکتے تھے لیکن میرے ملک کے لوگ اس منظر کو مجھ سے جوڑدیتے اور میں انہیں اس طرح مایوس کرنا نہیں چاہتی تھی۔ اسلیے فلم میں کام کرنے سے منع کردیا۔

قازقستان: صدر نے فوج کو مظاہرین پر گولی چلانے کی اجازت دے دی

قازقستان کے  صدر نے فوج کو بغیر خبردار کیے مظاہرین پر گولی چلانے کی اجازت دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  قازقستان  میں ایندھن کی قیمتوں کے خلاف ہونے والے حالیہ مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے۔

قازقستان  کے شہر  الماتی میں ایمرجنسی کے نفاذ اور رات کے کرفیو کے باوجود تاحال حالات کشیدہ ہیں۔ ان شہروں میں صدر قاسم جومارت توقایف نے فوج کو مظاہرین پر وارننگ دیئے بغیر گولی چلانے کا حکم  دے دیا ہے ۔

ازق صدر  نے مظاہرین کو  دہشت گرد قرار دیتے ہوئے  ان سے نمٹنے کے لیے گولی مارنے کے احکامات دیے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ جو لوگ خود کو قانون کے حوالے نہیں کریں گے انہیں ختم کردیا جائےگا۔

ایندھن کی قیمتوں  میں اضافے کے نتیجے میں شروع ہونے والے احتجاج کے ایک ہفتے بعد قازق صدر نے قوم سے خطاب میں کہا کہ  20 ہزار لوگوں نے  سب سے بڑے شہر الماتی پر حملہ کر دیا تھا اور سرکاری املاک کو تباہ کر رہے تھے۔

قازق صدر نے کہا کہ  انسداد دہشت گردی آپریشن کے طور پر  انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج کو  مظاہرین  کو انتباہ  کے بغیر گولی مارنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات  کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے  کہا کہ ہم مجرموں اور قاتلوں سے کیسے بات چیت کر سکتے ہیں۔

قازق صدر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت چین، ازبکستان اور ترکی کے رہنماؤں  کا مدد کرنے پر شکریہ  بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ  قازقستان میں ایندھن  کی قیمتیں بڑھنے کے بعد شروع ہونے والے پرتشدد احتجاج  کی لہر میں اب تک پولیس اہل کاروں  اور درجنوں مظاہرین کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں، جبکہ 353 زخمی  ہوچکے ہیں۔

موجودہ صدر قاسم جومارت توقایف نے حکومت کو برطرف کر کے ملک بھر میں دو ہفتے کی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے  سابق سوویت ریاستوں کے روسی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد کے دستوں سے امن قائم کرنے میں مدد طلب کی تھی۔

ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کا مجسمہ رونمائی کے کچھ ہی گھنٹوں بعد نذرآتش

ایران کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کے اعزاز میں نصب کیا گیا مجسمہ نامعلوم حملہ آوروں نے نذرآتش کردیا جس کی رونمائی چند گھنٹے قبل ہی کی گئی تھی۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک فوجی کارروائیوں کی ذمہ دارالقدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی 3 جنوری 2020ء کوعراق میں اپنے معاون ابومہدی المہندس اور دیگر افراد کے ساتھ بغداد کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پرامریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

بدھ کی صبح ایران کے جنوب مغربی شہر کرد میں ان کے اعزاز میں نصب کیے گئے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی تھی لیکن اُسی روز شام کے وقت اسے آگ لگا دی گئی۔ ایران کے خبر رساں ادارے ایسنا نے اِس واقعے کو نامعلوم افراد کی شرمناک حرکت قراردیا ہے۔

سینئرعالم دین محمد علی نیکونام نے ایسنا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بغداد ایئرپورٹ پر کیا گیا یہ جرم کسی بڑے جرم کی طرح اندھیرے میں کیا گیا ہے۔

ایرانی حکام نے گزشتہ دو سال کے دوران قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد سے ان سے منسوب متعدد مجسموں کی نقاب کشائی کی ہے اورمقتول کمانڈر کی تصاویر پورے ایران میں آویزاں ہیں۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے اریب نے اس تازہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے توہین آمیز کارروائی قراردیا ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران اپنے مقتول میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی دوسری برسی منا رہا ہے۔

جمعرات کو ہزاروں ایرانیوں نے 1980-1988ء کی ایران عراق جنگ میں ہلاک ہونے والے 250 نامعلوم شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ٹویٹر نے ٹک ٹاک طرز کا فیچر متعارف کرادیا

سان فرانسسكو: سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ٹویٹر نے ٹک ٹاک طرز کا ویڈیو ری ایکشن فیچر آزمائش کے لیے پیش کردیا۔

ٹویٹر کی جانب سے یہ فیچر آزمائشی طور پر صرف آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم والے صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت وہ کسی بھی تصویر، ویڈیو یا ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ویڈیو بناسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق صارف جب کسی بھی ٹویٹ پر ری ٹویٹ کرے گا تو اُس کے سامنے تین آپشنز ظاہر ہوں گے، جن میں سے 2 پرانے (ری ٹویٹ، Quote ری ٹویٹ) جبکہ تیسرا Quote Tweet with reaction کے نام سے ہوگا۔

صارف جب کسی بھی ٹویٹ کو منتخب کر کے ویڈیو بنائے گا تو یہ ٹویٹ اُس پر نظر آئے گا۔ ایک بات اور اہم یہ ہے کہ ردعمل کے لیے ویڈیو کو لائیو ہی شیئر کرنا ہوگا۔ ٹویٹر پروڈکٹ کی افسر سیم ہاویسن نے صارفین کو سمجھانے اور آسانی کے لیے ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور بتایا کہ مستقبل میں صارف کو کسی بھی ٹویٹ پر ردعمل کے اظہار کا بہترین موقع حاصل ہوگا۔

ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آسکی کہ اس فیچر کو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کب پیش کیا جائے گا۔