روس اور چین نے مغربی مداخلت مسترد کرتے ہوئے ایک دوسرے کے سکیورٹی مفادات کا دفاع کرنے پر اتفاق کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی صدر پوٹن کے ساتھ آن لائن اجلاس میں صدر شی جن پنگ نے کہا کہ مختلف عالمی طاقتیں جمہوریت اور انسانی حقوق کی آڑ میں چین اور روس کے داخلی معاملات میں مداخلت کر رہی ہیں، وہ عالمی قوانین اور تعلقات کے تسلیم شدہ اصول بھی بری طرح پامال کر رہی ہیں۔
اجلاس کے دوران صدر پوٹن نے چین، روس تعلقات کا ماڈل اور چینی ہم منصب کو عزیز دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فروری میں بیجنگ گیمز میں شرکت کیلئے بیجنگ پہنچیں گے اور چینی ہم منصب کے ساتھ بالمشافہ ملاقات کریں گے۔
All posts by Khabrain News
کرائسٹ چرچ مسجد حملے میں شہید نعیم راشد کیلئے بہادری کا سب سے بڑا اعزاز
کرائسٹ چر چ مسجد حملے میں شہید نعیم راشد کو نیوزی لینڈ کے بہادری کے سب سے بڑے اعزاز سے نواز دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کا بہادری کا سب سے بڑا کراس ایوارڈ پاکستانی نژاد شہید نعیم راشد کو فائرنگ کے دوران انتہائی خطرناک صورتحال میں عظیم اور بہادرانہ اقدام پر دیا گیا۔ شہید نعیم راشد نے کندھے میں گولی لگنے کے باوجود سفید فام دہشت گرد ٹیرنٹ کو جزوی طور پر گرا کر غیر مسلح کرنے کی کوشش کی تھی۔ ان کے صاحبزادے طلحہ بھی جان سے گئے تھے، حملے سے بچانے کی کوشش کرنےوالے 10افراد کو بہادری ایوارڈ دیا گیا ہے۔
وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ حملے کو روکا نہ جاتا تومزید اموات ہوسکتی تھیں، 2019 کے دہشت گردانہ حملے میں سفید فاموں کی بالادستی کے مسلح حامی ٹیرنٹ نے کرائسٹ چرچ شہرکی مسجد النورمیں اندھا دھند فائرنگ کر کے 51 نمازیوں کو شہید کردیا تھا۔
لوگ مجھے پرچی کہتے ہیں، دنانیر مبین کا شکوہ
دنا نیر مبین نے ایک انٹرویو میں شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگ انہیں پرچی کہتے ہیں حالانکہ ان کا دور دور تک کسی ہدایتکار یا اداکار سے کوئی تعلق نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ پر مختصر سی ویڈیو کے ذریعے وائرل ہونے والی وی لاگر دنانیر مبین نے ماڈلنگ کے بعد اب باقاعدہ اداکاری میں قدم رکھ دیا ہے۔ایک انٹرویو میں دنانیر مبین نے شکوہ کیا کہ لوگ انہیں پرچی کہتے ہیں، انہوں نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دور دور تک کسی ہدایتکار یا اداکار سے کوئی تعلق نہیں تھا، انہیں آفر کے ذریعے ڈرامے میں کاسٹ کیا گیا تھا۔
دنانیر نے مزید کہا کہ کبھی کبھار انہیں یہ باتیں بہت دکھ دیتی ہیں، کوئی اچھا کام کر رہا ہے تو اس میں برائی کیا ہے۔ شروع ہی سے فیملی نے بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔
خانیوال میں ضمنی الیکشن: پولنگ جاری، ن لیگ اور پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع
خانیوال پی پی 206 میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے امیدوار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
ضمنی الیکشن کے لئے حلقے میں 183 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ 2 لاکھ 30 ہزار 698 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار سیکورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امن و امان کے پیش نظر تمام پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے:عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سکردو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا جب تک غریب لوگوں کو اوپرنہ لایا جائے، گلگت بلتستان ملک کے دوسرے حصوں کی نسبت ترقی میں پیچھے ہے، بلوچستان اور اندرون سندھ کے لوگ بھی ترقی کےسفرمیں پیچھےرہ گئے، کوشش ہے کہ پیچھے رہ جانے والوں کی حالت بہتر ہو۔
انہوں نے اپنی حکومت کی کاردکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ 2012 سے 2018 تک خیبرپختونخوامیں تیزی سےغربت میں کمی ہوئی۔ سکردومیں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بننے سے علاقے میں ترقی ہوگی، بیرون ملک مقیم پاکستانی چھٹیاں منانے اب گلگت بلتستان آئیں گے، سیاحت کا شعبہ پاکستان کا بہت بڑا اثاثہ بن سکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آج سے پورے پاکستان میں احساس راشن پروگرام شروع ہو رہا ہے، آٹا، گھی، چینی اور دالوں پر 30فیصدرعایت دی جائے گی۔ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے۔
کہا تھا آنیوالے دنوں میں مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو جائے گی: فواد چودھری
فواد چودھری نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو جائے گی، پٹرولیم مصنوعات کے بعد اب دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا رجحان آ رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ اور راشن رعایت جیسے منصوبے مہنگائی میں مزید ریلیف دیں گے، لیکن اصل کامیابی یہ ہو گی کہ ہم نواز، زرداری کے لئے ہوئے قرضوں سے جان چھڑا سکیں۔
آسٹریلیا کے اسکول میں حادثہ، 4 بچے ہلاک
غیرملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی ریاست تسمانیہ کے ایک پرائمری اسکول میں باؤنسی کاسل تیز ہواؤں کے باعث زمین سے 10 میٹراوپراٹھ گیا جس کے نتیجے میں4 بچے ہلاک اور5 شدید زخمی ہوگئے۔
باؤنسی کاسل اسکول میں سال کے اختتام پرہونے والی تقریبات کے سلسلے میں لایا گیا تھا۔آسٹریلیوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے حادثے پر دکھ اورمتاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔
اپوزیشن کے سازشی عناصر کی پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی اور نہ اب ہو گی: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہےکہ اپوزیشن کے سازشی عناصر ترقی کا سفر روکنے کے درپے ہیں، سازشی عناصر کی پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی اور نہ اب ہو گی-
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر عوام کے مسائل کا حل نہیں چاہتے- سازشی عناصر کو جواب عوامی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے- صوبے کے عوام کی خدمت کے ایجنڈے میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر مزید تیز کریں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں۔ انتشار کی سیاست نہ پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ ہوگی۔ آر پار کے دعویداروں کی منفی سیاست آر پار ہوچکی ہے۔ پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ یہاں صرف خدمت کی سیاست ہی چلے گی۔
لوئس ہمیلٹن کو شاہی اعزاز ‘ نائٹ ہڈ‘ سے نواز دیا گیا
فارمولا ون کے چیمپئن ڈرائیور لوئس ہمیلٹن کو شاہی اعزاز ’’ نائٹ ہڈ‘‘ سے نواز دیا گیا ہے۔
برطانیہ کے شاہی محل میں ایوارڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا،36سالہ فارمولا ون کے چیمپئن ڈرائیور لوئس ہمیلٹن کو شہزادہ چارلس نے ’’نائٹ ہُڈ‘‘ کے اعزاز سے نوازا۔
یاد رہے کہ رواں سال ابوظہبی میں ریس ہارنے والے چیمپئن ڈرائیور نے اس تقریب کے 3روز قبل 8ویں ایف ون کار ریس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا،جس کے باعث ایک تنازع ریکارڈ ہولڈر ڈرائیور سے جوڑ دیا گیا تھا۔
سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداءکی آج ساتویں برسی،دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کرسکتا، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک کے 7 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کو کرب ناک سانحے کی یاد دلاتا ہے، بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کمسن بچوں پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن آرمی پبلک اسکول کے بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے، وہ اساتذہ اپنے طالبعلموں کی حفاظت کیلئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور ان بہادر اساتذہ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
عمران خان نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، دہشت گردی کے پیچھے بزدلانہ سوچ ہوتی ہے، بزدلانہ سوچ ناپاک سیاسی عزائم پورے کرنے کیلئے نہتے کمسن پچوں کو بھی استعمال کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، اس سانحے کے بعد پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے دہشت گردی کیخلاف مزید بلند ہوئے، پوری قوم متحد ہوئی اورہم نے نیشنل ایکشن پلان سے دشمنوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کرنشانہ بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کویقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کر سکتا، آج کے دن عہد کرے کہ پوری قوم متحد رہے گی اور فرقہ ورانہ، مذہبی اور نسلی تعصب پھیلانے والوں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔